The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی،مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفرنقوی اور مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے اپنے مشترکہ بیان میں سینیئر اینکر پرسن حامد میر پرکراچی میں قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اورحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے، حق اور سچ کے راستے میں مجلس وحدت مسلمین آزاد میڈیا کے ہمراہ ہے،رہنماوں نے کہا کہ حامد میر پر حملے کا مقصد آزاد میڈیا کو خاموش کرنیکی سازش ہے۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ اس ملک میں حق اور سچ بات کرنا بھی جرم بن گیا ہے، گذشتہ دنوں اینکر پرسن رضا رومی کو لاہور میں نشانہ بنایا گیا اور آج کراچی میں حامد میر کو، رہنماوں نے حامدمیر کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ہے ۔
وحدت نیوز (گلگت) عوامی ا یکشن کمیٹی کے مطالبات کے حل ہونے تک دھرنے جاری رہیں گے۔ دھرنوں کو ریاستی طاقت کے ذریعے ختم کروانے کی کوشش کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نے صوبائی کابینہ اور ڈویژنل کابینہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے تمام کے تمام مطالبات جائز اور حقیقت پر مبنی ہیں اور صوبائی حکومت جان بوجھ کر ان مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے اور اختیارات کا رونا روکر مسائل کے حل سے راہ فرار ڈھونڈ رہے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دے جائیگی۔اگر صوبائی حکومت کے پاس سبسڈی کی بحالی کے اختیارات نہیں تو فوراً مستعفی ہوجائے اور عوامی دھرنوں میں شامل ہوجائیں اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو گلگت بلتستان کے عوام ان کو شاہی محلات میں چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے۔حکومتی اراکین نوشتہ دیوار پڑھ لیں قبل اس کے کہ انہیں گھروں سے کھینچ کر عوامی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام مجبوراً سڑکوں پہ نکل آئیں ہیں اور اپنے حقوق لیکر ہی گھروں کو جائینگے۔اب بھی وقت ہے حکومت عوامی مطالبات کے آگے بندھ باندھنے کی بجائے ان کے مطالبات حل کریں ورنہ مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان کی سطح پر بھرپور جدوجہد شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جائز مطالبات سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے چاہے دھرنوں کو ایک مہینے تک طول دینا پڑے۔انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے پر زور اپیل کی کہ وہ ان دھرنوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور ظالم حکمرانوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین غلام محمد فخرالدین نے مرجع عالی قدر تشیع آیت اللہ العظمٰی سید علی سیستانی دامت برکاتہ کے بحرین میں واقع دفتر پر آل خلیفہ کی آمر حکومت کے ہاتھوں حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو سنگین اور ناقابل تلافی جرم قرار دیا ہے، علامہ غلام محمد فخرالدین نے آیت اللہ العظمٰی سید علی سیستانی کے وکیل حجتہ السلام حسن النجاتی کی ملک بدری کو انسانی و عالمی حقوق کی سراسر خلاف ورزی قرار دیا۔
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے معاون امور خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد تقی شیرازی نے وفد کے ہمراہ آیت اللہ مویدی قمی سے ملاقات کی۔ قم المقدسہ میں ہونیوالی اس ملاقات میں عالم اسلام باالخصوص پاکستان کے مسایل زیر بحث آئے اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی فعالیت پر بحث و گفتگو ہوئی۔ اس ملاقات میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید ملازم نقوی، مجلس وحدت مسلمین قم کے امور اجتماعی کے مسئول حجۃ الاسلام والمسلمین ذوالفقار علی حیدری اور ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کے معاون روابط سید علی نقی شیرازی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(جعفر آباد) سماجی رہنماء نظر جان بلوچ اور شہنواز خان گولہ کی قیادت میں ایک وفد نے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہیں ترک حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر کئے گئے۔ 380 مکانات کی تقسیم میں ہونے والی بےقائدگیوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جعفر آباد کو چاہیئے کہ وہ بااثر افراد کو نوازنے کے بجائے مستحق افراد تک شفاف انداز میں مکانات کی تقسیم کو یقینی بنائیں۔ ایسے غریب اور مستحق افراد کہ جن کے گھر حالیہ سیلاب میں گرے ہیں اور وہ چھت سے محروم ہیں انکو نظر انداز کرکے بااثر افراد کو مکانات کی الاٹمنٹ غیر منصفانہ اقدام ہوگا۔
وحدت نیوز(اسکردو) عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر یادگار شہداء اسکردو پر جاری دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عوامی طاقت میں اضافہ اور دھرنے میں شدت آنے لگی ہے۔ اسوقت یادگار شہداء اسکردو پر 60 ہزار سے زائد عوام مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے حقوق کے حصول کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔ یادگار شہداء اسکردو تحریر اسکوائر کی صورت اخیتار کر گئی ہے۔ آج علاقہ شگر اور کھرمنگ سے ہزاروں افراد کی آمد نے دھرنے میں جان ڈالی ہے۔مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے رہنما علامہ سید علی رضوی ، علامہ زاہد حسین زاہدی ، علامہ احمد علی نوری مسلسل دھرنے میں موجود ہیں ، دوسری طرف صوبائی اور وفاقی حکومت عوام کے مطالبات کو منظور کرنے کی بجائے عوام کا استہزاء کرنے میں مصروف ہے جبکہ عوام مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کر رہی ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ مکتب اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے افراد ہمیشہ اپنے مراجع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ولایت بمعنی حکومت و سرپرستی بالذات ذات باری تعالٰی کا حق ہے، اس کے بعد رسول اللہ (ص) کو یہ حق اللہ تعالٰی نے عطا کیا ہے، ان کے بعد آئمہ ہدیٰ (ع) اس کی کامل اہلیت رکھتے ہیں۔ نبی اکرم (ص) کے بعد امت کی رہبری اور قیادت اور حکومت کے اختیارات ان کے سپرد ہیں۔ ان کے بعد وہ امور جو فقہ اسلامی کے دائرے میں آتے ہیں، ان کی سرپرستی و ذمہ داری اور امت کی قیادت و راہنمائی کا نام ولایت فقیہ ہے۔ لہذا آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نہ صرف ایران بلکہ پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ اپنا ہر اقدام تمام اسلامی ممالک کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر اُٹھاتے ہیں۔
امام جمعہ کوئٹہ کا نوجوانوں کی فکری و ثقافتی تربیت پر زور دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ جس طرح لوگوں کو جسمانی لحاظ سے سالم اور پاک رکھنے کيلئے کئی ايک پيشگی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح ان کو فکری اور اعتقادی آلودگيوں سے پاکسازی اور محفوظ رکھنے کيلئے بھی پيشگی اقدامات کے طور پر معاشرے ميں علمی اور ثقافتی تدابير کو اسطرح مرتب کرنے کی ضرورت ہے کہ جوانوں اور نوجوانوں کيلئے ايک پاک، سالم اور فکری آلودگيوں سے دور ماحول ميسر ہو۔ اس مقصد کے پيش نظر علمی اور ثقافتی امور کے ذمہ دار افراد اور والدين پر يہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، کہ وہ اپنے تعليمی اور تربيتی پروگراموں کو اس انداز ميں چلائيں کہ معاشرے سے فکری اور اعتقادی کج رويوں ميں مبتلا يا اسکی زد ميں موجود افراد کی نشاندہی کرکے انہيں ثقافتی يلغار کے حملوں سے محفوظ کرنے کيلئے اقدامات کریں تاکہ ہماری نوجوان نسل آئندہ ادوار میں ملکی ترقی کیلئے بہتر خدمات سرانجام دے سکے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان، گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ نیئرعباس مصطفوی نےاحتجاجی دھرنے کے شرکاءسے پانچویں روزخطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے طول و عرض میں گذشتہ چار دن سے جاری فقید المثال اور منظم احتجاجی دھرنوں نے کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت اور مہدی شاہ سرکار کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کے مشترکہ و نمائندہ پلیٹ فارم پر گلگت بلتستان کی 16 اہم سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کا 9 نکاتی ایجنڈہ پر اتفاق اور اسکے حصول کیلئے عملی جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ اب عوام اپنے حقوق کیلئے بیدار ہو چکے ہیں اور کسی قسم کا حربہ ہمیں تقسیم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تمام مطالبات کی حتمی منظوری تک دھرنے جاری رکھے جائینگے اور ہر فیصلہ مشاورت سے کیا جائیگا۔
وحدت نیوز(لاڑکانہ) گلگت بلتستان میں وفاقی وصوبائی حکومت کی نااہلی اور مہنگائی ، لوڈشیڈنگ میں ہو شربہ اضافے اور گندم پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر لاڑکانہ میں بعد نماز جمعہ ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ جعفریہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکریٹری جنرل طارق حسین بدوی نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا حکمرانوں کی فرعونیت کی عکاسی کرتا ہے، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ،کرپشن اور گندم کی آسمان سے باتیں کر تی قیمتوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، مہدی شاہ گلگت بلتستان کے نااہل ترین وزیر اعلیٰ ثابت ہوئے ہیں ، جو کہ آج تک اپنے صوبے کے عوام کے مسائل سے حل کے لئے ایک قدم بھی نہ اٹھا سکے۔ طارق بدوی نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو جلد از جلد تسلیم نہ کیا تو مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دے گی۔واضح رہے کہ لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو اور ڈوکری میں بھی اہلیان گلگت بلتستان سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج کیا گیا۔
وحدت نیوز(ٹنڈو محمد خان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ٹنڈومحمد خان کے زیر اہتمام علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر گلگت بلتستان میں گندم پر سبسڈی کے خاتمے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ضلعی سیکریٹری جنرل محب علی بھٹو نے کی ، جب کہ صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عالم کربلائی اور صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی نے خصوصی شرکت کی،ریلی میں شریک بڑی تعداد میں مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر گلگت بلتستان کے محروم عوام سے اظہار یکجہتی اور وفاقی اور صوبائی کے استحصالی رویئے کے خلاف نعرے درج تھے،ریلی شہر کے گشت کر تے ہوئے پریس کلب پہنچی تو مظاہرین تین روزہ علامتی بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ، اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومت کا سوتیلی ماں جیسا سلوک انتہائی افسوس ناک ہے، عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنازیادتی ہے، عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کی جانب سے پیش کردہ چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی بھر پور تائید کرتے ہیں۔