The Latest

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے وحدت ہاؤس کراچی میں تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوا کہاکہ شہید مولانا دیدار علی جلبانی اور ان کے محافظ شہید سرفرازبنگش کے قاتل 48گھنٹے گزرنے کے بعدا بھی تک آزاد گھوم رہے ہیں حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین جمعہ کو سندھ بھر مین یوم احتجاج منائے گی،اس حوالے سے کراچی سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

 

علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ علامہ دیدار جلبانی کے قاتل کسی سے پوشیدہ نہیں ، صوبائی حکومت اور سکیورٹی ایجنسیاں بخوبی جانتے ہیں کہ علامہ دیدار جلبانی سمیت دیگر بے گناہ شہریوں کے قاتل کہاں پناہ گزین ہیں ، ہم نے صوبائی حکومت کو متنبہ کیا تھا کہ علامہ دیدار جلبانی کے قاتلوں کو اگر فلفور گرفتار نہیں کیا گیا توپہلے مرحلے میں پورے سندھ میں بھر پور احتجاج کیا جائے گااگر تب بھی قاتل گرفتار نہ کیئے گئے تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(لاہور) سانحہ عاشورہ راولپنڈی میں امام بارگاہ و مساجد کو نذر آتش کرنے والے دہشتگرد وں کی عدم گرفتار,بے گناہ شیعہ افراد کی گرفتاری، ملک میں جاری شیعہ نسل کشی، علامہ دیدار حسین جلبانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے تمام شیعہ تنظیموں، علماء ، ذاکرین، عزاداری،بانیان مجالس کی آل شیعہ پارٹیز کانفرنس 6دسمبر بروز جمعہ لاہور میں طلب کرلی۔ جس میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے نمائندہ وفود شریک ہوں گے۔


آل شیعہ پارٹیز کانفرنس میں ملتِ جعفریہ کے خلاف ہونے والی سازشوں پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا۔ کانفرنس کی سربراہی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے۔ کانفرنس کیاختتام پر اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کے مطابق اس آل شیعہ پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ملک میں فقہ جعفریہ کے حقوق کا تحفظ ہے۔ ملتِ جعفریہ کو جس طرح سے دیوار سے لگانے کی سازش ہو رہی ہیں ان کیخلاف متفقہ لائحہ عمل کا اعلان بھی اسی کانفرنس میں کیا جائیگا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے تمام نامزد اُمیدوار کربلائی علی یاور حلقہ 14 ، سید رضا حلقہ 15 ، کربلائی رجب علی حلقہ12 ، حسنین نبی حلقہ 9 اور حمایت یافتہ اُمیدواران عباس علی حلقہ10 ، علی جان چیئر مین حلقہ16 اور جبران اعظم حلقہ11 بلدیاتی انتخابات میں اپنے اپنے حلقوں سے انتخابات ضرور لڑیں گے اور کسی کے حق میں دستبردار نہیں ہوں گے۔ کسی بھی حلقے میں دستبرداری کی خبریں صرف اور صرف مخالفین کی طرف سے پھلائی گئی جھوٹی افواہ ہیں۔ عوام جھوٹی افواہوں پر کان نہ دھریں اور 7 دسمبر کو اپنا قیمتی ووٹ مجلس وحدت کے نامزد اور حمایت یافتہ اُمیدواروں کے حق میں استعمال کر کے اُنہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ اس سے قبل بروز بدھ اور جمعرات مجلس وحدت کے مرکزی دفتر الحجت ہاؤس میں مختلف حلقوں کے اُمیدواروں اور پارٹیوں کے وفود نے پارٹی کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں جسمیں حلقہ11 سے آزاد اُمیدوار جبران اعظم جنکا انتخابی نشان بطخ ہے کے وفد سے ملاقات کے بعد پارٹی عہدیداروں نے ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ حلقہ9 سے ایک آزاد اُمیدوار کے وفد سے ملاقات میں عہدیداروں نے حلقے کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر انتخابات سے پہلے ریفرنڈم کرانے کی تجویز پیش کی تا کہ ایک ہی متفقہ امیدوار کو سامنے لایا جاسکے لیکن آزاد اُمیدوار اور اُن کے وفد نے سختی سے ریفرنڈم کو مسترد کر دیا بعد ازاں سیاسی کمیٹی کے ممبران نے حلقہ9 سے حسنین نبی کو انتخابات کے لئے بھر پور تیاری کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سکریٹری مولانا ولایت حسین جعفری نے کہا کہ وہ اپنے پارٹی مفادات کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہیں اور انہوں نے پارٹی کے تمام فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایک خاص تنظیم کی طرف سے شائع ہونے والے اخبار جس میں میٹینگ کا حوالہ دے کر ابہام پھیلانے کی کوشش کی گئی کی شدید مذمت کی۔

وحدت نیوز(اندرون سندھ) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دیدار علی جلبانی کی شہادت پر اندرون سندھ مختلف شہروں میں احتجاج کرتے ہوئے دھرنے دیئے گئے ریلیاں نکالی گئیں جبکہ ٹنڈو محمد خان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی تفصیلات کے مطابق سکھر میں شہید علامہ دیدار جلبانی اور ان کے محافظ شہید سرفراز بنگش کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سکھر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مرکزی امام بارگاہ سکھر سے چوہدری اظہر حسین اور علامہ علی بخش سجادی کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پہنچی، ریلی کے شرکاء کراچی میں اہل تشیع برادری کے علماء کرام اور لوگوں کی شہادت کے خلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے، ریلی کے شرکاء نے مختلف بازاروں اور چوراہوں پر احتجاج کرتے ہوئے گھنٹہ گھر پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں آپریشن کی باتیں کرتی ہے لیکن دہشت گردوں اور قاتلوں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج دہشت گرد کھلے عام بے گناہ لوگوں کا قتل عام کر رہے ہیں اور حکومت، سیکیورٹی ادارے سب کچھ ٹھیک ہے کا نعرے لگانے میں مصروف ہیں۔ احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ شہید علامہ دیدار حسین جلبانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

 

ہالا میں بھی کراچی میں جاری خونریزی کے دوران معروف شیعہ عالم علامہ دیدار جلبانی کی شہادت کے خلاف ہالا، نیو سعید آباد، مٹیاری، بھٹ شاہ، اڈیرولال میں شیعہ تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا مولانا دوست علی سعیدی، زوار ولی محمد میمن، شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر سید غلام علی شاہ اور دیگر نے مولانا دیدار علی جلبانی اور دیگر شہریوں کے قتل عام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں عالمی دہشت گرد امریکہ کی قیادت میں براہ راست مسلم نسل کشی کے ساتھ فرقہ واریت کے ذریعہ مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشوں میں مصروف ہیں انہوں نے کراچی سمیت ملک بھر میں پاکستانیوں کے قتال کو ختم کرانے کے لیے دہشت گرد ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ماتلی میں شیعہ علماء کونسل کی اپیل پر ماتلی میں مکمل ہڑتال ہوئی، تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک معمول سے کم چلا، شہر میں نامعلوم افراد نے ٹائر جلائے جبکہ شیعہ تنظیموں کی جانب سے ریلی بھی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے علامہ دیدار جلبانی کی ٹارگٹ کلنگ کی سخت مذمت کی۔

 

ٹنڈو محمد خان میں علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے محافظ کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی کال پر ٹنڈو محمد خان شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جس کے باعث تمام کاروباری مراکز بھی بند رہے سڑکوں سے گاڑیاں معمول سے بہت کم رہی۔ دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے محب علی بھٹو کی قیادت میں مسجد علی سے احتجاجی جلوس برآمد کیا گیا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا پریس کلب کے سامنے پہنچا، اس موقع پر مظاہرین سے محب علی بھٹو، محمود الحسین لغاری، مولانا محمد بخش عزیزی اور محمد اشرف خاصخیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور دہشت گردی کی کارروائی میں علامہ دیدار جلبانی کی شہادت کی سخت مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں دہشت گرد عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

 

ڈگری میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سکریٹری جنرل سید بشیر احمد شاہ نقوی اور دیگر رہنماؤں نے کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا دیدار جلبانی کی ٹارگٹ کلنگ میں دہشت گردی کی واردات میں ہلاکت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل تشیع کے رہنماؤں کو گھناؤنی سازش کے تحت دہشت گردی کا نشانہ بناکر ملک و صوبے میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی مذموم سازش کی جارہی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ مذہبی جماعتیں متحد ہوکر مذہبی منافرت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

 

سیٹھارجہ میں علامہ دیدار علی جلبانی کی شہادت کے واقعے خلاف بدھ کے روز بھی سیٹھارجہ میں وحدت مسلمین کے رہنمائوں آغا طالب حسین بلوچ، زوار نثار احمد، سید احسان علی شاہ کی قیادت میں سیکڑوں کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور حسینی چوک پر احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ شیعہ علماء کو ٹارگٹ کرکے قتل کرنا اور مجرموں کو کیفر کردار تک نہ پہنچانا یہ عمل ملت جعفریہ کی برداشت سے باہر ہورہا ہے حکومت اپنے مفاہمتی عمل پر نظرثانی کرے اور شیعہ علماء کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے ملت شیعہ کی بے چینی دور کی جائے۔ ٹھری میر واہ میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا دیدار جلبانی کے قتل کے سوگ میں ٹھری میر واہ شہر بند رہا اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ریلی نکال کر ناکہ نمبر 1 چوک پر دھرنا دیا گیا۔

 

بدین، لاڑکانہ اور ٹھٹھہ میں بھی ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان نے علامہ دیدار جلبانی کی شہادت کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں، اس موقع پر شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، ریلی کی قیادت کرتے ہوئے طارق بدوی، بہادر میمن اور مختار دایو اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ علامہ دیدار جلبانی کی شہادت سانحہ راولپنڈی کا تسلسل ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد شہید اور ان کے محافظ کے قاتل گرفتار کئے جائیں ورنہ سندھ بھر میں ایسا احتجاج ہوگا جس سے حکومتی ایوانوں کے در و بام ہل جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ علامہ جلبانی شہید کا مشن جاری رکھیں گے اور ان کے قاتلوں کو رسوا کرتے رہیں گے۔

وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین کراچی کےرہنما شہید علامہ دیدار جلبانی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف فیصل آباد میں بھی پر زور احتجاج کیا گیا ، احتجاجی ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم فیصل آباد کے ضلعی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر افتخار حسین نقوی نے کی، شرکائے احتجاج سے خطاب کر تے ہو ئے ڈاکٹر افتخار نقوی نے کہا کہ شہید علامہ دیدار جلبانی ایک ہمہ جہت شخصیت تھے ، ہر میدان میں ہر لمحہ حاضر نظر آتے تھے ، الیکشن میں بھر پور حصہ لیا اور مخالفین کی تمام تر سازشوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا ، علامہ دیدار جلبانی کا قتل نہ صرف اہلیان کراچی کا بلکہ ملک بھر کے محب وطن عوام کا نقصان ہے، صوبائی حکومت جلد ازا جلد شہید علامہ دیدار جلبانی کے قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

وحدت نیوز(ٹھری میر واہ) کراچی میں تکفیری دہشت گروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شہید علامہ دیدار علی جلبانی کی تدفین خیرپور کے قریب ان کے آبائی گاؤں رحیم داد جلبانی میں کر دی گئی۔ واقعے کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے شہید رہنما علامہ دیدار علی جلبانی کی میت خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے سکھر ایئر پورٹ پہنچائی گئی،مجلس وحدت مسلمین کے عہدیداران و کارکنان سمیت مومنین کی بڑی تعداد نے شہید علامہ دیدار جلبانی کے جسد خاکی کا استقبال کیا ، ایئر پورٹ سے پولیس اور رینجرز کی نفری کے ساتھ میت کو انکے آبائی گاؤں رحیم داد جلبانی روانہ کیا گیا۔ خیرپور کے قریب ان کے آبائی علاقےگوٹھ رحیم دادجلبانی  میں سوگ کا سماں تھا۔ کاروبار زندگی معطل تھا، جسد خاکی شہید کے آبائی گاؤں پہنچا تو وہاں دوبارہ نماز جنازہ ادا کی گئی  ،نماز جنازہ میں شہید کے اہل خانہ ، علمائے کرام ، ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں اور کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بعد ازاں انکی تدفین عمل میں آئی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے گارڈ کی شہادت پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت اور ریاستی اداروں سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کیخلاف نعرے درج تھے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی ادارے شیعہ مسلمانوں کی گذشتہ تین دہائیوں سے جاری ٹارگٹ کلنگ رکوانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی قیادت کے حکم کے منتظر ہیں کہ وہ کیا فیصلے کرتی ہے، حکومت سندھ کو قاتلوں کی گرفتاری کیلئے 24 گھنٹے دیئے گئے تھے جو ختم ہونے کو ہیں، اگر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو اس کے بعد ملت تشیع اپنا لائحہ عمل طے کرنے میں آزاد ہوگی۔

 

علامہ عسکری کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کراچی میں علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے گارڈ سمیت 12 شیعہ سنی مسلمانوں کو بےدردی سے قتل کر دیا گیا لیکن پولیس، رینجرز، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کہیں پر نظر نہیں آئے، علامہ دیدار علی جلبانی کا قتل سانحہ راولپنڈی کا تسلسل ہے۔ حکومت مذاکرات کے نام پر ڈرامہ کر رہی ہے اور قاتلوں کو مسلسل چھوٹ دی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ قاتل آئے روز انسانی خون کو ارزاں سمجھ کر بہا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حساس اداروں کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں واضح ہوگیا ہے کہ طالبان اور القاعدہ شیعہ شخصیات، مجالس عزا اور دیگر اجتماعات کو نشانہ بنائیں گے، لیکن اس کے مقابلہ میں حکومت نے اپنی آنکھیں بند کرلی ہیں اور کوئی اقدام کرنے سے عاری نظر آ رہی ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
 


مقررین کا کہنا تھا کہ ہم پرامن لوگ ہیں، ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے، اگر امن کیلئے میدان میں نکلے تو پھر ملک میں مارشل لا لگوا کر ہی دم لیں گے، ایسی جمہوری حکومت سے ہم نے کیا لینا ہے جو دہشتگردی پر قابو نہیں پاسکتی اور آئے روز درجنوں انسانوں کے قتل عام پر خاموش ہے، نواز حکومت کو رئیسانی حکومت کا خاتمہ یاد رکھنا چاہیے، حکومت اور ریاستی ادارے ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں۔ اس موقع پر علامہ دیدار علی جلبانی کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے آرگنائزر علامہ سید سبطین الحسینی نے علامہ دیدار جلبانی کے  قاتلوں کی تاحال عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت قتل و غارت گری کے کھیل کو فوری طور پر ختم کراے، اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ دیدار جلبانی کو ان کے محافظ سمیت دن دھاڑے قتل کردیا گیا، قاتل سرعام دندناتے ہوئے فرار ہوگئے تاہم پولیس، رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم علامہ دیدار جلبانی اور ان کے محافظ کے قاتلوں کی گرفتاری تک چین سے نہیںبیٹھیں گے۔ ملک میں دہشتگرد آزاد ہیں اور عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ علامہ سبطین حسینی نے کہا کہ ملک میں شہری آئے روز نشانہ بن رہے ہیں جبکہ حکمران نان ایشوز میں الجھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یوم حسین  کے انعقاد کی اجازت نہ دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیرت کا مقام ہے کہ یونیورسٹیوں میں ناچ گانے اور فحش تقریبات کی تو اجازت ہوتی ہے تاہم نواسہ رسول ۖ حضرت امام حسین  کے نام سے منسوب پروگرام کی اجازت نہیں دی جارہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعہ پشاور میں حسب سابق یوم حسین  کا پروگرام منعقد ہوگا اور اس میں شیعہ، سنی طلبائ، اساتذہ اور علمائے کرام شرکت کریں گے۔

وحدت نیوز(پاراچنار) انجمن حسینیہ نے مجلس وحدت مسلمین کے شہید رہنماء علامہ دیدار علی جلبانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کیخلاف فوری طور پر کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارا چنار میں انجمنِ حسینیہ کا ایک ہنگامی اجلاس زیرِ صدارت سیکرٹری حاجی یوسف حسین منعقد ہوا۔ جس میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں علامہ دیدار علی جلبانی کی شہادت کی مذمت کی گئی اور حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ ملتِ تشیع کا قتلِ عام روکا جائے اور علامہ دیدار علی جلبانی کے قتل میں ملوث افراد اور راولپنڈی میں امام بارگاہوں کو جلانے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، ان کو سزائیں دی جائیں۔ اجلاس میں حاجی ہدایت حسین، حاجی ابرار حسین، حامِد حسین اور کاظم حسین جان نے بھی خطاب کیا اور علامہ دیدار علی جلبانی کے قتل کی پرزور مذمت کی۔

وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے علامہ دیدار علی جلبانی اور انکے محافظ کی المناک شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ دیدار علی جلبانی کی شہادت ملک بھر میں جاری دہشت گردی اور تکفیری جنایت کاریوں کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قتل کے پیچھے تکفیری عناصر کے ہاتھ ہیں، جن سے نہ کوئی محب وطن شیعہ محفوظ ہے اور نہ کوئی سنی۔ محب وطن اہل تشیع اور اہلسنت کو حب الوطنی اور باہمی اتحاد کی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان محب وطن شیعہ اور سنی مکتب فکر کے لیے مقتل گاہ بن چکا ہے۔ سیکیورٹی ادارے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، موجودہ حکومت کو شہریوں کی تحفظ اور قیام امن میں اتنی دلچسپی نہیں جتنی دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ہے۔علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ حکومت ریاستی دشمنوں اور دہشت گردوں کے خلاف اگر مخلصانہ کاروائی نہیں کرے گی تو ان کی حکومت بھی قائم نہیں رہ سکے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علامہ دیدار علی جلبانی کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree