The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) شیعہ ایکشن کمیٹی راولپنڈی و اسلام آباد کے زیر اہتمام متنازعہ فوجداری بل کے خلاف جامعہ مسجد اثناء عشریہ جی سکس ٹو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، جس میں علمائے کرام، ملی تنظیموں کے رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین کی جانب سے متنازعہ ترمیمی ایکٹ کے منظور کیئے جانے کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔

مظاہرین سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متنازعہ ترمیمی ایکٹ قرآن وسنت کے منافی اور آئین پاکستان سے متصادم ہے، حکومت کی طرف سے اپنی مدت پوری ہونے سے ایک دن پہلے اسے منظور کرنا، سیاسی فائدہ اٹھانے کی ناکام کوشش ہے، یہ کوتاہ نظر سیاست دان یاد رکھیں، ہم ان کا ہر گلی کوچے میں پیچھا کریں گے اور انکے ناپاک عزائم کا راستہ روکیں گے، یہ بل شیعہ سنی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ناپاک سازش ہے، ہم کسی صورت یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، یہ متعصبانہ اور فرقہ وارانہ بل ملک میں بسنے والے بیس فیصد شیعوں کے خلاف قانونی طور پر قتل کا پروانہ ہے، جسے ہرگز برداشت یا قبول نہیں کیا جا سکتا، ہم اس بل کے خلاف ہر قانونی راستہ اختیار کریں گے، ہمارے تمام اسٹیک ہولڈرز جماعتوں سے روابط جاری ہیں جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

شیعہ ایکشن کمیٹی کے صدر سید زاہد جعفری نے کہا کہ ہم پہلے بھی اپنی ملت کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کے خلاف میدان میں حاضر رہے ہیں، دھرنے دیے، جیلوں میں گئے لیکن پیچھے نہیں ہٹے، آج بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، ایوان بالا اور زیریں سے جس عجلت اور غیر ذمہ داری کے ساتھ اس بل کو منظور کیا گیا ہے وہ انتہائی تشویشناک اور شرمناک ہے، کسی بھی مذہب و مسلک کے عقائد ونظریات پر پابندی عائد نہیں کی جا سکتی، یہ انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انجمن جانثاران اہلبیت کے صدر تطہیر رضوی نے بھی بل منظوری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل کو کسی صورت ایکٹ نہیں بننے دیا جائے گا، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما مسعود حیدر ککو نے بھی بل منظوری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا۔انہوں نے آنے والے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ووٹ نہ دینے پر زور دیا۔ انہوں کا کہنا تھاآئندہ شعیہ جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر ملک گیر یوم وحدت امت منایا گیا۔ یوم وحدت امت کے سلسلے میں جیکب آباد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو اور آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ہم صدیوں سے اس سرزمین پر آپس میں اسلامی اخوت کے ساتھ رہ رہے ہیں جبکہ تکفیری گروہ عالمی استکبار کا آلہ کار بن کر ہمیشہ امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کے درمیان اختلافات کو ہوا دیتا ہے۔ اس حساس مرحلے پر کالعدم دھشت گرد گروہ کے سرغنہ اعظم طارق کا پرانا فرقہ وارانہ بل اسمبلی میں پیش کرکے جماعت اسلامی کے مولانا چترالی نے نفرتوں کو ہوا دی ہے۔ مولانا عبدالاکبر چترالی کے بل کی روشنی میں تو مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ علیہ پر بھی مقدمہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بنانے میں شیعہ سنی مسلمانوں نے مل کر جدوجہد کی اور وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تمام مسالک اور مکاتب فکر مل کر کوشش کر رہے ہیں۔ کچھ فرقہ پرست عناصر آج اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اسلامی شناخت مٹا کر اسے فرقہ وارانہ شناخت دینا چاہتے ہیں۔ قائد اعظم کا پاکستان مسلم پاکستان ہے اسے مسلکی ریاست بنانے کی شیطانی سازش ناکام بنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں شیعہ سنی مسلمانوں نے اس بل کو رد کر دیا ہے کیونکہ اس بل کے ذریعے یزید پلید اور اس کے خاندان کو تحفظ دینے کی سازش کی جارہی ہے جنہوں نے یزید پلید کو رحمۃ اللہ علیہ اور دشمنان اہل بیت کو رضی اللہ کہا وہ اس بل کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

وحدت نیوز(ٹوبہ ٹیک سنگھ)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر ملک بھر کی طرح آج ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی یوم وحدت امت منایا گیا اس حوالے سے امام جمعہ و جماعت مولانا ہدائت حسین ہدائتی نے نماز جمعہ کے خطبہ میں حالات حاضرہ پر خطاب کرتے ہوئے 7 اگست کو سینٹ سے منظور ہونے والے ترمیمی بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی ایسے قانون کو تسلیم نہی کرتےجس کے پیچھے بدنیتی کار فرما ہو یہ ترمیمی  بل ناموس صحابہ نہیں بلکہ اہل البیت کے قاتلوں کے تحفظ کا بل ہے یہ بل شیعہ دشمنوں کے ہاتھوں میں قانون کا پروانہ قتل ہے-اس سے قبل تکفیری گروہوں کو اداروں نے پروان چڑھایا اور ملت کے 80 ہزار افراد کے خون سے ہولی کھیلی مگر ادارے اب تک سمجھ نہیں سکے اور کھیل پہ کھیل ڈیزائن کر رہے ہیں جو کہ وطن عزیز کی سالمیت کے لیئے زہر قاتل ہے-

 انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اس بل کو عجلت میں اور غلط طریقہ سے منظور کیا گیا جس میں بہت زیادہ خامیاں ہیں اس بل میں صحابی کی متفقہ تعریف نہیں کی گئی ، توہین کی تعریف نہیں کی گئی ، اس بل کے قانون کو غلط استعمال کرنے والے کے لیئے کوئی سزا تجویز نہیں کی گئی ، اس بل کو صرف چند اراکین سینٹ و اسمبلی نے پاس کیاہے اس لیئے ہم اس کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اس بل کے خلاف پوری ملت جعفریہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے اور ہم اس بل کے خلاف ہر محاذ پر پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملت تشیع آج بروز جمعہ یوم وحدت امت" کے طور پر منائیں گے۔ملک بھر کے تمام آئمہ جمعہ سے میری اپیل ہے کہ پاکستان کی دشمن قوتوں کے ایماء پر شیعہ سنی مسلمانوں کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش متنازعہ فرقہ وارانہ بل کیخلاف قوم کو  آگاہی دیں اور آج بروز جمعہ کو یوم مذمت کے طور پر منائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے سیاسی جماعتوں نے  قومی اسمبلی اور سینٹ سے آئین پاکستان اور قرآن سنت کیخلاف متنازعہ فرقہ وارانہ بل کو غیر دستوری و غیر قانونی طریقے، اقلیت رائے اور دھونس دھاندلی سے پاس کروا کر قومی وحدت، باہمی رواداری اور استحکام پاکستان پر گھناؤنا وار کیا ہے۔ہم اس ملک دشمنی پر ہرگز خاموش نہیں رہیں گے، مسلم پاکستان کو مسلکی پاکستان بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے،آئین پاکستان اور قرآن و سنت سے متصادم اس بل کیخلاف ہر قسم کا آئینی و قانونی راستہ  اختیار کیا جائے گااور اس ملک و ملت دشمن سازش کیخلاف ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرینگے۔

وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے زیر اہتمام قائد شھید علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کی مناسبت سے تکریم علماء کانفرنس کا اہتمام، علماء کرام اور تنظیمی احباب کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

 پروگرام کے مہمان خصوصی معروف عالم دین علامہ سید حسن ظفر عباس نقوی آف کراچی تھے۔پروگرام میں علماء کرام نے قائد شھید سید عارف حسین الحسینی کی علمی فکری اور سیاسی تحریک اور آپکی شخصیت کے برجستہ پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

کانفرنس کے اختتام میں علمائے کرام نے متفقہ طور پر موجود پی ڈی ایم کی متنازعہ حکومت کے ایماء پر ناموس صحابہ کے نام پر پیش ہونے والے متنازعہ اور متشدد مسلکی بل کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے قوم وملت اور ملک عزیز پاکستان کے خلاف ایک گہری اور گھناؤنی سازش قرار دیا۔

وحدت نیوز(کراچی) دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام ھفتہ وار مرکزی اجتماعی دعائے توسل شہدائے کربلا، 34 برسی قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی، سانحہ عاشورہ کے شہداء کے بلندی درجات کیلئے محفل شاہ خراسان روڈ منعقد ہوئی۔ تلاوت دعا مولانا سید علی رضا جعفری نے کی۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین سندھ علامہ باقر عباس زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائد  علامہ عارف حسین الحسینی اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے آپ حقیقی جمہوریت کے حامی اور استعمار ی نظام کے خلاف رہے۔شہید قائد کے مطابق پاکستان کی خارجہ پالیسی استقلال پر مبنی ہونی چاہیے۔ ہمارے ملک کے فیصلے ہم خود کریں،اور کسی کو اس میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔ آج ملک میں جتنی مشکلات ہیں وہ غلامی کی وجہ سے ہے۔شہید قائد نے مارشل لاء کے دور میں عالمی استعمار اور ان کے مقامی ایجنٹوں کو للکارا۔اس سخت دور میں جب کوئی بھی سامنے نہیں آتا تھا،شہید قائد جابروں کے مقابلے پر کھڑے ہوتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عامرضیاء الحق کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف ہمیشہ صف اول کے سپاہی تھے۔شہید عارف نے مسلمانوں کے درمیان وحدت کے لئے کام کیا۔عارف حسینی جہان اسلام میں صیہونی و نصرانی آلہ کاروں سے آگاہ تھے۔وہ دشمن کی شناخت رکھتے تھے۔وہ وطن کو مستحکم دیکھنا چاہتے تھے۔وہ تفرقہ کے مقابلہ میں وحدت کا پرچارکرتے تھے۔عارف حسینی کوشہید کرنے والے اس فکر کے دشمن تھے جو قومی سلامتی و استحکام کی ضمانت تھی بدبخت دشمن ناکام ہو گئے۔آج قائد حسینی کی فکر،ان کا کردار اور ان کا مشن جاری و ساری ہے شہید کے راستے کو کبھی ترک نہیں کریں گے۔مجلس عزا کے اختتام پر شہید قائد علامہ عارف حسینی کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی نوحہ خوانی ناصر آغا، شیراز شاہ زیدی، محمد علی جلالوی نے پش کیا۔

وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم کی قیادت میں سابق وزیر خزانہ جاوید علی منوا اور پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین ایوب وزیری نے گلگت بلتستان ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2023 اسمبلی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کروادیا۔

 اس بل کی منظوری کے بعد گلگت بلتستان کے سرکاری محکموں میں شفافیت، فعالیت اور کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ میڈیا اور عوام کو صحیح اور مستند معلومات کا حصول سہل  ہوگا۔ یہ ایکٹ حکومت اور اداروں کی کارکردگی پر ایکسٹرنل چیک اور سائٹنگ کا ٹول ثابت ہوگا۔ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی منظوری سے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کا تدارک بھی ہوگا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارلیمنٹ سے پاس کیئے جانے والے متنازعہ ترمیمی ایکٹ 2021ء کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اہل تشیع اور اہل تسنن نے ملکر بنایا تھا، یہ ملک مسلکی نہیں مسلم پاکستان بنایا گیا تھا، آئین اور دستور بھی مسلم پاکستان کی بات کرتا ہے، مسلکی کی نہیں، جو بھی قوانین بننے چاہیئں وہ پاکستان کے آئین و قانون کی بنیادی روح کے مطابق بننے چاہیئں، آئین پاکستان میں ہر فرد کو اپنے عقائد کے مطابق آزادی حاصل ہے، اہل تشیع اور اہل تسنن کو آپس میں لڑانے کی مختلف سازشیں ہوئیں، دونوں مکاتب کے ذمہ داران اور افراد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ان سازشوں کو ناکام بنایا، انتہاء پسند ٹولہ ملک کو تباہ کرنا چاہتا ہے، قرآن وسنت کے خلاف قوانین نہیں بننے دیں گے، یہ انتہاء پسندوں اور قاتلوں کے ہاتھوں میں قانونی طور پر زہریلا خنجر تھما دیا گیا ہے کہ وہ جس پر چاہیں توہمت لگا کر اسے قتل کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فقہاء اور مجتہدین کا فتویٰ ہے کہ اہل سنت کے مقدسات کی توہین حرام ہے، اس متنازعہ بل کی منظوری کے بعد عوام کا پارلیمنٹ سے اعتماد اٹھ گیا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس بل کو نظر ثانی کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل میں بھیجا جائے، ہم پارلیمنٹ میں جو متنازعہ ترمیمی بل پاس کیا گیا ہے اسکی شدید مذمت کرتے ہیں، متنازعہ ترمیمی بل کو یکسر مسترد کرتے ہیں، سراپا احتجاج ہیں، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ہر قانونی راستہ اختیار کریں گے۔شیعہ قوم پر کسی دوسری فقہ کے مطابق کوئی فیصلہ مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ یہ متنازعہ ترمیمی ایکٹ ایک شیعہ دشمن رجحان کی عکاسی کرتا ہے، یہاں صدیوں سے شیعہ سنی اپنے اپنے عقائد کے مطابق اکٹھے زندگی بسر کر رہے ہیں، گذشتہ چند سالوں سے سائبر کرائم لا، تحفظ بنیاد اسلام بل اور مشترکہ قومی نصاب جیسے کئی اقدامات سے پاکستان کے محب وطن شیعہ شہریوں کو مایوس اور دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی ہے، اگرچہ عالمی ادارے پاکستان میں بڑھتے ہوئے مذہبی امتیاز کے خلاف اعلامیے جاری کر چکے ہیں لیکن اس رجحان کے خلاف انسانی حقوق کے مقامی کارکنان کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میری ملک کے پڑھے لکھے افراد سے اپیل ہے کہ ملک کو بچاؤ، یہ متنازعہ ترمیمی بل ملک میں امن و بھائی چارے کی فضا کو خراب کرنے کی سازش ہے، پی ڈی ایم نے جاتے جاتے انتہائی خوفناک کام کیا ہے، یہ بل پورے ملک میں توہین کا ایک نیا تماشا لگا دے گا، یہ جاہل اور نادان لوگ ملک پر مسلط ہیں ان میں کوئی انسانیت اور تہذیب نہیں ہے یہ درندہ صفت حکمران ملک کو تعفن زدہ اور نزاع کا بیج بو کر جا رہے ہیں، بل میں نا صحابہ رض کی تعریف ہے نا اہلیبت ع کی تعریف کہ گئی، یہ یزید کو بچانے کا بل ہے، یہ اہلبیت ع کے دشمنوں کو تحفظ دینے کا بل ہے، ضیاء الحق کا ملک نہ بنائیں جس نے ملک کے اندر فرقہ واریت اور نفرت کو پروان چڑھایا، اس بل میں جو سزا تجویز کی گئی ہے وہ قرآن و سنت کے برخلاف ہے، اگر ہم نے ایف آئی آرز کروانا شروع کیں اہلسنت کی ہربڑی کتاب پر پابندی لگ جائے گی،ہم تمام طبقات کو واضح کہہ رہے ہیں کہ اسے روکیں بالخصوص ہماری اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے کہ وہ اسے روکے، کیونکہ لوگوں نے کہا ہے کہ اس کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کا کردار ہے، ہم اس وطن وفادار بیٹے ہیں, ہم سے کوئی زیادہ محب وطن نہیں ہے, چاہے وہ کوئی بھی ہے, پریس کانفرنس میں علامہ سید احمد اقبال رضوی، سید ناصر عباس شیرازی، علامہ اقبال حسین بہشتی، ملک اقرار حسین علوی، عارف حسین علیجانی و دیگر رہنما شریک تھے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع شرقی کے تحت شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 38 ویں برسی کے موقع پرشہید کی بلندی درجات کے لئے مجلس عزا مسجد و امام بارگاہ ابوطالبؑ میں منعقد کی گئی ۔ مجلس سے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدرعلامہ باقر عباس زیدی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام زمانہؑ کا انتظار یہ نہیں کہ لوگوں کو ایسی گولی دے دی جائے کہ وہ اسے کھاکر سوجائیں بلکہ امامؑ کا انتظار درحقیقت اپنے آپ کو آمادہ و تیار کرنا ہے۔شہید قائد کے دور میں انقلاب اسلامی کامیاب ہوا ۔شہید قائد نے استبداد کے خلاف اور متدین جمہوریت کے لئے کام کیا۔آپ ایسی سیاست متعارف کروارہے تھے جو دیانت پر مبنی ہو۔ آپ کہتے تھے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی استقلال پر مبنی ہونی چاہیے۔ ہمارے ملک کے فیصلے ہم خود کریں،عالمی شیطان نہ کریں۔

علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ آج ملک میں جتنی مشکلات ہیں وہ غلامی کی وجہ سے ہے۔شہید قائد نے مارشل لاء کے دور میں عالمی استعمار اور ان کے مقامی ایجنٹوں کو للکارا۔اس سخت دور میں جب کوئی بھی سامنے نہیں آتا تھا ،شہید قائد جابروں کے مقابلے پر کھڑے ہوتے تھے۔ضیاءالحق کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف پریس کانفرنس کرتے تھے.  شہید قائد کی شہادت ان کی دین اسلام کے لئے مسلسل کوششوں کا ایک تسلسل تھی۔شہید قائد علامہ عارف حسینی امام خمینی کے ایک عظیم ساتھی تھے. شہید عارف کہتے تھے کہ جب تک ان کے جسم میں خون کا ایک قطرہ باقی ہے تب تک وہ اس نظریہ ولایت فقیہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔شہید عارف نے  مسلمانوں کے درمیان وحدت کے لئے کام کیا ۔ ان کے بیٹے کو قرآن کی تعلیم دینا والے استاد اہلسنت تھے۔

علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ شہید قائد کے کام کے اثرات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جب رہبر معظم ایرانی صدر کی حیثیت سے پاکستان کے دورے پر آئے،تو لوگوں نے ان کا ایسا استقبال کیا کہ ان کی گاڑی کو اٹھالیا اور اس بات کا ذکر امام خمینی نے بھی کیا کہ دنیا کے کسی ملک کی عوام ایسی ہیں جو کسی ملک کے صدرکا استقبال اس طرح کریں کہ اس کی گاڑی کو اٹھالے ؟۔ شہید قائد کے دور میں انقلاب اسلامی کے اثرات کو روکنے کے لئے ملک میں فرقہ واریت پھیلائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ مرجعیت کا نظام ہمیں آئمہ اطہارؑ نے دیا ہے ۔اس سلسلے کی ایک کڑی امام خمینی ہیں۔ولایت فقیہ کا نظریہ یعنی ایک فقیہ قرآن و سنت کو معاشرے میں نافذ کرتا ہے۔اسلامی قوانین کا ماہر فقیہ ہی اسلامی قوانین کو نافذ کرسکتا ہے،یہ حق قرآن و آئمہ اطہارؑ نے اسے دیا ہے ۔امام خمینی نے لوگوں کو آج کے شیطان سے آشکار کیا۔علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ شہادتوں کا سفر صرف کربلا میں ختم نہیں ہوا،بلکہ آئمہ اطہارؑ  مسلسل شہید ہوتے رہے اور اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ حق کے لئے ہر وقت قیام کی حالت میں تھے۔مجلس عزا کے اختتام پر شہید قائد علامہ عارف حسینی کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے نائب صدر علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ سینیٹ سے پاس ہونے والے ترمیمی بل کو مسترد کرتے ہیں، ریاست کے ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں ایسے کسی بھی بل کو  قانون کا حصہ نہ بننے دیا جائے جس سے ملکی ہم آہنگی اور رواداری کی مجموعی فضاء زہر آلود ہو۔

 اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اس بل کا عنوان تو خوبصورت ہے مگر اس کا مواد فرقہ وارانہ سوچ پر مبنی ہے، لہذا وطن عزیز ایسے کسی قانون کا ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا جس سے ملک بھر کے گلی محلوں میں خلفشار پھیلے اور نفرت انگیز قانون کی آڑ لے کر تکفیری فکر کے حامل موقع پرست لوگ اسے اپنے متشدد پسندانہ عزائم کے لئے ناجائز استعمال کریں اور آئے روز بے گناہ افراد کو اس کی بھینٹ چڑھایا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree