The Latest

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے کراچی میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں مولانا محمد صادق جعفری، رضی حیدر رضوی، علامہ مبشر حسن، مولانا حیات عباس نجفی، سید زین رضا رضوی، مولانا ملک غلام عباس، وحدت یوتھ کراچی کے صدر حسن رضا، مساجد و امام بارگاہ فیڈریشن ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر مزمل حسین کاظمی، امتیاز زیدی، حیدر زیدی، ضیغم نقوی سمیت دیگر تنظیمی ذمہ داران شامل تھے۔ ملاقات کے دوران محرم الحرام سے قبل کراچی کے تمام اضلاع میں مساجد و امام بارگاہ کے اطراف صفائی و ستھرائی، جلوسوں کے روٹ پر کارپیٹنگ، پیچ ورک، پیور بلاک، اسٹریٹ لائٹ کے کاموں اور امن و امان کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے دیگر علماء کرام اور عمائدین کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس اور احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار بوشہرہ اور ڈنڈر گاؤں کے بنگش قبیلے کے دو خاندانوں کے درمیان زمینی تنازعہ پر 7 جولائی کو لڑائی شروع ہوئی، دونوں طرف کے مشران لڑائی کو روکنے کے لئے سرگرم ہو گئے، شیعہ سنی عمائدین پاراچنار میں موجود تھے، انتظامیہ اور فوجی بریگیڈیر کے ساتھ مذکرات کر رہے تھے کہ جنگ کیسے بند کی جائے لیکن اسی  دوران پہلے تری مینگل کی طرف سے طاق میں بیٹھے ہوئے بدنام زمانہ افغانی دہشتگرد پیواڑ پر حملہ اور ہوئے اور اگلے دن صدہ کے مشران پاراچنار میں موجود تھے کہ اسحاق نامی ایک شرپسند نے زبردستی صدہ کی جانب سے لڑائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مشر کی جانب سے یہ وائس ریکارڈ اور دیگر ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں کہ بدمعاش بندہ ہمارے امن کو خراب کرنا چاہ رہا ہے، اس وقت بوشہرہ گاؤں زمینی تنازع سے شروع جنگ کئی علاقوں تک پھیل چکی ہے، کئی مقامات پر بھاری ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے، پاڑہ چمکنی سے کئی بار ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار پر میزائل فائر کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیواڑ پر اٹھارہ فٹ کے میزائل افغانستان سے فائر کیے جار رہے ہیں، ہم یہ واضح کر دیں کہ پاراچنار میں جاری لڑائی زمینوں کے تنازعات پر شروع ہوئی ہے، اس لڑائی کے شروع ہونے سے پہلے قاتل قبیلے کے کالعدم شرپسندوں نے گھر گھر جاکر فرقہ ورانہ اشتعال انگیز تقاریر سے شدت پسندی کو ہوا دی، اب کرم کے طول و عرض میں اسے فرقہ وارانہ جنگ کا رنگ دینے کی مذموم کوشش جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شیعہ، سنی عمائدین سے گزارش کرتے ہیں کہ خدارا اس خون ریز لڑائی کو ختم کریں، اس سے صرف نفرتیں پھیلتی ہیں اور بے گناہ قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں، کئی بچے یتیم ہو جاتے ہیں، اس کا کوئی فائدہ نہیں، ہم حکومت وقت سے سوال کرتے ہیں کہ آخر کس طرح بارڈر کی خاردارتاروں کو کاٹ کر وہاں سے دہشت گرد عناصر پاراچنار میں داخل ہوئے؟ بارڈر پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو پاراچنار میں داخل ہونے سے کیوں نہیں روکا؟ اٹھارہ فٹی میزائل پڑوسی ملک سے داغے جارہے ہیں، سرکار جواب کیوں نہیں دے رہی ہے۔؟ دیگر اضلاع سے بھی گاڑیاں بھر بھر کر پاراچنار اور پاڑا چمکنی میں شرپسندوں کو جمع کیا گیا جبکہ ان کو کسی چیک پوسٹ پر کیوں نہیں روکا گیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاراچنار میں جاری لڑائی کو روکنے میں سنجیدگی سے کردار ادا کرے، ہم طوری بنگش آبادی کو ختم کرنے کی مذموم کوشش کو ناکام بنا دیں گے، جو کہ دہشتگردوں اور متعصب بیوروکریٹس کی پوری نہ ہونے والی زہریلی سوچ کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگی۔ کیونکہ یہ کوششیں اس سے پہلے بھی درجنوں مرتبہ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے مشران آپ سے بار بار مطالبہ کر رہے ہیں کہ آپ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مورچوں پر شیلنگ کریں، مورچے خالی کرائیں، بار بار سست روی کیوں دیکھائی جا رہی ہے، دونوں فریقین کے مورچوں پر سرکاری اہلکار پوزیشن سنبھالیں، زمینی تنازعات پر کئی کمیشن بنے اور ناکام ہو کر واپس گئے، اس وقت بھی ایک کمیشن کام کرنے پاراچنار گیا تھا، آخر کونسے محرکات ہیں جو زمینوں کو کاغذات کے مطابق تقسیم ہونے نہیں دے رہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بلاتعصب زمینوں کے تنازعات کو حل کیا جائے، جس نے بھی زمینوں پر ناجائز قبضے کئے ہیں اس کے خلاف کاروائی کر کے قبضہ چھڑوایا جائے۔

مئی تری منگل میں شہید اساتذہ کو ابھی تک انصاف نہیں ملا نہ ہی حکومت نے ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ک۔ ایک دہشتگردی کے بعد کوئی کاروائی نہ ہونے کی وجہ سے اگلی دہشتگردی کے لئے دہشتگرد عناصر تیار بیٹھے ہوتے ہیں لہذا ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ 4 مئی میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کر کے نشان عبرت بنایا جائے، تاکہ آئندہ ایسا کوئی سانحہ پیش نہ آئے۔ 7 جولائی سے جاری جنگ میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ اس واقعہ پر غیر جانبدارانہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جو بھی عناصر ملوث ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے، جن افراد نے صدہ، پاڑہ چمکنی، تری مینگل محاذ کھول رکھے ہیں اور جن کے نام بالکل واضح ہیں، ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ جس میں کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے شر پسند ملوث ہیں جنہوں نے ہنگو، کوہاٹ اور وزیرستان تک امن و امان کا ماحول خراب کیا ہوا ہے ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی عمل میں لائی جائے، اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ ثابت حسین شیرازی، علامہ عابد حیسن شاکری، سید علامہ سید یاشم رضا، آخونزادہ مظفر علی، مولانا نور آغا بہشتی سمیت زعمائے قوم شریک تھے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت پاراچنار میں طالبان دہشت گردوں کی لشکر کشی کے خلاف خراسان تا نمائش ریلی نکالی گی جس میں کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی سے علامہ صادق جعفری اور سماجی رہنما خالد راؤ نے خطاب کیا اور علامہ مبشر حسن نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ احتجاجی ریلی میں مولانا اشرف حسین کاشفی، عزادری سیل کے صدر رضی حیدر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری نے کہا کہ پاراچنار میں پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن پر طالبان کا حملہ باعث تشویش ہے، پاراچنار کے شیعہ پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاراچنار پر طالبان کی دہشت گردوں کی لشکر کشی پر امپورٹڈ حکومت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، محرم الحرام سے قبل شیعہ قوم پر حملے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، حکومت اور ریاستی ادارے اپنی ادا کریں اور پاراچنار میں جنگ بندی کرانے میں اپنا کردار ادا کریں، محرم الحرام سے قبل ایک سازش کے تحت ملک بھر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دیا جارہا ہے، ملک بھر کی محب وطن عوام میں اپنے پاراچنار کے بھائیوں کے لئے تشویش پائی جاتی ہے، ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں اور دہشت گردوں کو لگام دیں ورنہ پاکستان بھر کی سڑکیں لبیک یا حسینؑ کے نعروں سے گونج اٹھیں گی۔

وحدت نیوز(لاہور)پارا چنار میں دہشتگردی کیخلاف چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف مقامات ٹھوکر نیاز بیگ، امامیہ کالونی، شادمان اور جعفریہ کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے دہشتگردی میں ملوث افراد کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مظاہرین سے بذریعہ ٹیلی فون خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام سے قبل پارا چنار کا دلخراش واقعہ انتہائی پریشان کن ہے۔ لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالوں کی ساری توجہ اور توانائیاں سیاسی مخالفین کو دبانے کی جانب ہیں، اسی لیے دہشتگردوں نے پارا چنار میں اپنی موجودگی ظاہر کی ہے۔

شادمان میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور دہشتگردی کا قلع قمع کرے۔ ادارے بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کریں سوچا جائے تو یہ دہشت گردوں نے اپنے مذموم عزائم ظاہر کر دیئے ہیں ہم اس افسوسناک واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ حکومت دہشت گردوں کی طرف توجہ دے سیاسی مخالفین کیخلاف بعد میں انتقامی کارروائیاں کر لے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وحدت نیوز( مظفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ۔ قوم اور قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین پارا چنار کے مظلوم عوام کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی عنقریب کامیاب ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاست کشمیر کے تنظیمی دورے کے موقع پر مظفرآباد میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی دفتر میں صوبائی صدر علامہ یاسر عباس سبزواری اور اراکین صوبائی کابینہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاراچنار میں فرقہ وارایت کی آگ بھڑکانے والے ملک و ملت کے بدخواہ ہیں۔ شیعہ سنی علماء اور عوام مل کر دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔

ریاستی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے پاراچنار میں قیام امن کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار اس قوم کے محسن قائد شہید کی سرزمین ہے۔ پوری قوم پاراچنار کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم اور قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین پارا چنار کے مظلوم عوام کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی عنقریب کامیاب ہوگی۔ کشمیر میں بھارتی مظالم ناقابل قبول ہیں۔ اقوام عالم اور حقوق انسانی کے عالمی ادارے بھارتی بربریت کا نوٹس لیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ریاست کشمیر کے صدر علامہ سید یاسر عباس سبزواری نے آزاد کشمیر میں تنظیمی صورت حال فعالیت سے آگاہ کیا۔ انہوں تحریک آزادی کشمیر کے سلسلے میں کشمیری عوام کی مسلسل قربانیوں کی تفصیلات بیان کیں۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے پاراچنار کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار میں جاری فسادات کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ خطہ بھی پاکستان کا ایک حصہ ہے جسے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر نظرانداز کیا جا رہا ہے حکومتی اداروں کو احساس ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے ۔

انہوں نے کہا غیر ملکی طالبان اور دہشت گرد خطے میں ہیوی اسلحے کے ساتھ حملے کر رہے ہیں جس سے قتل و غارت کا سا ماحول جنم لے رہا ہے اس سنگین صورتحال میں ہمارے ادارے کیوں غفلت کا شکار ہیں ہم پاک آرمی اور امن و امان بحال کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس علاقے کے مظلومین جو کہ پر امن اور محب وطن شہری ہیں ان کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ارض پاک کےدشمنوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت بروقت اقدام نہیں کرتی اور اس پارا چنار کے حساس حالات سے کنارہ کشی کرتی ہے تو ہمیں اجازت دی جائے کہ شیعہ قوم مظلومین پاراچنار کے دفاع کے لیے آواز بلند کرے اور رضاکارانہ خدمات پیش کرے

وحدت نیوز(ڈی آئی خان) وحدت یوتھ ونگ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ تصور علی مھدی و مرکزی نائب صدر علامہ راجہ مصطفیٰ حیدر جعفری وفد کے ہمراہ ڈویژن ڈیرہ اسماعیل خان تنظیمی دورے پر پہنچے اور ڈویژن محبانِ وطن اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں ڈویژن ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام تحصیلوں کے صدور نے شرکت کی ۔

نئے میر کارواں کے لیے اپنے رائے کا اظہار کیا جس میں اکثریت راءِ ووٹ لیکر برادر علی رضا آئندہ ایک سال کے لیے صدر نامزد ہوگئے ڈویژن صدر سے عہدے کا حلف مرکزی صدر علامہ تصور علی مھدی نے لیا جبکہ اس موقع کثیر تعداد میں نوجوان اجلاس میں موجود تھے۔

شرکاء سے گفتگو  کرتے ہوئے وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ تصور علی مہدی نے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں ڈویژن و تحصیل سطح پر کم از کم ایک مجلس حضرت علی اکبر کے عنوان سے منعقد کریں۔

مرکزی نائب صدر وحدت یوتھ  پاکستان علامہ راجہ مصطفیٰ حیدر جعفری نے کہا کہ کہ نوجوانوں کو وحدت یوتھ میں شمولیت کی دعوت دیں، ڈویژن سطح پر نوجوانوں کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ضرور کریں۔

وحدت نیوز(لاہور)الحمداللہ آج عید غدیر کا جشن مولائیوں نے لاہور لبرٹی چوک پر عظیم الشان طریقے سے منایا- لوگوں میں عید غدیر کے حوالے سے احادیث رسول اللہ و قرآنی آیات کے ساتھ ساتھ نقد عیدی چاکلیٹس بسکٹ ٹوفیاں اور پھولوں کی تقسیم کی اور لوگوں کو غدیر خم پر ہونے والے اسلامی تاریخ کے عظیم ترین دن کے حوالے سے - آگاہی فراہم کی-اس بابرکت پروگرام کو منعقد کرنے میں شعبہ ویلفیئر مجلس وحدت مسلمین لاہور اور دعا کمیٹی لاہور و مومنین نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

لبرٹی چوک لاہور سے گزرنے والے برادران اہل سنت نے خصوصی طور پر اپنی خوشی کا اظہار کیا-کئی ایسی فیملیز تھی جو لبرٹی چوک لاہور سے گزر رہی تھی اس روحانی پروگرام کی برکت سے اس پروگرام میں شریک ہوگئی اور خود سے بازار سے تبرکات لاکر لوگوں میں تقسیم کرنے لگیں،خصوصی طور پر برادر سبط محمد کا شکریہ جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا مرکزی کردار ادا کیا اوربرادر رانا کاظم علی کا جن کی سربراہی میں یہ پروگرام کامیاب ہوا۔

خصوصی شکر یہ برادر زوالفقار ، برادر شازم ، برادرجواد ، برادرواصف حیدر، برادر علی وارث ، برادر واصف علی، برادروقار ,برادر علی حمزہ ,برادر رضا خان ,برادر علی رضا کاظمی، برادر کمیل زیدی ، برادر عقیل، برادرعباس ,برادر عمار حیدر, برادر ید اللہ اور تمام برادران کا جن کے نام نہیں لکھ پایا اور ان تمام دوستوں کا جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان  کی صوبائی کابینہ اور ضلعی کابینہ کا اہم اجلاس زیر صدارت شیخ نئیر عباس مصطفوی صوبائی سیکریٹریٹ گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور وزارت اعلیٰ  کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔اجلاس میں کہا گیا کہ خالد خورشید سرکار کو عوام نے پانچ سال کیلئے مینڈیٹ دیا تھا مگر اس پر شب خون مارا گیا اور حکومت کورخصت کر کے گلگت بلتستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا اور رجیم چینج کا وہ عوامی مسترد شدہ تجربہ کیا گیا جو وفاقی سطح پر بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔

 اجلاس اس گھناونے منصوبے کو بائی ڈیزائن  سمجھتا ہے۔جس سے عوامی مینڈیٹ کی توہین سیاسی عدم استحکام اور سیاسی نفرت کے سواء کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔یہ اجلاس نئے قائد ایوان کےلئے منعقدہ اجلاس کو سبوتاژ کرنے کیلئے اسمبلی کو سیل کرنے سپیکر  اور ممبران اسمبلی کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روک کر جمہوری  عمل میں مداخلت کرنے اورعوامی نمائندوں کی توہین  جمہوری اقدار کیلئے سیاہ باب قرار دیتا ہے۔ جس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ اپنے من پسند وزیر اعلی کو منتخب کرنے کیلئے مینڈیٹ کو روند ڈالا گیا۔ نیز اپنے منظور نظر وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے فرقہ وارانہ ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جس سے  علاقے کے امن و آمان  کی فضا ایک بار پھر مکدر  ہو سکتی ہے۔ لہٰذا وزیر اعلی کا انتخاب میرٹ پر ہونا چاہیے۔اکثریتی ووٹ کو فرقہ وارانہ طرز عمل یا خرید و فروخت کے زریعے  متاثر کرنا  جمہوری روایات کے منافی اور صاف شفاف انتخاب کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس علماء مکتبِ اہلِبیتؑ پاکستان کے زیر اہتمام شہادت قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کی مناسبت سے منعقدہ بعنوان افکار شہید حسینیؒ سیمینارسے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائد سر زمین پاکستان پر ایک عظیم شخصیت عالم اور بہترین اسوہ تھے، آپ سے علماء اور طلباء محبت کرتے تھے، آپ ایک روحانی اور معنوی شخصیت تھے، ہماری امیدوں کا مرکز تھے لیکن دشمن اپنے ارادوں میں ناکام ہوا کہ انکی شہادت سے راہ حسینی بھی ختم ہو جائے گی، شہیدوں کے خون سے سرخ راستے کو دنیا کا کوئی فرعون اور یزید نہیں مٹا سکتا، ہم حکومت وقت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ پارہ چنار کے تنازعہ کو فی الفور وہاں کے عمائدین کے توسط سے حل کروائے، شر پسند عناصر کے پھیلائے گئے جنگ کے فتنے کا خاتمہ کرے، ہمارے اداروں کے فرائض منصبی میں آتا ہے کہ وہ عوام کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں، ایسے لگتا ہے انہوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور قاتلوں، دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دیے دی گئی ہے، پارہ چنار میں ہیوی اسلحے سے بمباری ہو رہی ہے جسے فرقہ وارانہ لڑائی کا نام دیا جائے گا، جی بی کی موجودہ صورتحال بھی آپ کے سامنے ہے، مسلکی سوچ پر مشتمل حکومتی ٹولہ ہمارے ملک پر مسلط ہے اور آئے روز اپنی نالائقیوں اور متعصبانہ حرکتوں سے ملک کو بحرانوں میں دھکیل رہا ہے۔

سیمینار کے شرکاء سے مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے ملک بھر سے آئے ہوئے تمام علمائے کرام کا دل سے شکریہ ادا کیا اور شہید حسینی کے حوالے سے کہا کہ انکا بابصیرت،شجاع،متقی اور مخلص ترین وجود علماء کی زمہ داریوں کے حوالے سے ایک روشن مثال تھا، انکی پاکیزہ سیرت اور وجود ہم سب علماء کی زمہ داریاں واضح کرتا ہے، پھر بہت کم ہے کہ امام خمینی نے آپ کی شہادت پر جو پیغام بھیجے وہ اپنی مثال آپ اور منفرد ہیں، شہید قائد مکتب اسلام کے وفادار تھے، آپ امام حسین علیہ السلام کے سچے فرزند تھے، ہمارا بحیثیت عالم دین فریضہ ہے کہ ملت میں اتحاد و وحدت کو فروغ دیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ محمد آمین شہیدی نے کہا کہ قائد شہید کے قیادت کے ساڑھے چار سالہ دور میں بہت سارے عملی پہلو سامنے تھے لیکن جو انکا سب سے اہم ترین پیغام اور نقطہ تھا وہ وحدت المسلمین پر انتھک کاوشوں کا تھا، شہید حسینی نے تعلیمات قرآن کریم اور افکار امام خمینی سے الہام لیتے ہوئے اتحاد و وحدت کی ضرورت کو امت مسلمہ کے سامنے پیش کیا، آپ بنیادی طور پر پاکستان میں امام خمینی کے کی سوچ کے ترجمان تھے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ خورشید انور جوادی نے کہا کہ شہید حسینی خط ولایت کے حوالے سے بالکل اٹل اور واضح موقف رکھتے تھے، آج جو پارہ چنار پر ظلم وستم ہو رہا ہے، یا اس سے پہلے معصوم مومنین کی لاشیں بھیجی گئیں اس سے پارہ چنار کی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے، ملک کو نقصان پہنچانے والے شر پسند عناصر نے جب چاروں طرف سے حملہ کیا تو اسے پارہ چنار کے غیور و بہادر عوام نے ناکام بنا دیا، ہم سے ہمارا عقیدہ چھڑوانے والے خام خیالی میں رہتے ہیں۔سیمینار سے علامہ اقبال حسین بہشتی، علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ سید شبیر حسین بخاری، علامہ سید یاسر سبزواری و دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree