وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی جانب سے علامہ سید حسن ظفر نقوی پر قاتلانہ حملے اور علامہ اصغر شہیدی سمیت دیگر پر امن مظاہرین کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت۔
میڈیا سیل سےجاری بیان میں انہوں نےکہاکہ کراچی کے پر امن دھرنے میں قرآن کریم کی تلاوت کے دوران پولیس اور رینجرز کی جانب سے برزگ عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں،وزیر اعلیٰ سندھ اور بلاول بھٹو ذرداری اس شرمناک واقعہ کا ذمہ دار ہے۔علامہ اصغر شہیدی سمیت درجنوں مظاہرین سے ان کا بنیادی حق چھینا گیا۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بھی وفاق اورخیبرپختونخواہ حکومت کےساتھ ساتھ ہم پر ظلم وستم میں برابر کی شریک ہے ۔
ایم ڈبلیوایم کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ نے کہا کہ جمہوریت کا نام نہاد راگ الاپنے والی پیپلز پارٹی سندھ میں اپنے ہاتھوں سے جمہوریت کا جنازہ نکال رہی ہے، اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کرنے والے پرامن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، زرداری حکومت کی یہ غیر جمہوری کاروائیاں اور فسطائیت شرمناک ہیں جو پیپلز پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہونگی۔