وحدت نیوز(لاہور)وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے سندھ حکومت کی طرف سے کراچی میں پرامن احتجاجی دھرنوں کے خلاف کریک ڈاون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر قائد میں ریاستی جبر اور اشتعال انگیزی کا حکومتی سلسلہ تاحال جاری ہے، کراچی میں پرامن احتجاجی دھرنوں پر شیلنگ و لاٹھی چارج پیپلز پارٹی حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، کراچی میں پر امن مظاہرین سے ان کا جمہوری حق چھیننا بنیادی حقوق کی سریحا خلاف ورزی ہے، پر امن خواتین و بچوں پر ریاستی جبر وتشدد بلاجواز اور خلاف قانون ہے،۔
آمریت کی کوکھ سے جنم لینے والی پیپلز پارٹی اپنے آپ کو جمہوری پارٹی کہنے کا راگ الاپنا بند کرے، آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے پی پی لیڈر شپ نے نہتے شہریوں پر تشدد کر کے رعونت کی تمام حدیں عبور کی ہیں، زرداری حکومت کی جانب سے پارہ چنار کے مظلوم و محصور بچوں وخواتین کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنے والوں پر وحشیانہ ظلم و تشدد ملت جعفریہ کے لیے ناقابل فراموش ہے، کراچی پولیس گردی اور ریاستی جبر کے خلاف سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔