وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں ہزاروں افراد نے شہداء کے جلوس جنازہ میں شرکت کی۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے دن ہزاروں لوگوں نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے الدلوہ میں شہداء کے تشییع جنازہ میں شرکت کی۔ تشییع جنازہ میں شرکت کرنے والے ملک کے مختلف علاقوں اور بحرین کے بعض علاقوں سے آئے ہوئے تھے۔ ان افراد نے اپنے ہاتھوں میں شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ اتحاد بین المسلمین پر تاکید کر رہےتھے۔ واضح رہے کہ پیر کے دن نقاب پوش مسلح حملہ آوروں نے حضرت امام حسین ع کے عزاداروں پر حملہ کر کے سات عزاداروں کو شہید کر دیا تھا۔ شہید ہونے والوں میں متعدد بچے بھی شامل تھے۔ سعودی عرب میں عزاداران امام حسین ع پر یہ حملہ ایسی حالت میں کیا گيا کہ جب اس ملک کے حکام حکومت کے خلاف کۓ جانے والے کسی بھی اعتراض کو برداشت نہیں کرتے ہیں اور وہ ہر طرح کے احتجاج کو سختی سے کچل دیتے ہیں۔ کہا جاتا ہےکہ اس وقت سعودی عرب کی جیلوں میں تیس ہزار سے زیادہ سیاسی قیدی موجود ہیں۔