The Latest

وحد ت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے راولپنڈی واقعہ کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کو خوش آئند قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کو یہ اختیار بھی دیا جائے کہ وہ غفلت برتنے والے اداروں اور شخصیات کا بھی تعین کر سکے۔ مرکزی دفتر سے جاری بیان میں علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ جو سازش 2009ء میں کراچی میں تیار کی گئی وہی سازش راولپنڈی میں بھی دہرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء سے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں، پوری قوم اپنے اتحاد سے ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے واقعہ نے پنجاب پولیس اور حکومت کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے تمام دعوؤں کی دھجیاں بکھیر دیں ہیں۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا شہباز شریف کی حکومت میں ہی لاہور میں سانحہ یوم علی (ع) پیش آیا جس میں 50 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے، گذشہ سال اسی راولپنڈی شہر میں سانحہ ڈھوک سیداں ہوا اور اسی طرز کے دیگر واقعات رونما ہوئے جن میں سینکڑوں افراد جاں بحق ہو گئے، شہداء کے خانوادے یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ ان واقعات کیلئے جوڈیشل کمیشن کیوں تشکیل نہ دیئے گئے۔ انہوں نے ملت جعفریہ سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور معاونت کریں تاکہ دہشتگردوں اور تکفیریوں کو گرفت میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قوم تمام مکاتب فکر کی مساجد، امام بارگاہوں اور اہلسنت کے مقدسات کی حفاظت کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں اور کسی بھی سازش کو ناکام بناتے ہوئے قومی وحدت کا ثبوت دیں۔

 

وحدت نیوز (کراچی) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ممتاز سنی و شیعہ علمائے کرام نے راولپنڈی میں یوم عاشور کے جلوس پر حملے کو پاکستان اور پاکستان کے مسلمانوں کے بے مثال اتحاد کے خلاف سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے اس میں ملوث سرکردہ افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ و سنی علمائے کرام بشمول ملی یکجہتی کونسل سندھ کے قائم مقام صدر اور جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی صدر علامہ عقیل انجم، شیعہ علماء کونسل سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ ناظرعباس تقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ عید میلاد النبی (ص) اور عزاداری شہدائے کربلا کے خلاف شر انگیزی کرنا دہشت گردوں کی سازش ہے تاکہ شیعہ و سنی کے درمیان افتراق کی فضاء کو پیدا کیا جاسکے لیکن پاکستان کے شیعہ و سنی مسلمان اپنے مشترکہ دشمن کو پہچانتے ہیں اور ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

 

 انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا اور خاص طور پر امام حسین علیہ السلام امت اسلامی کے درمیان اتحاد کا ایسا مرکز و محور ہیں کہ جو بھی اسلامی مقدسات کی اس ریڈ لائن کو عبور کرتا ہے وہ خود دائرہ اسلام سے خارج ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یزیدیت کی حمایت کرنے والے یہ جان لیں کہ ہم خون کے آخری قطرے تک پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ناکامی کی وجہ سے یہ سانحہ پیش آیا ہے، انتظامیہ کو جب حساسیت کا اندازہ تھا تو انہوں نے مذکورہ مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو کیوں کنٹرول نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیعہ و سنی اسلام کے دو بازو ہیں لیکن تکفیری گروہ مسلسل وطن عزیز میں دہشت گردی کے ذریعے شیعہ و سنی دونوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یوم عاشور کے جلوس پر حملہ آور افراد کو اور مسجد کے خطیب کو توہین رسالت کے مقدمے میں گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے کیونکہ امام حسین علیہ السلام جوانان جنت کے سردار، خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی (ص) کے پیارے نواسے اور پوری امت مسلمہ کے بلا تفریق قائد و رہبر ہیں اور یزید خبیث کے خلاف ان کا قیام حق پر مبنی تھا اور اسی لئے مولانا محمد علی جوہر، خواجہ معین الدین چشتی اور علامہ اقبال سمیت اس خطے کے تمام اولیائے کرام اور مفکرین امام حسین علیہ السلام کو اسلام کی نشاۃ ثانیہ کا بانی قرار دیتے ہیں کہ جنہوں نے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی اور ان کی قربانی کلمہ توحید لاالہ الاللہ کی بنیاد قرار پائی۔ ملک بھر میں محرم الحرام میں خوف و دہشت کی فضا ایجاد کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف فوری طور پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔ یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ یہ پاکستان کی اسلامی ریاست کے باغی ہیں اور خلفائے راشدین کی سیرت بھی یہی ہے کہ باغیوں اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔

 

 انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یزید کی حمایت میں کوئی بھی بات اور امام حسین علیہ السلام کے خلاف کوئی بھی لفظ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے قائم مقام صوبائی صدر قاضی احمد نورانی نے واضح کیا کہہ ملک میں شیعہ سنی اتحاد کی فضا قائم ہے، سنی شیعہ آج بھی مل جل کر رہتے ہیں اور یہی اتحاد دشمنان اسلام کو پسند نہیں ہے۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یوم عاشورا کو راولپنڈی میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔

اسلام آباد (وحدت نیوز) حضرت عباس علمدار (ع) کے باوفا غلام مسجد، امام بارگاہ اور علم عباس (ع) کی حفاظت کریں، دشمن شعائر اسلامی کو نشانہ بناکر پاکستان کو اپنے بیرونی آقاؤں کے گھناؤنے عزائم کی بھینٹ چڑھانا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وحدت میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تکفیری دہشت گرد ملک بھر میں شیعہ و سنی کے درمیان تفرقہ ایجاد کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وطن اور اسلام کے باوفا اور غیرت مند بیٹے اس سازش کو جانتے ہیں اور وحدت کے ذریعے ان کے عزائم ناکام بنائیں گے۔

 

 علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ دشمن عید میلاد النبی (ص) اور عزاداری امام حسین (ع) کے اجتماعات سے خوفزدہ ہے کیونکہ یہ اجتماعات دنیا بھر میں ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کا درس دیتے ہیں، دشمن جان لے عباس باوفا (ع) کے ماننے والے ہر صورت شعائر اسلامی کا تحفظ کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہر دور کے ظالموں اور جابروں کے آگے کبھی اپنا سر نہیں جھکایا ہے، ہمیں کربلا یہ سکھاتی ہے کہ ہم ظلم کے خلاف صف آراء ہوں اور ہر دور کی یزیدیت اور اس کے پیروکاروں کو بے نقاب کریں، انشاء اللہ پاکستان میں بسنے والے کروڑوں اہل سنت بریلوی اور اہل تشیع بیدار ہیں اور عالمی استعمار اور اس کے ایجنٹوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مرکزی سیکریٹری جنرل کا قوم کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ محمد (ص) و آل محمد (ع) کے ماننے والے ہر صورت شعائر اسلامی کی حفاظت کا فریضہ انجام دیں اور اس صورت کوئی بھی کوتاہی نہ برتیں، تکفیری دہشت گردوں نے مساجد اور امام بارگاہوں پر حملے کرکے استعماری طاقتوں کے ایجنڈے پر عمل کیا ہے، ملت جعفریہ اہل سنت کے مقدس مقامات کی بھی حفاظت کریں اور یہ ثابت کردیں کہ وطن عزیز میں شیعہ و سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ فقط امریکی پے رول پر پلنے والے دہشت گردوں کی ایک سازش ہے جسے ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے۔

وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) فارس نیوز ایجنسی کے مطابق جمعیت وفاق قومی اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور معروف شیعہ رہنما علامہ شیخ علی سلمان نے بحرین کے شہرالسنابس میں عاشورای حسینی میں شریک ہزاروں عزاداران سید الشہداء علیہ السلام سے خطاب کرتے ہوئے امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا ساتھیوں کے قیام پر روشنی ڈالتے ہوئے یزید کے مقابلے میں فلسفہ قیام امام حسین علیہ السلام بیان کیا اور کہا کہ امام حسین علیہ السلام کے قیام کا بنیادی مقصد امت مسلمہ کے امور کی اصلاح کرنا تھا۔

 
علامہ شیخ علی سلمان نے کہا کہ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام نے امر بہ معروف اور نہی از منکر کی خاطر قیام کیا اور یہ وہی ہدف ہے جس کی خاطر بحرین کی انقلابی تحریک معرض وجود میں آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح امام حسین علیہ السلام نے خدا کے راستے میں قربانیاں دیں اور شہداء کا خون پیش کیا اسی طرح انقلاب بحرین بھی اپنے عزیزوں کی جان خدا اور ملک و قوم کی اصلاح کے راستے میں قربان کرنے میں مصروف ہے۔

 
بحرین کے معروف شیعہ رہنما نے انقلابی تحریک کو حتمی کامیابی تک جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کا انقلاب انسانی تاریخ کا سب سے بڑا، عظیم اور بہترین انقلاب تھا اور آپ علیہ السلام کے انقلاب اور بحرین کے انقلاب میں بہت فرق پایا جاتا ہے کیونکہ اولا اس انقلاب کی رھبری امام حسین علیہ السلام جیسی عظیم شخصیت نے سنبھال رکھی تھی اور دوسرا یہ کہ امام حسین علیہ السلام کے انقلاب کا مقصد پوری امت محمدی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی اصلاح تھی۔ علامہ شیخ علی سلمان نے کہا کہ بحرین کی انقلابی تحریک کی پوری کوشش ہے کہ وہ اپنی جدوجہد کو خداوند متعال کی رضامندی کے راستے میں انجام دے اور امام حسین علیہ السلام کے انقلاب کی اقتدا کرنے میں مصروف ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) شہدائے کربلا اور امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانیوں کی یاد میں نکالے گئے مرکزی جلوس عاشورہ میں شرکائے جلوس نے علامہ حسن ظفر نقوی نے زیراقتداء نماز ظہرین ادا کی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام تبت سینٹر کے مقام پر نماز با جماعت کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسین علیہ السلام نے شرکت کی جب کے علمائے کرام اور ذاکرین عظام کی بھی بڑی تعداد نماز جماعت میں شریک تھی، نماز جماعت کی امامت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل وترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کی۔

وحدت نیوز( بلتستان)سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی نے اسکردو میں شب عاشور کی مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشورا جان کو ہتھیلی پہ رکھ کر، سر پہ کفن باندھے یزیدی طاقتوں سے مقابلہ کرنے اور موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مسکراتے ہوئے خون کے دھاروں سے بساط ظلم کو لپیٹنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداءعزاداری سید الشہداء پر پابندی لگانے اور محدود کرنے کی باتیں یزیدیوں کی بھول ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں عزاداری امام حسین (ع) سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عزاداران امام حسین کل عاشورا کے جلوسوں میں سر پہ کفن باندھ کے شریک ہو جائیں۔ انتظامیہ کی طرف سے گلگت بلتستان میں دہشت گردوں کے داخلے کی خبر خوف و ہراس پیدا کرنے کے لیے ہے۔ دنیا شاید نہیں جانتی کہ ہمارا تعلق اس قبیلہ سے ہے، جس کے لیے موت شہد سے زیادہ میٹھی شے ہے۔ شہادت ہماری کمزوری نہیں بلکہ ہماری قوت اور طاقت کا مظہر ہے۔

یومِ عاشور، تمیزِ حق و باطل کا دن

وحدت نیوز: جہاں اسلام کے نام پر معصوم انسانوں کو بموں سے اڑایا جا رہا ہو اور جہاں لوگ اپنی نسلی روایات کو ہی اسلام سمجھنے لگ جائیں، وہاں عدل پسندوں اور با ضمیر انسانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہو جاتی ہے کہ وہ کربلا کو ایک درس گاہ کے طور پر لیتے ہوئے حسین ؑ کے فلسفہ شہادت اور قربانی کے مقصد کو سمجھیں اور حق کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں۔

 

تحریر: طاہر یاسین طاہر

 

 امام عالی مقامؑ کی شہادت کا پیغام بڑا واضح اور آشکار ہے۔ چودہ صدیاں گزرنے کو ہیں، مگر یہ غم، یہ پیغام پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ حسینؑ کے بے مثال قیام کا مقصد نہ تو حصولِ اقتدار تھا اور نہ ہی اس سے آپ کوئی ذاتی نمود کا کام لینا چاہ رہے تھے۔ واقعہء کربلا کو کسی ایسے زاویے سے دیکھنے والے ،کہ حسینؑ کے قیام کا مقصد اقتدار کا حصول تھا، وہ بالکل اسی طرح گمراہ ہیں جس طرح یزید تھا۔ انسانی تاریخ کے اس عظیم معرکہء حق و باطل کو اس کے سیاق و سباق کے ساتھ دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے جو حسین ؑ اور آپ کے ساتھیوں کی عظیم شہادت میں پنہاں ہے۔ حسینؑ اور یزید، دو افراد ہی نہیں، خیر و شر کے دو ایسے کردار بھی ہیں جو صبحِ قیامت تک ایک دوسرے کے آمنے سامنے رہیں گے۔ خیر کے پیمبر کا نام حسینؑ ہے، تو شر کی پیشانی پر یزید لکھا ہوا ہے۔ امام عالی ؑ مقام حضرت حسین ؑ کا معروف فرمان ہے کہ ’’مجھ جیسا کبھی یزید جیسے کی بیعت نہیں کرے گا‘‘ یعنی امام ؑ نے کربلا کے ریگزار میں بتلا دیا کہ ہر وہ کردار جو حق و صداقت کی گواہی بنے، وہ یزید جیسے کسی فاسق و فاجر کی بیعت پر آمادہ نہیں ہوگا۔

 

بلاشبہ یومِ عاشورہ کو نواسہء رسولﷺ پر بے انتہا ظلم کیا گیا، کربلا میں جو کچھ ہوا، اور جس طرح ہوا دنیا بھر کے عدل پسند انسان نہ صرف اس پر حیران ہیں بلکہ نازاں بھی ہیں، کہ انھیں حسین ؑ کی شکل میں ایک ایسا رہبر مل گیا جو انسانی حریت اور وقار کو زندہ رکھنے کا قرینہ سکھا رہا ہے۔ کربلا زندگی ہے، صرف نسلِ انسانی کے لیے ہی نہیں بلکہ دینِ مبین کے لیے بھی حیاتِ نو کربلا ہی ہے۔ دین پر کڑا وقت آیا تو پھر کیا ہوا؟ کوئی جا کرحضرت معین الدین چشتی اجمیری سے پوچھے جنھوں نے کہا تھا کہ

،
شاہ است حسینؑ، پادشاہ است حسینؑ
دین است حسینؑ، دین پناہ است حسینؑ
سر داد، نہ داد دست در دستِ یزید
حقا کہ بنائے لا الہٰ است حسینؑ
آج کے انسان کو ماضی کے انسان سے کہیں زیادہ اس بات کی ضرورت ہے کہ وہ فلسفہ شہادتِ حسین ؑ کو سمجھے۔ شہادتِ حسین ؑ کا ایک مقصد انسان کو انسانوں کی غلامی سے نجات دلانا بھی ہے۔

 

استاد شہید مطہری فرماتے ہیں کہ ’’حسین ابنِ علی ؑ کا قیام امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے لئے تھا، عدل اسلامی کے لیے تھا۔ امر بالمعروف و نہی عن المنکر اپنے مقام پر ایک اسلامی اصول ہے۔ عدل ایک اسلامی اصول ہے، اور امامت جو اصولِ اسلامی کی محافظ و نگہبان ہے، خود ایک جداگانہ اسلامی اصول ہے۔ عدالت، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر، کے اصولوں کا احیا ایک ایسے امام کے ہاتھوں ہوا، جس کی اطاعت فرض کی گئی ہے۔ اگر ہم نے اس سلسلے اور اس تحریک کو ہمیشہ زندہ رکھا، تو گویا ہم نے امامت کے عظیم ترین شعار کی حفاظت کی، ہم نے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے عظیم ترین شعار کی حفاظت کی، ہم نے عدل کی حمایت اور ظلم کے خلاف جنگ کے شعار کی حفاظت کی ہے۔ جب ہم میدانِ عاشورہ اور روزِ عاشورہ پر نگاہ ڈالتے ہیں، تو وہاں کیا دیکھتے ہیں؟ وہاں ہم اسلام اور اسلامی روحانیت کی تجلی دیکھتے ہیں

‘‘

کربلا میں نظر آنے والی اس روحانی و اخلاقی تجلی سے ہر عہد کے عدل پسند انسان جرات و حمیت کشید کرتے رہے، مگر ہم سمجھتے ہیں کہ آج کے انسان کو یہ ضرورت پہلے سے زیادہ آن پڑی ہے کہ وہ امر بالمعروف کا پرچم ہاتھ میں تھام کر عدل کی حمایت میں اٹھ کھڑا ہو، بالخصوص ایک ایسے وقت میں جب واقعی شعائرِ اسلام کا مذاق اڑایا جا رہا ہو، اور سماج کو ایسی بحثوں کی طرف لے جایا جا رہا ہو جہاں اسلام کے حقیقی تشخص کو مجروح کیا جا رہا ہو، جہاں اسلام کے نام پر معصوم انسانوں کو بموں سے اڑایا جا رہا ہو اور جہاں لوگ اپنی نسلی روایات کو ہی اسلام سمجھنے لگ جائیں، وہاں عدل پسندوں اور با ضمیر انسانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہو جاتی ہے کہ وہ کربلا کو ایک درس گاہ کے طور پر لیتے ہوئے حسین ؑ کے فلسفہ شہادت اور قربانی کے مقصد کو سمجھیں اور حق کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں۔ آج کا دن، حق و باطل کے درمیان ایک لکیر ہے، اور یہ لکیر صبحِ قیامت تک وقت کے ہر یزید کا من چڑاتی رہے گی۔ حسینیتؑ صبحِ قیامت تک دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید کا استعارہ ہے۔ یزیدیت، ظلم،جبر، استحصال اور جفا و زبردستی کا ایک قابلِ نفرت نشان۔ جوں جوں انسانیت بیدار ہوتی چلی جا رہی ہے، توں توں کربلا سے اس کا رشتہ گہرا ہوتا چلا جا رہا ہے۔ جوش ملیح آبادی نے بالکل درست فرمایا تھا کہ


انسان کو بیدار تو ہو لینے دو
ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسینؑ

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئرعباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملت جعفریہ پاکستان عزاداری سید الشہداء پر کوئی سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں اور سکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص پنجاب میں عزاداری کے اجتماعات کو محدود کرنے کی شازشوں کو ناکام بنا دیا جائیگا۔ حسینیت کا پلیٹ فارم انسانیت کیلئے درسگاہ ہے اور حکمران طبقہ درحقیقت اس پلیٹ فارم سے خوفزدہ ہے، کیونکہ یہ انسانوں میں حریت فکر اور بیداری کو فروغ دیتا ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ عزاداری سید الشہداء کے اجتماعات میں کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی اور یہ ہمارا شہری و آئینی حق بھی ہے۔

وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اسکردو میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزادری کل کے مردہ یزید سے اظہار نفرت نہیں بلکہ وقت کے یزید کے خلاف قیام کرنا ہے اور کربلائے عصر میں پیروئے حسین ابن علی(ع) بن کر دور حاضر کے یزیدوں کا گھیرا تنگ کر کے ان کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اسوقت یزید کا کردار امریکہ نبھا رہا ہے اور امریکی تنظیمیں لشکر یزید کا کردار نبھانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راکب دوش رسول(ص) کو میدان کربلا میں شہید کرانے اور خانوادہ وحی و نبوت کو اسیر کرانے کے لیے یزید نے اس وقت خزانوں کے دروازے کھول رکھے تھے اور آج بھی اسلام کا اصل چہرہ مٹانے، پیغام کربلا کو روکنے، جوانوں سے روح حسینی(ع) چھیننے کے لیے یزید وقت امریکہ نے خزانے کھول دیے ہیں۔ فلاح کے نام پر لوگوں سے دین چھین رہے ہیں، فحاشی و عریانی اور بے دینی کو عام کر رہے ہیں۔ لہٰذا کربلا اور عاشورا کا تقاضا ہے کہ قناعت کو سرمایہ بنا کر خودی اور معنوی طاقت سے وقت کے تمام یزیدی اور شیطانی طاقتوں سے نبرد آزما ہوں، یہی اصل عزادری اور پیغام کر بلا ہے۔

وحدت نیوز (فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سیمیناراتحاد بین المسلمین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی نے کہا کہ شیعہ ‘سنی ‘ دیوبندی‘ اہلحدیث جیسے الفاظ استعمال کرنے کی بجائے اپنا تعارف بحیثیت مسلمان کروایا جائے تاکہ ملک دشمن‘ بے دین اور دہشتگردوں کے مذموم مقاصد خاک میں مل جائیں۔ انتظامیہ ہمارے روایتی و لائسنسی پروگرام میں کسی قسم کا رخنہ ڈالنے کی کوشش نہ کرے پروگرام کی منظوری کیلئے بانیان کو بار بار چکر لگوا کر ذلیل کیا جارہا ہے۔ گاؤں کی مساجد میں دہشتگردوں کے اعلان کر کے عزاداری کرنے والوں کو خوف و ہراس پیدا کیا جارہا ہے۔ عزادار حسینت کے ماننے والے ہیں اور موت سے نہیں ڈرتے۔ انتظامیہ سے تعاون کرنے کے باوجود ہمارے ساتھ نا انصافی اور زیادتی کی جارہی ہے پر امن لوگوں سے مچلکے لئے جاتے ہیں جبکہ شر پسندوں کے وارنٹ جاری ہونے کے باوجود گرفتار نہیں کیا جاتا اگر انتظامیہ نے یہی سلوک روا رکھا تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گئے۔سابق ڈی سی او نسیم صادق کی باضابطہ تحریری اجازت کے باوجود سینٹرل جیل فیصل آباد میں عزاداری روک دی گئی۔ مناسب اقدامات نہ کئے گئے تو تمام تر حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہو گی ۔ موجودہ ڈی سی او وقت دینے کے باوجود ملاقات کرنے سے انکاری ہیں۔ ہم پر امن لوگ ہیں اور پر امن طریقے سے اپنے جائز معاملات حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

 

 صوبائی صدر علماء کونسل پنجاب حافظ امجد نے کہا کہ اگر 11ماہ 20دن تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ پر امن رہ سکتے ہیں تو محرم کے دس دنوں میں بھی پر امن ہیں۔ملک دشمن عناصر ملک میں فرقہ واریت کی فضاء پیدا کر کے امن کو تباہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ چیئر مین بین المذاہب امن کمیٹی و انسانی حقوق حافظ حبیب حمید نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کیلئے علماء اکرام کا کردار قابل تحسین ہے اور انشاء اﷲ محرم الحرام کے اختتام تک امن و امان کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ سنی شیعہ آپس میں بھائی بھائی ہیں اور مثالی بھائی چارے سے ملک دشمن قوتوں کے گھناؤنے عزائم خاک میں ملا دینگے۔ سیمینار سے مولانا محمد ریاض کھرل ‘ حافظ محمد اعظم فاروق ‘ امانت علی‘ محمد سجاد ‘ محمد احمد قاسم ‘ محی الدین کاظمی ایڈووکیٹ‘ سید صفدر رضا رضوی‘ رضوان حیدر‘ جواد رضا اعوان ایڈووکیٹ‘ ملک ادریس‘ قاری محمد اختر عثمانی‘ ضیاء الرحمن نوری‘ قاری محمد نوا زنقشبندی‘ پیر ڈاکٹر محمد عدنان فاروق‘ قاری محمد عارف سیالوی‘ قاری محمد اکرم چشتی ودیگر مقررین نے بھی اسلام اور پاکستان کی سر بلندی کیلئے مل جل کر کام کرنے کا عزم کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree