The Latest
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبائی مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔پورا ملک دھشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔ جبکہ دھشت گرد ملک کے گلی کوچوں میں دندناتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو بھی بے نقاب کیا جائے۔ جبکہ j.u.i.سندھ کے رہنماء ڈاکٹر خالد محمود سومروکے قتل کے پیچھے کون ہے؟ اسے بے نقاب کرتے ہوئے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
انہوں نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ملک میں شفاف انتخابات کے سلسلے میں قانون سازی کے ساتھ ساتھ سابقہ انتخابات میں دھاندلی کے ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا دی جائے گی۔
دریں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے فرانسیسی پارلیمنٹ کی جانب سے فلسطین کی آزاد ریاست کو تسلیم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام عالم کو مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کرتے ہوئے غاصب اسرائیل کے مظالم کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے ظلم وستم کے باعث اقوام عالم میں تنہا ہوچکا ہے ، اور وہ جلداپنی بداعمالیوں کے سبب کیفر کردار تک پہنچے گا ۔ فلسطین کے عوام اور امت مسلمہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں ہر گذرتے دن کے ساتھ بیت المقدس، قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کی منزل قریب آرہی ہے۔
وحدت نیوز ( گلگت) وزیر اطلاعات پرویز رشید کے گلگت بلتستان کے متعلق بیان پر وفاقی حکومت کا نوٹس نہ لینا افسوسناک امر ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ یہی موقف مسلم لیگ ن کا بھی ہے۔ اگر یہی باتیں گلگت بلتستان کے قوم پرست کریں تو ان کو انٹی سٹیٹ قرار دیا جاتا ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کئے جاتے ہیں۔ ایک طرف ہندوستان مقبوضہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دے رہا ہے اور دوسری طرف پرویز رشید گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دے رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کےسیکریٹری اطلاعات سعید الحسین نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے گلگت بلتستان کو ڈوگرہ راج سے بزور بازو آزاد کروانے والے ہیروز کی بھی توہین کی ہے جنہوں نے 28 ہزار مربع میل کا علاقہ آزاد کرواسلام دوستی کی بناء پر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ وزیر اعظم سمیت کسی حکومتی ذمہ دار شخص نے پرویز رشید کے بیان کا کوئی نوٹس نہ لینا انتہائی افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ وفاقی حکومت کے خلاف ہر سطح پر بھرپور احتجاج اس وقت تک ریکارڈ کروائیں جب تک کہ وفاقی وزیر اطلاعات میڈیا پر آکر اپنے بیان کو واپس نہ لیں اور گلگت بلتستان کے عوام سے معافی نہ مانگ لیں۔
وحدت نیوز( اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین قم کے سیکر ٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شیخ غلام محمد فخرالدین نے کہا کہ مساجد اسلام کامرکز ہیں خیرالعمل فاﺅنڈیشن کامساجد کاپروجیکٹ قابل تحسین ہے ہمیں ہر شعبہ میں کام کرنا چاہیے تما م عبادات کے ساتھ ساتھ ہمیں خدمت خلق کی عبادت کو بھی سر انجام دینا چاہیے جو ذمہ داری ملے اسے ہر حال میں پورا کرنا چاہیے کو تاہی نہیں برتنی چاہیے ۔اسلام دین تعمیر ہے ،دین انسانیت ہے ، دین فلاح و بہبود ہے اور اسلام میں خدمت خلق پر بہت زور دیا گیا ہے ہماری قوم میں احساسا تی ،جذباتی افراد ہیں انکی قوتوں کو صیح سمت میں استعمال کر کے ہمیں انکی فکری تربیت کرنی چاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے مرکزی آفس میں ایک خصوصی نشست میں اسلام میں فلاح وبہبود کے کاموں کی اہمیت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا اللہ تعالی کے نزدیک خدمت خلق سب سے بڑا اہم فریضہ ہے اس کو سرانجام دینے کے لیئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا انہوں نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی ٹیم اور پاکستان بھر میں جاری فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک فقیر کفر کے قریب ہوتا ہے جو اپنی ضرورت کو پورا کرنے کے لیئے کوئی بھی اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جاتا ہے ہمیں معا شرے میں ایسے افراد کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیئے اقدامات کرنے ہونگے تاکہ وہ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو کر معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں لبنان میں حزب اللہ نے سب سے پہلے لوگوں کی اقتصادی حالت کو بہتر بنا نے پر کام کیا پھر آگے بڑھے ۔
نشست سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکر ٹری تبلیغات علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ روایات میں ملتا ہے جو شخص چاہتا ہے کہ اسکی قبر وسیع ہو وہ دنیا میں مسجد تعمیر کروائے جو شخص چاہتا ہے کہ قبر میں کیڑے نہ کاٹیں نہ کھائیں وہ مسجد کی صفائی کرے جو شخص چاہتا ہے کہ قبر میں اسکا جسم تازہ رہے وہ مسجد میں بیٹھ کر عبادت کرے جو شخص چاہتا ہے کہ قبر روشن ہو وہ مسجد میں روشنی کاانتظام کرے انہوں نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی ٹیم کی کاوشوں اور فلاحی منصوبوں کو سراہا۔
نشست میں خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے چیئرمین نثارعلی فیضی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی اس موقع پر چیئر مین خیرالعمل فاﺅنڈیشن نثار علی فیضی نے مجلس وحدت مسلمین قم کے سیکر ٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شیخ غلام محمد فخرالدین کا خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے مرکزی آفس آمد پر شکریہ ادا کیا اور خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے فلاحی منصوبوں بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسوقت خیرالعمل فاﺅنڈیشن ملک بھر میں فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں مساجد،امام بارگاہیں،واٹر پروجیکٹ، ہاﺅسنگ پروجیکٹ، ایتام کی کفالت کے منصوبے شامل ہیں۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان (گلگشت یونٹ)کے زیراہتمام معروف خطیب علامہ ناصرعباس شہید کی پہلی برسی کی مناسبت سے ملتان پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، قائمقام سیکرٹری جنرل ملتان محمدعباس صدیقی،میڈیاکوارڈینیٹرثقلین نقوی، انجینئرمہرسخاوت، مرزاوجاہت علی، سمیت مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجودتھی۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد عباس صدیقی نے کہا کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے مظلوم اور مقتولوں کے ورثاء کو انصاف نہیں ملتا، حکمرانوں کی جانب سے انصاف ملنے کے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن آج تک کسی ظالم اور قاتل کو پکڑ کرسزا نہیں دی گئی۔
مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کو شہید ہوئے ایک سال گزرگیا ہے لیکن ابھی تک اُس کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے جس سے حکومت کی نااہلی واضح ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ علامہ ناصر عباس کی شہادت پر حکومت اور حکمرانوں کی جانب سے انصاف دلانے کے اعلانات کیے گئے تھے جو کہ ابھی پورے نہیں ہوئے یہ حکومت ہمیں کیا انصاف دے گی جو نابیناؤں کو سرعام پیٹتی ہے ۔ اس موقع پر موجودرہنماؤں اور کارکنوں نے علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کو بے نقاب کیاجائے اور گرفتار کرکے سخت سے سخت سزادی جائے۔ اگر قاتلوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو ملک میں انارکی جنم لے گی جس کی آگ ان حکمرانون کو جلا کرراکھ کردے گی۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس زیدی نے لاہور میں نابینا افراد پر پنجاب پولیس کے وحشیانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریفوں کی حکومت نے یزیدی مظالم کی یاد تازہ کردی ہے، ظالم حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاون لاہور میں بے گناہ شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے والوں نے اب معذور اور نابینا افراد کو بھی نہیں چھوڑا، شریف برادران کی ظالمانہ اقدامات قوم پر آشکار ہوچکی ہے، سانحہ ماڈل ٹاون کے شہدا کے لہو کی طرح لاہور میں معذور افراد پر وحشیانہ تشدد کا حساب بھی حکمرانوں کو دینا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شریف برادران بتائیں یا تو پنجاب پولیس ان کے کنٹرول میں نہیں یا پھر بے گناہوں پر مظالم ڈھانا ان کی حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے۔؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اپنے جائز حقوق کیلئے آواز بلند کرنے والے نابینا افراد پر تشدد کرنے والوں اور ان کے پشت پناہوں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے [پنجاب پولیس کے درندگی کی پے در پے واقعات کے سخت مذمت کی۔
وحدت نیوز (لاہور) وی آئی پی کلچر کیخلاف عوام اُٹھ کھڑے ہوں ملک چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال ہے پاکستان کے حصول کا مقصد اسلامی تشخص کے احیاء کے لئے تھا اسلام کے نام پر فرنگی و استعماری نظام کو نافذ کیا جا رہا ہے شدت پسندوں کو اسلامی اقدار کی پامالی کے لئے فری ہینڈ دے دیا ہے معاشرے سے برداشت اور مساوات کا خاتمہ موجودہ فرسودہ نظام کی وجہ سے ہے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عمائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جب تک اس غیر منصفانہ اور طبقاتی نظام کے خلاف عوام بیدار نہیں ہوتے مظلوم اسی طرح پستے رہیں گے لاہور میں نابینا افراد پر تشدد نے انسانیت کے سر شرم سے جھکادیے ملک میں عملا جنگل کا قانون نافذ ہے علامہ اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے کالعدم تنظیموں سے پابندی اُٹھائی داعش جیسی دہشت گردتنظیم کے وجود سے انکاری کرنے والوں کی لاہور سے اس دہشت گرد تنظیم کے اہم کمانڈر کی گرفتاری کے بعد آنکھیں کھل جانیں چاہئے پنجاب میں داعش کی تشہری مہم اب بھی جاری ہے لیکن حکمران خاموش تماشائی بنے اپنی بادشاہت کا مزا لے رہے ہیں۔
وحدت نیوز (لاہور) گلگت بلتستان کے عوام نے موجودہ حکمرانوں سے اظہار بیزاری کرکے ثابت کر دیا کہ لٹیروں اور اقرباپروروں کے دن گنے جاچکے ہیں موجودہ حکمران احتساب کے لئے تیار رہیں عوام پائی پائی کا حساب لے گی، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے سیاسی سیل کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بہت جلد اپنی معاشی ٹیم کو گلگت بلتستان بھیجے گی جو وہاں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سمیت دیگر فلاحی کاموں پر ماہرین کے زیر نگرانیfesibility report تیار کریگی اور ان کاموں کو اپنے منشور کا حصہ بنائے گی ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ووٹ کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے والوں کو بے نقاب کریں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں کرپشن کو بے نقاب کیا جائے گا اور اس مکروہ دھندے میں ملوث سیاست دان ہو یا سرکاری اہلکار قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے بہت جلد سیاسی کونسل گلگت بلتستان کے اجلاس کے بعد حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی اور دیگر علاقائی مسائل پر اہم لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن نے شہید ڈاکٹر شمیم رضا کے جنازہ کے موقع پر کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث کسی دہشتگرد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، کورنگی و لانڈھی میں شیعہ ڈاکٹرز، پروفیسرز، باالخصوص تاجروں کو دہشتگردوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہے اور حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کسی دہشتگرد کو گرفتار نہیں کیا گیا، ڈاکٹر شمیم رضا کی ٹارگٹ کلنگ قومی نقصان ہے، نااہل گورنر و وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب شہر قائد میں بڑھتی ہوئی ٹاگٹ کلنگ کے ان واقعات کا نوٹس نہ لینا ریاستی اداروں سمیت حکومتی نا اہلی ہے۔ رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے علاقے لانڈھی کورنگی میں بڑھتی ہوئی شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا فوری نوٹس لے اور ان واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، کورنگی لانڈھی میں موجود شیعہ تاجروں کو کالعدم دہشتگردوں کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کو بھی نوٹس لیا جائے اور شیعہ تاجروں کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔
دریں اثناء کراچی کے عکاقے کورنگی میں گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے والے شہید ڈاکٹر شمیم رضا کی نماز جنازہ انچولی مسجد و امام بارگاہ خیر العمل میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں علامہ مبشر حسن، علامہ ناظر عباس تقوی سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر شمیم رضا شہید کی تدفین وادی حسین قبرستان سپر ہائی وے میں سینکڑوں عزاداروں کی موجودگی میں کی گئی۔
وحدت نیوز (گلگت) گلگت بلتستان جیسے دینی معاشرے میں محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کے نام پر منعقد ہونے والی تقریب پر پابندی اور اعتراض انتہائی شرمناک عمل ہے۔ ڈگری کالج گلگت میں یوم حسین کے پروگرام میں بیرونی مداخلت گلگت بلتستان کے پرامن فضا کو خراب کرنے کی سازش ہے۔ایڈمنسٹریشن اور پولیس کی موجودگی میں تکفیری گروہ کا حملہ اور کالج لائبریری کو آگ لگانا حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ڈگری کالج گلگت میں یوم حسین ؑ منانے پر احتجاج کرنے والے اپنے اسلام پر نظرثانی کریں،نواسہ رسول کے ساتھ بغض و عنادانہیں بہت مہنگا پڑے گا۔گلگت بلتستان کے عوام حسین ؑ کے پیغام کو پھیلانے کی راہ رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کا تعاقب جاری رکھیں گے۔ایک دہشت گرد ٹولے کے سامنے حکومتی مشینری کا بے بس تماشائی بننا حیرت کا مقام ہے اور حکومت اپنی پوزیشن کو واضح کرے اور بتائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ایک مخصوص گروہ پچھلے کئی سالوں سے یوم حسین ؑ پر منصوبہ بندی کے تحت معترض ہے اور حکومت اس شرپسند گروہ کے سامنے بے بس دکھائی دے رہی ہے۔حکومت اپنی سابقہ روش کو ترک کرے اور برملا ملت تشیع کے خلاف نازیبا نعرے لگانے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا اگر اس شرپسند گروہ کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو مجلس وحدت مسلمین پورے گلگت بلتستان میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی اور حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھے اور یوم حسین ؑ منانے والوں پر حملہ کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کے بزدلانہ اقدام کی جرات نہ ہو۔
وحدت نیوز (ساہیوال) مجلس وحدت مسلمین ضلع سرگودھا تحصیل ساہیوال کے علاقے لکھیوال میں تحصیل ساہیوال یونٹ کی ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیل سیکریٹری جنرل مولانا حافظ حسنین مولانا اسد رضا قمی اوردیگر یونٹ کے عہداران نے شرکت کی، اس نشست میں فروکہ کے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تنظیمی فعالیت اور پروگرامات کے حوالے سے اہم فیصلہ جات کیئے گئے۔