The Latest

وحدت نیوز(ملتان ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ قاتلوں سے مذاکرات کئے جائیں۔ کراچی میں بوگس ووٹوں کا بھانڈا پھوٹنے سے فخرو بھائی کا چہرہ واضح ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی دفتر کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وحدت یوتھ ونگ کے سربراہ سید فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ، صوبائی سیکرٹری پنجاب اُمور جوان علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ محمد حسین مہدوی سمیت دیگر موجود تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں عوام کی نہیں بلکہ اشرافیہ اور سیاسی مافیا کی حکومت ہے۔ جعلی ووٹوں سے بننے والے حکمران قومی مفادات کا تحفظ نہیں کرسکتے، ملک کو آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ دہشتگردوں سے مذاکرات نہیں بلاتفریق آپریشن کیا جائے۔ اے پی سی کو کیا اختیارات ہیں کہ وہ پاکستان کے آئین اور قانون کے دائرے سے نکلے اور دہشتگردوں کو سزا دینے کی بجائے ان سے مذاکرات کرے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شیعہ سنی کو بلایا ہی نہیں گیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو وجود دینے میں ریاستی ادارے ذمہ دار ہیں۔ مخصوص مکتب فکر کے ٹریننگ کیمپ بنائے گئے۔

وحدت نیوز( ملتان ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری  نے دورہ ملتان کے موقع پر جامعہ شہید مطہری (رہ) میں علمائے کرام وطلاب دینی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم دین کا حصول تمام علوم کے حصول سے ذیادہ افضل ہے ، جوان ذیادہ سے ذیادہ دینی مدارس میں تعلیم کے حصول کے لئے داخل ہو ں ، قوم کو انقلابی علماء کی شدید ضرورت ہے ، جیسا کہ حدیث ختمی مرتبت بھی ہے کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں تو علماء کے کاندہوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہو تی ہیں ، ہماری کوشش ہو نی چاہئے کہ ہم اپنے جسم پر موجود لباس مقدس کی حرمت کا خیال رکھیں اور حقیقی معنیٰ میں انبیاء کی وراثت کا حق ادا کر نے کے قابل بنیں ۔انہوں نے  طلباء کو تعلیمی میدان میں دل جمعی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین  کر تے ہو ئے کہا کہ طلاب دینی حصول علم میں کسی قسم کی کوتاہی نا برتیں ، اپنے تمام کا موں پر تعلیم کو ترجیح دیں ، معاشرے کی اصلاح میں آپ طلاب دینی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

وحدت نیوز(ملتان)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ عزاداری حضرت امام حسین علیہ السلام قیامت تک جاری رہے گی۔ پاکستان میں عاشقان حضرت امام حسین علیہ السلام آباد ہیں جو اپنی جانوں کے نذرانے دے کر بھی امام عالی مقام کے ذکر اور یاد کو باقی رکھیں گے۔ عزاداری امام حسین (ع) ہمیں صبر، شجاعت، ہمت، حوصلہ، طاقت اور دشمن کے سامنے ڈٹے رہنے کا درس دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے امام باگاہ زینبیہ سوتری وٹ ملتان میں عزادرای کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عزاداری کانفرنس میں ملتان بھر کی ماتمی انجمنوں کے سالار، امام بارگاہوں کے متولیان، لائسنسدار، تعزیہ دار، علمائے کرام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جبکہ کانفرنس سے علامہ ناصر عباس جعفری کے علاوہ ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ محمد حسین مہدوی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد عباس صدیقی، سید دلاورعباس زیدی اور شاعر اہل بیت زوارحسین بسمل نے خطاب کیا۔
 
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ امام حسین کی عزاداری کو روکنے والے ہردور میں ناکام ہوئے ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں امام حسین کی عزاداری سے نہیں روک سکتی۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد سے قبل ضلعی اور صوبائی انتظامیہ لائسنسدار اور تعزیہ داروں کے مسائل کو حل کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے بعض علاقوں میں محرم الحرام سے قبل حالات خراب کیے جارہے ہیں ہم انتظامی اداروں کے سربراہوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ عزاداری کو محدود کرنے جیسی گھنائونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر دربارحضرت شاہ شمس تبریز کے سجادہ نشین سید طارق عباس شمسی، علامہ مظہر عباس صادقی، سید فضل عباس نقوی، ثقلین نقوی، قمرعباس زیدی، الطاف حسین، مرید حسین ملنگ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (ملتان)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ وحدت یوتھ پاکستا ن اوروحدت اسکائوٹس پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ  کا افتتاح مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگشت کالونی ملتان میں کردیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی سیکرٹری اُمور جوان سید فضل عباس نقوی، صوبائی سیکرٹری اُمورجوان پنجاب علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ اقتدار نقوی، علامہ زکریا ترابی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ محمد حسین مہدوی، علامہ مظہرعباس صادقی، مولانا عمران ظفر، سید ابوعبداللہ شوکت زیدی، محمد عباس صدیقی، سیکرٹری اطلاعات جنوبی پنجاب ثقلین نقوی سمیت دیگر تنظیمی شخصیات موجود تھیں۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ بعض عناصر ملتان کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جس کی نشاندہی ہم نے انتظامیہ کو کر دی ہے اگر محرم الحرام سے قبل ان کی حرکات وسکنات کو مانیٹر نہ کیا گیا تو کسی بھی نقصان کا خدشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام منعقدہ عزاداری حضرت امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈی سی او ملتان کی جانب سے بلائے جانے والوں اجلاسوں میں اُن لوگوں کو شرکت دی جاتی ہے جو امن کو زک پہنچانا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملتان پاکستان میں عزاداری کا لکھنو ہے جہاں سے عزاداری کی کرنیں پورے پاکستان میں پھیلتیں ہیں۔
 
کانفرنس کے آخر میں قرادادیں پیش کی گئیں جن میں عزاداری سیدالشہداء کے کلاف کسی قسم کی سازش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ محر م سے قبل فرقہ واریت اور دہشت گردی پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ملتان کے لائسنسدار اور تعزیہ داروں کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ ادارں کو ہدایات جاری کرے جلوسوں کے روٹس کو جلد کلیئر کیا جائے۔ بہت جلد مجلس وحدت مسلمین کا وفد کمشنر ملتان ڈویژن اور ڈی سی او ملتان سے ملاقات کرکے عزادارں کے مسائل پیش کرے گا۔

وحدت نیوز (جھنگ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے معروف ذاکر اہل بیت (ع) سلطان الذاکرین ضرغام عباس بخاری کی دعوت پر جھنگ کی مرکزی امام بارگاہ میں بزم ذکر حسین (ع) کے تحت منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ضرغام عباس بخاری اور دیگر ذاکرین اہل بیت (ع) سمیت عزاداروں  کی بہت بڑی تعداد ناصر ملت کا خطاب سننے کیلئے موجود تھی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ولایت اہل بیت (ع) ہماری وحدت کا مرکز ہے، اگر کسی چیز نے ہمیں آپس میں جوڑے رکھا ہے تو وہ ولایت اہل بیت (ع) ہے ، ولایت اہل بیت (ع) ہماری شناخت ، پہچان اور طاقت کا نام ہے ، مجلس وحدت مسلمین اور ذاکرین اہل بیت کا اتحاد شیعہ قوم کے درمیان وحدت کی علامت ہے،ممبر اور محراب کی دوری کسی زمانے کی بات ہو گئی آج یہ مسئلہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ،آج کسی ماتمی اور نمازی میں تفریق نہیں پوری ملت یک جان ہو کر  شیعت کی ترویج اور بقاءکے لئے کوشاں ہے، ہمیں آپس میں اور اہل سنت کے ساتھ یو نٹی قائم کر نے کے لئے کوشش تیز  کر نی ہے ، اس وطن کو اس ملت کو ہم باہمی اتحاد سے مسائل کی گرداب سے نکال سکتے ہیں ۔

 

 بعدازاں خطاب کرتے ہوئے سلطان الذاکرین ضرغام عباس بخاری نے مجلس وحدت مسلمین کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر ہے ہمیں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی صورت میں بہترین مخلص  رہنما نصیب ہوا، جس نے ہر مشکل وقت میں قوم کی صحیح رہنمائی کی اور کبھی قوم کو تنہا نہیں چھوڑا ، ہم تمام ذاکرین قوم کی خدمت کے لئے ہر قدم شانہ بشانہ مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑے ہیں ،خدا ہم سب کو ملت کے درمیان اتحاد و وحدت کی فضاء کو فروغ دینے کی توفیق عطا فرما۔

وحدت نیوز(جھنگ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ذاکرین عظام کی دعوت پر جھنگ کا ایک روزہ دورہ کیا ، اس موقع پر انہوں نے جھنگ میں معروف ذاکر اہل بیت (ع) منور عباس غدیری اور ریاض شاہ رتووال، غلام عباس رتن اورمختار حسین کھوکھر سمیت  دیگر ذاکرین اہل بیت (ع) سے خصوصی ملاقات کی،  اور بعد ازاں معروف شیعہ سیاسی شخصیت سابق رکن قومی اسمبلی امان اللہ سیال کے گھر جا کر ان کے عزیز کے انتقال پر تعزیت پیش کی ، اس موقع پر ان کے ہمراہ جھنگ کے سیکریٹری جنرل علامہ  سید اظہر حسین کاظمی و دیگر رہنما بھی موجودتھے۔

وحدت نیوز (باغ) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر ضلع باغ کا تنظیمی کنونشن ، سید عبادت علی کاظمی سیکرٹری جنرل ضلع باغ منتخب، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے نو منتخب سیکرٹری جنرل سے حلف لیا، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر ضلع باغ کا تنظیمی کنونشن امامیہ کالونی باغ میں منعقد ہوا، سید عاطف حسین جعفری ، خواجہ عدنان ناصر اور سید عبادت حسین کاظمی بطور امیدوار شامل تھے ، انتخابی عمل کی نگرانی ریاستی سیکرٹری روابط مولانا سید حمید حسین نقوی، سید لیاقت حسین کاظمی اور صابر حسین خان نے کی، ضلعی شوریٰ نے کثرت رائے سے سید عبادت علی کاظمی کو ضلع باغ کا سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا،ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے نو منتخب سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ضلع باغ سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ میں سید عبادت علی کاظمی کو ضلع باغ کا میر کارواں منتخب ہونے پر دل کی اتہا گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ، مجلس وحدت مسلمین محکوموں ، محروموں اور مظلوموں کی جماعت ہے، مجلس وحدت ملت کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے نہیں آئی بلکہ ملت کو وحدت کی رسی میں پرونے آئی ہے، اور اس کا ثبوت برسی شہید قائد اسلام آباد ہے کہ جس میں ہر طبقے کی نمائندگی موجود تھی، مجلس وحدت میدان سے فرار پر میدان میں مقاومت کو ترجیح دیتی ہے، عام انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کا مقصد سیٹیں یا اقتدار حاصل کرنا نہیں تھا، بلکہ مقصد یہ تھا کہ کوئی بھی تکفیری دہشتگرد پارلیمنٹ میں نہ پہنچ پائے، اور دیکھا کہ ایک بھی تکفیری پارلیمنٹ میں نہ پہنچ سکا،علامہ سید تصور جوادی نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے پاکستان و کشمیر بھی ایک بھی ایسا قدم نہیں اٹھایا کہ جو ملت کا وقار ، ملت کی عزت ، ملت کی آبرو مجروح کرے، بلکہ ایم ڈبلیو ایم کے اقدامات سے ملت کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، ایم ڈبلیو ایم ملت کی سرفرازی چاہتی ہے، وہ ملت کو ایک کرنا چاہتی ہے، وہ ملت کو سربلند دیکھنا چاہتی ہے، وہ ملت کو ایک دیکھنا چاہتی ہے،ملت کی عزت کے لیئے ، ملت کے وقار کے لیئے ، ملت کی آبرو کے لیئے جو بھی کام کرے گا مجلس وحدت مسلمین اس کی حمایت کرے گی، ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ ملت کے مفاد کو فرد کے مفاد پر مقدم سمجھا ہے ، مجلس وحدت مسلمین جو کہ ایک الہیٰ کارواں ہے، ظالم کے خلاف برسرپیکار ہے،ایم ڈبلیو ایم کا پیغام ہم نے گھر گھر تک پہنچایا، اور خدا کا شکر ہے کہ ہمارا سیٹ اپ میرپور سے نیلم تک چھ اضلاع میں فعال انداز میں کام کر رہا ، اور جلد بھمبر اور راولاکوٹ میں بھی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج طالبان کے ترجمان شاہد خان کا بیان آیا ہے کہ ہم آئین پاکستان کے تحت مذاکرات نہیں کریں گے، ہم بارہا اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ طالبان نہ تو آئین پاکستان کے پابند ہیں اور نہ انہیں مملکت خداداد پاکستان سے کوئی محبت ہے ، علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ میں ضلع باغ کے زعماء سے کہتا ہوں کہ یہ کسی فرد کا مسئلہ نہیں ، بلکہ یہ ملت کا مسئلہ ہے ، اس لیئے ضلع باغ کے غیور لوگ عبادت علی کاظمی سے تعاون کریں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب سیکرٹری جنرل ضلع باغ سید عبادت علی کاظمی نے کہا کہ جن دوستوں نے مجھ پر اعتماد کیا ، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،اور علامہ سید تصور حسین تصور حسین نقوی الجوادی کو سر زمین باغ آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم مل کر انشاء اللہ ضلع باغ میں مجلس وحدت کے پلیٹ فارم سے ملت کے لیئے کام کریں گے، تقریب سے سیکرٹری روابط مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری روابط مولانا سید حمید حسین نقوی ، سابق سیکرٹری جنرل ضلع باغ سید عاطف حسین جعفری ، اخلاق حسین جعفری، امامیہ آرگنائزیشن ضلع باغ کے آرگنائزر سید لیاقت حسین کاظمی، صابر حسین خان، قیصر بانڈے ، عدنان ناصر،غلام عباس کاشر، مسرور حسین جعفری و دیگر نے خطاب کیا اور عبادت علی کاظمی کو سیکرٹری جنرل ضلع باغ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وحدت نیوز(ہنگو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے ہنگو کا دورہ کیا اور عمائدین و مختلف تنظیموں کے مسئولین سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری بین الصوبائی روابط علامہ اقبال بہشتی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی، ضلع ہنگو کے سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی اور ضلع کوہاٹ کے سیکرٹری جنرل حاجی علی داد خان بھی موجود تھے۔ علامہ امین شہیدی نے بزرگ عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی شوریٰ نظارت کے رکن علامہ سید حسین الاصغر کی قبر پر حاضری دی۔ اس کے علاوہ ہنگو کی مختلف مقامی تنظیموں کے نمائندگان سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے حوالے سے گفتگو کی۔ علامہ امین شہیدی نے زیارت جناب عباس (ع) پر بھی حاضری دی۔

وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک)  امریکا میں کانگریس اور حکومت میں اختلافات ختم نہ ہوسکے، معیشت کو روزانہ 30 کروڑ ڈالر کے نقصان کے ساتھ امریکی حکومت کے ڈیفالٹ کرجانے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بوینر کا کہنا ہے کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ شٹ ڈاؤن کب ختم ہوگا لیکن یہ صدر اوباما کے صوابدید پر ہے کہ وہ ریپبلکنز کے ساتھ بیٹھیں اور اس سلسلے میں مذاکرات کریں۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق امریکا میں یکم اکتوبر سے وفاقی اداروں اور منصوبوں کی فنڈنگ روک دی گئی۔ 8 لاکھ سرکاری ملازمین کو گھر بھیج دیا گیا جبکہ 13 لاکھ بغیر تنخواہ کے کام کر رہے ہیں۔ امریکی معیشت کو یومیہ 30 کروڑ ڈالرز کا نقصان کا سامنا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے طویل شٹ ڈاؤن سے امریکا کے ڈیفالٹ ہوجانے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے جو عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔

امریکی شٹ ڈاؤن کے باعث امریکی انتظامیہ کو 2000 ملین ڈالرز سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ مسئلہ حل کرنے کے بجائے، ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کی ایک دوسرے پر الزام تراشیاں جاری ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 17 اکتوبرکے بعد ادائیگیوں کے حوالے سے حکومت کو رقوم کی کمی کا سامنا ہے۔ 17 اکتوبر تک شٹ ڈاؤن کا مسئلہ حل نہ ہوا تو بر وقت قرض کی ادائیگیاں نہ ہونے کے ساتھ سود کی شرح تیزی سے بڑھ جائے گی جبکہ ڈالر کی قدر گرنے سے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ وائٹ ہاؤس نے خبردار کیا ہے کہ قومی دیوالیہ امریکا کی جمہوریت، اعتماد اور برسوں سے عالمی موقف کو تباہ کر دے گا، ری پبلکن کے پاس قرض کی حد بڑھانے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس حکام اور ایوان زیریں کے اسپیکر جان بویہنر نے کہا ہے کہ 17 اکتوبر تک حکومتی قرضے کے حد 16.7 کھرب ڈالرز ہے۔ ری پبلکن پارٹی نے اگر مزید رقوم دینے کا بل منظور نہ کیا تو امریکا کی معاشی حالت بدتر ہو جائے گی، ڈیفالٹ کی صورتحال امریکیوں کو بھیانک سزا دینے کے مترادف ہوگا۔ اسپیکر نے کہا کہ امریکی ایوان زیریں صدر باراک اوباما کو مالی مشکلات میں یرغمال نہیں بنا سکتا۔ خبر ایجنسیوں کے نمائندوں کے ساتھ ناشتے پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 17 اکتوبر تک بل منظور نہ ہوا تو امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیفالٹ کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بویہنر نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکنز حکومت کا کاروبار چلانے کے معاملے پر بات چیت کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ امریکا اپنے بلوں کی ادائیگی کیونکر ممکن بنائے گا۔

جان بویہنر کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ شٹ ڈاؤن کب ختم ہوگا لیکن یہ صدر اوباما کے صوابدید پر ہے کہ وہ ریپبلکنز کے ساتھ بیٹھیں اور اس سلسلے میں مذاکرات کریں۔ اسپیکر جان بویہنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے قرضوں کی شرح میں اضافے کے لیے ووٹنگ اس وقت تک نہیں کرائی جائے گی جب تک کہ اوباما حکومت ریپبلکنز کے ساتھ حکومتی اخراجات کے حوالے سے ریپبلکنز کے خدشات کو دور نہیں کرتی۔ ٹی وی کے مطابق ری پبلیکنز ہیلتھ کیئر اصلاحات کے مخالف ہیں، ان کی کوشش ہے کہ اس پروگرام کے لیے مختص فنڈز کو ختم کیا جائے یا پھر انھیں موخر کیا جائے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ ری پبلکن پارٹی امریکی معیشت اور ملک کی عزت کو خطرے سے دوچار کر رہی ہے۔ وہ اپنی اس شرط سے دستبردار نہیں ہوں گے کہ معیشت کے لئے قرض کی حد کو غیر مشروط طور ختم کیا جائے۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ''اگر ناگزیر ہوا تو وہ ایک قلیل المدتی سمجھوتے پر متفق ہو سکتے ہیں'' جس کے ذریعے اس بحران سے باہر نکلا جاسکتا ہے، تاہم وہ کسی بھی حالت میں اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ باراک اوباما کے مطابق کانگریس کی دو بنیادی ذمہ داریاں ہیں جنہیں اسے پورا کرنا چاہیے۔ ایک یہ کہ وہ بجٹ منظور کرے اور دوسری ذمہ داری یہ ہے کہ وہ یہ ممکن بنائے کہ امریکی عوام اپنے بل ادا کر رہے ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان میں اکثریتی ری پبلکن پارٹی کے ارکان اس بات پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ وہ حکومتی اخراجات کے لیے قرضے کی حد میں اضافے کا بل اسی صورت میں منظور کریں گے، اگر اوباما کے ہیلتھ کیئر پلان کے نفاذ میں ایک سال کی تاخیر کر دی جائے۔ یہ ہیلتھ کیئر پلان پہلی اکتوبر کو نافد کیا جانا تھا۔

اس ساری صورتحال کے پیش نظر ایک اسرائیلی اخبار Yedioth Ahronoth نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ میں موجودہ بحران کے پیچھے یہودی لابی ہے، کہ جس نے امریکہ اور ایران کے صدور کے مابین ٹیلی فونک گفتگو کے بعد کانگریس کے اراکین میں ایک کثیر سرمایہ خرچ کرکے اس بحران کو پیدا کیا ہے۔ صورتحال اب اس جانب بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے کہ اگر واقعاً اس بحران کا حل نہ نکالا گیا اور امریکی معیشت ڈیفالٹ کرگئی تو امریکہ کی سپر پاور کی حیثیت ختم ہوجائے گی اور دنیا یہ کہنے پر مجبور ہوگی کہ ایران کو معاشی پابندیوں کی زد میں لاکر وہاں موجود انقلاب اسلامی کے کے اثرات اور انقلابیوں کو نقصان پہنچانے کی پلاننگ کرنے والا امریکہ آج خود اقتصادی بحران کو شکار ہوگیا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree