The Latest
مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کی عوامی نیشنل پارٹی اورپاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں سے ملاقات دونوں جما عتوں کے رہنماؤں نے گورنر راج قائم رہنے پر اتفاق کیا۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری علامہ امین شہیدی کی سربراہی میں ایک وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ق)کے مرکزی رہنماء سینیٹر مشاہد حسین سید اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر حاجی عدیل خان سے ملاقات کی، اس موقع پر مجلس و حدت مسلمین کے دیگر رہنماؤں میں علامہ اصغر عسکری اور ملک اقرار حسین موجود تھے ۔ملاقات میں ملکی صورتحال اور آنے والے عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علامہ امین شہیدی نے گفتگو کے دوران کہا کہ مملکت پاکستان میں جاری دہشت گردی کی لہر بین الاقوامی سازش کا حصہ ہے اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والے ملک دشمن عناصر مملکت خداداد پاکستان کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں
مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کانفرنس بعنوان ’’اتحاد بین المسلمین و مذہبی سیاسی ہم آہنگی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری، چئیرمین متحدہ تحریک امن ڈیرہ اسماعیل خان پیر شیر محمد، خطیب جامع مسجد اہل سنت ڈیرہ اسماعیل خان ریاض احمد جمالوی، جماعت اسلامی کے رہنماء زاہد محب اللہ چغتائی اور قمبر رضا سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے بلوچستان کی معزول حکومت کی بحالی کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس قسم کی کوئی کوشش کی گئی تو اس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ اور اس اقدام کو شہداء کیساتھ غداری تصور کیا جائے گا۔ جس کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے ان تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اکابرین پر واضح کیا کہ جنہوں نے شہدائے کوئٹہ کا تمسخر اڑایا اور گورنر راج کی مخالفت کی کہ جس طرح ایسے عناصر کو بلوچستان میں سیاسی شکست دی اس طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی انہیں سیاسی شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان قوتوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کی سرزمین پر بھی اب سیاسی شکست ہوگی کیونکہ ڈیرہ اب ان کی جاگیر نہیں رہا بلکہ یہاں کے عوام اب آزادی اور خودمختاری کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔ اور یہاں آئندہ سیاست میں مجلس وحدت مسلمین کا اہم کردار ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ڈیرہ اسماعیل کے تمام شیعہ عمائدین کیساتھ بنیادی ہم آہنگی ہو گئی ہے اور لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے، جس کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے اور ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے اپنے حمایت یافتہ امیدوار کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔
کانفرنس کے دوران مجلس وحدت مسلمین نے اپنے سیاسی لائحہ عمل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ جس پر مختلف شیعہ سنی رہنماوں نے مجلس وحدت مسلمین کو ہر قسم کے تعاون کی تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر مقررین نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی شورش زدہ سر زمین کے ماضی قریب کے حالات پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حالات کے تناظر میں تمام شرکاء اور زعماء پر یہ حقیقت واضح کی کہ اگر ماضی کے حالات دوبارہ دہرائے گئے تو کسی قوم کی بقاء کی زمانت دینا ممکن نہیں۔ مقررین نے اپنی تقاریر میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے عملی نمونہ پیش کرنے کی خواہشات کا اظہار کیا۔ کانفرنس کا اختتام مولانا زاہد جعفری کی جانب سے کرائی گئی دعا سے ہوا۔
ایم ڈبلیو ایم کے اعلیٰ سطحی وفد کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر و پیپلز پارٹی کے دیگر راہنمائوں سے ملاقات آئینی تقاضوں کے پیش نظر اسمبلیو ں کی مدت ختم ہونے سے پہلے آخری ہفتے میں بلوچستان حکومت کی بحالی پر اتفاق رائے
اسلم رئیسانی، علی مدد جتک اور عاصم خورد گیلو کو حکومت کی حصہ نہیں بنایا جائے گا ، پیپلز پارٹی کے راہنمائوں کی وفد کو یقین دہانی
اسلام آباد ( پ ر ) مجلس وحدت مسلمین پاکساتن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکرفضل کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی کے دیگراہنمائوں سے ملاقات کی۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی ، شوریٰ عالی کے رکن علامہ محمد ا قبال بہشتی اور پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری علامہ اصغر عسکری شامل تھے ، سپیکرچیمبر میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خورشید شاہ ، اور قومی اسمبلی کے رکن ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔
مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ایم ڈبلیو ایم جھنگ کے پولیٹیکل پبلک سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھنگ کی پسماندگی کی سب سے بڑی وجہ سیاسی شعور کی بیداری کا نہ ہونا ہے۔ اس شہر میں بھائی چارے کو توڑا گیا۔ اس شہر میں شیعہ سنی کو لڑایا گیا۔ انہوں نے شرکائے محفل کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج شیعہ سنی کے اس اکھٹ سے دشمن لرز اٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب رسالت ماب (ص) نے غار حرا میں صرف عبادت پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ایک اسلامی فلاحی سلطنت تشکیل دی۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقدس سیاست سے معاشرے کو توہم پرستی، بت پرستی اور گندگی سے نجات دلا کر معاشرے کو ترقی یافتہ بنایا۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم جب سیاسی کردار کی بات کرتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم سیرت محمد (ص) اور دین خدا کا نفاذ کرنا چاہتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دین اسلام کی ترویج اور تشکیل کی روشنی میں ہم الٰہی اور اسلامی معاشرے کی تشکیل کرنا چاہتے ہیں۔ جہاں غریب کی عزت، غیرت اور حمیت محفوظ ہوگی۔ ہم نے اپنے سیاسی کردار سے قوم کی تشکیل اور وحدت و اتحاد کی طرف سفر شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ کے شہریوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ شیعہ سنی اتحاد کے ذریعے باہر سے آنے والے دہشت گرد اور تکفیریوں سے جھنگ کو آزاد کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے نام سے یہ واضح ہے کہ ہم وحدت و اتحاد پر یقین رکھتے ہیں اور شیعہ سنی اختلاف پر یقین نہیں رکھتے۔ جس کا عملی مظاہرہ آج کا اجتماع ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ سیاسیات نے ملک کے مختلف اضلاع میں اپنے سیاسی دفاتر کے قیام کا آغاز کر دیا، جس کے تحت گذشتہ روز ایم ڈبلیو ایم ضلع جھنگ کے پولیٹیکل پبلک سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب ابراہیم ہوٹل جھنگ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی جبکہ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم ضلع جھنگ کے سیکرٹری جنرل علامہ اظہر حسین کاظمی، امیدوار برائے صوبائی اسمبلی سید اختر عباس شیرازی، سابق ایم این اے نواب امان اللہ سیال، علاقہ بھر کی اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات، ایم ڈبلیو ایم کے سو سے زائد یونٹس اور چاروں تحصیلوں کے سابق ناظم، نائب ناظم، کونسلز سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
پی ٹی آئی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفود نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے بعد ایک اہم پریس کانفرنس کی
پریس کانفرنس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی مشاورت کمیٹی میں فیصلہ کیا ہے کہ ہم ان طاقتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے جو ملک کو بیرونی طاقتوں کے چنگل سے آزاد اور وطن عزیز کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہیں، وہ قوتیں جو ملک کو بحرانوں سے نکالنا چاہتی ہیں۔ الحمد اللہ ہم نے ایم ڈبلیو ایم کی لیڈر شپ کے مؤقف کو اپنے قریب پایا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ان کے ساتھ مل کر آگے بڑھا جائے، کچھ نکات ایم ڈبلیو ایم کی قیادت نے بیان کیے ہیں اور کچھ ہم نے بیان کیے ہیں، جو آگے تنظیمی اداروں میں ڈسکس ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگ جو گذشتہ پانچ برسوں میں اس حکومت کا حصہ رہے اور اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ان سے اتحاد ممکن نہیں ہے۔
دشمن چاہتا تھا کہ ہمیں ڈرا دھمکا کر میدان چھوڑنے پر مجبور کر دے، لیکن قوم کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے کربلا سے درس لیتے ہوئے میدان میں حاضر رہ کر دشمن کے اس خیال کو خاک میں ملا دیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کراچی کے علاقے انچولی سوسائٹی کے امروہہ گراؤنڈ میں منعقدہ یوم شہدائے ملت جعفریہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔ تقریب کا انعقاد پیام ولایت فاؤنڈیشن اور ناصران امام (ع) فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ تقریب میں شہدائے ملت جعفریہ کے خانوادوں میں نشان حیدر (ع) کی طرز پر بنائے گئے نشان علمدار (ع) پیش کئے گئے۔ اس موقع پر شرکاء نے لبیک یاحسین (ع) کے پرجوش نعروں سے شہدائے ملت جعفریہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں خصوصی شرکت شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی (رہ) کے بھائی اور ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، شہید علی رضا تقوی (رہ) کے فرزندوں، شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کی والدہ محترمہ نے کی۔ اس موقع پر امامیہ اسکاؤٹس اوپن گروپ، پیام اسکاؤٹس اور جے ڈی سی اسکاؤٹس کے ممبران نے شہداء کے خانوادوں کو اسکاؤٹ سلامی بھی پیش کی۔ تقریب میں علامہ فرقان حیدر عابدی اور علامہ نثار احمد قلندری سمیت دیگر علمائے کرام، ذاکرین عظام اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔
اپنے خطاب میں علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے لئے وہ چراغ ہیں جو قوموں کو گمراہی سے بچاتے ہوئے راستہ دکھاتے ہیں اور راہ راست پر گامزن رکھتے ہیں، آج اگر ہم سرخرو ہیں تو فقط اپنے شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی کوشش تھی کہ ہمیں منتشر کر دے، ہمارے درمیاں اختلافات کو ہوا دے، مگر شہداء کے پاک و پاکیزہ لہو نے ہمیں منتشر ہونے سے بچائے رکھا ہے اور ہمیں طاقتور قوم بننے میں مدد فراہم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کربلا کے ماننے والے کل بھی میدان میں حاضر تھے اور آج بھی شیطان بزرگ امریکہ و اسرائیل کے خلاف پوری دنیا میں برسرپیکار ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ سردار شہدائے پاکستان علامہ سید عارف حسین الحسینی (رہ) نے کہا تھا کہ امریکی بحری بیڑوں کو ہم اپنے خون کے سمندر میں ڈبو دیں گے، دشمن یاد رکھے کہ ہم نے شہید عارف حسینی (رہ) کی پیغام کو آج بھی یاد رکھا ہوا ہے اور اسے فراموش نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کو شہید کرکے دشمن یہ سمجھتا ہے کہ ہم ڈر جائیں گے یا ہم ختم ہوجائیں گے، ہم دشمن کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ جس قوم کی مائیں کربلا کی ماؤں کی راہ پر چلتی ہوں اور اپنے ایک جوان کی شہادت کے بعد مزید بیٹے راہ شہادت میں پیش کر دیتی ہوں، اسے ڈرانے دھمکانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جائیں، دہشت گرد طاقتیں نہیں چاہتی ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار امامی نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے اپنے ایک بیان میں ہوئے کیا۔ مولانا مختار امامی کا کہنا تھا کہ کشمیر صرف اور صرف کشمیریوں کا ہے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔
ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دہشت گرد طاقتیں نہیں چاہتی ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے اور قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کے خلاف کاروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم سے انسانیت کی توہین کے مترادف ہیں جسے کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہر پاکستانی اور مسلمان کا شرعی فریضہ ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے رکن اور ممتاز عالم دین علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا ہے کہ ملک میں شیعہ سنی کوئی مسئلہ نہیں، آنحضرت (ص) کی ذات اقدس تمام مسلمانوں کیلئے وحدت کا مرکز ہے۔ آج ملک میں جاری قتل و غارت کی اصل وجہ سیرت رسول خدا (ص) سے دوری ہے، اگر ہم آپ (ص) کی سیرت اور سنت پر عمل پیرا ہو جائیں تو ہماری تمام مشکلات خود بخود حل ہوجائیں گی۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کو چاہیے کہ وہ وحدت اسلامی کی خاطر اپنا رول ادا کریں، آج پاکستان کا وجود خطرے سے دوچار ہے، آج لوگ دین سے دور ہوتے جا رہے ہیں، جس کے باعث ہماری مشکلات بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعتہ الرضا کے زیراہتمام میلاد النبی (ص) کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر تحریک اسلام کے سربراہ علامہ حیدر علوی، جماعت اسلامی بہارکہوہ کے رہنماء سمیت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی بھی شریک تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کا ایک اعلی سطحی وفد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی آفس میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماووں سے ملاقات کی وفد میں شاہ محمود قریشی، مخدوم جاوید ہاشمی اور عارف علوی شامل تھے، ملکی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت
ملاقات کے دوران علامہ محمد اقبال بہشتی، علامہ اعجاز بہشتی ، علامہ اصغر عسکری ، ملک اقرار حسین اور نثار فیضی بھی موجود تھے
اسلام آباد ( پ ر) پاکستان تحریک انصاف کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریت اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی اور دیگر راہنمائوں سے ملاقات کی ، وفد میں سابق وز یرخارجہ شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی کے دیگر راہنما مخدوم جاوید ہاشمی اور عارف علوی شامل تھے ، ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی ، وفد نے سانحہ علمدار روڈ کے خلاف موثر انداز میں صدائے احتجاج بلند کرنے پر ایم ڈبلیو ایم کے قائدین و کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور مجلس وحدت مسلمین کی سیاسی فعالیت کو سرزمین وطن پر ایک بڑی تبدیلی قرار دیا ۔