وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے سابق وزیر اعظم و چیئرمین عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی اور سردار مہتاب خان عباسی کی ملاقات، دونوں رہنماؤں کا باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، اس موقع پر سردار شاہد خاقان عباسی نے پارہ چنار کرم کی دلخراش صورتحال پر مشکلات میں گری عوام سے ہمدردی اور بحران کے طول پکڑنے پر افسوس کا اظہار کیا،اور اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پاراچنار میں پائیدار امن کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کراچی کے پرامن احتجاج کو طاقت کے زور پر منتشر کرنے پر افسوس کا اظہار کیا،اس موقع پر سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے لیے کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور آپ جیسی روادار اور معتدل مذہبی شخصیت کو ملک کے تمام مکتبہ فکر میں پذیرائی حاصل ہے۔ آپ کو آگے بڑھ کر ملک سے فرقہ وارایت کے خاتمے کے لئے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔