The Latest
وحدت نیوز(گلگت ) سیپ ا ساتذہ کے مطالبات فوری طور منظور کئے جائیں اورگلگت بلتستان کے ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے۔صو بائی وزراء اپنی عیاشیوں کو کم کرلیتے تو ہزاروں خاندانوں کے گھروں کے چولہے جلتے۔ حکومت نے صرف زبانی وعدوں پر پانچ سال پورے کئے عملی طور پر گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔سیپ اساتذہ کے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو مجلس وحدت مسلمین پورے گلگت بلتستان میں تحریک چلائے گی۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئرعباس مصطفوی نے گھڑی باغ میں سیپ اساتذہ کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوامی خدمت کی بجائے پانچ سال صرف اپنی عیاشیوں میں گزار لئے ہیں اب ان ظالم حکمرانوں کے کڑے احتساب کاوقت آپہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ علم کی روشنی کو پھیلانے والے ہزاروں مرد و خواتین کو بے روزگار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جو حکومت اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں سیپ اساتذہ کومستقل نہ کرسکی وہ بھلا عوام کے حقوق کا کیا دفاع کرسکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی موقع ہے کہ حکومت سیپ اساتذہ کو فوری طور پر مستقل کرکے علاقے کے ہزاروں خاندانوں کو معاشی بد حالی میں مبتلا ہونے سے نجات دلوائے۔
وحدت نیوز (لاہور) پرامن عوامی مظاہروں کو تشدد سے روکنا آمرانہ ذہنیت کی عکاسی ہے، حالات بدل چکے قوم کے حقوق غصب کرنے والوں کو عوام اقتدار کے ایوانوں میں نہیں رہنے دینگے، سانحہ ماڈل ٹاوُن قوم ابھی بھولی نہیں 30 نومبر کے احتجاج کو روکنے کے لئے تحریک انصاف کیخلاف بربریت کا کوئی مظاہرہ کیا گیا تو حکمرانوں کو نہ اوبامہ بچا سکے گا نہ شاہ عبدااللہ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ورکر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ حکمران اس غلط فہمی کا شکار ہے کہ ان کے لئے مشکل وقت ٹل گیا ہے لیکن وہ جان رکھیں کہ جلد عوام اُن کا کڑا احتساب کرینگے لوٹی دولت واپس لی جائے گی اور ان سے بے گناہوں کے خون کا حساب بھی مانگا جائیگاانہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے اور سٹیٹس کو کے پیدوار ایک طرف اور عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے والے دوسری طرف ہے انشااللہ عوامی طاقت سے چوروں لٹیروں کو بھکر کے ضمنی الیکشن میں شکست فاش دینگے، انہوں نے کہا پنجاب میں سیلاب متاثرین آج بھی در بدر اور ریلیف کے منتظر ہے لیکن خادم اعلیٰ پنجاب میڈیا پر اشتہاری مہم کے ذریعے اپنی کو تاہیوں اور ناکامیوں کو چھپانے کی ناکام کو شش کر رہے ہیں دراصل حکمران عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ان کے اقتدار کا مقصد ملک و قوم کو کنگال کرکے اپنے خزانے بھرنا ہے ،علامہ عبدالخالق اسدی نے سرگودہا میں ہونے والے عوامی جلسے کے لئے کارکنان رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان پولیٹیکل کونسل کا پہلا باضابطہ اجلاس 29 نومبر 2014 کو سکردو میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور صوبائی اسمبلی کے آئندہ الیکشن کے حوالے سے غورو خوض کیا جائیگا۔اجلاس میں گلگت بلتستان اسمبلی کے آئندہ الیکشن کیلئے بہترین امیدواروں کے چناؤ کے سلسلے میں ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی منشور کو حتمی شکل دی جائیگی۔
اس بات کا اعلان مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات جناب غلام عباس نے وحدت ہاؤس میں ایک اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل کونسل کے اراکین کا انتخاب حلقے کے عوام کے باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے اور یہ کونسل گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال کو مانیٹر کرنے اور الیکشن میں امیدواروں کے چناؤ میں مکمل بااختیار ہوگی۔اجلاس میں دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ سیاسی الائنس کے سلسلے میں بھی گفت و شنید کیا جائیگا ۔
وحدت نیوز (بھکر) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ عوام ووٹ دے کر ہمیں طاقت دیں تو سنی اور شیعہ کو امت محمدی میں تسبیح کے دانوں کی طرح پرو دوں گا، بھکر سے ملک گیر عوامی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے، بھکر کے جمیل اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 29 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے اپنے امیدوار نذرعباس کہاوڑ کا تعارف کرایا اور کہا کہ ہم معاشرے کو حسینی معاشرہ بنانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے پشاور تک 2 تہائی اکثریت چاہیے، وہ دیں اور میں نظام بدل دونگا، 90 دن کے دھرنے اور قربانیوں نے سوئے ہوئے کو جگا دیا، یہاں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، جو شعور بیدار ہوا ہے ہم اسے اکٹھا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت ہوچکا، اپنا حق چھینو گے تو ملے گا، اسلام آباد کے بعد بھکر سے انقلاب کی ابتدا کر رہا ہوں، تحریک کی بنیاد رکھنے میں شہیدوں کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب تحریک کے 2 شہیدوں کا تعلق بھکر سے ہے، پہلا امتحان 29 نومبر کے ضمنی الیکشن کا آرہا ہے، ہمارے امیدوار کو ووٹ دینا۔
انہوں نے کہا کہ اب پاکستان میں کمزوروں اور طاقتوروں کی جنگ شروع ہوچکی ہے، غریبوں کا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ تک درج نہیں کیا جاتا، علالت کے باوجود بھکر آیا ہوں، میں پاکستان کے غریبوں کی جنگ اللہ کی رضا کیلئے لڑ رہا ہوں، دھرنے نے ڈرے ہوئے لوگوں کو ہمت دی ہے، ان حکمرانوں کو للکار رہے ہیں جنہوں نے عوام کو حقوق نہیں دیئے، غریبوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو لوگوں کو 25 سال کیلئے گھر بنانے کے لئے قرضہ دیں گے، جن کے پاس سکت نہیں ہوگی ان کو بنا بنایا گھر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھکر کے عوام 29 نومبر کو غریبوں کے حقوق کی بحالی کیلئے نذر عباس کہاوڑ کی صورت میں مجھے ووٹ دیں، ہم نے قوم کی بیٹیوں کی عزت چھیننے والے اور قومی خزانے سے عیاشیوں کرنے والے حکمرانوں کو للکارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کفر کا معاشرہ ہے جس معاشرے میں حکمران محلات میں رہیں اور غریب روٹی، کپڑا، مکان کو ترسے، موجودہ حکمران یزید لعین کی پیروی میں عیاشی، قتل ناحق، کرپشن اور لوٹ مار کر رہے ہیں۔
علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ کسانوں کو لٹتے ہوئے 65 سال گزر چکے، ہم دو تہائی اکثریت لے کر ملک کا نظام بدل کر غریب کو خوشحال کریں گے، ہماری حکومت آتے ہی ہر بے گھر کو گھر، بے زمین مزارعوں کو مفت زمین اور ضروریات زندگی آدھی قیمت پر دیں گے، خواتین، بہنوں اور بیٹوں کو گھریلو انڈسٹریز لگا کر دیں گے، تاکہ ان کی محتاجی ختم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) علم، امن، امانت، جبکہ یزید جہالت، دہشت گردی اور خیانت کی علامت تھا، ہم پاکستان سے تکفیریت کا خاتمہ کر دیں گے، کوئی بھی مسلمان مکاتبِ فکر کو کافر نہیں کہہ سکے گا، انہوں نے کہا کہ بھکر کی جیلوں میں ہمارے 150 کارکنان قید ہیں، جبکہ شہید ہونے والے کارکنوں کی FIR تک درج نہیں ہوئیں، ہم ملک کے تمام تھانوں کو حکمرانوں کے تسلط سے آزاد کروائیں گے، اور پولیس کی غنڈہ گردی کا کلیتاً خاتمہ کر دیں گے۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ داعش جیسی دہشتگرد تنظیم سے متعلق جنرل راحیل شریف کی سوچ درست ہے، مگر پاکستان میں فرقہ پرست عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ جو داعش کے ہمدرد اور ہمنوا ہیں۔ وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔ لہذٰا دہشتگردی کے خلاف ملک گیر آپریشن شروع کیا جائے۔ بلدیاتی الیکشن جمہوریت کا حسن اور نرسری ہیں۔ ملک کے تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ تاکہ گلی محلے کی سطح پر عوامی قیادت ابھر کر سامنے آئے۔ یہ بات باعث افسوس ہے کہ سیاسی جماعتیں جمھوری سسٹم سے خائف ہیں۔ اکثر سیاسی جماعتوں میں پارٹی الیکشن ٹھیک طور پر نہیں ہوتے، جہاں پارٹی قیادت الیکشن کے بجائے وصیت نامے سے بنائی جاتی ہے۔ ملک کی طرح سیاسی جماعتوں پر بھی بااثر سرمایہ دار، جاگیردار افراد مسلط ہیں۔ زائرین سے متعلق حکومتی رویہ افسوسناک ہے۔ زائرین کو غیر قانونی طور پر پریشان کیا جاتا ہے۔ زائرین سے این او سی کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔ تفتان بارڈر پر کئی روز تک زائرین کو کھلے آسمان تلے روکا جاتا ہے، جہاں ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ حکومتی شخصیات کے وعدے وفا نہیں ہو رہے جبکہ ارباب اقتدار زائرین کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ اور مخلص نہیں ہیں۔ اگر امتیازی سلوک جاری رہا تو زائرین کے ایشو پر ملک گیر احتجاج کی کال دے سکتے ہیں۔
وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی رضوی نے الیکشن کمشنر جی بی کی تعیناتی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے بنائے جانے والے الیکشن کمشنر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہیں اوراس کی تعیناتی کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے ریگنگ کی تمام تر تیاری مکمل کر لی ہے اور پاکستان کے عام انتخابات میں جس انداز سے دھاندلی کی ہے یہاں بھی وفاقی حکومت دھاندلی کرنا چاہتی ہے جسے کسی صورت کرنے نہیں دیں گے۔ وفاقی حکومت اور صوبائی انتظامیہ کی ملی بھگت اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے دھاندلی کے لیے یہی ثبوت کافی ہے کہ الیکٹرول لسٹ کی تیاری اور دیگر الیکشن کے حوالے سے ہونے والی سرگرمیوں میں سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ نہیں لیا گیا اور نہ ہی الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے کسی سیاسی جماعت کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کسی ایک دو سیاسی جماعت کی چراگاہ نہیں یہاں درجنوں سیاسی و مذہبی جماعتیں موجود ہیں اور انکو اعتماد میں لیے بغیر کاموں کا آگے بڑھانا انتہائی افسوسناک ہے اور مسلم لیگ نون کی غیر جمہوری پالیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر کے لیے غیر جانبدار، اہل، بے داغ ماضی کے حامل اور تمام سیاسی پارٹی کا اعتماد یافتہ فرد ہونا ضروری ہے۔ موجودہ شخصیت قابل احترام ضرور ہے لیکن انکو کسی صورت غیر جانبدار نہیں کہا جا سکتا۔ انکو مسلم لیگ نون سے مربوط ہونے کی بناء پر الیکشن کمشنر بنانا درست فیصلہ نہیں ہے۔ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے۔ تمہارے وہ دن نہیں رہے جب تم نے اس خطہ کی عوام کو مسلک، علاقہ، زبان، نسل، رنگ اور دیگر تعصبات کی بنیاد پر تقسیم کر کے حکمرانی کرتی تھی اب دیامیر چلاس سے ہنزہ اور کھرمنگ سے شگر تک کی عوام وحدت کی لڑی میں پرو چکی ہے۔ یہ عوام باشعور عوام ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام مزید کسی تعصبات کے نام پر کوئی تقسیم نہیں کر سکتا۔ اگر وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے اپنا آمرانہ رویہ ترک کر کے جمہوری رویہ نہیں اپناتی ہے تو عوام خاموش نہیں رہے گی۔
وحدت نیوز (قم المقدسہ) جمہوری اسلامی ایران کے شہر علم و اجتہاد میں انتہا پسندی اورتکفیریت کے خلاف منعقدہ دو روزہ عالمی کانفرنس بعنوان المؤتمر العالمی آراء علماء الاسلام فی التیارات المتطرفۃ والتکفیریۃ (The World Congress on Extremist and Takfiri Movements in the Islamic Scholar\'s view). میں شرکت کے لیئے مجلس وحدت مسلمین کا ایک اعلیٰ سطحی وفد مرکزی سیکریٹری جنرل حجتہ السلام علامہ ناصرعباس جعفری کی سربراہی میں قم المقدسہ پہنچ چکا ہے، وفدمیں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، مرکزی سیکریٹری سیاسیت سید ناصر شیرازی اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید محمد مہدی بھی شامل ہیں ،اس کانفرنس کے داعی اور میزبان عالم تشیع کے نامور مرجع آیت اللہ العظمٰی شیخ ناصر مکارم شیرازی ہیں۔ یہ ایک غیر سیاسی اور خالص علمی کانفرنس ہے، جس میں 83 ممالک سے ممتاز علمائے اسلام شرکت کر رہے ہیں۔کانفرنس کے ترجمان حجۃ الاسلام ڈاکٹر علی زادہ موسوی کے مطابق اس کانفرنس میں پورے عالم اسلام سے 300 سے زیادہ علماء اور مفتیان کرام شریک ہو رہے ہیں۔ ان علمائے کرام کا تعلق مختلف اسلامی مکاتب فکر سے ہے۔ علاوہ ازیں ایران کے طول و عرض سے بھی سنی اور شیعہ علمائے کرام کانفرنس میں موجود ہوں گے۔
تقریب مذاہب اسلامی کے عالمی مرکز کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی کے مطابق یہ کانفرنس عالم اسلام کی پوری تاریخ میں اپنی نوعیت کا ممتاز علمائے کرام کا ایک منفرد علمی اجتماع ہوگا۔ اس کی مثال ماضی کی تاریخ میں نہیں ملتی کہ دنیا بھر کے مختلف مکاتب فکر کے اسلامی دانشور اور علماء کسی ایک موضوع پر غور و فکر اور لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہوں۔ انھوں نے بتایا کہ کانفرنس میں تکفیری تنظیموں، اداروں اور تکفیریت کی کوششوں کی حقیقت و ماہیت کا جائزہ لیا جائے گا، تکفیریوں کے عقائد کا بھی تجزیہ کیا جائے گا، تکفیریوں کی روش اور طریق کار پر بھی غور کیا جائے گا، نیز اس امر کا جائزہ لیا جائے گا کہ تکفیریت اور تکفیریوں کا مقابلہ کس طرح سے کیا جائے۔
وحدت نیوز(بھکر)ملک بھر سے غربت و افلاس اور دہشت گردی کے خاتمے تک جد وجہد کرتے رہیں گے، پاکستان کے عوام کرپٹ اورظالم حکمرانوں کو مسترد کر چکے ہیں، نواز شریف آنے والے دنوں میں عوامی دباوبرداشت نہیں کر سکیں گےانہیں جانا ہی ہوگا، ہم مظلوموں کے حقوق کی جنگ خون کے آخری قطرےتک لڑیں گے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین، پاکستان عوامی تحریک ، سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام جمیل اسٹیڈیم بھکرمیں منعقدہ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عوامی انقلاب اجتماع میں لاکھوں افرادنے شرکت کی اور ملک میں قائم بد عنوان اور ظالم حکمرانوں سمیت موجودہ نظام کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ ملک میں اسلامی فلاحی نظام کا نفاذ کیا جائے بھکرمیں عوامی انقلاب اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان میں رائج نظام ظالموں کو تحفظ فراہم کرتا ہے ، اس نظام کے اندر مظلوم کے لئے زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ان کاکہناتھا کہ یہ ظالمانہ نظام چند خاندانوں کے درمیان موجود ہے اور یہی چند خاندان پاکستان کے تمام وسائل پر قابض ہیں اور ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کرتے ہیں اور مل جل کر پاکستان کو لوٹ رہے ہیں، ان کاکہنا تھا کہ اب وقت آ گیاہے کہ ان ظالم و جابر اور بد عنوان اور پاکستان کولوٹ کھسوٹ کر کھوکھلاکرنیوالے چندخاندانوں کے اقتدارکا خاتمہ کیاجائے ۔
علامہ ناصرعباس کاکہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں ایک ایسے نظام کا نفاذ چاہتی ہے جو مظلوموں کے حقوق کو تحفظ دے ،جو ان کو جینے کا حق فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ بھکر کے غریب عوام سے ہم وعد ہ کرتے ہیں کہ 29نومبر کوہونے والے ضمنی انتخاب میں بھکر انقلاب کی پہلی سیڑھی ثابت ہو گااوربھکر سے طلوع ہونیوالا سورج پاکستان کے مظلوموں کی قسمت کوبدل کر رکھ دے گا،علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ رسول اکرم (ص) سلامتی کا مذہب لیکر آئے تھے، آپ (ص) امن کے پرچارکرنیوالے تھے، و ہ لوگ جو ملک کے اندر قتال کی بات کرتے ہیں وہ دراصل اسلامی تعلیمات کی کھلم کھلانفی کررہے ہیں، اسلامی ریاست کے اندرقتال و جہاد کی اجازت نہیں ہے، قتال اور جہاد غیرمسلموں سے ہوتا ہے اور اس کی شرعی شرائط ہیں جس کے بغیر آپ کسی غیر مسلم سے بھی جنگ نہیں کر سکتے، کیونکہ اسلام سب کو جینے کا حق دیتا ہے۔جلسے سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سید ناصر شیرازی پنجاب کے رہنماوں علامہ عبدالخالق اسدی ،سید اسد عباس نقوی، احسان اللہ بلوچ اور سفیر حسین شہانی نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز (بہاولپور) ملک میں موروثی سیاست سے نجات کا واحد راستہ متناسب نمائندگی کے ساتھ الیکشن کا انعقاد ہے ،جب تک موجودہ فرسودہ نظام کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک میں تبدیلی ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے بہاولپور میں پاکستان مسلم لیگ ق کے زیر اہتمام عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ بھکر کا اجتماع وہاں کے عوام کو لٹیروں اور جاگیرداروں سے نجات کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، کرپٹ نظام کیخلاف جدوجہد جاری رہیگی، بھاولپور کے بیدار اور غیور عوام نے آض اس عظیم اجتماع نے ثابت کر دیا کہ عوام نواز شریف کے خلاف جاری تحریک کا بھر پور حصہ ہیں ، اور کرپٹ حکمرانوں کی ایوانوں سے واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، گلگت بلتستان میں الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے نوٹفیکیشن کو مسترد کرتے ہیں ،غیر جانب دار الیکشن کمشنر کے تعین کے لئے ہر قسم کا جمہوری حق استعمال کریں گے ،جی بی میں استحصالی حکمرانوں کو مک مکا کی سیاست نہیں کرنے دینگے، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کے یکطرفہ فیصلوں کیخلاف مجلس وحدت مسلمین الیکشن کمیشن سمیت اعلیٰ عدالتوں تک جائیگی ،جس طرح گندم سبسڈی اور دیگر عوامی مسائل کو حل کرنے میں ہم نے کلیدی کردار ادا کیا تھا اسی طرح خطے کی ترقی اور عوامی حقوق پر کرپٹ مافیا کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے ۔انہوں نے مسلم لیگ ق کی مرکزی قیادت چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری پرویز الہیٰ کو عظیم الشان جلسے کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔
وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے دفتر سے جاری ایک بیان میں ڈویژنل پولیٹیکل سیکریٹری فدا حسین نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا دورہ خطہ کے لیے کس حد تک مفید ثابت ہوتا ہے یہ وقت ہی بتائے گا لیکن سابقہ تلخ تجربات نے چیف سیکرٹری جیسی شخصیت کے دورہ کی اہمیت گھٹا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی سابق چیف سیکرٹری سجاد ہوتیانہ اور دیگر نے اسکردو کا دورہ نہایت شد و مد کیساتھ کیا اور کرپشن کے خلاف انکوائری کا ڈرامہ رچایا گیا اور آخر میں ساری انکوائریز بالخصوص محکمہ تعلیم میں ہونے والی بدترین بدعنوانیوں کی انکوائریز کا نتیجہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں ہوا۔ اسی طرح حالیہ چیف سیکرٹری کے دورہ کے موقع پر اسکردو کی سڑکیں جو کھنڈر بن چکی ہے ہنگامی بنیادوں پر مٹی ڈال کر کھائیوں کو پر کرنے کی کوششوں کے علاوہ سرکاری دفاتر میں بھی میک اپ کا سلسلہ جاری ہے۔ اسکردو کی کئی مقامات پر ایسی بھی سڑکیں ہیں جہاں پر صرف سو فٹ کی سڑک پر کام گذشتہ تین سال سے آغاز ہوا ہے لیکن تاحال مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ بلتستان میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی افسوسناک اور انتظامیہ کے منہ پر طمانچہ ہے ترقی اور خوشحالی کا دعویٰ کرنے والی حکومت پانچ سال پورے کرنے کے باوجو د بجلی کا مسئلہ بھی حل نہیں کر سکا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اس بات کا نوٹس لے کہ بلتستان میں بجلی کی پیداوار اسکی ضرورت سے زیادہ ہونے کے باجود لوڈشیڈنگ کا نہ رکنے والا سلسلہ کیوں ہے۔
فدا حسین نے مذید کہا کہ بلتستان کے تمام سرکاری محکموں میں ہونے والی چور بھرتیوں بلخصوص محکمہ تعلیم میں جاری بدعنوانی کے خلاف اگر چیف سیکرٹری عملی اقدام اٹھائے تو جہاں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا کر ریاست کو کمزور کرنے والوں کا رستہ رک جائے گا وہاں نئی نسل کے مستقبل کو بھی بچایا جا سکتا ہے۔ امید ہے کہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اپنے دورہ اسکردو کے موقع پر بلتستان میں جاری آٹے کی بحران، بجلی کی بحران اور مختلف اداروں میں جاری بدعنوانیوں کے حل کے لیے عملی اقدام اٹھا کر جائیں گے اور یہ دورہ کسی ایک سیاسی پارٹی کی راہ ہموار کرنے کی بجائے عوامی دورہ ثابت ہوگا۔