The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ و اسرائیل کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے جس ناجائز صہیونی ریاست کی بنیاد رکھی وہ اپنے زوال کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے، غاصب اسرائیل کی ظالمانہ اور جابرانہ کاروائیوں کی اندھیری رات چھٹنے والی ہے، غزہ کے مظلوموں پر گزشتہ ایک ہفتے تک جاری رہنے والی حالیہ بمباری امریکہ اور اس کے گماشتوں کی ایماء پر ہوئی ہے، جس میں بچوں، بوڑھوں، خواتین اور جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس ہوا ہے جس کی شدید مذمت کرتا ہوں اور ان حملوں نے فلسطینی مظلومین کی تحریک مقاومت کو تقویت ملی ہے، اس سے بڑی ہزیمت اور ندامت کیا ہو گی کہ اسرائیل نے خود ہی غزہ پر جنگ مسلط کی اور خود ہی جنگ بندی پر مجبور ہو گیا۔ افسوس ناک پہلو یہ ہے اقتدار کے نشے میں مست پاکستان کے حکمران اس ساری صورتحال سے غافل رہے اور کسی نے ان حالیہ مظالم کی مذمت تک نہیں کی، ان بے حس حکمرانوں نے اپنی عوام کے لئے ملک کو فلسطین بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل جیسی غاصب و ناجائز ریاست اور سرپرست امریکہ کو مشرق وسطی کے امن سے سخت تکلیف ہے، چین کی سربراہی میں ہونے والے سعودی عرب، ایران امن معاہدہ امریکہ و اسرائیل کو انتہائی ناگوار گزرا ہے، اس معاہدے نے امریکہ اور اس کے حواریوں کو عالمی سیاست میں غیر مؤثر کر دیا ہے، اسرائیل کے حالیہ پرتشدد، حملوں اور غیر انسانی سلوک پر دنیا کے نام نہاد انسانی حقوق کے اداروں کی مجرمانہ خاموشی شرمناک ہے، عالمی برادری کی طرف سے اسرائیل کے بہیمانہ اور وحشیانہ ظلم وبربریت اور خلاف ورزیوں کو نظر انداز کرنا قابل مذمت ہے اور ان اداروں کا دوہرا معیار ناقابل قبول ہے، ظلم جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ان مظالم نے فلسطینی مظلومین کو متحد اور مضبوط کر دیا ہے، اسرائیل کے تسلسل سے جاری مظالم سے چشم پوشی بین الاقوامی چارٹرز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نئی نسل میں شعور اور بیداری کی لہر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ملک کو خاندانی جمہوریت اور کرپٹ مافیا سے نجات دلا کر حقیقی جمہوریت اور بہتر جمہوری نظام دیں گے۔ یہ بات مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ کوئٹہ میں حقیقی آزادی تحریک کے دوران احتجاج قتل ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن عمر عزیز ناصر کے اہل خانہ اور ورثاء سے تعزیت کے موقع پر کہی۔ انہوں نے عمر عزیز کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، مولانا ذاکر حسین درانی، ضلعی صدر ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ سید ابراہیم شاہ، عیوض علی ہزارہ، محمد رضا و دیگر وفد میں شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نئی نسل معاشرے میں جاری کرپشن اور ظالمانہ نظام سے بیزار ہو کر ملک و قوم کی قسمت بدلنا چاہتے ہیں۔ غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر حقیقی آزادی حاصل کرنے کے لئے دی جانے والی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ پاک وطن کے شہداء نے جو خون دیا ہے، وہ رایگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نئی نسل میں شعور اور بیداری کی لہر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جو وطن عزیز پاکستان میں ظلم و جبر خاندانی جمہوریت، سامراجی مداخلت اور غلامی کے خاتمے کا سبب بنے گی۔ ملک کو خاندانی جمہوریت اور کرپٹ مافیا سے نجات دلا کر حقیقی جمہوریت اور بہتر جمہوری نظام دیں گے۔ تاکہ ملک مزید انحطاط کی بجائے تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

وحدت نیوز(کراچی)پاکستان میں موجودہ بحرانی کیفیت کا حل شفاف الیکشن ہیں، موجودہ حالات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کیا۔ مظاہرے میں علامہ مختار امامی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، ناصر الحسینی، حیدر زیدی سمیت کارکنان نے شرکت کی۔

مظاہرین نے موجودہ ملکی صورتحال اتحادی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ملک میں جلد شفاف الیکشن کا مطالبہ کیا۔ اپنے خطاب میں مقرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے، اس وقت دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل کردیا گیا ہے، حکومتی اشرافیہ نے آئین و قانون کی توہین کی ہے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان وطن عزیز کی آزاد خارجہ پالیسی اور داخلی استحکام کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہے گی، پاکستان کے سیاسی بحران کے بعد معاشی بحران انتہائی سنگین ہوچکا ہے جس پر عالمی ادارے رائے دے رہے ہیں لہذا بروقت اقدام لینا انتہائی ناگزیر ہے، سپریم کورٹ کا احترام ملحوظ رکھا جائے تاکہ اس دارے پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہو، ہم  قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہے جس کا عملی مظاہرہ ہم کئی دہائیوں سے کرتے آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مقبول سیاسی رہنما کی گرفتاری کے بعد پیدا شدہ حالات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جہاں حکومتی رٹ پر عملدرآمد نہ ہونا، مجرمانہ غفلت اور سازشی اقدامات کی طرف متوجہ ہونا چاہیئے، عوام پاکستان کی غالب اکثریت امن عامہ اور معاشی تحرک کی خواہاں ہے جس کے اسباب حکومت کو مہیا کرنے ہیں، صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں نگران حکومت کی معیاد ختم ہوچکی ہے جس کی وجہ سے نیا بحران پیدا ہونے کو ہے، بروقت اقدامات کئے جائیں تاکہ صاف شفاف اور قابل قبول الیکشن ہو پائیں، موجودہ پی ڈی ایم حکومت کی گزشتہ چند روز کی پریس کانفرنس غیظ و غضب، اشتعال اور عدلیہ کی توہین پر مبنی تھیں جس سے حالات سنبھالے نہیں، ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات پر قائم پاکستان کو محفوظ، مضبوط اور خود مختار بنانا ہے، ابھی بھی حکومت ہوش میں آئے آئین پر عملدرآمد کرے اور بروقت الیکشن کروائے تو شاید معاشی مسائل بھی حل ہوں۔ رہنماؤں نے سانحہ پاراچنار کے قاتلوں کی گرفتاری اور مجرمانہ غفلت کی مرتکب انتظامیہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔

وحدت نیوز(کراچی) کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن کورنگی کے رہائشی فعال شیعہ رہنما، سابق ممبر پیس کمیٹی اور ایم ڈبلیوایم ضلع کورنگی کےصدر سید رضوان رضوی کے چچا سید  اقبال رضوی (شاہ جی) کو عزاخانہ صغریٰ کورنگی 3نمبر کے پاس نامعلوم مسلح دہشت گردوںنے فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ گذشتہ شب انہیں سر پر گولیاں مار کرشدید زخمی کیا گیا ، جائے وقوعہ سے انہیں بذریعہ ایمبولنس فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نا ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔

واضح رہے کہ مقتول کے جواں سال فرزند سید اظہر رضوی (بابا) کو بھی صرف 5 روز قبل کورنگی میں ہی نشانہ بنایا گیا تھا جس میں وہ جانبحق ہوگئے تھے۔پولیس حکام نے اس قتل کو ڈکیتی مذاحمت قرار دیکر اپنی جان چھڑوالی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری، ڈویژنل رہنما رضی حیدر رضوی ، زین رضا رضوی و دیگر فوری جناح اسپتال پہنچے اور انہوں نے مقتول کے ورثاءسے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔

ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں نے بھی ان دونوں قتل کی کاررائیوں پر شیعہ ٹارگٹ کلنگ کا شبہ ظاہر کیا ہے ، انہوں نے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصا آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف سے فوری شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ قاتلوں کو فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

وحدت نیوز(لالیاں) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی صاحبہ آ ج کل پاکستان کے مختلف علاقوں میں دورہ جات کر رہی ہیں اور وہاں موجود فعال خواتین سے ملاقات کر رہی ہیں ۔اسی سلسلے میں انہوں نے تحصیل لالیاں علاقہ  احمد نگر کا دورہ کیا جس میں انکے ہمراہ ضلع چنیوٹ کی نائب صدر حنیفہ عمر دراز صاحبہ اور محترمہ نساء صاحبہ ہمراہ تھیں ۔

وہاں انہوں نے فعال خواتین سے اہم نشست کی اور محترمہ اقدس بتول صاحبہ کو تحصیل لالیاں علاقہ احمد نگر کا صدر منتخب کیا نیز محترمہ معظمہ صاحبہ کو نائب صدر ،محترمہ انیلا شھاوند کو سیکرٹری مالیات اور محترمہ آ منہ اخلاق کو رابطہ سیکرٹری کی مسولیت دی ۔بعد ازاں نو منتخب اراکین سے حلف لیا ۔

وحدت نیوز(لاہور) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ،مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس تقوی، محسن شہریار اور اسد علی بھی شامل تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گزشتہ چار پانچ دنوں میں ملک کو ہجانی کیفیت سے دوچار کیا گیا ،پی ڈی ایم اور ان کے آقاوں کی ایما پر ایک مقبول عوامی لیڈر کو بہیمانہ طریقے سے گرفتار کرکے عوام میں اشتعال پیدا کیا گیا ۔ اور پھر احتجاج کرنے والوں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو مارا پیٹا اور سر عام گھسیٹا گیا بچوں کو بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایاگیا، بنیادی انسانی حقوق کو پاؤں تلے روندا گیا،نہتی ماؤں بہنوں کے اوپر ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑ دیئے، زنداں کی کوٹھڑیوں میں پابند سلاسل کر دیا گیا ہے، بعض خواتین کو ایسے تھانوں میں بند کیا ہوا ہے جہاں پر کوئی مرد نہیں ہے،پڑھی لکھی خواتین جو کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتی ہیں انہیں قید کیا ہوا ہے، ان چند دنوں میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے لئے ریاستی مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ ،خواتین کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ہماری اخلاقی و سماجی اقدار کے بھی برخلاف تھا۔ اس بہمانہ ظلم کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ہم نے اس قدر مشکلات کے باوجود پرامید اور نڈر پایا ہے، یہ قانون قدرت ہے صبر و استقامت دکھانے والے چھوٹے گروہ بڑے بڑے لشکروں پر غالب آ جاتے ہیں، یہ ارادوں اور عزم و حوصلے کی جنگ ہے، پورے ملک کے لوگ آج بھی نکلے ہیں لیکن کہیں کوئی پتھراؤ نہیں ہوا، آج الیکشن کا دن تھا لیکن الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی طرح سینا تان کر سپریم کورٹ کے باہر دھونس اور دھمکی کی راہ پر گامزن ہیں یہ امپورٹڈ حکومت اعلیٰ عدلیہ پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ ٹولا ہے کہ جو چاہتے ہیں کہ عوام کو ڈرا کر آئین اور قانون کو بلڈوز کریں، یہ سب کا ملک ہے کسی ایک شخص کا نہیں، یہ شکست کھائیں گے اور رسوا ہوں گے اور ٹیڑھی انگلیوں کی بات کرنے والوں کی اپنی انگلیاں ٹوٹیں گی،پاکستان زندہ باد ہے اور رہے گا یہ آگے بڑھے گا انشاء اللہ اور یہ ناجائز قابضین ناکام و نامراد ٹھہریں گے، ہم اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے تمام تر رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں اور کیا قصور ہے بزرگ خاتون ڈاکٹر شیریں مزاری کا جنہیں گھر سے گرفتار کر کے جیل میں ڈالا گیا ہے عمران ریاض کو مسنگ کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، املاک پر حملے غلط ہوئے ہیں جس کی تحقیقات کے لئے آزاد جوڈیشل کمیشن بنا کر حقائق سامنے لائے جائیں، ہمارا مطالبہ الیکشن کا ہے لہذا یہ سب پرتشدد واقعات اور کاروائیوں کے پیچھے وہی ذہن ہے جو الیکشنز نہیں چاہتے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شہداء کی یاد اور ان کے مشن کو زندہ رکھنا باعث سعادت ہے۔ شہداء ہمارے محسن ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں شہداء کے گھروں میں پہنچ کر انکے ورثاء سے ملاقات کے موقع پر کہیں۔ اپنی گفتگو میں علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں۔ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں۔ شہداء کی یاد اور ان کے مشن کو زندہ رکھنا باعث سعادت ہے۔ در ایں اثناء مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ملک بھر میں سیاسی کارکنوں اور پی ٹی آئی قیادت کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی نام نہاد دعویدار امپورٹڈ حکومت نے جس طرح ملکی آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کو پامال کیا ہے وہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میں اب بیداری کی لہر ہے یہ اغیار کی غلامی سے آزادی اور آئین و قانون کی بالادستی چاہتی ہے۔ کئی دھائیوں سے بر سراقتدار کرپٹ ٹولہ سیاسی مافیا عوام کے نفرت کے نشانے پر ہے اور عوامی بیداری کو کچلنے کے حوالے سے مافیا کے تمام تر حربے ناکام ہو رہے ہیں۔ سیاسی مافیا ووٹ کو عزت دو کے اپنے بیانیے سے مکمل طور پر منحرف ہو چکی ہے۔ حکمران اتحاد بند گلی میں پھنس چکا ہے۔ عوام پچہتر سال سے بر سراقتدار کرپٹ نظام سے چھٹکارا چاہتے ہیں اور عمران خان ان کی آواز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آئین اور قانون کے محافظ ہیں۔ پوری قوم آئین کی بالادستی کے لئے عدلیہ اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے۔ مافیا کی طرف سے چیف جسٹس کے خلاف زبان درازی قبول نہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ملک کے مقبول ترین عوامی لیڈر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والے غیور پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور اس فاشسٹ رجیم اور ان کے سہولت کاروں سے ملک کو حقیقی آزادی دلانے کے لئے اپنی بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں، اس اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں جب حکمران اور ان کے سہولت کاروں نے تمام آئینی و قانونی راستے بند کر دیئے ہیں، ایسے میں عوام کو یہ باور کر لینا چاہیے کہ عوامی طاقت سے ہی ملک میں آئین کی پاسداری اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ان وطن دشمنوں کا پیچھا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک وقوم ایک مرتبہ پھر سے مشرقی پاکستان جیسے سانحہ کے متحمل نہیں ہو سکتے، سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتارکر کے عوام کو حقیقی آزادی کی جدوجہد سے روکا نہیں جا سکتا، آئین و قانون شکن امپورٹڈ حکومت کے سہولت کاروں کے ہاتھوں عوامی مقبول سیاسی رہنما کی احاطہ عدالت سے گرفتاری انتہائی شرمناک ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بعض نامرئی قوتیں اپنے آپ کو آئین وقانون سے ماوراء سمجھتی ہیں، ان قوتوں کی ایماء پر آج ہائی کورٹ کی کھلم کھلا توہین کی گئی ہے۔ اس ملک میں عوام کے بنیادی حقوق کی کسی کو پرواہ نہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ عدالتوں کو مذاق بنانے والے عوام کے غیظ وغضب سے نہیں بچ سکیں گے، ایک طرف ملک لوٹنے والوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے، دوسری طرف عوام اور پاکستان کے حقوق کے لئے جدو جہد کرنے والوں پر ظلم و بربریت کی انتہاء ، یہ کسی بھی محب وطن پاکستانی کو قبول نہیں، اعلیٰ عدالتوں کو اس بدمعاشی کا فوری نوٹس لینا چاہیئے، یہ غیر منصفانہ رویہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں ناقابل قبول ہے، اس اقدام سے صاف ظاہر ہے کہ ملک کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لیے کوئی بھی سنجیدہ اور مخلص نہیں ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم عارف حسین علیجانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تری مینگل پارہ چنار واقعے کی جس قدر مذمّت کی جائے کم ہے، جس طرح ان اساتذہ کو فرائض منصبی کی انجام دہی کے دوران بے دردی سے شہید کیا گیا ہے اس پر پورے ملک کے اساتذہ کو خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے تھا، اس غیر انسانی اور بزدلانہ کارروائی پر اساتذہ تنظیموں کی جانب سے شدید ردعمل اور احتجاج نہ کرنا افسوس ناک امر ہے، آج اگر اس سفاکانہ اور ظالمانہ سلوک کے خلاف ملکی سطح پر سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہوں اور اساتذہ نے بھرپور آواز بلند نہ کی تو یہ اس پیغمبرانہ پیشے کے ساتھ بھی خیانت ہو گی، یہی صورتحال رہی تو اس طرح دیگر شعبوں کی طرح اساتذہ کے حقوق بھی سلب ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر فورمز کی طرح اساتذہ کی جانب سے بھی فورمز کا انعقاد ناگزیر ہے، ان پروگراموں میں علم کی روشنی پھیلانے والے مظلوم معلمین کے ساتھ اظہار یکجہتی و ہمدردی کی جائے، اور ان پلیٹ فارمز سے اس طرح کے بہیمانہ قتل کی مذمت ہونی چاہیے، تاکہ دوبارہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں، اگر آج ان بے گناہ مظلومین اساتذہ کے حق میں آواز بلند نہ کی گئی تو یہ سلسلہ چل نکلے گا۔

وحدت نیوز(پشاور)ضلع کرم کے امن وامان کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بدامنی اور نفرت کا شکار کیا جا رہا ہے، جسے علاقے کی باشعور عوام کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختون خواہ کے جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے عمائدین اور کارکنوں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں عوام کو یاد دلایا کہ اہل کرم کو تسلسل کے ساتھ آٹھ دس سال بعد جنگ میں جھونک دیا جاتا ہے ۔ 1960ء سے لیکر 2012ء کے فسادات اور خون خرابے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس پر متوجہ رہنا چاہیے، اس صورتحال سے ہم سب کو بخوبی اندازہ ہو جائے گا کہ اس وقت یہ کوئی فرقہ وارانہ یا قبائلی زمینی یا مذہبی تنازعہ نہیں ہے بلکہ اس کے پس پردہ گزشتہ فسادات جیسے مقاصد اور مفادات کارفرما ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ریاست کی طرف سے دفاع پاکستان کے نام سے کالعدم جماعتوں کے سربراہوں کو سرکاری مرکزی اجلاسوں میں شریک کرنا ملک میں انتشار کو ہوا دینے کے مترادف اور انتہائی افسوس ناک ہے۔ ہم مقامی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہیں کہ دہشت گرد قاتل تو دندناتے پھرتے ہیں اور تم سکولوں کو بند کر رہے ہو۔ اس وقت حالات کی حساسیت اور سنگینی کا تقاضا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہچایا جائے،پولیس ہیڈ، اسسٹنٹ کمشنر، صوبائی وزراء اور مختلف اداروں کے ملازمین کا تری مینگل اساتذہ کی شہادت کو زمینی تنازعات سے جوڑنا ریاستی جھوٹ اور بدنیتی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاسی و سماجی پارٹیوں سمیت عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ ضلع کرم کے شیعہ سنی مسلمانوں کو تباہی و بربادی سے بچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ان بہیمانہ و ظالمانہ کاروائیوں کو روکنے کیلیے اج میدان عمل میں آئیں اور صدائے احتجاج بلند کریں، نہیں تو انے والی نسلیں ہم سب کو معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کرم کے شیعہ سنی عمائدین اور علماء کرام و جوانوں کو پیغام دیتے ہوئےکہا ہےکہ اپنی دھرتی کی تعمیر و ترقی اور نئی نسل کو ذہنی دباؤ اور اذیت سے محفوظ رکھنے کے لیے متحد ہوکر اواز اٹھائیں، سیاسی اور معاشی خلفشار پر پردہ ڈالنے کیلئے ہم اپنے خون کو ایک مرتبہ پھر سے پانی کی طرح بہانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، مظلوم شہید اساتذہ کے خون کا حساب مانگیں، علاقے کی فلاح وبہبود کی طرف بڑھنے والے اتفاق و اتحاد کی حمایت کریں اور امن و ترقی کے سفر میں آنے والی ہر سازش کو ناکام بنانے میں ہر ذمہ دار انسان اور مسلمان اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree