The Latest
وحدت نیوز(لاہور) عالمی یوم علی اصغر علیہ سلام ماہ محرم الحرام کے پہلے جمعے کو دنیا بھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے ، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ضلع چینیوٹ، جہلم ، اٹک ، گلگت ، سکھر ، راولپنڈی اور ٹنڈو محمد خان کے مختلف یونٹس میں یوم علی اصغر علیہ سلام منایا گیا جس میں شیر خوار اور کم سن بچوں نے اپنی ماوں کے ہمراہ شرکت کی بچوں نے شہزادہ علی اصغر علیہ سلام کی یاد میں سبز پوشاکیں پہنیں اور ماتھے پر لبیک یا حسین ، لبیک یا مھدی کی سرخ پٹیاں باندھیں مجلس کے اختتام پر تجدید عہد با امام زمان عج کیا گیا جس میں ماوں نے امام مھدی عج کے حضور سیرت علی اصغر کی پیروی کرتے ہوئے اپنے بچوں کی قربانی پیش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مدرسہ مظہر الایمان و جامعۃالکوثر اسلام آبادکے فارغ التحصیل و متعلم حوزہ علمیہ نجف اشرف علامہ سید سفیر سجاد شیرازی اور مولانا ناصر حسین گھلو کے تلہ کنگ کے مقام پر ایک ٹریفک حادثے میں میں داعی اجل کو لبیک کہ جانے پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں دعا کی کہ مجالس عزا سے خطاب کیلئے جاتے ہوئے دونوں ذاکرین اہل بیتؑ نے اپنی جان قربان کی اور درجہ شہادت پر فائز ہوئے،پروردگار عالم مرحومین علامہ سید سفیر سجاد شیرازی اور مولانا ناصر حسین گھلو کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان خصوصاََ جامعۃ الکوثر و حوزہ علمیہ نجف اشرف کے اساتذہ اور طلاب کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔الہی آمین
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی توہین کی دوبارہ ناپاک جسارت مسلم امہ کی غیرت و حمیت پر کاری ضرب ہے۔ شیطانی قوتیں امت مسلمہ کے ایمان پر وار کر رہی ہیں۔ان مذموم ہتھکنڈوں کو روکنے کے لیے اسلامی ممالک سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کرتے ہوئےسفیر کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کرے۔
ان کاکہنا تھا کہ جو حکمران کتاب الہی کی بجائے یہود و نصاری سے ذاتی تعلقات کو مقدم سمجھتے ہیں انہیں خود کو مسلمان اور رسول اللہﷺ کا امتی کہلانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔جمعہ کے روز سویڈن کے خلاف پوری قوم بلاتخصیص مسلک و منبر ملک بھر میں احتجاج کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام کا مہینہ ہے جنہوں نے دین حق کی حفاظت کے لیے قربانی کی لازوال مثال رقم کی۔ہمیں امام کی راہ پر چلتے ہوئے کلام پاک کے تقدس و عظمت کی حفاظت کرنا ہو گی۔ عالم اسلام کا یہ شرعی ذمہ داری اور اولین فریضہ ہے کہ وہ اظہار آزادی رائے کی آڑ میں دین اسلام کے مقدسات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت فیصلہ کریں۔
وحدت نیوز(سکردو)رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے محرم الحرام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر و برداشت، حق کے لئے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا پیغام دیتا ہے اور ہمیں اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا الہیٰ نہضتوں میں سے ایک نہضت ہے، جو امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام نے قائم کی اور بقاء انسانی و بقاء دین مبین کی خاطر کربلا کے صحرا میں قیام کیا۔ میدان کربلا میں نواسہ رسول اور ان کے باوفا اصحاب نے جو قربانیاں پیش کیں ہمارے لیئے اسوہ حسنہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواسہ رسولؐ نے اپنے کردار اور عمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اور انسانی اقدار کا تحفظ سکھایا۔حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔
وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین ضلع شکار پور کے ضلعی دفتر میں درگاہ حاجی لطیف شاہ پر تین محرم الحرام کو منعقد ہونے والی مجلس عزا اور علم پاک کے بیرک کی تبدیلی اور اس میں ایک متعصب ملا کی مخالفت اور محکمہ اوقاف کے مینیجرکے متعصبانہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار شیعہ ورکنگ ریلیشن کمیٹی شکار پور کے چیئرمین سید بشارت حسین شاہ ،شیعہ علماء کونسل کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری علی احمد برڑو، وارثان شہداء کمیٹی کے وائس چیئرمین زاہد حسین، اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنما انعام علی آغانی، آئی ایس او کے یونٹ صدر و دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی حق ہے ایک متعصب ملا کی جانب سے مجلس عزا اور عزاداری کی مخالفت افسوسناک ہے محکمہ اوقاف کے مینیجرلاڑکانہ نے متعصبانہ نوٹیفکیشن نکال کر غیر قانونی کام کیا ہے ہم سندہ حکومت اور صوبائی وزیر اوقاف سے امید رکھتے ہیں کہ محکمہ اوقاف کے متعصب مینیجر کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے اس متعصبانہ نوٹیفکیشن کو کینسل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 1945 سے جو خاندان درگاہ حاجی لطیف شاہ کے متولی اور سجادہ نشین ہیں ان کو علم پاک اور مجلس عزا سے وہ ملا روک رہا جو خود ہر مہینے درگاہ کے ایریا میں جلسہ کرتا ہے۔ مجلس عزا اور عزاداروں کے خلاف ایک فرقہ پرست ملا نے نماز جمعہ کے اجتماع مسجد میں جو دھمکیاں دی ہیں انتظامیہ اس کا نوٹس لے۔اس موقع پر تمام اکابرین اور تنظیمی ذمہ داران نے بالاتفاق قرار دیا کہ درگاہ حاجی لطیف شاہ پر غازی عباس علمدار علیہ السلام کا علم پاک کے بیرک کی تبدیلی اور مجلس عزاء ہمارا بنیادی قانونی اور آئینی حق ہے۔ حکومت اور محکمہ اوقاف اس حق کو تسلیم کرتے ہوئے مومنین میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرے۔
وحدت نیوز(ڈیرہ غازی خان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے اپنے دس روزہ تنظیمی دورے کے دوران ضلع ڈیرہ غازی خان کے مختلف یونٹس کا دورہ کیا اور وہاں مومنین کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع ڈیرہ غازی خان کے ضلع صدر سید اظہر کاظمی اور ضلعی کابینہ کے اراکین ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر جعفریہ مسجد ناری فارم یونٹ کے زیر اہتمام استقبال محرم الحرام مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حسینیت دین خدا کی سربلندی کے لئے جدوجہد اور راہ خدا میں سب کچھ لٹانے کا نام ہے کربلا فقط ایک حادثہ نہیں بلکہ نظام حیات ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان مومنین سے عالمی حکومت کا وعدہ کیا ہے جنہوں نے نیک عمل انجام دیئے۔ صالحین کی حکومت کا وعدہ تورات اور زبور کے علاؤہ قرآن کریم میں بھی کیا گیا ہے۔ آج پوری دنیا کے صالحین قیام امام حسین علیہ السلام سے رہنمائی لیتے ہوئے دنیا بھر میں کفر و طاغوت اور یزید عصر کے خلاف سینہ سپر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کربلا ہر دور کے عاشقان خدا کی درس گاہ ہے جو وارث کربلا حضرت امام مہدی علیہ السلام کی عالمی حکومت کے لئے زمینہ سازی کر رہے ہیں۔
اس موقع پر استقبال محرم مجلس عزا سے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل رسول کی بے مثال قربانی نے دین اسلام کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھا۔ ایام عزا منانے کا مقصد کربلا اور پیغام حسینیت سے تجدید عہد ہے۔
وحدت نیوز(ٹوبہ ٹیک سنگھ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبہ پنجاب کے دورے کے موقع پر ٹوبہ ٹیک سنگھ امام بارگاہ میں تنظیمی ذمہ داران سے میٹنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے علمائے کرام اور تنظیمی ذمہ داران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن کریم کتاب ھدایت اور عالمین کے پروردگار کا کلام ہے بدکردار انسان اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے ہوئے اللہ کی آیتوں کا مذاق اڑاتے ہیں ذلت ورسوائی ظالموں کا مقدر ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فرزند رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین اسلام کی بقاء کے لئے جو لازوال قربانی دی وہ ہر دور کے انسانوں کے لئے رہنما ہے کیونکہ حسین ابن علی علیہ السلام چراغ ھدایت اور سفینہ نجات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کسی ایک مسلک کے نہیں بلکہ انسانیت کے رہبر ہیں اپنی بے مثال قربانی کے سبب کربلا والے ہر دور کے انسانوں کے دلوں میں بستے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان حسینیوں کی دھرتی ہے یہاں یزیدی افکار کے لئے کوئی جگہ نہیں یہاں بسنے والے ھندو مسیحی سکھ سبھی نواب کربلا سے عشق و محبت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عزاداری تحریک کربلا کا تسلسل ہے ہر دور کے حسینیوں نے قربانیاں دے کر ذکر حسین کی حفاظت کی ہے۔ جس ذکر حسین کو بنو امیہ بنو عباس نا روک سکے اسے عصر حاضر کا کوئی یزیدی نہیں روک سکتا۔ عزاداری کی راہ میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد پر پشاور سمیت خیبرپختونخواہ میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات کا ہونا، انتہائی تشویشناک امر ہے، ضلع خیبر اور حیات آباد دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمّت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت اور سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، جس سے محرم الحرام سمیت ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی صدر کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سے دراندازی کو کسی صورت میں بھی روکا جائے کیونکہ وہاں دہشتگردوں کی محفوظ پناگاہیں ہیں، جن کی وجہ سے ملکی سیکورٹی کو لاحق خطرات میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، کئی جوان شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے لئے سخت اقدامات ضروری ہیں۔تاکہ شہدائے کربلا و امام حسین علیہ السلام کی یاد میں جاری مجالس و محافل عزاء میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ ہم دن رات ڈیوٹیاں دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔تمام پاکستانیوں سے سیکورٹی کے معاملات پر پولیس اور دیگر اداروں سےتعاون کی اپیل کی۔
علامہ جہانزیب جعفری نے مطالبہ کیا مجالس و جلوسوں میں انتظامیہ تعاون کرے کسی طرح مجلس اور جلوس سے عزاداروں کو نہ روکا جائے۔ اور بلا جواز ایف آئی آرز سے اجتناب کیا جائے۔
وحدت نیوز(گلگت)گلگت بلتستان اسمبلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر محمد کاظم کاظم میثم متحدہ اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف (اپوزیشن لیڈر) منتخب کرلیئے گئے، سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی کابینہ میں کاظم میثم بحیثیت صوبائی وزیر ذراعت فرائض انجام دے رہے تھے۔
علاوہ ازیں سابق پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ و مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کنیز فاطمہ علی چیئرپرسن اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پلاننگ ، ڈویلپمنٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ تعینات کردی گئیں ہیں، جبکہ ایم ڈبلیوایم کے ممبر جی بی اسمبلی ، سابق پارلیمانی سیکریٹری برائے لوکل گورنمنٹ اور صدر ایم ڈبلیوایم کھرمنگ علامہ شیخ اکبر علی رجائی کو قائمہ کمیٹی برائے بلدیات کا چیئرمین مقررکردیا گیا ہے، تینوں رہنماؤں کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ایم ڈبلیوایم رہنما اور اپوزیشن لیڈرکاظم میثم نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام اپوزیشن ممبران بلخصوص محترم راجہ اعظم خان، محترم نواز خان ناجی، محترمہ کلثوم فرمان، محترم راجہ زکریا خان، محترم وزیر محمد سلیم، اسلامی تحریک کے رہنما محترم ایوب وزیری، محترم راجہ ناصر علی خان، محترم شیخ اکبر رجائی، محترم جاوید منوا،محترمہ ڈاکٹرکنیز فاطمہ، کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پہ اعتماد کیا اور قائد حزب اختلاف منتخب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی اور مرکزی قائدین، وٹرز، سپورٹرز سب کا شکریہ جنہوں نے ہر مرحلہ پر میری پشت پناہی کی اور حوصلہ افزائی کی۔ انشاءاللہ عوامی ایشیوز پر، گلگت بلتستان کے حقوق پر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آج سے ماہ محرم الحرام ہے۔ اس مقدس اور غم کے مہینے کے احترام میں کسی قسم کی تبریک کا مسیج نہ چلایا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے محرم الحرام سال 1445 ہجری قمری کے آغاز کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ #كربلاء میں برپا ہونے والے معرکہ حق و باطل کی یاد تازہ کرتا ہے۔یہ مہینہ ہر محب اہلبیت علیہم السلام سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ اپنے امام سے تجدید عہد کریں۔امام برحق علیہ السلام کے ماننے والے کبھی ظالم کی حمایت اور مظلوم کی مخالفت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حسینی ہیں ہمارا کردار بھی حسینی ع ہونا چاہیے۔ہماری بہنوں بیٹیوں کا زینبی کردار ہونا چاہئیے۔امام عالی مقام حسین علیہ السلام پوری انسانیت کے امام ہیں کسی مخصوص مسلک کا ان پر اجارہ نہیں۔ کربلا میں جا کر دیکھیں ۔مسلمانوں کے مختلف مکاتب فکر کے علاوہ عیسائی، ہندو، سکھ اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی امام حسین علیہ السلام کو سلام پیش کرنے جوق در جوق آتے ہیں۔یہ اس بلند اورعظیم کردار کو سلام ہے جس نے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ہر باضمیر کو حوصلہ عطا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا ریاستی اداروں سے بھی مطالبہ ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے۔افغانستان کے راستے شر پسند عناصر کی آمد و رفت مختلف خدشات کو جنم دے رہی ہے۔ ایسی صورتحال جب دشمن تاک میں ہو قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ادارے عزاداروں پر بے بنیاد مقدمات کے اندراج کی مشق دہرانے سے باز رہیں۔عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے جس پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہیں۔