The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ تمام مکاتب عالم میں ملت تشیع کے امتیاز کے بنیادی وجہ ولایت کا تصور ہے،ولایت کے اتباء اور پیروی نے ہمیشہ مکتب تشیع کو متحرک و بیدارمسلک کے طور پر پیش کیا ہے، شیعیان برصغیر نے ولایت تکوینی پر کامل یقین اختیار کیا لیکن ولایت تشریعی کو نظر انداز کیا، انقلاب اسلامی کی کامیابی اسی ولایت تشریعی کی عملی اتباء کا نتیجہ تھا،اسلامی بیداری کی تحریکوں کی کامیابی اور مظبوطی کی اصل وجہ ولایت کی پیروی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناصران ولایت کنونشن کے دوران منعقدہ اسلامی بیداری کی تحریکوں میں ولایت کا کردار کے عنوان پر سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ظلم و جبر استبداد ، سنگین سازشوں کے باوجود ولائی آئیڈیالوجی کے سہارے مکتب اہل بیت ع نے تمام مسائل کا مقابلہ کیا ، نشونماء پائی ، آگے بڑھا، قوت میں اضافہ ہوا، یہاں تک کے آج کے دور میں اس ولایت کے انمول آثار ہمیں انسانی معاشرے خصوصاً اسلامی بیداری کی تحریکوں میں صاف نظر آتے ہیں ، انسانی معاشرے کی نجات دہندہ تحریکوں میں ولایت ممتاز اہمیت رکھتی ہے، کسی دوسرے سسٹم میں اس حد تک توازن موجود نہیں کہ جو معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں معاشرتی حقوق فراہم کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ولایت کے مفاہیم اوراوصاف توجہ طلب ہیں ،ولایت تکوینی یعنی امیر المومنین ع ولی امرہیں ، زمین و زمان مپر مکمل تصروف رکھتے ہیں ، چاند اور سورج کو دوٹکڑے کر نے جیسے عظیم معجزات کا اختیار رکھتے ہیں ، ولایت تشریعی یعنی حکومت اور اقتدار علی ع کے ہاتھ میں اور اس کا آئین اسلامی تعلیمات کا عکاس ، افسوس کے مختلف ممالک سمیت ہمارے برصغیر کے معاشرے میں ولایت تکوینی پر عقیدہ تو راسخ رکھا گیا لیکن یعنی امیر مومنین ع کی ولایت تشریعی کو یکسر نظر انداز کیا گیا، اسلامی نظام حکومت کی تشکیل کو ہم نے ہمیشہ ناممکن اور شجرہ ممنوعہ قرار دیا ، لیکن انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی اور وہاں فقیہ کی حکومت کی تشکیل نے اس ولائی آئیڈیالوجی کو عملی جامع پہنا دیا، امام خمینی پر بھی طرح طرح کے الزامات لگائے گئے کہ ان کی تقلید حرام ہو گی ہے انہوں نے سیاست میں حصہ لے لیا، انہوں نے اسلام میں سیاست کے دخول کی کوشش کی ہے، انہوں نے بدعت رائج کر دی وغیرہ وغیرہ لیکن حقیقت اس کے بر عکس تھی امام خمینی نے کسی بدعت کی ترویج نہیں کی بلکہ حکومت کو اس کے اصل اسلامی لباس میں معاشرے کے سامنے پیش کیا جو تعلیمات محمد و آل محمد ص سے ماخوز تھی، امام خمینی نے ثابت کیا کہ غیبت امام زمان عج میں فقہااور علماء ہی حکومت اسلامی کی تشکیل اور احیاء کو سنگین کام انجام دینے کی اہلیت رکھتے ہیں اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ تمام عالم میں جاری اسلامی بیداری کی تحریکوں کی پشتی بانی اسی ولایت کے علمبردار امام خامنہ ای کر رہے ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی ) اساتذہ کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو پاکستان کا مستقبل داوپر لگ جائے گا، وکلائ، ڈاکٹرز اور پروفیسرز کا قتل کیا جانا پاکستان کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے این ای ڈی یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی جانب سے لیکچرر منتظر مہدی عرف محمد یوسف کی تکفیری دہشت گردوں کیخلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں طالب علم رہنما علی رضوی اور اساتذہ کرام شامل تھے۔ ریلی این ای ڈی کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی جہاں طلباءنے اساتذہ کرام کی شہادت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی میں طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ طلباءسے خطاب میں اساتذہ یونین کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے اور حکومت اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو ملک کا مستقبل داو پر لگ جائے گا۔ اپنے خطاب میں طالب علم رہنما علی رضوی نے کہا کہ پاکستان میں لاقانونیت آئے روز بڑھتی جارہی ہے، پاکستان کا حکمران طبقہ دہشت گردوں سے مذاکرات میں مصروف ہے، پاکستان میں عوام شہید ہورہی ہے اور حکومت ان کے قاتلوں کو معاف کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کا امن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت امن خراب کیا جارہا ہے اور سندھ کے حکمران خواب غفلت میں مشغول ہے۔ٹارگٹ کلنگ دہشتگردی سے اب تعلیمی اداروں میں موجود اساتذہ بھی محفوظ نہیں منتظر مہدی کا قتل تعلیم کا قتل ہے اور حکمرانوں کو اس با کو محسوس کرنا چاہیے کہ اساتذہ کا قتل قومی نقصان ہیں ۔اس سے قبل بھی کراچی کالجز ،بورڈ آفس ،اور یونیورسٹیز کے ڈاکٹرز و پروفیسرز کو نشانہ بنایا گیا جن میں پروفیسر سبط جعفر،تقی ہادی،سمیت کئی اہم اساتذہ کو دہشت گردی کی نیند سلا دیا گیا مگر ان حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس دہشتگردی کے کی روک تھام کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے ،ریلی میں موجود تمام اساتذہ و طلبہ نے اپنے عظیم استاد لیکچرر منتظر مہدی کے قتل میںموجود دہشتگردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی اور عوامی حقوق اور گندم سبسڈی کے خاتمے کیلئے گلگت بلتستان میں جاری عوامی احتجاج کی حمایت میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے ہدایت پر آج 4بجے سہ پہر پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہو گا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندہ گان،سول سوسائٹی،اور انسانی حقوق کے تنظیموں کو مدعو کیا گیا ہے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق کے لئے اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ہم ان مظلوموں کی آواز کو ان پہاڑوں میں دفن نہیں ہونے دینگے ضرورت پڑنے پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان سمیت دنیا بھر میں گلگت بلتستان کے عوام کے حق میں مظاہرے منعقد کرائے گی ان کا کہنا تھا کہ ہر دور کے حکمرانوں نے اپنے مفادات کے لئے اس علاقے کے مظلوم عوام کو استعمال کیا آج گلگت بلتستان کے کرپٹ حکمرانوں نے ان مظلومین کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا ہے اب ان لٹیروں کو مزید مہلت نہیں دینگے کہ وہ گلگت بلتستان کے غیرت مند اور محب وطن عوام کے حقوق پر مزید شب خون مارے ان ظالموں کا احتساب ہوگا لٹیروں کا دنیا بھر میں پیچھا کیا جائے گا سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کے نااہل نام نہاد حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور گلگت بلتستان کے عوام کو ہراساں کرنے سے باز رہے۔
وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی دپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید شفقت شیرازی نے ہری پور میں ایم ڈبلیوایم کے گذشتہ روز رہا ہو نے والے صوبائی رہنما علامہ وحید عباس کاظمی سے ملاقات کی اس موقع پر پریس کانفرنس کر تے ہو ئے علامہ شفقت شیرازی کا کہنا تھا کہ مملکت خدا داد نازک ترین دور سے گذر رہا ہے، دہشت گردی اورلاقانونیت پہلے ہی ملکی جڑوں کو کھوکلا کر رہی ہے، اب انتظامی اداروں میں بڑھتا ہوا تعصب اور تکفیری سوچ مذید خرابیوں کو جنم دے رہی ہے، علامہ وحید عباس کاظمی اور نیئر عباس جعفری کی بلاجواز گرفتاری بھی اسی متعصب سوچ کی عکاسی تھی، جس کی ہم پر زور مذمت کر تے ہیں، اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ ہری پور کی ضلعی انتظامیہ کے متعصبانہ رویئے کی تحقیقات کی جائیں اور کالی بھیڑوں سے انتظامی اداروں کو پاک کیا جائے،اس موقع پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے علامہ وحید عباس کاظمی نے کہا کہ ہری پور کی ضلعی انتظامیہ میرے اقدام قتل میں ملوث ہے، جنہوں نے مجھے بلا وجہ گرفتار کر کے بد نام زمانہ کوہستان جیل منتقل کیا جبکہ چالیس پولیس اہلکاروں نے قانون کی حدوں کو کراس کرتے ہوئے میرے گھر داخل ہو کر تذلیل کرنے کی کوشش کی جس کی تمام تر ذمہ داری ڈی پی او ہری پور ، اے ایس پی واحد محمود اور ڈی سی ہری پور پر عائد ہوتی ہے۔ان کامذید کہنا تھا کہ اقدام قتل میں ملوثہری پور کے متعصب ضلعی منتظمین کو فوری طور پر معطل کیاجائے ورنہ میں تمام تر ثبوتوں کے ساتھ عدالت کا دروازہ کھٹکاؤں گا، صوبائی حکومت میری اور تمام شہریوں کی جان کے تحفظ کی ذمہ دار ہے ، اگر میری جان کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہو گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد میں تین روزہ سالانہ مرکزی ناصران ولایت کنونشن اختتام پذیر ہوگیا، کنونشن کے آخری روز سیمینار بعنوان اسلامی بیداری میں ولایت کا کردارکا انعقاد کیا گیا جس سے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری، علامہ امین شہیدی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہرنے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پیروان شہید حسینی اپنے شہید قائد کو رول ماڈل سمجھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں، ولی فقیہ ایک ایسا نظام ہے جس نے امت کو طاغوت کے مقابلے میں کھڑا کیا ہے۔ کنونشن میں احتساب کی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔ کنونشن کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے پریس کانفرنس کی، جس میں کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا سالانہ مرکزی تنظیمی و تربیتی ناصران ولایت کنونشن جامع امام صادق علیہ السلام اسلام آباد میں تین روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا ہے،شوریٰ عالی اور بین الصوبائی روابط کا اجلاس، مرکزاور صوبوں کی شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ ، شب دعا، شب شہداء، تقسیم ایوارڈاور اسلامی بیداری میں ولایت کا کردار کردارسیمینار منعقد ہوا،بزرگ عالم دین شیخ حسن صلاح الدین، علامہ حیدرعلی جوادی، علامہ جواد ہادی، علامہ راجہ ناصرعباس، علامہ امین شہیدی ، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ شفقت شیرازی اور دیگر علمائے کرام نے شرکت اور خطاب کیا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سالانہ مرکزی تنظیمی و تربیتی ناصران ولایت کنونشن جامع امام صادق علیہ السلامG -9/2 اسلام آباد میں منعقد ہوا،کنونشن میں ملک بھرسے تمام اضلاع کے اراکین کابینہ اورمرکزی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی ، کنونشن کے پہلے سیشن میں شوریٰ عالی کااجلاس چیئر مین شوریٰ عالیٰ بزرگ عالم دین حجتہ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسن صلاح الدین کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے رکن شوریٰ نظارت بزرگ عالم دین حجتہ السلام حیدر علی جوادی، علامہ سیدجواد ہادی ،ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی ،ترجمان و مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی ، سیکریٹری امور خارجہ و ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی ، مرکزی سیکریٹری تربیت علامہ احمد اقبال ، مرکزی سیکریٹری تبیلغات علامہ اعجاز بہشتی، مرکزی سیکریٹری بین الصوبائی روابط علامہ اقبال بہشتی، مرکزی سیکریٹری خیر العمل فائونڈیشن نثار علی فیضی، مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر شیرازی ایڈووکیٹ ، مرکزی سیکریٹری وحدت یوتھ پاکستان فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ ، مرکزی سیکریٹری مالیات مولانا مبارک علی موسوی ، مرکزی سیکریٹری آفس مولاناحسنین گردیزی، مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین ،سیکریٹری شوریٰ عالیٰ مولانا حیدر عباس عابدی ، رکن شوریٰ عالی مولانا غلام شبیر بخاری، رائےعلی رضا بھٹی ،اکبر علی آل محمد جعفری ، مولانامختار امامی ، مولانا تصور جوادی اور مولانا شیخ نیئر عباس شریک ہیں ۔اس اجلاس میں مرکزی کابینہ کی گذشتہ سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، تمام اراکین مرکزی کابینہ نے اپنے شعبوں کی تفصیلی رپورٹ چیئرمین کو پیش کی، قومی اور بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر تنظیمی پالیسی وضح کی گئی، آئندہ کے ملک گیر بلدیاتی انتخابات اور گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم کی شمولیت اورپولیٹیکل پالیسی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت اور بحث کی گئی اور آئندہ سال کے مرکزی پروگرامات کی منظوری شوریٰ عالی سے لی گئی۔
ناصران ولایت کنونشن کےپہلے روز کے دوسرے سیشن کے آغا زمیں بین الصوبائی شوریٰ کا اہم اجلاس جامع امام صادق علیہ السلام اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کےمرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی ، مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر شیرازی ایڈووکیٹ ، مرکزی سیکریٹری وحدت یوتھ پاکستان فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ ، مرکزی سیکریٹری مالیات مولانا مبارک علی موسوی ، مرکزی سیکریٹری آفس مولاناحسنین گردیزی، مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین سمیت چاروں صوبوں ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل صاحبان نے جن میں مولانامختار امامی ، مولانا تصور جوادی اور مولانا شیخ نیئر عباس ، مولانا عبد الخالق اسدی ، مولانا سبطین حسین الحسینی ، مولانا مقصود علی ڈومکی اور تمام صوبائی کابینہ کے اراکین شریک ہیں ۔ اس اہم اجلاس میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تمام صوبائی تنظیمی کارگردگی کا جائزہ لیا اور تمام صوبائی سیکریٹری جنرل صاحبان نے آئندہ کے صوبائی پروگرامات منظوری کے لئے اجلاس میں پیش کیئے ۔
بعداز اجلاس بین الصوبائی شوریٰ کنونشن کے عمومی سیشن کا باقائدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ، مولانا اکبر حسین نے تلاوت کا شرف حاصل کیا ، جبکہ نظامت کے فرائض مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین نے انجام دیئے ،عمومی سیشن میں ملک بھر تمام اضلاع کے نمائندگان سمیت صوبائی اور مرکزی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی ، جب کہ رکن شوریٰ نظارت علامہ سید جواد ہادی، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید شفقت شیرازی ،،مرکزی سیکریٹری تبلیغات علامہ شیخ اعجاز بہشتی اورچیئرمین وحدت یوتھ پاکستان فضل عباس ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔نماز ظہرین کے وقت پہلے روز کے پہلے سیشن کا اختتام ہوا ۔
بعد نماز ظہرین دوسرے سیشن کا آغاز ہوا تو مرکزی سیکریٹری امور مالیات علامہ مبارک علی موسوی نے خطاب کیا ، اس کے بعد مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے خطاب کیا، نماز مغربین کا وقفہ ہوا ،اس کے بعد شب شہداء منعقد کی گئ جسمیں علامہ اعجاز بہشتی نے عدائے کمیل کی تلاوت کی ۔
بروز ہفتہ کنونشن کے دوسرے روز کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا تلاوت کا شرف قاری صالح بہشتی نے حاصل کیا ،بعد از تلاوت مرکزی سیکریٹری امور جوانان فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ اور مرکزی سیکریٹری امور فلاح وبہبود نثار علی فیضی نے اپنے اپنے شعبے کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور بذریعہ ملٹی میڈیا اپنے سالانہ کارکردگی حاضرین اجلاس کے سامنے پیش کی ، اس کے بعد شوریٰ نظارت کے رکن شہید قائد کے رفیق خاص علامہ سید جواد ہادی نے شرکائے کنونشن سےخطاب کیا۔نمازظہرین کے وقفے کے بعد مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے معرفت خط امام خمینی سیمینار سے اہم خطاب کیا،اس کے بعد ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی ، ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل علامہ تصور حسین جوادی، ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئر عباس اور ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری جنرل علامہ سبطین حسین الحسینی نے اپنے اپنے صوبوں کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔نماز مغربین کے وقفے کے بعد شب شہداء کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام ، خانوادہ شہداء اور تنظیمی برادران نے شرکت کی جب کہ علامہ حسن ظفر نقوی ، علامہ غلام شبیر بخاری، علامہ اعجاز بہشتی اور فضل عباس نقوی سمیت شہید علامہ دیدار علی جلبانی کے فرزند نے خطاب کیا۔
بروز اتوار کنونشن کے اختتامی روز پر بیداری اسلامی میں ولایت کا کردارکے عنوان پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عناس جعفری، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر برادر اطہر عمران طاہر، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور ناصر عباس شیراز ی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا، کنونشن کے اختتام پر گذشتہ سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والے اراکین مرکزی کابینہ ،صوبائی کابینہ ، ڈویژنل کابینہ ، ضلعی کابینہ کو علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، علامہ امین شہیدی ، علامہ احمد اقبال اور علامہ حسنین گردیزی نے ایوارڈ برائے حسن کارکردگی تقسیم کیئے ، بعد ازاختتام مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفر ی نے مرکزی و صوبائی رہنما وں کے ہمراہ قومی و بین الاقوامی ایشوز پر پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور نقوی الجوادی، ریاستی کابینہ کے اراکین سید سجاد سبزواری، عنصر نقوی، مولانا طالب حسین ہمدانی اور دیگر نے آٹاو گندم سبسڈی کے خاتمے، اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف گلگت بلتستان کے عوام کے احتجاجی دھرنے کی حمایت میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلتستان ،سکردو، گانچھے میں عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا نااہل حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت اور گلگت بلتستان حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی مخالفت میں بھرپور احتجاج کریں گے۔گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کے مسائل اور حکومت کی جانب سے مسلسل نا انصافیوں اور زیادتیوں پر گلگت بلتستان کے غیور عوام نے مجلس وحدت مسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے اشتراک سے آج 15اپریل مکمل پہیہ جام اور احتجاجی دھرنے کی کال دی تاہم گزشتہ شب مہدی شاہ حکومت کی جانب سے دفعہ 144لگانا، مجلس وحدت مسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤ ں کی گرفتاری قابل افسوس قابل تشویش اور قابل مذمت ہے۔ اگر گلگت بلتستان حکومت نے عوامی احتجاج کو روکنے کی ناکام سازش کی تو ملک بھر میں دھرنے ہونگے اور دھرنے اس وقت تک ختم نہ ہونگے جب تک گلگت بلتستان کی کرپٹ حکومت کا خاتمہ نہ ہو جائے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھر کے مظلوموں محکوموں اور غریبوں کی آوازہے۔ جس نے ہر دور کے ظالم کے خلاف اعلان جنگ کررکھاہے۔انہوں نے کہا کہ پنے حقوق کی خاطراحتجاج کرناہر شخص کا بنیادی حق ہے جسے کسی قیمت پر سلب نہیں کیا جا سکتا۔ گلگت بلتستان کی حکومت احتجاج سے خوف زدہ ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے صدر پاکستان ممنون حسین،وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف ، چیف جسٹس پاکستان، میڈیا اور سول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرکے گلگت بلتستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں۔
وحدت نیوز(ہری پور) شیعہ قائدین کی استقامت رنگ لائی، خیبر پختونخوا حکومت آخر کار گھٹنے ٹیکنے پر مجبور، نظر بند شیعہ قائدین کو بالآخر تین روز کے بعد آزاد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری تنظیم سازی علامہ وحید عباس کاظمی اور اسٹنٹ ڈائریکٹر بیت المال نیئرعباس جعفری کو چند روز قبل تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر کے بدنام زمانہ داسو جیل، کوہستان بھیج دیا گیا۔ یاد رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خیبر پختونخوا حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کے پی کے حکومت دہشت گردوں کو پکڑنے میں مکمل طور پر ناکام ہے لیکن علماء کرام اور شیعہ قائدین کو بے جا گرفتارکیا جارہا ہے۔ داسو جیل، کوہستان سے ہری پور پہنچنے پر شیعہ قائدین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اسلام ٹائمز سے بات کرتے ہوئے رہا ہوئے شیعہ قائدین نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عزاداری کو روکنے کے سلسلہ میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ناصران ولایت تنظیمی و تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت عالمی سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ شیطان بزرگ امریکہ کی سربراہی میں تمام چھوٹے بڑے شیطان بلوچستان میں اپنا جال بچھائے ہوئے ہیں۔ عالمی سرمائے کے بل بوتے پر بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں جاری ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان میں ملت تشیع کا ٹرائل کیا جارہا ہے۔ دشمن بلوچستان میں شیعیت کو دیوار سے لگا دینا چاہتا ہے۔ لیکن مجلس وحدت مسلمین نے کربلائے کوئٹہ سے قیام کا بھرپور آغاز کر کے دشمن کے ارادے خاک میں ملا کر رکھ دیئے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چھوٹے چھوٹے متعدد وزیرستان آباد ہیں، جہاں برین واشنگ کی جاتی ہے۔ اس معاملے میں انتظامیہ کی دانستہ چشم پوشی کسی بہت بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ وہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام منعقدہ تین روزہ کنونشن کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات ان قوتوں سے کیے جاتے ہیں جو ہتھیار پھینک کر ملکی قوانین کی پاسداری کی یقین دہانی کروائیں۔ دہشت گرد ہماری فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں، بےگناہ معصوم انسانی جانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے کا عمل بدستور جاری ہے اور حکومت مذاکرات کا مسلسل راگ الاپتی جا رہی۔ ہمارے حکمرانوں نے ذاتی اغراض کی خاطر وطن عزیز کو دنیا بھر کے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنا رکھا ہے۔ دنیا میں بدامنی و انتشار کی ذمہ دار تکفیری قوتوں کو جب تک کچلا نہیں جاتا، تب تک دنیا میں امن و سکون ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشیع مظلوم کی طرفدار ہے۔ مظلوم کا تعلق کسی بھی مذہب و مسلک سے ہو ہماری مکمل حمایت اس کو جاری رہے گی اور ظالم چاہے اہل تشیع سے کیوں نہ ہو، ہماری اس سے مخالفت ہے۔
گلگت بلتستان کے حوالے سے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت کی عوام نے بلامشروط پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، لیکن گذشتہ تریسٹھ سالوں سے یہاں کی عوام کے ساتھ حکومت پاکستان کی جانب سے امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے جو انتہائی نامناسب ہے۔ ریاست کی طرف سے اس طرح کا رویہ احساس محرومی کو جنم دیتا ہے اور ملک دشمن تحریکوں کو سر اٹھانے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے دہشت گردوں کو شام پہنچائے جانے کا اصل مقصد اسرائیل کے مذموم عزائم کو تقویت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی غیور عوام ایک ایسی طاقت بن کر سامنے آئی ہے جس سے اسرائیل کی بقا کو بیشتر خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ شام ان مظلوم افراد کی حمایت کر رہا ہے۔ اب عرب ممالک مسلمانوں کے خلاف ان یہودی قوتوں کی بقا کی جنگ لڑ ہیں جو سراسر غیر اسلامی اور غیر اخلاقی ہے۔ تحفظ پاکستان بل کالا قانون ہے جسے عوام قبول نہیں کرتے۔