وحدت نیوز(لاہور)علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر کی طرح لاہور میں ڈیوس روڈ پر لاہور پریس کلب کے سامنے مسلسل ساتویں روز بھی دھرنا جاری ہے۔ سات روز سے مسلسل جاری دھرنے میں اتحاد امت کے داعی معروف عالم دین علامہ سید محمد ابصار علی نقوی کی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ ابصار علی کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں جاری امن جرگہ کو کچھ تکفیری ٹولے خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان بھر سے محب وطن پاکستانیوں کا اس وقت صرف ایک مطالبہ ہے کہ پارہ چنار کی عوام کو انصاف فراہم کیا جائے۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں جاری دھرنے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ٹل پاڑہ چنار روڈ عوام کیلئے کھولا نہیں جاتا، حکومت پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری پارہ چنار کے مظلومین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام انجانے رہی ہیں، عظمی بخاری کو منسٹر بنا دیا گیا تاہم اسے یہ بھی نہیں معلوم کہ پارہ چنار خیبر پختون خواہ اور پاکستان کا ہی علاقہ ہے۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ درجنوں معصوم بچوں کا دوائیں دستیاب نہ ہونے کے باعث لقمہ اجل بن جانا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حکمران بے حس ہو چکے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ علی اکبر کاظمی کا کہنا تھا کہ حکومت کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی واضح کر رہی ہے کہ یہ معاملات سنبھالنے میں نہ صرف غیر سنجیدہ ہیں بلکہ نااہل بھی ہیں، حکومت وقت ویٹ اینڈ واچ کی پالیسی پر چلتی رہی تو لاہور کے مختلف مقامات پر مزید دھرنے دیئے جائیں گے۔ علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ کرم میں جاری ظلم و بربریت کو روکنے میں ناکامی پر کے پی اور وفاقی حکومت دونوں برابر کی شریک ہیں، دن بہ دن دھرنے میں شرکت کرنیوالے شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جب تک کرم پارہ چنار کی سڑکوں پر امن قائم نہ ہو جائے دھرنے جاری رہیں گے اور اپنا بنیادی انسانی آئینی و قانونی حق جان مال کا تحفظ مانگتے رہیں گے۔ دھرنے میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے اور پارا چنار کے عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔