The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) اہل سنت والجماعت کی 23 جماعتوں کی نمائندہ جماعت سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضاترجمان وائس آف شہداءفیصل رضا عابدی اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے فرزند حسن محی الدین قادری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کی دعوت قبول کر لی۔ تفصیلات کے مطابق 18 مئی کو اسکردو میں یادگار شہداء اسکردو پر منعقدہ عظیم الشان بیداری ملت و استحکام پاکستان کانفرنس میں ملک بھر سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور رہنماء شرکت کریں گے۔ اس سلسلے میں اہل سنت والجماعت کی 23 جماعتوں کی نمائندہ جماعت سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، سابق سینیٹر اور ترجمان وائس آف شہداء فیصل رضا عابدی  اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما  حسن محی الدین قادری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کی دعوت قبول کر لی ہے اور وہ اسکردو میں منعقدہ کانفرنس میں خصوصی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق رابطہ کرنے پر صاحبزادہ حامد رضا نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کا شکریہ ادا کیا ہے اور اس پروگرام میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کے علاوہ بھی پاکستان کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے رہنما اور برجستہ شخصیات شرکت کریں گی۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام 18 مئی کو بلتستان کے مرکزی شہراسکردو میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کے موقع پر جہاں ایم ڈبلیو ایم اپنے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل اور انتخابی منشور کا اعلان کریگی، وہیں باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گلگت بلتستان کی بعض اہم سیاسی و مذہبی شخصیات اور سماجی راہنما بھی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کرینگے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم سے اپنے سیاسی سفر کا ازسر  نو آغاز کرنے کیلئے متعدد اہم سیاسی و مذہبی راہنما ایم ڈبلیو ایم کے مقامی قائدین سے مسلسل رابطوں میں ہیں۔ رابطے کرنے والوں میں بعض مذہبی و وفاقی سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات بھی شامل ہیں۔ 18 مئی کے جلسے کے موقع پر ان میں سے متعدد راہنما ایم ڈبلیو ایم میں اپنی شمولیت کا باضابطہ اعلان کرینگے۔

وحدت نیوز(گلگت) ضلع استور کے بزرگ عالم دین شیخ امیر حیات اور امام جمعہ رحمان پور استور شیخ طاہر حسین نے بھی مجلس وحدت مسلمین کی فعالیت سے متاثر ہو کر شمولیت کا باقائدہ اعلان کردیا ہے،شمولیت کے موقع پر وحدت ہاوس گلگت میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ نئیر عباس مصطفوی اور صوبائی سیکرٹری سیاسیات غلام عباس ہار پہنا کر معزز علمائے کرام کو ایم ڈبلیوایم میں شمولیت پر مبارک باد دی،قائدین وحدت کے ایمان افروز کردار ،قومی و اجتماعی معاملات میں واضح اور ٹھوس پالیسی ، بروقت اقدامات اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں حالیہ گندم سبسڈی بحالی تحریک میں فعال کردار ادا کرنے کی بدولت ایم ڈبلیو ایم کی مقبولیت میں روز بروزاضافہ دیکھنے میں آرہا ہےاورمسلسل علمائے کرام ، وکلاء ، معززین کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت جاری ہے۔

وحدت نیوز(دیامر) اہلیان دیامرکی محبت، مہمان نوازی اور اپنائیت کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔ امن، اخوت، اور خیر سگالی کا جو پیغام لیکر اہلیان بلتستان دیامر پہنچے وہ امن کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائیگا۔ گلگت بلتستان کے تمام لوگوں کو مذہبی اور مسلکی خول سے نکل کر عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار بلتستان سے خیرسگالی کا پیغام لیکر آنے والے عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان ریجن کے نمائندہ وفد کے اراکین اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما  فدا حسین، احمد حسین ظفر، مولانا محمد اسحاق ثا قب، ڈاکٹر شجاعت میثم، انجینئر شبیر حسین، علامہ شبیر حسین رجائی، جاوید، غلام شہزاد آغا، اعجاز، عاشق حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔ حکمرانوں نے 67سالوں سے ہمیں متنازعہ بنا رکھا ہے۔ جس کی وجہ سے نہ حقوق ملتے ہیں، اس کی بنیادی وجہ ہماری آپس کی رنجشیں اور عداوتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشہ ڈیم کے تمام مسائل فوری حل کریں اور سرحدی تنازعات کا فوری حل نکالیں۔ اس حوالے سے اہلیان بلتستان دیامر کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر فورم میں ساتھ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دیامر میں تعلیم کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں اور ضلع بھر میں انفراسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کی جدوجہد کو تیز کرنے کے لئے ایک وحدت اور ایک قوم بنکر ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔

وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری تعلیم انجینئرمحمد اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلتستان میں دھرنے میں شرکت کے الزام میں ملازمین کو معطل کرنا وزیراعلٰی کی انتقامی پالیسی ہے۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی نے اپنی چار سالہ دور حکومت میں بلتستان سے تعلق رکھنے والے ملازمین پر جھوٹے الزامات عائد کر کے چار دفعہ سینکڑوں ملازمین کو معطل کر کے واضح کر دیا ہے کہ وہ بلتستان کے عوام سے کس حد تک مخلص ہے۔ انہوں نے گزشتہ سالوں میں پیش آنے والے تمام واقعات اور سانحات میں صرف بلتستان سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو معطل کیا جس سے واضح ہوتا ہے کہ وزیراعلٰی کی نظر میں اہل بلتستان کی کیا قدر ہے۔

 

 انہوں نے مزید کہا کہ گندم سبسڈی کی بحالی کے لئے دھرنے صرف بلتستان میں نہیں دیے گئے بلکہ گلگت، چلاس سمیت چالیس سے زیادہ مقامات پر دئیے گئے مگر صرف بلتستان سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو معطل کر کے بلتستان دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ عوام آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کے ذریعے انتقام لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں حکمران پارٹی کی طرف سے ایک ناکام ریلی سرکاری ملازمین نے ہی نکالی تھی اور اس ریلی میں پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے لیکن کسی کے خلاف کاروائی نہیں کی گئی۔ اگر حکومت معطل ملازمین کو فوری طور پر بحال نہیں کرتی تو اس کے نتیجے میں جو حالات پیش آئیں گے اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی نے افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے گاؤں میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین نے مٹی کا تودہ گرنے کے باعث بہت بڑی تعداد میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کو انسانی تاریخ کا ایک بڑا سانحہ قراردیتے ہوئے کہاکہ اس المناک قدرتی آفت میں گزشتہ روز سے اب تک 2100 سے زائدافراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور اس المناک سانحہ پرایم ڈبلیوایم کے کارکنان وعوام سمیت پاکستان بھرکے عوام افغان عوام کے دکھ اور صدمہ میں شریک ہیں۔ تصور موسوی نے قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر افغان حکومت ، جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین اورافغانستان کے عوام سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایک ایک پاکستانی ان کے غم میں برابر کا شریک ہے ۔

 

مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی نے ملت اسلامیہ سمیت پوری عالمی برادری سے دردمندانہ اپیل کی کہ اس کڑے اور مشکل وقت میں مٹی کے تودے سے متاثرہ علاقے میں فوری طورپر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں، ملت اسلامیہ اور انسانی حقوق کے علمبردارممالک بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کریں ، افغانستان کے صوبہ بدخشاں میں زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ڈاکٹروں کی ٹیمیں ، ادویات، خشک اجناس ، پینے کاپانی اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء روانہ کی جائیں۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افرادکی مغفرت، لواحقین کیلئے صبرجمیل اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیرکی ریاستی کابینہ کے رکن و آزادکشمیرمعروف سماجی رہنماسید ذیشان حیدر کاظمی نے کہاہے کہ محنت کش طبقہ کسی بھی معاشرے کی تکمیل کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی مانندہوتاہے جس کی شراکت و شمولیت کے بغیر معاشرے کی تعمیروترقی ناممکن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یکم مئی ’’محنت کشوں کے عالمی دن ‘‘کے موقع پر اایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ شکاگو کے محنت کشوں نے اپنے جائز حقو ق کے حصول کیلئے عملی جدوجہد کی اور اپنے مشن ومقصد کی تکمیل کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیامیں محنت کش طبقہ کوجو مقام حاصل ہے وہ شکاگو کے محنت کشوں کی عملی جدوجہد اور قربانیوں کاہی ثمرہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کے باعث محنت کشوں کوان کے جائزحقوق سے محروم رکھاجارہاہے اوراس طبقے کیلئے ایسی پالیسیاں اختیار کی جاتی رہی ہیں جس کے باعث محنت کش طبقہ نہ صرف معاشی بحران بلکہ شدیدبدحالی کا شکار ہیں اور ہرگزرتے دن کے ساتھ ان میں مایوسیاں و محرومیاں بڑھتی جارہی ہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں محنت کش طبقہ کے مسائل کا واحد حل فرسودہ جاگیردارانہ،وڈیرانہ اورسرمایہ دارانہ نظام کاجڑسے خاتمہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب ملک کی صورتحال اس نہج پر ہے کہ فرسودہ نظام کے خاتمے اور حقو ق کی جدوجہد کیلئے محنت کش طبقہ کو آگے آنا ہوگاکیونکہ انقلاب امیر نہیں بلکہ غریب اور محنت کش طبقات کے درمیان سے جنم لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اداروں میں کرپشن کاخاتمہ کرکے کرپٹ عناصر کوباہرنکالاجائے اور مختلف شعبوں میں محنت کشوں کے ساتھ کی جانیوالی زیادتیاں اورناانصافیاں کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ ذیشان کاظمی نے لیبر یونین وتنظیمات سے وابستہ تمام افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ مزدور طبقہ کے حقوق کی جدوجہد ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ جاری رکھیں اور یاد رکھیں کہ مخلصانہ عملی جدوجہدکے ذریعے ہی محنت کش طبقہ اپنے جائز حقوق حاصل کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 65برسوں سے پاکستان کے اقتدار پر قابض جاگیر داروں ،وڈیروں ، سرمایہ داروں نے ملک کے مزدور طبقے کو اپنا غلام بنا کر رکھا ہوا ہے اور آج تک ا نہیں وہ بنیادی حقوق فراہم نہیں کئے گئے ہیں جودنیا بھر کے تہذیب یافتہ ممالک کے مزدور طبقے کو میسر ہیں یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان معاشی لحاظ سے بھی پستی کا شکار ہے ۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں اس ملک کے مزدوروں کی محنت اور انکا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اوراگرملک کی ترقی میں محنت اور مزدوروں کی اہمیت کو فراموش کر دیا جائے تو وہ ملک تبدیلی و ترقی سے یکسر محروم ہوجاتا ہے۔

 

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مزدور طبقے کو بنیادی مراعات ، سہولیات اور وہ آسائش نہیں دی جاتیں جس سے وہ خود اور انکے اہل خانہ مستفید ہو سکیں،بد قسمتی سے پاکستان ابتدا ء ہی سے ایسے دہرے نظام کا شکار رہا ہے جس میں 5فیصد مراعات یافتہ طبقہ ہر دور میں عیش و آرام کی زندگی بسر کر تا ہے جبکہ 95فیصد غریب متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو صحت ، تعلیم ، خوراک جیسی بنیادی انسانی زندگی کی سہولیات حاصل کرنے کے لیے بھی تگ و دو کر نی پڑتی ہے ۔ذیشان کاظمی نے کہا کہ1886ء میں امریکہ کے شہر شکاگو کے مزدوروں کی اپنے جائز حقوق کیلئے کی جانے والی جدوجہد او ر عظیم قربانیاں ملک بھر کے غریب و مظلوم مزدوروں کے لیے مشعل راہ ہے ،شکاگو کے محنت کشوں نے تما م تر ریاستی جبر و تسلط کے باوجود اپنے جائز حق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جس کے نتیجے میں بے شمار محنت کشوں نے جانوں کے نذرانے دئیے ،سیکڑوں محنت کش زخمی ہوئے،مزدور رہنماؤں کوقید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں لیکن انھوں نے اپنے حقوق کے حصول کی جدو جہد کو جاری رکھا اور آج ہم انکی اسی جدو جہداورعظیم قربانیوں کو سنہرے الفاظ میں یاد کرکے یوم مئی مناتے ہیں اور شکاگو کے مزدور طبقے کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کی یاد میں یوم شہداء کے موقع پر پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان ملک کی شان ،ملک کی عزت اور ملک کا وقار ہیں ۔ اپنے بیان میں علامہ سید تصور جوادی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بعد پاک افواج کے جوان ملک کی حفاظت پر مامور ہیں جو شدید گرمی ،سردی اور حالات وجان کی پروہ کئے بغیر ملک کی سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں جس کی وجہ سے عوام چند لمحوں ہی صحیح کم ازکم چین اور سکو ن کی نیند سو جاتے ہیں ۔ علامہ سید تصور جوادی نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں ،سماجی تنظیموں اورانسانی حقو ق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی حفاظت اوربقاء کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرآنہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے شہداء کے بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کیلئے جو بھی تعاون کر سکتے ہیں وہ کریں ۔ انہوں نے ملک کی حفاظت اور دہشت گردو ں کا مقابلہ کر تے ہوئے ہزاروں جانوں کا نذرآنہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگواران کو صبر جمیل کی توفیق دے ۔آمین ، علامہ سید تصور جوادی نے زخمی ہونے والے جوانوں کیلئے بھی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ۔

وحدت نیوز(کراچی) ایشیاء کی سب سے بڑی کوآپریٹووسوسائٹی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، سندھ حکومت کی جانب سے 36انچ کا پانی کا نیاکنکشن منظور ہو نے کے بعد واٹر بورڈ کے چند متعصب افسران مسلسل رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ، چیئرمین واٹر بورڈ ان رکاوٹوں کا فوری نوٹس لیں ، اگر ایک ہفتے کے اندر واٹر بورڈ نے جعفر طیار واٹر سپلائی پروجیکٹ کی این او سی جاری نہ کی تو اہلیان جعفرطیار واٹر بورڈ افسران کے خلاف شدید احتجاج کریں گے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی نے وحدت ہاؤس ملیر میں جاری ضلع کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلعی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثمر زیدی، سیکریٹری سیاسیات حسن عباس، سیکریٹری مالیات شیراززیدی، سیکریٹری فلاح و بہبود اسد علی ،سیکریٹری اطلاعات محمد جعفر، سیکریٹری رابطہ سعید رضااور سیکریٹری تبلیغات محمد حسین مطہری بھی موجود تھے ۔

 

احسن عباس رضوی کا شرکائے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گذشتہ حکومتوں نے جس طرح جعفر طیار کو نظر انداز کیا آج پھر بعض ادارے اسی روش پر کار فرما ہیں ، ستائیس ہزار نفوز پر مشتمل آبادی میٹھے پانی ، پکی سڑکیں اور صفائی ستہرائی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں ، پچھلے ایک سال سے فائبر آپٹکس کی لائنیں جعفر طیار میں بچھانے کی کوشش کی جارہی ہیں لیکن بعض کرپٹ عناصر جو سیاسی چھتری کا سہارا لیئے ہوئے ہیں ، اس پروجیکٹ کی تکمیل میں مسلسل رکاوٹ بن رہے ہیں اور بزور طاقت اور اسلحہ مزدوروں کو ہراساں کر کے بھگادیتے ہیں ، گذشتہ پانچ ماہ سے مجلس وحدت مسلمین اور سندھ حکومت کے درمیان جعفر طیار میں میٹھے پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے، اب جب کے منصوبہ آغاز کے قریب پہنچ چکا ہے واٹر بورڈ میں موجود کالی بھیڑیں اس منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ بن رہی ہیں ، جن کی خواہش ہے کہ اہلیان جعفر طیار میٹھے پانی کو ترستے رہے اور گدھاگاڑی والوں سے گندا اور آلودہ پانی خرید کر پینے پر مجبور رہیں ۔

 

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، چیئر مین واٹر بورڈ شرجیل انعام میمن اوروائس چیئرمین واٹر بورڈ ساجد جوکھیو سے مطالبہ کیا کہ واٹر بورڈ کے متعصب افسران کے خلاف فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور جلد از جلد جعفر طیار واٹر سپلائی پروجیکٹ کی این او سی جاری کی جائے بصورت دیگر مجلس وحدت مسلمین اہلیان جعفرطیار کے ہمراہ پر زور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

وحدت نیوز(کراچی ) مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ امین شہیدی نے کراچی میں مختلف اجتماعات اور ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حالات ایک عالمی سازش کے تحت خراب کیئے جا رہے ہیں ، کراچی میں جاری جاری ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، کرپشن اور لوٹ مارایک گریٹ گیم کا حصہ ہے، شہر اور شہریوں کی بقاء کے لئے تمام تبکات کو اکھٹا ہو نا ہو گا، ایک مخصوص گروہ ملک کو نا امن کر نے کے در پہ ہے، کراچی سمیت ملک بھرمیں کہیں بھی شیعہ سنی جھگڑا نہیں، حکومت کی پالیسیز نے پاکستان کو داخلی اور خارجی سطح پر تنہا کر دیا ہے، پاکستان کے ہمسایہ ممالک پاکستان سے ناراض ہیں ، حکومت کو ملک کی بقاء کی خاطر جلد طالبان یہ پاکستان میں سے کسی کا انتخاب کر نا ہوگا۔انہوں نے کراچی کے شیعہ سنی عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ 2 کروڑآبادی کے شہر سے صرف 10لاکھ افراد سڑک پر آجائیں ٹارگٹ کلنگ میں کمی آجائے گی،دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ باعث تشویش ہے لیکن علماء اور عوام کی خاموشی باعث افسوس ہے،رنگ و نسل ، مذہب و مسلک کی تفریق سے بالاتر ہو کر شہر کے امن کے لیئے اکھٹا ہو نا ہو گا، جب تک عوام کوخود اپنے دفاع میں منظم نہیں ہو نگے حکمران بھی عوام کی حفاظت میں غفلت برتتے رہیں گے۔

 

علامہ امین شہیدی نے اپنےچار روزہ دورہ کراچی کے دوران ملیر ، شاہ فیصل ، اسٹیل ٹاون، گلبہار، انچولی، سرجانی ،اورنگی ٹاون، رضویہ، ناظم آباداور دیگر علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ دنوں شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے شہید خرم، شہید سجاد مہدی، شہید حسن کاشمیری، شہید مختار رضوی، شہید گوہر رضوی اور شہید غلام حسین کے لواحقین سے ملاقات کی اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا کی، بعد ازاں علامہ امین شہیدی نے  ایم ڈبلیوایم ضلع وسطی کے زیر اہتمام مسجد خیر العمل میں مجلس شہادت امام علی نقی (ع)سے خطاب کیا،  آئی ایس او کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام شاہ فیصل کالونی میں منعقدہ شہدائے امامیہ کانفرنس سے خطاب کیااور ایم ڈبلیو ایم ضلع شرقی کے زیر اہتمام امام بارگاہ بزم فاطمہ ()میں جشن معصومین ()سے بھی خطاب کیاجس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پر  ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنما علی حسین ، مبشر حسن اور علامہ علی انور بھی علامہ امین شہیدی کے ہمراہ تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree