The Latest

وحدت نیوز(کراچی)مجلس علماء شیعہ پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ عبداللہ مطھری کے زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، شہدائے پاراچنار کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اس کے بعد صوبائی صدر نے اہم ایجنڈے پر کابینہ سے مشاورت کی۔

 علامہ عبداللہ مطھری نے علماء کرام کو درپیش مشکلات اور چیلنجز، سندھ بھر تنظیمی فعالیت، ماہ محرم الحرام سے پہلے کانفرنس و سمینار، منعقد کرنے پر مشاورت کی۔

 اجلاس میں صوبائی نائب صدر مولانا شیخ محمد اسحاق قرائتی، تبلیغات سیکریٹری مولانا غلام رضا کھوھارو، جنرل سیکرٹری مولانا عمران علی دستی، رابطہ سیکرٹری مولانا نثار علی سمائر، شریک تھے۔

وحدت نیوز(کراچی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب کی وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی قیادت سے بارگاہ فاطمتہ الزہراؑ انچولی سوسائٹی میں ملاقات۔

 اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری، پولیٹیکل سیکریٹری علامہ مبشر حسن اور سیکریٹری امور عزاداری رضی حیدر رضوی، نائب صدر میر تقی ظفر، ڈویژنل پولیٹیکل کونسل کے اراکین میثم عابدی اور فرحت عباس رضوی بھی موجود تھے۔

ایم کیوایم پاکستان کےوفد نےملاقات کے دوران مردی شماری پر تحفظات کے حوالے سے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا ، اس موقع پر شہر کی موجودہ سیاسی صورتحال اوردیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان عزاداری ونگ کے مرکزی مسئول ملک اقرار حسین علوی نے وسطی پنجاب کے لیے سابقہ صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سنئیر صوبائی رہنما ڈاکٹر افتخار حسین نقوی صاحب کو صوبہ وسطی پنجاب کے عزاداری ونگ کے لیے صوبائی صدر نامزد کیا ہے۔

مرکزی مسئول عزاداری ونگ ملک اقرار حسین علوی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ڈاکٹر افتخار حسین نقوی الہی ذمہ داری کو باطریق احسن نبھائے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے لیے آپ اپنی خدمات بہترین انداز میں انجام دیں گے، اس عہدے کے لئے آپ کا انتخاب ایک بہترین اور مؤثر اثاثہ ہو گا۔ ان شاءاللہ

وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری، جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی، ضلع پارہ چنار کے صدر و تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین فصیح کی وفد کے ہمراہ خانوادگان شہدائے تری مینگل کے لواحقین سے ملاقات، شہداء کی بلندی درجات کے لئے دعا اور تعزیت کی۔

اس موقع پر انہوں نے قائد وحدت چیرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے شہداء کے ورثاء کو تعزیتی پیغام پہنچایا اور کہا کہ مشکل اس گھڑی میں ہر قدم پر آپ کی حمایت کرتے ہیں اور ساتھ کھڑے ہیں۔صوبائی صدر نے علاقے کے معززین سے بھی ملاقاتیں کیں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی، علامہ جہانزیب علی جعفری نے امام جمعہ پارہ چنار علامہ فدا حسین مظاہری دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات سمیت موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے عوام امن و وحدت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن وہ بے دردی سے شہید ہونے والے اساتذہ کے قاتلوں کو جلد از جلد قانون کے شکنجے میں جکڑا دیکھنا چاہتے ہیں، ہم کسی بھی انسان کے ساتھ ظلم وزیادتی برداشت نہیں کر سکتے چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب و مسلک سے ہو اور نہ ہی کسی ایسے جرم میں ملوث شخص کی حمایت کرتے ہیں، یہ اساتذہ مسلکی پہچان کے ساتھ ساتھ ریاست کے ملازمین بھی تھے جس پر ریاستی خاموشی افسوس ناک ہے، نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کو مسترد کرتے ہوئے ہمارا ارباب اختیار سے مطالبہ ہے کہ وہ اس واقعے کی شفاف اور آزادانہ طور پر تحقیقات کرتے ہوئے ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ تاکہ ضلع کرم پارہ چنار میں بدامنی پھیلانے والوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔

وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک)ظلم وبربیت اور شیعہ نسل کشی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا جرم بن گیا، سانحہ تری مینگل پاراچنار میں 7 بے گناہ اساتذہ اور مزدوروں کی مسلکی شناخت کے بعدبہیمانہ قتل عام پر احتجاجی کرنے کی پاداش میں ریاستی اداروں نے قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے قائدین سمیت 200 افراد کےخلاف مقدمہ درج کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں تری مینگل کے تکفیری وہابی د ہشت گرد وں کے ہاتھوں 7 شیعہ اساتذہ کے بہیما نہ قتل و سفا کیت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد و اہلیانِ پاراچنار کی جانب سے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالنے پر MWM کے قائدین کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کی مدعیت میں ایف آئی۔آر درج کردی گئی۔

ایف آئی۔آر میں رکن شوریٰ عالی علامہ سید حسنین عباس گردیزی، مرکزی سیاسی کونسل کے رکن و سابق صدر اسلام اباد ظہیر عباس نقوی، موجودہ ضلعی صدر برادر اسد اللہ اور راہنما اہلیانِ پاراچنار سید شیرازی کے نام درج کیے گئےجبکہ 200 افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

حیرت انگیز بات ہے کہ علامہ حسنین عباس گردیزی اس احتجاجی ریلی میں شریک ہی نہیں تھے، بس ریاستی اداروں نے ایف آئی آر کا پیٹ بھرنے کیلئے ان کا نام ڈال دیا۔

قابلِ افسوس بات یہ ہے کہ ابھی تک اس سانحہ کی نا کوئی ایف آئی آر درج کی گئی نا کوئی گرفتاری یا آپریشن کیا گیا لیکن اس ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج پر ایف آئی آر درج کر دی گئی ریاست کے یہی رویئےان سے متعلق شکوک و شبہات کو تقویت پہنچاتے اور ان کے کردار کو مشکوک و زیر سوال لاتے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان اور مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم کے پرامن کارکنوں پر درج کردہ ایف آئی آر کے حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انتظامیہ کا یہ عمل سراسر بدنیتی پر مبنی ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ایف آئی آر کو فوری طور پر خارج کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دن دیہاڑے علم کی روشنی پھیلانے والوں کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے، وہاں قانون اس قدر تیز رفتاری سے حرکت میں نہیں آتا، وہاں پر لواحقین کی مرضی نہ ہونے کے باوجود نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہے، جبکہ وہ اساتذہ ریاست کے بھی سرکاری ملازمین تھے، لیکن ان مظلوموں کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنے والے پرامن کارکنوں پر نام کے ساتھ ایف آئی آر درج کرنے میں ذرا سی بھی دیر نہیں لگائی جاتی، جو کہ صریحاً ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے اساتذہ کے قاتلوں کو کلین چٹ دینے سے یہی واضح ہو رہا ہے کہ ریاست قاتلوں کے ساتھ کھڑی ہو رہی ہے، پھر مقتول کس سے انصاف مانگے۔۔؟ موجودہ حکمران اپنے عمل سے دہشتگردوں کے سیاسی ونگ کا رول پلے کر رہے ہیں، ریلی کے دوران اسٹیج سے مسلسل اس بات کا اعلان کیا گیا کہ جو نعرے اسٹیج سے لگائے جائیں انکا جواب دیا جائے اور اس کے علاوہ کسی قسم کی غیر ضروری اور نامناسب نعرے بازی نہ کی جائے، عوامی ریلیوں اور مظاہروں میں ہر سوچ کے افراد شریک ہوتے ہیں لہذا کسی انفرادی عمل کو جواز بنا کر ایک ذمہ دار مذہبی و سیاسی جماعت کے کارکنان پر ایف آئی آر کا اندراج مضحکہ خیز ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی ڈویژن اور شعبہ سیاسیات ایم ڈبلیوایم سندھ کی جانب سے ایک تقریب شمولیت اور عید ملن کا انعقاد باغ زہرا لان جعفرطیارسوسائٹی ملیر میں کیا گیا جس میں ضلع بھر سے مختلف علمائے کرام، ذاکرین عظام، آئمہ مساجد ، آئمہ جمعہ، قومی وملی شخصیات ،ماتمی انجمنوں کے عہدیداران، ماتمی دستوں کے سالاران،مساجد امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی، صوبائی، ڈویژنل و ضلعی صدوراور رہنماؤں نے شرکت کی ، جنہیں ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما سید علی احمر زیدی و ضلع ملیر کے اراکین نے خوش آمدید کہا، تقریب میں نظامت کے فرائض علامہ مبشر حسن نے انجام دیئے، تلاوت کلام پاک کی سعادت مولانا گلزار حسین شاہدی نے حاصل کی، منقبت عارف عباس نقوی اور وفا درویش نے پیش کی، مقررین میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی، صوبائی صدر علامہ سیدباقرعباس زیدی، صوبائی نائب صدر علامہ مختارامامی، صوبائی سیکریٹری پولیٹیکل افیئرز سیدعلی حسین نقوی، ڈویژنل صدر علامہ صادق جعفری ،علامہ حیات عباس نجفی و دیگر شامل تھے،مقررین نے سانحہ پارچنار کی مذمت کی اور شرکاء نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

 آخر میں ضلعی صدر سید احسن عباس رضوی نے ایم ڈبلیوایم میں شمولیت اختیار کرنے والے سو کے قریب معزز علمائے کرام،ڈاکٹرز، وکلاء ، ماتمی انجمنوں کے عہدیداران، نوحہ خواں حضرات، بانیان مجالس وجلوس، بزرگوں اور جوانوں کے اسمائے گرامی کا اعلان کیا،جن سے چیئرمین شوریٰ عالی ایم ڈبلیوایم پاکستان حجت الاسلام شیخ محمد حسن صلاح الدین نےبحیثیت رکن مجلس وحدت مسلمین پاکستان حلف لیا، ایم ڈبلیوایم کے الہیٰ پلیٹ فارم پرشمولیت اختیار کرنے والوں میں وائس چیئرمین بین المذاہب امن کمیٹی علامہ جعفررضا علوی ، علامہ رضوان شاہد رضوی، ڈاکٹر محمد اعظم ، ڈاکٹر شائستہ عامر، ایڈوکیٹ ہائی کورٹ سید صفدر رضا رضوی،ایڈوکیٹ شفیق احمد، ایڈوکیٹ شہناز فاطمہ، ایڈوکیٹ عاصمہ بانو، سرپرست انجمن دستہ العباسؑ سید شاہ عالم زیدی، چیئرمین انجمن محبان عزاذوالفقار علی بھٹو، ، جنرل سیکریٹری انجمن تنظیم امامیہ قدیم قیصر رضاجعفری، جنرل سیکریٹری دی ہیلپرسوشل ویلفیئر فیض اقبال نقوی ،کاظم حسن کربلائی، سید اکبر علی زیدی سمیت حسینی کوارٹرز سعود آباد ،اردونگر ، جعفرطیار سوسائٹی ، عماریاسرسوسائٹی، زہرہ گارڈن، بن قاسم ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے درجنوں فعال جوان ،ماتمی عزاداراور معززین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کئی درجن شخصیات اور افراد مختلف مصروفیات کے سبب اس تقریب میں شرکت نہیں کرسکے جن کی تقریب حلف برداری جلد منعقد ہوگی۔ تقریب حلف برداری کے بعد پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد،راولپنڈی و تحریک حسینی پارہ چنار کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کا آغاز پریس کلب سے ہوا، احتجاجی ریلی چائینہ چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔احتجاجی ریلی کی قیادت علمائے مجلس شیعہ پاکستان کے رہنما علامہ اصغر عسکری، بزرگ عالم دین علامہ باقری،علامہ سید اعوان علی صدر مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی ، سید ظہیر عباس نقوی، اسداللہ چیمہ ضلعی صدر اسلام آباد اور انجمن حسینہ پارہ چنار کے زین عباس، ممبر صوبائی اسمبلی پارہ چنار سید اقبال میاں اور آغا جان محمد حیدری نے کی۔

شرکاء ریلی سے ایم ڈبلیو ایم سیاسی ونگ کے رہنما سید ظہیر عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ارباب اختیار کو یہ بات باور کروانا چاہتے ہیں کہ یہ کوئی جزباتی یا اضطراری واقعہ نہیں بلکہ ایک منظم اور سوچی سمجھی کاروائی ہے۔کرم ایجنسی پارہ چنار کے عوام امن و امان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے اساتذہ کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں۔ اب تک واقعے میں ملوث دہشت گردوں کا گرفتار نہ کیا جانا انتہائی شرمناک ہے۔ دن دیہاڑے آٹھ بے گناہ اساتذہ کا بے دردی سے قتل کر دیا جانا انتہائی افسوس ناک ہے۔چن چن کر اساتذہ کو قتل کیا گیا لیکن حکومتی سطح پر اسے زمینی تنازعہ قرار دینا شرمناک ہے۔شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی پارہ چنار سید اقبال میاں نے کہا کہ اس سفاکیت میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔پارہ چنار کے محب وطن پاکستانی شہریوں کا آئے روز قتل اور محاصرے ناقابل برداشت ہیں۔ر

یلی سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ گل زہرا رضوی نے کہا کہ ہمارے ہر شہر میں شہداء سے قبرستان بھر چکے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تین دہائیوں سے صرف روائتی بیان دیئے جاتے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان، پارہ چنار، کراچی اور کوئٹہ کے قتل میں ملوث کسی بھی دہشت گرد کو آج تک گرفتار نہیں کیا گیا۔یہ فرقہ وارانہ لڑائی نہیں ہے بلکہ شیعہ نسل کشی کی باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے۔مقتدر قوتوں کو اپنا رویہ اور بیانیہ تبدیل کرنا ہو گا اب یہ مکروہ کھیل نہیں چلےگا۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پارہ چنار سے تعلق رکھنے والے زین عباس نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ تری مینگل ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر ، سیکورٹی پرسنز اور درجہ چہارم ملازمین کو بھی فوری گرفتار کیا جائے تاکہ اصل مجرم تک پہچا جا سکے۔ واقعے کو شاملاتی زمینی تنازعہ سے جوڑنا سراسر غلط ہے۔ مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی شعبہ خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے خواہر عاطفہ سجاد نے کہا کہ یہاں پر آپ کا موجود ہونا اس بات کا اظہار ہے کہ آپ ایک بیدار قوم ہیں۔یہ احتجاج ان مظلوموں کے لیے ہے جن کو علم کا نور بانٹتے ہوئے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

وحدت نیوز(لاہور)سانحہ پارا چنار اساتذہ کے بہمانہ قتل عام  کیخلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام ملک بھر کی طرح لاہور پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔  مظاہرین نے دہشتگردی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے علامہ سید حسن رضا ہمدانی، نقی مہدی، نجم خان، علامہ محمد خان اور آفتاب ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار کی باشعور اور غیور قوم نے وطن پرستی کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا، ہم عرصہ دراز سے مقتدر حلقوں کو متوجہ کرتے رہے کہ پارا چنار میں دشمن ناامنی چاہتا ہے، لیکن کسی نے کان نہیں دھرے، پارا چنار میں شیعہ سنی پُرامن زندگی گزار رہے ہیں، پارا چنار کے شیعہ سنی زمینی تنازعات کو محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق حل کرنا چاہتے ہیں، لیکن بعض نامرئی طاقتیں یہان امن نہیں چاہتیں۔

انہوں نے کہا کہ معلم جو علم کا نور پھیلانے اور جہالت کو ختم کرنا چاہتے ہیں، انہیں انتہائی انسانیت سوز طریقے سے شہید کیا گیا۔ اس واقعہ کا مقصد پارا چنار کے لوگوں کو مشتعل کرکے علاقے کو جنگ میں دھکیلنا ہے، واقعے میں ملوث قاتلوں کا نہ پکڑا جانا تشویشناک ہے۔ کچھ نامرئی طاقتیں پورے ملک کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ کے پی کے بعض حکام نے کہا یہ زمین کا تنازعہ تھا جبکہ ایسا نہیں شیعہ سنی وہاں ملکر کر رہتے ہیں۔ یہ نامرئی طاقتوں کی کارروائی ہے، امن کے ذمہ دار سیاستدانوں کو اٹھانے اور ان کے کپڑے اتارنے میں مصروف ہیں اور امن کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ فرقہ واریت پھیلانے والوں کو اس خطے میں نفرت پھیلانے کے لیے گراونڈ فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مظلوموں کیساتھ کھڑے ہیں اور پوری پاکستانی قوم سے کہتے ہین ان مظلوموں کی حمایت میں نکلیں۔ ہم ملک میں امن و امان اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ یہ ملک سنی شیعہ غیر مسلم سب کا وطن ہے۔ یہاں سب کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔ ہم قاتلوں کی گرفتاری اور کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس وطن میں کتنے باوفا شہری مسنگ ہیں وہ نہیں بھاگ سکتے، لیکن احسان اللہ احسان جیسے قاتلوں کو بھاگنے کی اجازت ہے۔ ملک میں کسی کی جان محفوظ ہے نہ مال محفوظ ہے۔ ملک کو لاقانونیت سے نکالنے اور آئین کی سربلندی اور قانون پر عملداری کیلئے ہمیں اکٹھا ہونا ہوگا۔ اس ملک کے بے گناہ شہریوں کو وطن سے وفا کی سزا کیوں دی جا رہی ہے۔ اگر قوم چپ رہی تو لاشیں گرتی رہیں گی۔ لاشیں اُٹھانے کی بجائے آواز اٹھائیں تاکہ یہ سلسلہ رک سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم شیعہ سنی اکھٹے ہیں ہم کسی کو نفرت نہیں پھیلانے دیں گے۔ اس ملک میں جو سنی شہید ہے وہ بھی ہمارا بھائی ہے، شیعہ ہمارا بھائی ہے حتی غیر مسلم جو وطن کی خاطر شہید ہوا وہ بھی ہمارا بھائی ہے۔ ہم شیعہ سنی کے درمیاں جنگ نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نامرئی طاقتوں کو ناکام کریں گے۔ ہم اپنے حقوق کی جنگ شیعہ بن کر نہیں پاکستانی بن کر لڑیں گے، ان شہیدوں کے پاکیزہ خون سے دشمن ناکام ہو گا، دشمن خدا کے قہر و غضب اور عوام کے قہر و غضب کا شکار ہو گا، ہم اپنے سنی شہید بھائی اور شیعہ اساتذہ و مزدوروں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جب سے بعض حلقوں نے امریکہ کے مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی ہمارا ملک ناامنی کا شکار ہوتا گیا۔ شہید ہونیوالے اساتذہ نے متعلقہ سکیورٹی حکام کو خطرات سے آگاہ کیا اور سکیورٹی مانگی تھی، لیکن نہیں دی گئی۔ سکیورٹی اداروں کا ان اساتذہ کو سکورٹی نہ دینا شدید غفلت ہے، جس کیوجہ سے یہ المناک سانحہ پیش آیا۔

وحدت نیوز(بولان)مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان کی طرف سے مرکزی امام بارگاھ ڈھاڈر میں کتاب" ہمارے آئمہ اور سیاسی جدوجہد" سے  سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا ۔اسٹڈی سرکل میں مجلس علماء شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ زوالفقار علی سعیدی نے خصوصی  شرکت کی اور خطاب کیا ۔اسٹڈی سرکل میں MWM ضلع بولان کے نائب صدر سید مشتاق حسین دوپاسی , جنرل سیکریٹری قاضی جمیل احمد ,  سید شہزاد شاہ دوپاسی  , برادر امجدعلی ترک , برادر ظہور احمد اور دیگر مومنین نے شرکت کی ۔

اس موقعہ پر مجلس علماء شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ زوالفقار علی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئمہ اطہار ع کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ہم آئمہ اطہار کہ سیرت پر عمل پیرا ہوکر دنیا و آخرت میں کامیاب و کامران ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رسول خدا ص کی رحلت عظمی کے بعد آئمہ اطہار ع  دین اسلام کی تبلیغ و ترویج اور لوگوں کے مسائل کےحل کےلئے کوشاں رہےاور یہ فریضہ اجتماعی امور اور سیاست عصر سے لاتعلق رہ کر ادا نہیں ہوسکتا۔اسلئے تمام آئمہ لوگوں کے اجتماعی اور سیاسی امور میں بھی حصہ لیتے تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree