The Latest
وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین ضلع گلگت کے زیر اہتمام پاراچنار پر دہشت گردوں کے حملے اور محاصرے کے خلاف ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اجتماعات سے شیخ نیر عباس مصطفوی، صوبائی نائب صدر غلام عباس، صوبائی ترجمان عارف قنبری، صدر ضلع گلگت سید قائم علی شاہ، ضلعی سیکریٹری تبلیغات شعیب کمال، ضلعی سیکریٹری سیاسیات نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاراچنار ایک اہم سرحدی علاقہ ہے جو کسی قسم کی بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جہاں ہزاروں دہشت گردوں نے حفاظتی باڑ توڑ کر بھاری اسلحہ سے لیس حملہ کیا جس سے بڑے پیمانے پر جانی مالی نقصان ہوا۔ بارڈر غیر محفوظ ہو گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاراچنار کے عوام محصور ہو گئے ہیں۔ پاراچنار میں فرقہ وارانہ مسئلہ نہیں بلکہ پاراچنار کو تکفیری ٹولوں اور دہشت کردوں کے ملک دشمن عزائم کا سامنا ہے۔ حکومت اور ریاستی ادارے دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں تاکہ یہ لہر ملک عزیز کے دوسرے علاقوں تک نہ پہنچ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تری مینگل میں چار اساتذہ سمیت آٹھ افراد کے قتل عام کے واقعے کا نوٹس لیا جاتا اور قاتلوں کو گرفتار کیا جاتا تو آج یہ دہشت گردی نہ ہوتی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت مقامی عمائدین اور مشران کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تاکہ امن وامان کو یقینی بنایا جا سکے اور پاراچنار روڈ بحال کیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)پارہ چنار میں جاری کشیدگی کے حوالے سے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرم کا علاقہ مدتوں سے جنگ کا شکار رہا ہے،یہ حساس ایریا سن دو ہزار سات میں بھی شدید جنگ اور محاصرے میں گھرا رہا، جس ملک میں حکومت اور طاقت ور فوج ہو وہاں ایک علاقہ کیسے سات سال دہشتگردوں کے محاصرے میں رہ سکتا ہے۔؟ زمینی تنازعات ہر جگہ موجود ہوتے ہیں پارہ چنار کے زمینی مسائل کا بروقت پرامن حل نکالا جا سکتا تھا جو کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے کی اولین ذمہ داری بنتی تھی، کاغذات مال کے ذریعے حق ملکیت رکھنے والوں کو حق دلایا جا سکتا تھا، لیکن اس میں غفلت برتی گئی یہ افسوس ناک ہے کہ زمینی تنازعے کو فرقہ ورانہ مسئلہ بنانے کی مذموم کوشش کی گئی، حالیہ لڑائی بھی زمینی تنازعے سے شروع ہوئی، ایک ماہ قبل تری مینگل میں چار استاتذہ سمیت سات افراد کو بے دری سے قتل کر دیا گیا، مقامی لوگوں کا پرامن احتجاج کے ذریعے شدید مطالبہ تھا کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، لیکن اصل مجرمان کے خلاف اور لواحقین کے مرضی کے مطابق ایف آئی آر تک نہیں کاٹی جا سکی۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ہزاروں بے گناہ لوگ دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے، ایک جگہ سے شروع ہونے والی لڑائی پورے علاقے میں پھیلا دی گئی، الٹا جو لوگ اپنے علاقے اور خاندانوں کا دفاع کرتے ہوئے زخمی ہوئے انہیں ہسپتال سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، اگر خون ریز لڑائی کو روکنا ہے تو تنازعات کے اصل محرکات اور وجوہات کو ختم کرنا ہو گا، افغانستان بارڈر کی باڑ کو کاٹ کر بھاری اسلحہ رہائشی آبادیوں پر استعمال ہوا، جو کہ انتہائی تشویشناک بات ہے، وفاقی و صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تنازعہ کو حل کرنے میں اپنا عملی کردار ادا کرے، دونوں اطراف کے عوام کی پہلی ضرورت امن کا قیام ہے، ایک سال کے سیز فائر میں معاملات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے، ہم ہنگو، کوہاٹ اور ضلع کرم کے ان تمام شیعہ سنی عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جنگ بندی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
وحدت نیوز(کراچی)معروف عالم دین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی کا جمعرات کی شام کراچی پریس کلب میں اپنی نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ محرم الحرام کے قریب پارہ چنار پر لشکر کشی ملک دشمن عناصر کی سوچی سمجھی سازش ہے، 5 لاکھ سے زیادہ آبادی والا شہر پاراچنار مسلسل طالبان دہشت گردوں کے نشانے پر رہتا ہے ہر سال ماہ محرم الحرام سے قبل خانہ جنگی شروع ہوجاتی ہے ریاست اور سیکورٹی ادارے اس جنگ کو بروقت روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کریں پارہ چنار کے پرامن اور وطن کے وفادار عوام پر جنگ مسلط کرنے والے شر پسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہونگے، یہ کوئی فرقہ وارانہ مسئلہ نہیں ہے بلکہ مذموم مقاصد پر مبنی ملک دشمن دہشت گردوں کی بہیمانہ سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار روز سے جنگ کی آگ میں سلگتے ہوئے پارہ چنار کے محب وطن شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ملک کی تمام امن پسند قوتوں کو اس جنگ کے روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، پارہ چنار ایک حساس اور دفاعی حوالے سے انتہائی اہم علاقہ ہے، جس کا بدامنی کی لپیٹ میں آنا تشویشناک ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ فی الفور پاک و افغانستان بارڈر کو مکمل باڑ لگا کر سیل کرے۔
انہوں کے محرم الحرام میں ملک بھر میں عزاداری کے پروگرامات مجالس و جلوس عزاء کو فل پروف سیکورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہے قبل از محرم الحرام مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے 15 جولائی بروز اتوار بعد از مغربین امروہہ گراونڈ کراچی میں پیغام غدیر و عاشورا کانفرنس منقعد کی جائے گی جس میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والی تمام ملی تنظیمیں و شخصیات شرکت کریں گی جبکہ کانفرنس سے خصوصی خطاب چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے۔پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ کے رہنما سید قیصر رضا جعفری، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات علی نیئر زیدی و دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین شعبہ امور خارجہ کے سربراہ نے پاراچنار کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام سے چند دن قبل فرقہ وارانہ جنگ بھڑکانا ایک سوچی سمجھی سازش کا شاخصانہ ہے، زمینی تنازعات کی بنیاد پر محب وطن شعیان اہلبیت علیہ السلام پر افغانستان سے مسلح گروہوں کے ذریعے مسلسل حملے ہو رہے ہیں، سرحد پار سے بلا رکاوٹ حملہ آوروں کا وطن عزیز کے محب وطن باشندوں پر حملہ کرنا ہماری ملکی سلامتی و خود مختاری کے خلاف انتہائی خطرناک سازش ہے، حکومت وقت کی طرف سے تاحال جنگ بندی کیلئے کسی مناسب موقف و کوشش کا نہ ہونا بھی ایک سوالیہ نشان ہے، کیوں ہمیشہ محبان وطن یعنی تشیع پاکستان کا خون بہایا جاتا ہے۔؟؟
یاد رہے کہ پاراچنار وہ علاقہ ہے، جو کہ افغانستان کے بارڈر پر واقع ہے اور یہاں کے علاقہ مکین پاکستان کا نیچرل ڈیفنس ہیں، جو ہمیشہ اپنی مدد آپ کے تحت سرحد پار سے حملہ آوروں کا مقابلہ کرتے ہیں۔ سربراہ امور خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اس آگ کو بجھانے میں اپنا کردار ادا کریں. علاوہ ازیں انہوں نے پوری پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم متحد ہوکر ملکی سلامتی کے خلاف اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنائے۔
وحدت نیوز(ملتان)جشن عید مباہلہ کی مناسبت سے جامع مسجد و امام بارگاہ حیدریہ میں جشن میلادِ مباہلہ منعقد کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین یونٹ گلگشت کے برادران کی جانب سے جشن میں تشریف لانے والے مومنین کے بازوں پہ اہل پاراچنار و مجاہدینِ پاراچنار سے اظہار یکجہتی کے لئے سرخ پٹیاں باندھی گئیں اور مومنین نے ان سُرخ پٹیوں کے ساتھ جشن میلاد مبارک میں شرکت کی اس موقع پر مومنین نے مجلس وحدت مسلمین گلگشت کے برادران کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ ہم دور ضرور ہیں لیکن دل و جان سے ہم اپنے مومن برادران سے ساتھ کھڑے ہیں ہمارے دل انکے ساتھ ڈھرکتے ہیں بافرمانِ امامِ معصومین ؑ مومن دُنیا کے جس کونے میں ہوں انکا خون جسم جان سب ایک ہیں وہ ایک رشتہ ایمانی سے جڑے ہوئے ہیںخداوند تعالیٰ پاراچنار کے مظلوم عوام اور مجاہدین کی حفاظت فرمائے۔ ( آمین )
وحدت نیوز(کویت)کویت میں پاراچنار کمیونٹی اور خاتم الانبیاء ویلفیئر سوسائٹی کویت (مجلس وحدت مسلمین کویت) کے نمائندگان کی پاراچنار پر جنگی محاصرے اور امن و امان کی تشویش ناک صورتحال پر سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان کویت ملک محمد فاروق صاحب سے ملاقات ، یادداشت بھی پیش کی گئی
کویت میں مقیم پاراچنار سے تعلق رکھنے والے نمائندہ وفد نے خاتم الانبیاء ویلفیئر سوسائٹی(مجلس وحدت المسلمین) کویت کے نمائندگان کے ہمراہ کویت سفارت اسلامی جمہوریہ پاکستان کویت میں سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان کویت جناب ملک محمد فاروق اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی جناب فرج امیر سیال صاحب سے ملاقات کی اور پاراچنار کی موجودہ تشویش ناک صورتحال سے آگاہ کیا اور اپنے تحفظات پہنچائے، سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے وفد سے انتھائی دلچسپی کے ساتھ تمام پس منظر اور حالیہ جنگ کی صورت حال کو سنا اور اپنی تشویش کا ظہار بھی کیا اور پیش کی گئی یادداشت جس میں وہاں کی صورتحال کے پس منظر میں بالخصوص دفاعی اداروں کو سرحد پار دراندازی کرنے والے دہشتگردوں اور تحریک طالبان پاکستان اور داعشی درندوں کو لگام دینے کی استدعا کی گئی ہے جوکہ پاراچنار کی محب وطن 7 لاکھ آبادی کے اس خطے کو آئے روز میدان جنگ بنائے رکھتے ہیں ، یادداشت میں وزیراعظم اور آرمی چیف کو اپنی آئینی اور دفاعی ذمہ داری ادا کرنے کی گذارش گئی ہے
سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے یادداشت کو موزوں ترین حکام بالا تک پہنچانے کا وعدہ کیا اور کہا کہ وہ بھی اس صورتحال میں پاراچنار کی برادری کے ساتھ بحیثیت محب وطن پاکستانی کھڑے ہیں
وفد کی قیادت سید شہباز شیرازی سرپرست خاتم الانبیاء ویلفیئر سوسائٹی کویت نے کی جبکہ ارکان میں سید شبیر حسینی ، محمد اسماعیل، سید اخلاق نقوی محمد یاسر ظہیر عباس، ثقلین عباس حیدری ،محمد شاہدترابی شامل تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 24 ذی الحجہ عید مباہلہ کے پر مسرت موقع پر ولی العصر حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مقام معظم رہبری اور پنجتن پاک علیہم السلام کے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مباہلہ یعنی ان پاکیزہ اور برگزیدہ ہستیوں کی حق و صداقت کی نصرت و کامرانی کا دن جو مقصود کائنات ہیں، جن کا وجود اقدس اس کائنات کے ہونے کا سبب بنا، آیت مباہلہ رہتی دنیا تک جیت کی نشانی ہے جو کہ ہر مسلمان کی کامیابی اور فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید مباہلہ کا خوشیوں بھرا دن تمام مسلمانوں کے لیے سرور و شادمانی کا موقع ہے، یہ یوم کافروں پر رہتی دنیا تک غلبے کی مبارک نوید سناتا ہے، مباہلہ پنجتن پاک علیہم السلام کی باطل پر بالادستی اور غلبے کا دن ہے، یہ دن کائنات کی سب سے سچی اور عظیم ترین ہستیوں سے منسوب ہے، جنہوں نے اپنے پاکیزہ کردار سے باطل قوتوں پر غلبہ حاصل کیا، مباہلہ نہ صرف حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تاریخی فتح قرار پایا بلکہ آیت مباہلہ نے یہ بھی واضح کر دیا کہ اہلبیت اطہار علیہم السلام سے مراد کونسی مقدس ترین ہستیاں ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ محرم الحرام کے قریب پارہ چنار پر لشکر کشی ملک دشمن عناصر کی سوچی سمجھی سازش ہے، یہ کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو سکتی ہے، ریاست اور سیکورٹی ادارے اس جنگ کو بروقت روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کریں، پارہ چنار کے پرامن اور وطن کے وفادار عوام پر جنگ مسلط کرنے والے شر پسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہونگے، یہ کوئی فرقہ وارانہ مسئلہ نہیں ہے بلکہ مذموم مقاصد پر مبنی ملک دشمن دہشت گردوں کی بہیمانہ سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار روز سے جنگ کی آگ میں سلگتے ہوئے پارہ چنار کے محب وطن شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ملک کی تمام امن پسند قوتوں کو اس جنگ کے روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، پارہ چنار ایک حساس اور دفاعی حوالے سے انتہائی اہم علاقہ ہے، جس کا بدامنی کی لپیٹ میں آنا تشویشناک ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ فی الفور ان تمام مسائل اور کرداروں کا خاتمہ کرے جن کی وجہ سے جنگ تک نوبت پہنچ گئی ہے، ملت جعفریہ پاکستان پورے ملک میں ان حملوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور سخت تشویش میں مبتلا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاراچنار جنگ۔متنازعہ نصاب۔ متنازعہ فوجداری بل سمیت محرم الحرام کے مسائل کے موضوعات پربات چیت ہوئی۔
وفد میں سیکرٹری تنظیم سازی مقصود ڈمکی، عزادری ونگ کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین،رکن شوری عالی سید امتیاز حسین رضوی شامل تھے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایم ڈبلیوایم کے وفد کو تمام مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع اسلام آباد کی جانب سے پارہ چنار میں چار روز سے جاری جنگ کے خلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کی طرف سے پارہ چنار میں جنگ شروع کرنے والی طاقتوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ ہم اس جنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس فتنے کو مزید پھیلنے سے روکے، ان مظلوم بچوں اور خواتین کا ریاست سے سوال ہے کہ آخر کس جرم کی پاداش میں ان پر وحشیانہ انداز میں لشکر کشی کی گئی ہے، کیا ہم پاکستان کے شہری نہیں ہیں، چاروں اطراف سے ہیوی اسلحے سے بمباری ہو رہی ہے اور افغانستان سے درجنوں دہشت گرد داخل ہو کر میزائلوں کا کھلم کھلا استعمال کر رہے ہیں، انہیں روکنا اور جواب دینا کس کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخواہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے کہا کہ ریاست کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے اور ضلع کرم پارہ چنار کے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیئے، زمینی تنازعات ہر جگہ پر موجود ہیں لیکن ان مسائل پر مسلکی لبادہ اوڑھ کر فرقہ واریت کو ہوا دینا سراسر شر پسندی ہے، جب وہاں کے دونوں اطراف کے عمائدین مسائل کو باہمی اتفاق و اتحاد سے حل کرنا چاہتے ہیں تو پھر یہ کونسی قوتیں ہیں جو جنگ کے شعلے بھڑکا رہے ہیں، ریاست کو ان عناصر کا سختی سے قلع قمع کرنا ہوگا۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے پارہ چنار کمیونٹی کی سوشل کارکن نائلہ الطاف نے کہا کہ یہ کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے جو شر پسند عناصر بھی اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش میں مصروف ہیں دراصل وہ ضلع کرم کے امن کے اصل دشمن ہیں، یہ جنگیں اور لشکر کشیاں پہلے بھی کئی مرتبہ ہو چکی، جن کا نتیجہ سوائے علاقے کے معصوم عوام کے نقصان کے سوا کچھ نہیں نکلا، لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ان تمام زمینی تنازعات کو متعلقہ اداروں، مقامی انتظامیہ اور عمائدین کے ذریعے حل کروانے میں اپنا عملی کردار ادا کرے، تاکہ وہاں کی عوام امن سے زندگی گزار سکیں۔