وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان پولیٹیکل کونسل کا پہلا باضابطہ اجلاس 29 نومبر 2014 کو سکردو میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور صوبائی اسمبلی کے آئندہ الیکشن کے حوالے سے غورو خوض کیا جائیگا۔اجلاس میں گلگت بلتستان اسمبلی کے آئندہ الیکشن کیلئے بہترین امیدواروں کے چناؤ کے سلسلے میں ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی منشور کو حتمی شکل دی جائیگی۔
اس بات کا اعلان مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات جناب غلام عباس نے وحدت ہاؤس میں ایک اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل کونسل کے اراکین کا انتخاب حلقے کے عوام کے باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے اور یہ کونسل گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال کو مانیٹر کرنے اور الیکشن میں امیدواروں کے چناؤ میں مکمل بااختیار ہوگی۔اجلاس میں دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ سیاسی الائنس کے سلسلے میں بھی گفت و شنید کیا جائیگا ۔