The Latest

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے دورہ اسکردو کے موقع ریسکیو 1122 کے آفس کا دورہ کیا انکے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژنعلامہ آغا علی رضوی، سید جعفر شاہ موسوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی تھے۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ریسکیو 1122 اسکردو کے انچارچ سے ادارہ کو درپیش مسائل سنے۔ ریسکیو 1122 نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہایت ہی قلیل مدت میں سینکڑوں حادثات کو احسن طریقے سے کم وسائل کے باجود ریسکیو ٹیم نے ریسکیو دی۔ بلتستان میں ریسکیو ٹیم کو شدید مشکلات درپیش ہیں اگرچہ صوبائی حکومت اپنی بساط کے مطابق وسائل کی فراہمی کی کوشش کر رہی ہے لیکن یہاں کے مسائل کی نوعیت مختلف ہونے کے سبب ناکافی ہے۔ انہوں نے کہ یہاں کی ٹیم کی تربیت بالخصوص غوطہ خوری، کے لوازمات اور فور ویلر گاڑی کی عدم موجودگی کا ذکر کیا۔ ریسکیو 1122 کے مسائل سننے بعد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ریسکیو ٹیم کو کم وسائل کے باوجود خدمات سرانجام دینے پر انکو خراج تحسین پیش کیا اور انکے اس عمل کو انسانیت کی خدمت قرار دیا۔ اس موقع پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ریسکیو 1122 اسکردو کے لیے ایک عدد فورویلر ایمبولینس، غوطہ خوری کی تربیت اور خوطہ خوری کے لوازمات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی،اور کہا کہ ریسکیو 1122بلتستان کو مثالی ادارہ بنانے میں ایم ڈبلیوایم بھر پور معاونت کرے گی۔ ریسکیو ٹیم نے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے معاونت کی یقین دہانی پرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور دیگر احباب کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(گجرات)مجلس وحدت مسلمین گجرات کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی رضا نے کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت چند عناصر گجرات شہر کے امن کو تہ و بالا کرنے اور فرقہ وارانہ فسادات شروع کروانے کی کوششیں کر رہے ہیں، گجرات واقعہ پر من گھڑت کہانیاں سنا کر لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھیلنے والوں کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے، رہنما ایم ڈبلیو ایم گجرات کا اسلام ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بعض دین فروش ملاں جنہیں تکفیری عناصر کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے، گجرات کے واقعہ کو توڑ مروڑ کر پیش کرکے مجرم کو بچانا چاہتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم رہنما علی رضا نے نمائندہ اسلام ٹائمز کو بتایا کہ افضل قادری نامی ملاں جس نے گجرات پولیس کے ساتھ ملاقات کے بعد بیان جاری کیا کہ گجرات واقعہ کے مجرم کے خلاف 302 نہیں بلکہ دفعہ 304 لگائی جائے، چونکہ واقعہ اچانک جذبات کی وجہ سے پیش آیا، دوسری جانب اسی ملاں نے ایک موقع پر کہا ہے کہ قاتل پولیس اہلکار نے رات ساڑھے تین بجے ایک خواب دیکھا، جس میں اسے یہ کام کرنے کو کہا گیا، رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام، شدت پسندی کے تدارک اور اداروں کو ایسے عناصر سے پاک کرنے کے لئے قاتل پولیس اہلکار کو قرار واقعی سزا دلائی جائے۔

وحدت نیوز(سرگودھا) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ سیاسیات کے مرکزی سیکریٹری  ناصرعباس شیرازی نے سرگودھا کے علاقے فروکہ کا دورہ کیا اور عاشور کے روز پیش آنے والے واقعہ میں گرفتار اسیران سے مختلف تھانوں میں جاکر ملاقاتیں کیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اسیروں سے گفتگو کرتے ہوئے ناصرعباس شیرازی کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ کسی بھی بےگناہ اسیر کو جیل میں نہیں رہنے دیا جائیگا اور گرفتار افراد کی رہائی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائیگا۔ اس سے پہلے ناصر عباس شیرازی نے علاقہ معززین سے ملاقاتیں کیں اور واقعہ پر مشاورت کی گئی۔

وحدت نیوز (کھرمنگ) مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے آج کھرمنگ طولتی میں مجلس عزا سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب معاشرہ تمام تر اخلاقی و انسانی اقدار کو کھو بیٹھتا ہے اور انسانی اوصاف گراوٹ کی آخری حدوں کو چھوتا ہے تو اس معاشرے میں یزید جیسے فاسق و فاجر انسان حاکم بن جاتا ہے۔ ایسے معاشرے میں یزید اپنے اوچھے ہتھکنڈے  کے ذریعے معاشرے میں قتل و غارت، ظلم و زیادتی، ناانصافی اور بدعنوانی کا بازار گرم کرتا ہے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلا کر طاقت اور شدت کے ذریعے حق کو باطل اور باطل کو حق بنا کر پش کرتا ہے ایسے میں اچھے اوصاف کے حامل اور حق کے علمبردار حسین ابن علی (ع) جیسی ہستیاں مقتل گاہ کی طرف تشریف لے جاتی ہیں اور اس معاشرے میں انسانی اقدار کو حیات بخشتی ہیں۔

 

علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کربلا میں نواسہ رسول (ص) نے تاریخ کی مختصر ترین جنگ میں انسانی اوصاف جیسے حیاء، شجاعت، وفا، بہادری، عدل و انصاف، تقویٰ اور دیانتداری کو حیات بخشتی ہے۔ امام حسین فخر مسیحا ہے، انہوں نے معاشرہ اور انسانی اقدار دونوں کو زندہ کیا۔ انسانی اقدار کے اعلٰی ترین نمونے تاریخ انسانیت میں کربلا کے علاوہ کہیں نظر نہیں آتے۔ یہ امام عالی مقام کا ہی معجزہ ہے کہ انہوں نے کربلا کو حق و باطل کو جانچنے کا پیمانہ بنا دیا۔ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ عصر حاضر کی کربلا میں یزیدی طاقتوں اور قوتوں سے نبرد آزما ہوں اور کربلا سے رہنمائی لیتے ہوئے عصر حاضر کے یزیدوں کے تخت و تاج کو ٹھوکروں پر رکھیں۔

وحدت نیوز (اپرچھتر) علَم کو تھام کر اعلان کیا تھا علی ؑ کی شیر دل بیٹی نے کہ یہ علم گھر گھر پہنچے گا، سربلند ہو گا ،تاریخ گواہ ہے کہ ہر ممکن کوششیں کیں گئیں لیکن یزید و پیرکار ناکام ہوئے، ذکر حسین ؑ جاری رہا ، ذکر حسین ؑ عین عبادت ہے، ڈٹ کر کریں گے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصورحسین نقوی الجوادی و سیکرٹری روابط مولانا سید حمید حسین نقوی نے اپر چھتر میں عابد حسین قریشی کے گھر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اہلبیت علیھم السلام نے دین مبین کی سربلندی کے لیئے اپنے خانوادے کو بھی فدا کر دیا، اسلامی اقدار کے احیاء کے لیئے جانوں کی قربانی پیش کی، اور ایک اصول دے دیا کہ جان کی خاطر سب کچھ کرو لیکن جب دین پر آنچ آنے لگے تو جان کو بھی دین پر قربان کر دو، عزاداری سیدالشہداء ؑ دین اسلام کی تبلیغ و ترویج کا اہم ذریعہ ، فتح دین کا اعلان ہے، نمازیں و اذانیں سیدالشہداء کے صدقے سرعام جاری ہیں ، کل جب یزید نہ چاہتا تھا کہ توحید و رسالت کا پرچار ہو ، وہ داخل دشنام ہوا اور اذانیں و نمازیں اس کی شکست فاش کا اعلان کرتی ہیں، عزاداری ہمیں عزت و سرفرازی سے ہمکنار کرتی ہے، اس کے لیئے اپنی جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے، امت مسلمہ متحد و منظم ہو کر اپنے اصلی دشمن استعمار کے خلاف حسینی بن کر برسرپیکار رہے گی، علَم حسین ؑ ہماری بقاء کا ضامن ، ملکر تھام رکھیں گے، آزاد کشمیر کا پرامن خطہ تمام مسالک کا گلدستہ، ہر کوئی مہر و محبت سے رہتے ہوئے اپنی مذہبی عبادات کو انجام دیتا ہے، اس سے آزاد کشمیر واقعاً جنت نظیر کی مثال پیش کرتا ہے۔

وحدت نیوز(ڈی آئی خان) خیرالعمل فاؤنڈیشن کی طرف سے ضلع ڈی آئی خان تحصیل پہاڑ پورمیں تقریب برائے تقسیم ایتام فنڈز کا انعقاد کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکر ٹری ویلفیئر تہورعباس ،صوبائی سیکر ٹری سیا سیات تنویر مہدی ، ضلعی جنرل سیکر ٹری مولانا زاہد جعفری ،تحصیل کے جنرل سیکرٹری آغا شاہ اور مرکزی نمائند ایتام جی ایچ نقوی سمیت علاقہ کے معززین نے شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق خیرالعمل فاؤنڈیشن کے ایتام فنڈ ز کے ذریعے ڈی آئی خان کے مختلف علاقوں میں33 یتیم بچوں میں 3 ماہ کی اقساط کی رقوم تقسیم کی گئی اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے خطاب کیا اور بتایا کہ اس کے علاوہ خیرالعمل فاؤنڈیشن کے تحت ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مزید فلاحی منصوبے تر تیب دیئے جا رہے ہیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) خیرالعمل فاﺅنڈیشن گلگت بلتستان ،کشمیر،اورکزئی ایجنسی پارا چنار، کوئٹہ ،ڈیرہ اسما عیل خان کے بعد اب جلد ہی پنجاب میں بھی تقریبا 200 یتیم بچوں کی کفالت کے کام کا آغازکررہی ہے اس سلسلے میں ابتدائی سروے و کیسزکے انتخاب اور تحقیقات کے لیے مرکزی ایتام کمیٹی کے اراکین نے چیئر مین خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی ہدایات پر میانوالی کے مختلف علاقوں میں یتیم بچوں کے گھر گھر جا کر تصدیق و تحقیق کا کام شروع کر دیا ان یتیم بچوں کو بالغ ہونے تک ماہانہ تعلیمی کفالت کے لیے منتخب کیا جائے گا کمیٹی کے اراکین نے واپسی پر چیئر مین خیرالعمل فاﺅنڈیشن نثارعلی فیضی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس دورہ میں میانوالی کے مختلف علاقوں میں ضلعی افراد کی معاونت کے ساتھ کیسز کی تحقیقات کی گئیں اور ڈیٹا مرتب کیا گیا چیئر مین خیرالعمل فاﺅنڈیشن نثار علی فیضی نے ایتام کمیٹی کے اراکین کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کی طرف متوجہ کیا کہ یتیموں کی کفالت رفاھی کاموں میں سب سے زیادہ پر معنوی اور اہم ترین کام ہے جسے خود رسول اکرم ﷺ اور حضرت امام علی ؑ نے اپنے لیے پسند کیا اور اس کام کے اجرو ثواب کو بیان کیا انہوں نے کہا کہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن گزشتہ دو سالوں سے ملک بھر میں 800 کے قریب یتیم بچوں کی کفالت کا کام سر انجام دے رہی ہے جس پر ماہانہ لاکھوں روپے دیئے جارہے ہیں اس کام کو نہایت شفاف انداز میں انتہائی مخلص اور ذمہ دار ٹیم کے ذریعے سے ملک بھر میں منظم کیا جا رہا ہے ۔

وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں ہزاروں افراد نے شہداء کے جلوس جنازہ میں شرکت کی۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے دن ہزاروں لوگوں نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے الدلوہ میں شہداء کے تشییع جنازہ میں شرکت کی۔ تشییع جنازہ میں شرکت کرنے والے ملک کے مختلف علاقوں اور بحرین کے بعض علاقوں سے آئے ہوئے تھے۔ ان افراد نے اپنے ہاتھوں میں شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ اتحاد بین المسلمین پر تاکید کر رہےتھے۔ واضح رہے کہ پیر کے دن نقاب پوش مسلح حملہ آوروں نے حضرت امام حسین ع کے عزاداروں پر حملہ کر کے سات عزاداروں کو شہید کر دیا تھا۔ شہید ہونے والوں میں متعدد بچے بھی شامل تھے۔ سعودی عرب میں عزاداران امام حسین ع پر یہ حملہ ایسی حالت میں کیا گيا کہ جب اس ملک کے حکام حکومت کے خلاف کۓ جانے والے کسی بھی اعتراض کو برداشت نہیں کرتے ہیں اور وہ ہر طرح کے احتجاج کو سختی سے کچل دیتے ہیں۔ کہا جاتا ہےکہ اس وقت سعودی عرب کی جیلوں میں تیس ہزار سے زیادہ سیاسی قیدی موجود ہیں۔

وحدت نیوز (کراچی ) معروف بزرگ عالم دین حجتہ السلام علامہ شیخ غلام عباس رئیسی نے مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کی جانب سے منعقدہ فکری نشست بسلسلہ دوسری برسی شہید علامہ آفتاب حیدر جعفری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی اصلاح کا کام ذاتی اصلاح سے قبل ممکن نہیں ، تنظیم کو ہدف تک پہنچنے کا وسیلہ ہونا چاہئے، تنظیم بت بن جائے تو بجائے فائدے کے تقصان کا سبب ہوتی ہے،معاشرے پر حاکم بد بخت افراد قوم کے اعمال کا نتیجہ ہوتے ہیں ، قوم با شعور ہو تو خود قیادت کا انتخاب کرتی ہے، انہوں نے شہید آغا آفتاب اور انکے رفیق خاص شہید شاہد مرزا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایک بے لوث شخصیت کےمالک تھے،اپنے فن خطابت کو کبھی معاشی مقاصد کے حصول کا زریعہ نہیں بنایا ، شہید نہ فقط ایک ذاکر اہل بیت تھےبلکہ ایک انقلابی ذاکر اہل بیت تھے، شہید آغاآفتاب نے اپنے فن خطابت کو انقلابی انداز میں پیش کیا، شہید کی یاد کو زندہ رکھنا شہادت سے بڑا وضیفہ ہے،جنہوں نے ہمیشہ اپنے انقلابی انداز بیا ن سے قو م کے جذبے کو گرمائے رکھا۔نشست کے اختتام پر تمام حاضرین نے شہید علامہ آغا آفتاب حیدرجعفری اور شہید شاہد علی مرزا کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

وحدت نیوز (گلگت) خود کش حملوں کی تربیت دینے والے اور تحریک طالبان کے مرکزی ترجمان کا تعلق گلگت بلتستان سے ہونے سے ثابت ہوا کہ گلگت بلتستان میں طالبان کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے۔ ہم نے کئی بار حکام بالا کو علاقے میں طالبان کے بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کے بارے میں آگاہ کیا لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی۔ حکومت اور انتظامیہ کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرنے کی بجانے طالبان کے خلاف بروقت کاروائی کرے تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رہے۔

 

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئرعباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف تحریک طالبان کے نئے ترجمان کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے بلکہ خود کش حملہ بمباروں کی تربیت کرنے والے کا تعلق بھی گلگت بلتستان کے ضلع استور سے ہے۔ ماضی میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نتہا پسندوں کی ایک کثیر تعداد تحریک طالبان میں شامل ہوگئے ہیں جنہیں وزیرستان کے تربیتی کیمپوں میں تربیت دی جاچکی ہے اور گلگت میں دہشت گردی کے کئی واقعات میں انہی دہشت گردوں کا ہاتھ ہے۔جب سے وزیرستان میں آپریشن شروع ہوا ہے دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد نے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں پناہ لے رکھی جن کے خلاف کاروائی کرنے سے حکومت گبھرارہی ہے۔ سانحہ کوہستان، سانحہ لالوسر، سانحہ چلاس اور ننگا پربت میں غیر ملکیوں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کوئی تسلی بخش کاروائی نہ ہونے کی وجہ سے ان دلخراش واقعات کے ماسٹر مائنڈزتاحال علاقے میں آزادی سے گھوم رہے ہیں۔ حکومت دباؤ میںآکر دہشت گردی کے خلاف ہونے والی آپریشن کو روکنے پر مجبور ہوئی ہے اور حکومت کی اس ناقاقص کارکردگی اور بزدلی کا فائدہ اٹھاکر گلگت بلتستان میں طالبان منظم ہورہے ہیں جو اس حساس خطے کیلئے بالخصوص اور پاکستان کے لئے بالعموم شدید خطرے کا باعث ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف پورے گلگت بلتستان میں آپریشن کیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree