The Latest
وحدت نیوز(کراچی)حالیہ دونوں کراچی کے علاقے کورنگی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن ضلع کورنگی کی جانب سے ضلع بھر میں بینرز لگائے گئے جس میں حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان جرائم میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے فی الفور سزادیں اور مستقبل میں ان وارداتوں کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
وحدت نیوز(لاڑکانہ) وحدت یوتھ ونگ پاکستان کا محبانِ وطن اجلاس 10/11 جون کو اسلام آباد میں منعقد ہورہا ہے ڈویژن لاڑکانہ سے تمام تحصیل عہدیداران شرکت کریں گے۔
تھوڑے عرصے میں مرکزی کواڈینیٹر برادر تصور علی مھدی نے ملک بھر میں آرگنائزر مقرر کردیئے، چاروں صوبوں کی ڈویژنل میں یوتھ کا سیٹپ بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وحدت یوتھ ونگ ڈویژن لاڑکانہ کے صدر منصب علی کربلائی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 10/11 جون 2023 کو اسلام آباد میں محبانِ وطن جنرل یوتھ کونسل اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں ڈویژن لاڑکانہ کے تمام تحصیل کے صدور شرکت کریں گے۔
انہوں نے مرکزی کوآڈینیٹر برادر تصور علی مھدی کے کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تھوڑے عرصے پورے ملک کے اندر وحدت یوتھ کا مظبوط سیٹ اپ بنا دیا ہے اور مرکزی اجلاس کے بعد پورے ملک میں یوتھ ونگ میں ممبر سازی کا آغاز ہوگا۔
وحدت نیوز(کشمور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کندھ کوٹ میں تین سالہ معصوم بچے ثمرت کمار سمیت تین درجن سے زائد معصوم شہریوں کے اغواء برائے تاوان پر شدید غم و غصے اور درد و تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کشمور میں تسلسل کے ساتھ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں افسوس ناک ہیں۔ ضلع میں امن و امان کی ابتر صورتحال کو بہتر کرنے اور مغویوں کی بازیابی کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ مقام افسوس ہے کہ ایک مغوی کی بازیابی سے قبل اغواء کی مزید وارداتوں کے باعث اس وقت ایک ضلع میں مختلف وارداتوں میں 36 افراد اغواء ہو چکے ہیں، جو غریب گھرانے دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے ان سے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اغواء برائے تاوان کے بعد مغویوں پر تشدد، جنسی زیادتی اور اس زیادتی کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا۔ اغواء کی وارداتوں کو ایک سو پچاس 150 دن گزر گئے، مگر پولیس اور انتظامیہ مجرموں کے سامنے بے بس اور بے حس نظر آتی ہے اور اغواء برائے تاوان ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔ جس میں بااثر افراد ملوث ہیں۔ حال ہی میں ایس ایس پی نے 40 پولیس اہلکاروں اور افسروں کو ڈاکوؤں کے سہولت کار ہونے کے باعث محکمے سے فارغ کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ تعجب ہے کہ کئی ماہ سے ڈاکے اغواء کی وارداتیں اور پولیس کے جوانوں کی شہادتیں جاری ہیں، مگر مجرموں کے خلاف فوجی آپریشن نہیں کیا جا رہا۔
آخر بتایا جائے کہ رینجرز سندھ میں کیا کر رہی ہے؟ پولیس کے پاس ڈاکوؤں سے لڑنے کے لئے نہ مطلوبہ اسلحہ اور وسائل موجود ہیں اور نہ ہی صلاحیت ہے۔ پیپلز پارٹی کے بااثر بر سر اقتدار وڈیرے پولیس کو فری ہینڈ دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ لہٰذا اب ڈاکوؤں کے خلاف فوج اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ ضلع کشمور، شکارپور اور گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں ڈاکو کلچر نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ہوا ہے۔ پولیس اہلکاروں کی شہادت اور اغواء کی وارداتوں کے سدباب کے لئے ضروری ہے کہ پولیس رینجرز اور پاک فوج کے تعاون سے آپریشن کلین اپ کا آغاز کرے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع شرقی کراچی کے تحت مسجد وامام بارگاہ ابوطالبؑ سولجر بازار میں ہفتہ وار درس کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس اتوار’16 مئی یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت ‘سے فکری نشست منعقد کی گئی ۔جس سے خطاب کرتے ہوئےرہنما ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن و خطیب اہلبیتؑ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ امام خمینیؒ نے امریکہ مردہ باد کا نعرہ متعارف کروایا اور مسلمانوں کے تمام مسائل کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیا ۔16 مئی 1984 کو شہید قائد علامہ عارف حسینیؒ نے یوم مردہ باد امریکہ قرار دیا ۔امریکہ کی پشت پناہی کے سبب اسرائیل وجود میں آیا ۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے جوان لائق تحسین ہیں کہ انہوں نے اس دن کو زندہ رکھا ہوا ہے ۔رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی با بصیرت قیادت کے باعث آج امریکہ شکست کا شکار ہے ۔آج طاقت کا توازن فلسطینیوں کے حق میں بدل چکا ہے ۔ فلسطینی طاقتور اور غاصب اسرائیل کمزور ہوتا جارہا ہے ۔جو شخص بھی ظالم کے خلاف استقامت کا مظاہرہ کرتا ہے ،خدا اس کی نصرت ضرور کرتا ہے ۔فلسطینیوں نے 75 سالوں سے مزاحمت کا راستہ اپنایا ہوا ہے ۔انقلاب اسلامی ایران فلسطینیوں کے لئے ایک غیبی مدد ثابت ہوا ۔امام خمینی ؒ نے مسئلہ فلسطین کو عالمی تحریک میں بدل دیا ۔فلسطینیوں کومضبوط کرنے میں شہید قدس سردار قاسم سلیمانی نے بنیادی کردار ادا کیا ۔
علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ ہماری اہم ترین ذمہ داری یہ ہےکہ ہم امام زمانہ ؑ کےلئے تیاری کریں ۔امام زمانہ ؑکے ظہور کےلئے اجتماعی تیاری کی ضرورت ہے ۔ امام زمانہ ؑ کے ظہور میں تمام مشکلات کا حل موجود ہے ۔ولایت فقیہ عادلانہ اسلامی نظام حکومت ہے ۔نشست کے اختتام پر شہدائے پاراچنار کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وحدت نیوز(آرٹیکل)بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
عزیزان گرامی ! ہم سب نے تاریخ اسلام میں اس واقعے کا مطالعہ کیا ہے کہ جب فتح مکہ ہوئی اور لشکر اسلام مکہ مکرمہ کی حدود میں وارد ہوا تو رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ اعلان عام فرمایا کہ کفار کے گھر ، ناموس اور مال کو امان دی جائے ۔ اس کے بعد خانہ کعبہ کی زیارت فرمائی ، باہر تشریف لائے تو تمام کفار سر جھکائے مرد و زن آپ کے سامنے کھڑے تھے اور اپنی سزا کے انتظار میں تھے ۔ یہاں پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عام معافی کا اعلان فرمایا ۔
عرب کے قانون کے مطابق جو علاقے جنگ کے بغیر فتح ہوجاتے تھے ، تو اس علاقے کے تمام باشندے فاتح لشکر کی غلامی میں آجاتے تھے ، لیکن رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس روایت کو توڑ دیا اور اپنے برسوں کے مخالفین اور دشمنوں کو غلام بنانے کی جگہ معاف فرما کر آزاد کردیا ، اور پھر اس طرح سے امت مسلمہ کو ہمیشہ کے لئے ایک درس دیا اور سکھایا کہ دشمن اور مخالف کے ساتھ تمہارا سلوک کیسا ہونا چاہیے ۔
مسلمانوں کو ہمیشہ سب کی حتی کہ کفار کے گھروں اور خواتین کا لحاظ کرنا سکھایا ، جنگوں کے دوران کفار حربی سے جنگ ہوتی تھی لیکن بچوں ، بوڑھوں اور ان کی عورتوں سے رواداری کا سلوک رکھا جاتا ۔درختوں کو جلانے سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منع فرماتے ، جنگ کے دوران نہروں اور پانی کے ذخائر کو کھلا رکھنے کا حکم دیتے ۔ یہ وہ سنت نبوی تھی جو تمام مسلمانوں کو سکھائی گئی کہ جب تم کسی کی مخالفت اور دشمنی سے دوچار ہو جاؤاور پھر فتح یاب ہوجاؤ تو تمہیں کس اخلاق کا مالک ہونا چاہیے ۔
عزیزان! ہم سب مملکت خداداد پاکستان میں رہنے والے ہیں وہ پاکستان جو اسلام اور کلمہ لا الہ الااللہ محمد رسول اللہ کے زیر سایہ تاسیس ہوا جس ملک میں مسلمان سنت نبوی کو دل و جان سے چاہنے والے ہیں ، وہ سنت نبوی جو زندگی کہ ہر شعبے میں ہمارے لئے نمونہ عمل ہے ۔ عزیزان! آج ہم اس ملک میں دشمنیوں کے نام پر ، مخالفتوں کے نام پر کیسے کیسے مناظر دیکھ رہے ہیں شاید آج تک پاکستان کی تاریخ میں ایسے واقعات پہلے کبھی سننے کو ملے نہ دیکھنے کو ۔
میں بطور مسلمان خاتون یہ آواز اٹھانا چاہتی ہوں اور یہ پیغام اپنے ذمہ دار اداروں تک پہنچانا چاہتی ہوں کہ یہ کونسا انصاف ہے کہ صرف اس جرم میں کہ کسی جماعت یا گروہ کے نظریات اور فکر ہم سے نہ ملتے ہوں ان کے گھروں میں بغیر اجازت کے گھسا جائے ، عورتوں کی بے حرمتی کی جائے ، ماوؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کے سروں سے دوپٹے کھینچے جائیں ، نامحرم مرد ، ماوؤں ، بہنوں کی ویڈیوز بنائیں اور وائرل کرنے کی دھمکیاں سنائیں جائیں ۔
میں حیران ہوں کیا ایسا اقدام کرنے والوں کو ہم مسلمان کہہ سکتے ہیں ؟ کیا ایسے جانور صفت لوگ مسلم ہیں ؟ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تو کافر خاتون کی بھی عزت کرنا سکھائی ہے چہ جائیکہ مسلمان خواتین ، مومنہ خواتین کا احترام ۔اے مملکت خداداد پاکستان کے غیور مسلمانوں ، کیا وقت نہیں آگیا کہ اس ظلم اور بربریت کے خلاف آواز اٹھائی جائے ۔
ضروری نہیں کہ ہر انسان مذہبی ، سیاسی ، ثقافتی لحاظ سے ہمارا ہم فکر ہو ، لیکن کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ جو بھی ہمارا مخالف ہوگا ، اس کی ماں ، بہن اور بیٹی سے ایسا سلوک ہوگا ، کیا ایسے گھناؤنے اعمال ہماری اسلامی اور ملکی قوانین کے مطابق ہیں ؟ کیا ایسے لوگ خود گھروں میں مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں نہیں رکھتے ؟ کہ آج امت کی عورتوں کی یوں بے حرمتی کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں ۔
یقینا ایسے لوگوں کا اسلام سے کوئئ تعلق نہیں نہ ہی انسانیت سے کوئئ رشتہ ہے ۔ میرا ان لوگوں سے صرف ایک سوال ہے اور وہ یہ ہے ، تمہارے اس سلوک سے جو تم نے لوگوں کی عورتوں کے بارے میں روا رکھا ہے کیا رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم راضی ہیں ؟ کیا خداوند سبحان تمہاری اس طرح خواتین کی تشہیر کرنے پر خوش ہے ؟ اگر ایسا نہیں ہے تو تم لوگ کس کی خوشی اور رضا کے لئے یہ رذائل انجام دے رہے ہو ، اگر یہ سب کچھ پیسے کی خاطر ہے تو ہمیں بتاؤ ، مملکت پاکستان تمہاری ضروریات کو پورا کرئے گا ۔ لیکن چند سکوں کے عوض اتنے نہ گرجاؤ کہ قبر ، برزخ اور روز جزاء کو بھول جاؤ ۔ بہرحال اللہ پاک کی لاٹھی بے آواز ہے ۔
اس دنیا میں نہیں تو اس عالم میں اللہ سبحانہ وتعالی کی عدالت میں تمہیں بھی حاضر ہونا ہے ۔ ایک مخالف نظریہ کی خاطر جتنی مسلمان بہنوں کو اغوا کیا ، غائب کیا ، ان کی ویڈیوز بنائیں ، ان کی چیخیں عزیزوں کو سنائیں تمہیں ان سب کا جواب اللہ کے حضور دینا ہوگا ۔
وما علینا الاالبلاغ ۔ والسلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ ۔
سیدہ معصومہ نقوی
مرکزی صدر وومن ونگ مجلس وحدت مسلمین پاکستان
وحدت نیوز(سکردو) صوبائی وزیر زراعت و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے سابق سیکریٹری ایگریکلچر خادم حسین سلیم اور موجودہ پروگرام کوآرڈنیٹر ای ٹی آئی ایفاد سے تفصیلی میٹنگ کی۔ میٹنگ میں پروگرام کوآرڈینیٹر نے گلگت بلتستان میں جاری زرعی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ ایفاد کے پروگرام کو تمام اضلاع میں ایکسٹینشن صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی ہے اور یہ اسوقت تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتا جبکہ بروقت سکیموں کا آغاز نہ ہو۔ انہوں کہا کہ مستقبل میں فوڈ سکیورٹی کے شدید ایشوز آ رہے ہیں جس کا حل قابل کاشت اراضی کو زیرکاشت لانا ہے۔ ایفاد کے تینوں سیگمنٹس جس میں زرعی اراضی کو قابل کاشت بنانا، آبپاشی کے منصوبوں رابطہ پل اور سڑکوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ویلیو ایڈیشن یہاں کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بن سکتی ہے اور زراعت کو وسیع پیمانے پر فروغ دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے سب سے زیادہ ذخائر جی بی میں ہونے کے باوجود آبپاشی کے لیے پانی فراہم نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ جی بی کی ترقیاتی سکیموں کے لیے وفاق سے ملنے والے فنڈ ناکافی ہے لیکن ایفاد کے معیار پر پورا اترنے والی سکیموں پر جلد از جلد کام شروع کیا گیا تو معاشی انقلاب آئے اور اسے سبز انقلاب کہا جاسکتا ہے۔ منسٹر ایگریکلچر نے تمام دیگر اضلاع سمیت حلقہ نمبر میں موجود وسیع مگر بنجر اراضی کی نشاندہی کی جن کو آباد کرنے کے لیے آبپاشی کی نہریں، رابطہ سڑکیں اور ترقیاتی سکیمیں درکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سدپارہ سے بشو اور شغرتھنگ سے کواردو تک ہزاروں کنال اراضی بنجر ہے جنہیں آباد کیا جائے تو زمینداروں کی قسمت بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خالصہ کی زمین آباد ہونے کے بعد آبادکاروں کے نام پر انتقال کرنیکا فیصلہ جی بی گورنمنٹ کا تاریخی فیصلہ ہے۔ عوام کو چاہیے کہ جہاں جہاں تنازعات ہیں انہیں فوری ختم کرکے بنجر زمینوں کی آبادی کاری کے لیے ایفاد کی طرف بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دریائے شگر سے کچورا برج تک کی ایک بڑی نہر کا پلان تیار کرے فوری فزیبلٹی تیار کرکے اس پہ کام شروع کرے تو یہ تاریخی کام ہوگا۔ کورادو ستراندونگما کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت کواردو کی حد تک نہر پر کام شروع کیا ہے جوکہ لائق تحسین اور دوسروں کے لیے نمونہ عمل ہے انکی بھرپور حوصلہ افزائی ہونی ہے۔
وزیر زراعت نے اس بات کی ہدایات بھی دیں کہ دریائے سندھ کے سبب ہر سال کٹاو کی زد میں آکر کواردو، سندس، کتپناہ، رنگاہ، رزسنا اور حوطو میں زرعی اراضی تباہ ہو رہی ہیں۔ حکومتی سطح پر حفاظتی بند کے لیے کام جاری ہے تاہم وہ ناکافی ہے اس سلسلے میں ایفاد کی طرف سے بھی ان سکیموں پر کام شروع کیا جائے۔ وزیر زراعت نے حلقے میں موجود تمام بنجر اراضی کی تفصیلات اور فہرست پروگرام کوارڈنیٹر خادم سلیم کو دے دی اور ان پر فوری سروے کا کہا گیا۔
انہوں نے دیگر حلقوں کے اسمبلی اراکین سے بھی اس سلسلے میں تفصیلات لینے اور انکی معاونت سے اس منصوبے کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر خادم حسین سلیم نے کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں موجود بنجر اراضی کو زیرکاشت لانے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تنازعات کی وجہ سے بہت سارے مقامات پر منصوبے رکے ہوئے ہیں جو خطے کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے تعاون سے اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں یہ کیسی اندھیر نگری ہے، کہ مائیں، بہنیں، بیٹیاں، معمر خواتین، جرنلسٹس، مادر وطن پاکستان کے معصوم بچے، بوڑھے، متکبر و ناعاقبت اندیش فاشسٹوں کی فسطائیت کا شکار ہیں، ملک میں نہ آئین کا تقدس باقی ہے اور نہ ہی قانون کی حرمت بچی ہے، عدالتوں کی کھلم کھلا توہین اور بے توقیری ہو رہی ہے، ڈاکٹر شیریں مزاری جیسی بزرگ خاتون کو بار بار پابند سلاسل کرنا کس بات کی غمازی کرتا ہے، یہی کہ آئین وقانون کی بالادستی کے لیے آواز بلند کرنے والوں کی زندگیاں اجیرن بنا دو، تاکہ شدید دباؤ سے وہ اپنے بنیادی حقوق کے نعروں سے مجبور ہوکر کر ہٹ جائیں، صبر کرنے والے اور استقامت دکھانے والے محبوب خدا ہیں، اللّٰہ رب العزت صبر کرنے والے اور ڈٹ جانے والوں کو اجر عظیم دے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جو پاکستان میں حالات پیدا کیے گئے ہیں، یہ پاکستانی عوام پر امتحان کی گھڑی ہے، امپورٹڈ ٹولے کی جانب سے اپنے مفادات کی خاطر بنائے گئے مصنوعی بادل جلد چھٹ جائیں گے، مشکلات اور ظلمتوں کی اندھیری رات کے بعد آزادی کا سورج طلوع ہو گا، ہم ملک میں آئین وقانون کی بالادستی اور عملداری کے اپنی اصولی جدوجہد جاری رکھیں گے، یہ ملک اس وقت تک ہی درست ڈگر پر چلے گا جب یہاں انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام تر ادارے اپنے آئینی دائرہ اختیار میں رہ کر فرائض انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگی ریاست اور عدلیہ دونوں کو زیر سوال لاتی ہے، ریاست کے اندر ریاست جمہوریت کی روح کے منافی، آئین اور قانون کی پاسداری و عملداری پر اگر قانون نافذ کرنے والے ہی عمل پیرا نہیں ہونگے، تو پھر شہری کیسے آئین و قانون کی سربلندی پر عمل کریں، پاکستان کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے باشعور افراد کو چاہیے کہ وہ ملک کو جنگل بننے سے بچائیں، عدل اور انصاف کی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں، موجودہ حکمرانوں نے ملک میں جس انارکی کو پھیلایا ہے وہ خود ہی اس کی زد میں ہوں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وحدت یوتھ پاکستان کا جنرل یوتھ اجلاس محبانِ وطن کے عنوان سے اسلام آباد میں 10/11 جون 2023 کو منعقد ہورہا ہے اس سلسلے میں وحدت یوتھ ونگ پاکستان کے مرکزی کواڈینیٹر برادر تصور علی مھدی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ وحدت یوتھ پاکستان کا جنرل یوتھ کونسل اجلاس جامع الصادق جی نائن ٹو اسلام آباد میں ہورہا ہے جس میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں نوجوان شرکت کریں گے اس نے کہا کہ ہم اس مملکت خداداد پاکستان سے اپنی جان سے بھی زیادہ محبت کرتے ہیں یہ پاکستان ہم نے بنایا تھا ہم بچائیں گے۔
مزید کہا کہ جنرل یوتھ کونسل اجلاس کا عنوان محبانِ وطن، رکھا ہے ہم پاکستان کے دشمنوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں ہم فرزندان حسینی پیروان شہید قائد ابھی اس سرزمین پاکستان پر موجود ہے پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، مرکزی محبانِ وطن جنرل یوتھ کونسل اجلاس سے خصوصی خطاب سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ سمیت دیگر جید علماء کرام کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور)صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی نے برانتھ روڈ رشی بھون یونٹ کی کابینہ سے آئندہ 3 سال کیلئے حلف لے لیا. صوبائی صدر نے رشی بھون یونٹ میں ضلعی آرگنائزر نقی مہدی اور آفتاب ہاشمی کے ہمراہ شرکت کی۔
علامہ علی اکبر کاظمی نے اس موقع پر یونٹ اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کا پیغام ہے کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات، ہم شہید قائد عارف حسین الحسینی کے روحانی فرزندان ہیں اور عزاداری سید الشہداء مولا و آقا امام حسین علیہ السلام کے احیاء کی خاطر ہمہ وقت میدان عمل میں موجود ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی کا دورہ لاہور. صوبائی صدر کی ضلعی آرگنائزر نقی مہدی اور نجم خان کے ہمراہ صدر کینٹ یونٹ آمد. یہاں عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ پاکستان ہماری مادر وطن ہے. پاکستان کی سالمیت کی خاطر اپنا تن من دھن سب قربان کر دیا جائے تو بھی کم ہے. انتشار پھیلانے والے جلد قانون کے کٹہرے میں کھڑے کیئےجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ہر ایک کارکن علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کے ہر حکم پر لبیک کہتاہے. قائد وحدت کے فرمان کی روشنی میں ہم قائد اعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر محمد اقبال کی فکر کے پاکستان کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے. کارکنوں سے گفتگو کے بعد علامہ علی اکبر کاظمی نے نو منتخب یونٹ کابینہ سے حلف لیا۔