The Latest

وحدت نیوز (فیصل آباد) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کرنسی اور ایجنسی کے بنائے ہوئے لیڈر ہیں، حکمرانوں نے بجلی مہنگی کر کے عوام دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے، بجلی کے نرخوں میں بلاجواز اضافہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، پاکستان دشمنی میں واشنگٹن، دہلی اور کابل متحد ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرحدوں پر افغانستان، ایران اور بھارت کی سرحدوں پر چھڑپیں عالمی کھیل کا حصہ ہیں اور پاکستان دشمن قوتیں پاکستان اور ایران کو لڑانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا سے ظالم حکمرانوں کے خلاف لڑنے کا سبق ملتا ہے، بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال تشویشناک ہے۔

 

پیر طارق ولی چشتی اور پیر غلام مصطفی کی قیادت میں ملنے والے مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آگ سے کھیل رہا ہے، امن کی آشا والے بتائیں کہ بھارت اسلحہ کے انبار کس کے خلاف لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 سو ارب کا بھارتی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو گا۔ دھرنوں نے حکومت کو عوام سے کئے گئے وعدے یاد دلائے ہیں، قوم کو بھارت نواز حکمران قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دلیر وزیراعظم کی ضرورت ہے، امریکہ بھارت کا تحفظ کرنے کے لئے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت  ختم کرنا چاہتا ہے۔

وحدت نیوز (قم المقدسہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کی جانب محرم الحرام کے پہلے عشرہ میں عزاداری امام حسین علیہ السلام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مدرسہ امام خمینی (رہ) میں مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہاہے۔ مجلس عزا سے حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر شیخ حسنین عباس نادر اور حجت الاسلام والمسلمین سید نوید حیدر تقوی خطاب فرما رہے ہیں۔ مجلس کے بعد ماتم داری اور نذر امام حسین علیہ السلام کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ مجالس یکم محرم الحرام سے عاشور تک جاری رہیں گی۔ ڈاکٹر شیخ حسنین عباس نادر قرآن و سنت کی رو سے نظام امامت اور اس موضوع پر ہونے والے اشکالات کے مدلل جوابات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اپنی دوسری مجلس میں فخر رازی کی جانب سے ہونے والے متعدد اشکالات کو بیان کیا اور قرآن و تفسیر کی رو سے ان کے جوابات دیئے۔ حجت الاسلام و المسلمین سید نوید حیدر تقوی نے دور حاضر میں جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے تبلیغ اور پیغام رسانی پر زور دیا اور کہا کہ جس طرح امام حسین علیہ السلام نے اپنی تحریک کے دوران اپنے پیغام کو پہنچانے کا بندوبست کیا تھا، اسی طرح آپ کی زندگی سے درس لیتے ہوئے آج بھی یہ تمام پیروان راہ حسین علیہ السلام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آپ کے پیغام کو جہاں تک ممکن ہو پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب کے دوران شخصیت اور نظریہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ شخصیت کے صحیح اور بروقت فیصلے حالات کے رخ کو بدل دہتے ہیں اور اگر نظریہ نہ ہو تو انقلاب کامیاب نہیں ہوسکتا۔

وحدت نیوز(کراچی) امام بارکاہ اسلامک ریسرچ سینٹرعائشہ منزل پر دہشتگرد ی کی مذمت کرتے ہیں ۔واقعہ میں مجلس عزاء میں شرکت کیلئے آئی ہوئی9 ماہ کی کم سن بچی بتول ولد احسن شہیدجبکہ 8خواتین زخمی ہوئی ۔واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس اور رینجرز اگر شہر میں دہشتگردی نہیں روک سکتے تو شہر حساس علاقوں کو فوج کے حوالے کیا جائے ،محرم الحرام میں دور ان مجالس پولیس اور شہری حکومت کی کارکردگی انتہائی افسوس ناک ہے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے آئی آر سی امام بارگاہ عائشہ منزل ایم ڈبلیوایم عزاداری سیل کے ذمہ داران کے ہمراہ اپنے دورے میں میڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے کیا اُن کا کہا تھا کہ حکومتی اراکین صرف زبانی جمع چرچ سے کام چلایا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ و گورنر سندھ سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کرنے کے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں ،کراچی کے علاقے انچولی ،واٹر پمپ،عائشہ منزل ،لیاقت آباد میں محرم الحرام کی آمد سے قبل ہی دہشتگردی کی کاروائیاں کی جارہی ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تا حال کسی دہشتگرد کو گرفتار نہیں کیا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی روکنے میں یکسر ناکام نظر آتے ہیں۔واقعہ میں 9ماہ کی کمسن بچی بتول ولد احسن کی شہادت اور اس معصوم کے خون کی ذمہ داری ان جھوٹے اور نا اہل حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو اب تک سکیورٹی انتظامات کے لئے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں۔ علامہ حسن ظفر نے حکومت سے مطالبہ کیا کے دہشتگری کے اس واقعہ میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سر پرستوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔اگر محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات درست نہیں ہوئے تو شہر کے حالات کی تر سنگینی کی تمام ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔دریں اثناء  علامہ حسن ظفر نقوی نے ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے رہنما علی حسین نقوی  اور ناصر حسینی کے  ہمراہ  واقعہ میں زخمی ہونے والی خواتین کی کراچی کے مختلف نجی اسپتالوں میں عیادت کی اور عوام سے اپیل کی کے وہ ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کراچی میں عائشہ منزل کے قریب اسلامک ریسرچ سینٹر میں امام بارگاہ سیدالشہداء کے باہر عزاداران امام حسین ؑ پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام دشمن تکفیری دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا۔گلشن حدید کراچی میں عشرہ محرم الحرام کی مجلس عزاسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دھماکے میں 9 ماہ کی معصوم بچی بتول عزاداری امام حسین ؑ کی عظمت پر قربان ہوگئی لیکن انسانیت دشمن دہشت گردوں کو بے نقاب بھی کرگئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خاندان نبوت ﷺ کے سوگواروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان محمدعلی جناح اور نظریہ ساز مفکر علامہ اقبال بھی امام حسین ؑ کے عزادار تھے اور عزاداری پر حملہ اسلامی روایات ہی نہیں بلکہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں پر بھی حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت عزاداری امام حسین ؑ سے قائم ہے۔ مجالس و جلوس عزاء پر حملے کرنے والے یزیدیت کے پیروکار ہیں کیونکہ امام حسین ؑ اور ذکر امام حسین ؑ سے بغض و کینہ یزید کی اموی ملوکیت کو تھا ورنہ سب کو معلوم ہے کہ خاندان نبوت عظمت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کی سیرت ہی حقیقی دین ہے پوری دنیامیں اسلام کا چہرہ مسخ کرنے والے یزیدی پیروکار ہیں، محرم الحرام کا مقدس مہینہ اتحاد امت اور ظلم کے خلاف آواز حق بلند کرنے کا درس دیتا ہے ،الحمد للہ آج پوری دنیا میں عزاداری سید الشہدا ء ؑ بڑی عقیدت سے منائی جاتی ہے۔ عزاداری کے دشمن دین اسلام کے دشمن ہیں کل بھی یزید یت کو شکست فاش ہوئی تھی اور آج بھی عاشقان امام حسین علیہ السلام ان دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔

وحدت نیوز(بدین) بدین کی تحصیل کھوسکی میں تکفیری دہشت گرد عبد اللہ کھوسکی کی ایک مومن کے گھر پر نصب علم حضرت ابولفضل العباس علیہ السلام کی بے حرمتی کی کوشش کے خلاف ایم ڈبلیوایم کا بدین کی تمام شاہراہوں پر دھرنا، پولیس سے عبد اللہ سندھی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق کھوسکی کے علاقے نندوولیج میں ماہ محرم کے آغاز پر ایک مومن نے اپنے گھر پر شبہہ علم حضرت عباس ع نصب کیا تو علاقے میں رہائش پزیر تکفیری جماعت کےدہشت گرد عبد اللہ سندھی نے اس کے گھر پرہلہ بول دیا اور علم مبارک اتارنے کا کہا اور سنگین نتائج کی دھمکی دی، یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے ضلع میں پھیل گئی ، اس وقت ضلع بدین کی تمام اہم شاہراہوں پر ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے دھرنا دے دیا ہے، بدین کراچی ہائی وے، بدین حیدر آباد ہائی وے، بدین بواب شاہ ہائی وے اس وقت ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند ہے، جبکہ مرکزی بائی پاس بدین  پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما یعقوب حسینی دھرنے کی قیادت کر رہے ہیں ،ایم ڈبلیوایم کے رہنماوں نے متعلقہ پولیس حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے عبد اللہ سندھی کے خلاف کوئی کاروائی کرنے کے بجائے علم مبارک تو بارہ محرم تک اتارے کا مشورہ دے دیا، جس پر مومنین میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے عشرہ محرم کے سلسلے مین منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے ، نواسہ رسول ﷺ امام حسین ؑ عالی مقام نے باطل یزیدی نظام کے خلاف قیام کر کے تا ابد اہل حق کو جرات اور استقامت کا درس دیا ، امت مسلمہ اسوہء شبیری اپنا کر عصر حاضر کی یزیدیت کو شکست دے سکتی ہے۔ کربلا اہل حق کی درسگاہ اور حریت و شجاعت کی علامت ہے۔ آپ ؑ حضرت ابراہیم خلیل اللہؑ کے وارث تھے لہٰذانمرود وقت سے مصالحت و مفاہمت کر نا آپ کے لیے ممکن نہیں تھا ۔

 

انہوں نے کہا آج پھر ہمیں اسوہ ء حسینی کو اپناکر اسلام دشمن سامراجی قوتوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ عزاداری تحریک کربلا کا تسلسل ہے۔ عزاداری یزیدیت کے خلاف ابدی تحریک کا نام ہے، عزاداری کربلا والوں سے تجدید عہد کا پیغام ہے۔ جبکہ محرم کا مہینہ اور نواسہ رسول ﷺ کی ذات گرامی امت مسلمہ کے لیے نقطہ وحدت و اتحاد ہے۔ امت مسلمہ کربلا والوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دور حاضر کی یزیدیت کے خلاف میدان عمل میں نکل آئے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کا سبب مذہبی نہیں سیاسی ہے، امریکہ و اسرائیل اپنے سامراجی اہداف کے لئے فرقہ وارانہ نفرتوں کو ہوا دے رہا ہے۔ فرقہ وارانہ دہشت گردی میں امریکی سفارتخانوں کا کیا کردار ہے اسے واضح کیا جائے۔

وحدت نیوز(کراچی) شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل پر واقع امام بارگاہ اسلامک ریسرچ سنٹر پر دہشتگردوں کا کریکر حملہ، 9 ماہ کی شیرخوار بچی شہید جبکہ خواتین، بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عائشہ منزل پر واقع امام بارگاہ اسلامک ریسرچ سنٹر پر تکفیری دہشتگرد پولیس اور رینجرز کی موجودگی پر پل کے اوپر سے کریکر پھنک کر باآسانی فرار ہوگئے، کریکر حملے میں خواتین، بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے، جنہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 9 ماہ کی شیرخوار بچی بتول زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئی۔ حملے کے نتیجے میں زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے اور امام بارگاہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ کریکر حملے کے وقت آئی آر سی امام بارگاہ میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی عشرہ مجالس کے حوالے سے مصائب شہدائے کربلا بیان کر رہے تھے، زخمی خواتین اور بچے رش کے باعث امام بارگاہ کے باہر بیٹھے مجلس سن رہے تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماعلامہ ناصرعباس جعفری ،  علامہ امین شہیدی، سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حامد رضا،  اظہر رضا قادری، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان سمیت مختلف رہنماؤں نے امام بارگاہ پر دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کھلی ناکامی قرار دیا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکر ٹری فلاح وبہبود نثارعلی فیضی نے کہا کہ تھر حکمرانوں کے لیے ایک آئینہ ہے جس میں وہ اپنی امارت اور عوام کی غربت کے تضاد کو دیکھ سکتے ہیں سندھ میں موجود وڈیرہ ازم اور جاگیر دارانہ نظام آج بھی حکمرانوں کو عوامی مسائل سے نا بلد رکھے ہوئے ہے اور اس کا نتیجہ ہے کہ لوگ بھوکھے پیاسے مر رہے ہیں حکمرانوں کو اپنی کرسی،وزار تیں اور اقتدار سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں پاکستان پیپلز پارٹی جسکا نعرہ ہی روٹی ،کپڑا اور مکان ہے اسی کے گڑھ سندھ میں لوگ بھوک اور غربت سے مر رہے ہیں انکا کوئی پرسان حال نہیں ہے جو اسکی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہے اور آج کھوکھلے نعروں اور نا پختہ لیڈر شپ کی غیر سنجیدہ تقریروں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ۔نثار علی فیضی نے کہا کہ ہر بار نمائشی دورے کیے جاتے ہیں اور عوام کی مفلسی کا پوری دنیا کے سامنے مذاق اڑایا جاتا ہے وزیر اعلی سٹیج پر سو کر اپنی بے فکری ولاپرواہی کا ثبوت دیتے ہیں تھر میں لاکھوں عوام ایسی ہی کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہے اور آئے دن بھوک وافلاس سے جانیں ضائع ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت سند ھ کو بلخصوص اور وفاقی حکومت کو بالعموم اس سلسلے میں نہ فقط فوری طور پر بلکہ دورس نتائج کے حامل منصوبوں کا آغاز کرنا چاہیے۔مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی اور ضلعی عہدیداران بھی عوام کی مشکلات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کمی نہیں لا رہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی نے کراچی سمیت اندرون سندھ کا ہنگامی دورہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین صوبائی کابینہ حیدر زیدی ،آصف صفوی ،علامہ عبداللہ مطہری اور مولانا نشان حیدر ساجدی بھی موجود تھے اس موقع پر انہوں نے امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سننے ، منتظمین مجالس و جلوس نے دوران مجالس بجلی کی لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کے الیکٹرک، ہیسکو ،واپڈا کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سندھ بھر میں محرام الحرام میں مجالس کے وقت لوڈشیڈنگ سے گریز کریں،رات کے وقت لوڈشیڈنگ دہشتگردوں کو دہشتگردی کا مواقع فراہم کرتی ہے اگر سندھ بھر میں کسی جگہ بھی دوران مجالس و جلوس عزا لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ دار کے الیکٹرک، ہیسکو اور واپڈا کے اعلیٰ حکام ہونگے۔ مرکزی عزاداری سیل سے جاری اپنے بیان میں عالم کربلائی نے کہا کہ دوران مجالس عزا لوڈشیڈنگ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،حکومت سندھ لوڈشیڈنگ کا سنجیدگی سے نوٹس لے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شاید حکومت سندھ کے اعلیٰ عہدیداران عزاداروں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں، اس ہی لئے سندھ بھر میں مختلف شہروں میں مرکزی مجالس عزا کے دوران سڑکوں پر نکاسی آب کا کوئی انتظام نہیں ہے، جبکہ جعفرطیار سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ عالم کربلائی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہنگامی سطح پر امام بارگاہوں اور اس کے اعتراف میں سڑک کا مرمتی کام انجام دیا جائے اور سیوریج کے پانی کی نکاس کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

وحدت نیوز (بیروت) حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے جنوب بیروت میں سیدالشھداء سینٹر میں محرم الحرام کی مناسبت سے تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تکفیری سوچ کی ترویج کو روکنے سے ہی عالمی سطح پر جاری دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ایسے دینی مدارس کو بند کرنا ضروری ہے جو تکفیری سوچ کو پرورش دینے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری سوچ کی ترویج کو روکنے میں سب سے پہلی ذمہ داری سعودی عرب پر عائد ہوتی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا: "تکفیری سوچ کو روکنا انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں سب سے پہلی ذمہ داری سعودی عرب کی ہے کہ وہ تکفیری سوچ کی ترویج کو روکے۔ سب کو جان لینا چاہئے کہ داعش مخالف اتحاد کے جنگی طیارے تکفیری دہشت گردی کو ختم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ اس دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ اسلام کا حقیقی چہرہ اجاگر کیا جائے اور دنیا والوں کو بتایا جائے کہ دین مبین اسلام میں کسی کو ناحق قتل نہیں کیا جاتا اور یہ دین کسی کی چوری کرنے یا کسی کی عزت لوٹنے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ اسلام دوسروں کو برداشت کرنے کا دین ہے۔ اسلام گفتگو کا دین ہے۔

"  
 
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ تکفیری ٹولہ اسلام کے خوبصورت چہرے کو بگاڑ کر پیش کر رہا ہے، لہذا آج ہر مسلمان کا فرض بنتا ہے کہ وہ ایک معاشرے کا فرد یا رکن ہونے یا ایک معاشرے کا اقلیتی رکن ہونے کے ناطے اپنے کردار سے اسلام کے حقیقی چہرے کو اجاگر کرے۔ ہماری آواز مضبوط ہونی چاہئے کیونکہ جو کچھ وہ اسلام کے نام پر انجام دے رہے ہیں، اس کا اسلام سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ لہذا ہمیں اپنی مضبوط آواز سے اسلام کے حقیقی چہرے کو اجاگر کرتے ہوئے اس کی واضح تصویر لوگوں تک پہنچانی چاہئے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ دین اسلام قتل و غارت کے درپے نہیں بلکہ دنیا اور آخرت میں انسانوں کی نجات چاہتا ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے کہا: "تکفیری عناصر کے مجرمانہ اور غیر انسانی اقدامات نے دین اسلام کو شدید دھچکہ پہنچایا ہے۔ ان کے یہ شدت پسندانہ رویے غیر مسلم افراد کو اسلام سے دور کر رہے ہیں۔ تکفیری دہشت گرد جعلی احادیث اور قرآنی آیات کو اپنے اقدامات کی دلیل کے طور پر پیش کرتے ہیں جبکہ ان کے شدت پسندانہ اقدامات کا قرآن و سنت سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ عام انسانوں کو قتل کرتے ہیں اور ان کے سر تن سے جدا کرتے ہیں۔

"  
 
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا کہ تکفیری گروہ اپنے دہشت گردانہ اقدامات کے سبب یہ تاثر دے رہے ہیں کہ مسلمان وحشی اور خونخوار ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اسلام کے بارے میں بدبینی بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری عناصر کی جانب سے بعض اسلامی ممالک کے بڑے حصے پر قبضے کی وجہ سے اس خطرے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ خطے میں آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ اسلام اور اسلامی معاشروں کیلئے ایک عظیم خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری عناصر اپنے علاوہ ہر شخص کو کافر سمجھتے ہیں اور اس کے خون، مال اور عزت کو حلال قرار دیتے ہیں۔

 

 سید حسن نصراللہ نے کہا: "گذشتہ ایک صدی سے عرب ممالک میں ایک نیا گروہ معرض وجود میں آیا، جو بعض ممالک میں برسراقتدار آنے میں کامیاب ہوگیا۔ اس نے اپنی طاقت کی بنیادوں کو مضبوط بنانے کے بعد ایک مخصوص سوچ کو پوری دنیا میں پھیلانا شروع کر دیا اور دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر دینی مدارس، یونیورسٹیز، تحقیقاتی مراکز، اخبار، پبلیکیشنز اور میڈیا کی بنیاد رکھی۔ اس گروہ نے پوری دنیا میں اپنی سوچ پھیلانے کیلئے اب تک اربوں ڈالر خرچ کئے ہیں۔"


 
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمیں صرف موجودہ مشکلات کے حل تک محدود نہیں ہوجانا چاہئے بلکہ عالم اسلام میں موجود تکفیری سوچ اور گروہوں کی جڑوں کو نابود کر دینا چاہئے۔ انہوں نے تمام مسلمانان عالم سے اسلام کا دفاع کرنے کیلئے میدان میں آنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ اور سنی علماء اسلام کے حقائق کو متعارف کروانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ تکفیری سوچ کا مقابلہ کرنے کیلئے ثقافتی، فکری اور علمی ذرائع اپنانے کی ضرورت ہے۔ تکفیری سوچ غیر اسلامی ہے، جس کی ترویج کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔ 

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree