The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تین دہائیاں گزر جانے کے باوجود امت مسلمہ کی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ سے عشق و محبت میں اضافہ نظر آرہا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں بلوچستان آرٹ گیلری میں رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے عروج ملکوتی کے حوالے سے تصویری نمائش کے موقع پر کہی۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر تصویری نمائش کا معائنہ کیا اور مہمانوں کے تاثرات بک میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ نئی نسل کی درست سمت میں رہنمائی کے لئے حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی یاد اور افکار کو زندہ رکھنا ضروری ہے۔ رہبر کبیر حضرت امام خمینی کی شخصیت اقوام عالم کے لئے رہبر و رہنماء کا درجہ رکھتی ہے۔ تین دہائیاں گزر جانے کے باوجود امت مسلمہ کی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ سے عشق و محبت میں اضافہ نظر آرہا ہے۔ علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ عوام کو امام امت کے افکار و تعلیمات سے روشناس کرائیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مرکزی صدر عزاداری ونگ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک اقرار حسین علوی نےایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی صاحب کی مشاورت سے برادر زین رضارضوی کو صدر ایم ڈبلیوایم عزاداری ونگ صوبہ سندھ نامزد کردیا ہے ۔ مرکز سےان کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیاہے۔
واضح رہے کہ زین رضا رضوی ایم ڈبلیوایم کے پرانے اور محنتی ورکرز میں شمار ہوتے ہیں، اس سے قبل وہ ضلع وسطی اور کراچی ڈویژن میں مختلف عہدوں پر فرائض باحسن وخوبی انجام دے چکے ہیں، امید ہے وہ یہ اہم ذمہ داری بھی بطریق احسن انجام دیں گے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)وحدت یوتھ ونگ آزاد کشمیر مظفر آباد کے ڈویژنل صدر اور سابقہ ڈویژنل صدر آئی ایس او آزاد کشمیر ڈویژن سید بلال حیدر سبزواری کی ناگہانی وفات پر چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرشیرازی، مرکزی کوآرڈینیٹر وحدت یوتھ ونگ تصور مہدی،صدر ایم ڈبلیوایم آزاد جموں کشمیر علامہ ڈاکٹر سید یاسرعباس سبزواری نے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔
قائدین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر یوتھ ونگ مظفر آباد ڈویژن کے صدر و سابقہ ڈویژنل صدر آئی ایس او آزاد کشمیر ڈویژن سید بلال حیدر سبزواری جوکہ گزشتہ روز ایک روڈ حادثے میں ہم سے جدا ہوگئے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنے مخلص اور فعال کارکن کی وفات پر مرحوم کے پسماندگان کو دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہے خداوند متعال بحق محمد وآل محمدﷺ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اورجوار آئمہ میں جگہ عنایت فرمائے ،پسماندگان دوست احباب کو صبر جمیل عنایت فرمائے ۔آمین
وحدت نیوز(گلگت)کھرمنگ خاص میں خواتین کی طرف سے گندم بحران کےحوالے سے احتجاج کی خبر ملتے ہی ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم و پارلیمانی سکریٹری شیخ اکبر رجائی کی اول وقت میں سیکرٹری محکمہ خوراک مومن جان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر رکن اسمبلی نے کھرمنگ میں گندم کے مسئلے سے آگاہ کرکے فوری طور پر گندم بحران حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری خوراک نے فوری سی ایس اوکو بذات خود وہاں جاکر فوری مسئلہ کوحل کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وحدت نیوز(گلگت) جبری لاپتہ شیعہ نوجوانوں کی عدم بازیابی کےخلاف مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم نےگلگت بلتستان اسمبلی میں آواز اٹھادی۔
پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی سے بھی گلگت بلتستان کے جوانوں کی حالیہ دنوں جبری گمشدگیوں کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اراکین اسمبلی اور منتخب نمائندوں کوبھی اس اہم مسئلے پر بولنا چاہئے بات کرنی چاہئے۔
وحدت نیوز(کراچی)دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام ہفتہ وار مرکزی اجتماعی دعائے توسل و مجلس برسی ایصال ثواب بانی انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ محفل شاہ خراسان روڈ پر منعقد ہوئی، جس میں تلاوت دعائے توسل کی سعادت مولانا مرزا یوسف حسین نے حاصل کی، سلام عقیدت ثاقب رضا ثاقب نے پیش کیا ۔
مجلس برسی امام خمینیؒ سے علامہ مرزا یوسف حسین نے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ امام خمینی ایک الہی شخصیت تھے، امام خمینیؒ کے افکار معاشرے کو زندگی دینے والے افکار تھے، ان کی فکر مسلمان امتوں کے لئے نجات کا باعث ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ امام خمینیؒ کے نظریات کے پرچار کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے انقلاب کا درس کربلا سے حاصل کیا۔ کربلائی فکر دراصل امام زمانہؑ کے قیام کی فکر ہے، اس موقع پر مولانا مختار علی، مظاہر حسین ہاشمی، صادق حسین زیدی، ضامن عباس، محمد رضا، جاوید حسین نقوی، عامر کاظمی، شیخ نذیر علی، علی عباس، اقبال کاظمی اور دیگر مومنین و مومنات نے شرکت کی، نوحہ خوانی برادر محمد علی جلالوی نے کی۔
آخر میں امام خمینیؒ، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی، شہدائے پاکستان و ملت جعفریہ اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور بیمار مریضوں کی جلد شفایابی اور اسیران ملت جعفریہ کی رہائی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)ممبران گلگت بلتستان کونسل کا ایک اہم اجلاس چیئرمین قائمہ کمیٹی محمّد ایوب شاہ کی زیر صدارت گلگت بلتستان کونسل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں تمام ممبران کونسل شیخ احمد نوری(سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان)،چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اقبال نصیر ،ممبر کونسل سید شبیہ الحسنین،ممبر کونسل عبدالرحمان شریک ھوئے ۔
اس کے علاوہ کونسل کے تمام ذمہ داران جوائنٹ سیکرٹری ،ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن ،ڈپٹی سیکرٹری فنانس ،ڈپٹی چیف پلاننگ کے عہدے داران نے بھی شرکت کی ۔
اجلاس میں مندرجہ ذیل ایجنڈے پر تفصیل سے بات ہوئی ۔
1)تمام CPS ملازمین کی مستقلی کو یقینی بنانے پر متفق ہوا۔
2) اسلام آباد میں کونسل کے لیے مختص زمین پر کونسل کی عمارت تعمیر کرنے پر اتفاق ہوا۔
3)سابقہ ممبران کے سکیموں کے بقایا جات کو فوری ادا کرنے کا حکم۔
4) موجودہ ممبران کونسل کے ترقیاتی سکیموں کیلئےمتعلقہ اداروں کو سکیموں کی لسٹ بجوانے کے احکامات جاری کرنے کا حکم ہوا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر نذیر احمد ایڈوکیٹ کا چئیرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلیفونک رابطہ، اسپیکر کے انتخاب میں مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ممبران اسمبلی کی طرف سے مکمل تائید و حمایت کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انہیں اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی پاسداری اور آئین کی بالاستی کو ترجیح دی ہے، ان اصولوں کی بنیاد پر وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کی خاطر کسی بھی قربانی سے کبھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ممبران اسمبلی کی جانب سے جمہوریت اور جمہوری نظام کی پائیداری کے لیے دانشمندانہ فیصلہ لائق تحسین ہے، یہ اقدام علاقے کی ترقی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا اور عوام کے وسیع تر مفاد میں یہ وقت کا تقاضا بھی تھا، گلگت بلتستان کی طرح مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک بھر میں عوامی امنگوں کے مطابق بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور ہم آئین وقانون کی عملداری کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے، قوم پر چور دروازوں سے مسلط کردہ کسی بھی غیر سیاسی ٹولے اور غیر منصفانہ و اخلاق سے عاری فیصلوں کی حمایت نہیں کریں گے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ ملک کے معاشی حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے ہمیں پہلے خود کو ٹھیک کرنا ہوگا، موجودہ حکومت نے بھی آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ حکمران اور ان کے کاسہ لیس اس مادر وطن پر صرف ایک احسان کریں کہ وہی دولت جو انہوں نے اس مادر وطن سے لوٹ کر دوسرے ممالک میں جمع کی ہے بس وہی واپس اس مادر وطن میں لے آئیں تو یہ ملک نہ صرف معاشی بحران سے باہر آجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اس اقدام سے اس ملک کا آدھے سے زیادہ قر ضہ بھی اتر جائے گا اور اس طرح اس مادر وطن کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے بھی جان چھٹ جائے گی، کیا یہ حکمران خاندان اور ان کے بھونپو یہ قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکرٹری علی حسین نقوی نے علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، آصف صفوی، احسن عباس رضوی، قیصر زیدی و دیگر کے ہمراہ سیدالشہداء کمیونٹی ہال کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا دارالحکومت رہ چکا ہے اور اب بھی اسے پاکستان کا تجارتی دارالحکومت کہا جاتا ہے لیکن اگر یہاں ہونے والے جرائم پر نظر ڈالی جائے تو ایسے ”جرائم کا دارالحکومت“ کہنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں، عوام کو تحفظ کی فراہمی ریاستی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، شہر قائد میں بڑھتا ہوا اسٹریٹ کرائم سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، سڑکوں پر دندناتے جرائم پیشہ افراد کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، لوٹ مار، قتل کی یومیہ اور ماہانہ وارداتیں نیا ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، ملکی موجودہ حالات، سیاسی عدم استحکام، معاشی بحران، قدرتی آفات، بے پناہ مہنگائی، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے تو دوسری جانب عوام اسٹریٹ کرائم کے عذاب میں مبتلا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ یوں لگتا ہے جیسے شہر کے علاقوں میں قانون کی بالادستی کی بجائے جرائم پیشہ عناصر کا راج ہے، سڑکوں پر دندناتے اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں شہریوں کی قیمتی جانیں جارہی ہیں، گزشتہ پانچ ماہ میں شہری 24 ہزار 161 موٹر سائیکلوں سے محروم ہوئے اور تیس سے زیادہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں اکثر اپنے گھروں کے واحد کفیل تھے، گزشتہ ماہ ضلع کورنگی میں معروف عزادار سید صفدر شاہ اور ان کے جوان بیٹے اظہر شاہ کورہزنی کے واقع میں قتل کردیا جن کے قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوئے، سپر ہائی وے مویشی منڈی جانے والے شہرریوں کو روزانہ کی بنیادوں پر لوٹا جارہا ہے، دیگر علاقوں میں بھی رہزنی ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کا قتل عام ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے صرف نوٹس لینے کے دعوے ہوتے ہیں مجرم گرفتار نہیں کئے جاتے۔
رہنماؤں نے کہا کہ لوٹ مار کی وارداتیں پچھلی تمام حدیں پار کر جاتی ہیں اور جرائم کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس، رینجرز و دیگر بے بس دکھائی دے رہے ہیں، خصوصاً ضلع کورنگی اور ملیر میں صبح سویرے اسکول، کالج، فیکٹری اور دیگر امور کی انجام دہی کیلئے گھروں سے نکلنے والے افراد خصوصاً خواتین راہ گیروں کے ساتھ لوٹ مار کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آئے ہیں، اسٹریٹ کرمنلز خواتین کو خاص طور نشانہ بنارہے ہیں کیونکہ خواتین کی جانب سے زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں ہوتا، اسٹریٹ کرائم کے روک تھام کیلئے سکیورٹی ادروں کی حکمت عملی کا گراف ڈاؤن ہے، ہر ماہ کے اختتام پر سی پی ایل سی کی رپورٹ جاری کر دی جاتی ہے جو صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکرگی کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جرائم کی مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہیں لیکن ان میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی نہیں ہوتی، ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی اسٹریٹ کرائم میں جاں بحق ہوئے والے عزادار صفدر شاہ، اظہر شاہ سمیت شہریوں کے قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، ضلع کورنگی اس وقت جرائم کی وارداتوں کا گڑھ بن گیا ہے، ایس ایس پی کورنگی کو فوری معطل کیا جائے، جب تک جرائم پیشہ افراد پر آہنی ہاتھ نہیں ڈالا جاتا تب تک شہر میں لاقانونیت کا غلبہ رہے گا، جرائم پیسہ افراد کے خلاف قانون سازی کرکے سخت سے سخت سزائیں دی جائیں، حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پائیں وگرنہ عوام کے ساتھ احتجاج پر مجبور ہوں گے جوکہ ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے۔