The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے ابتر معاشی حالات کسی بھی نئے تجربے کے متحمل نہیں، ملکی معاشی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ بروقت اور شفاف انتخابات کروائے جائیں، نگران حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ آئینی ذمہ داری پر مرکوز رکھے، ایوانِ بالا میں الیکشنز ملتوی کرنے کی قرارداد منظور کرنا قابل مذمت ہے، ملکی قرض سود سمیت ادا کرنے کے لیے اور تجارتی خسارہ پورا کرنے کیلئےہر سال 25 ارب ڈالر کا نیا بیرونی قرض درکار ہے، حکومت اس صورتحال سے آسانی سے نہیں نپٹ سکتی، بہت مشکل اور تلخ فیصلے کرنا ہوں گے، اس کے لیے عوام کو اعتماد میں لینا اشد ضروری ہو گا، اگر ایسی حکومت بنانے یا لانے کی کوشش کی گئی جسے عوام کی تائید و حمایت حاصل نہ ہوئی تو وہ اس بحران سے نمٹنے میں بری طرح ناکام ہو جائے گی اور ملک مشکلات کی گہری کھائی میں جا گرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال تو پہلے ہی ابتر تھی اب لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بھی گھمبیر صورت اختیار کر رہی ہے، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان اس ناامنی سے سخت متاثر ہیں ملک میں ماضی کی طرح پھر سے مذہبی شدت پسندی، لسانیت اور قومی تعصبات کو ہوا دی جا رہی ہے، پارہ چنار کے معصوم اور نہتے شہریوں کو آئے روز دوران سفر نشانہ بنایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں کھڑے ہو کر تکفیری شدت پسند ملکی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیں، ان مٹھی بھر شدت پسندوں کو لگام دینا کس کی ذمہ داری بنتی ہے، بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں سے سفر کر کے آنے والی بہن بیٹیوں پر تشدد کیا گیا، یہ کیا پیغام دیا گیا، ہمارے معاشرے میں تو دشمن کی ماؤں بہنوں کا بھی احترام کیا جاتا ہے، خواتین کا لحاظ رکھنا تو ہماری ثقافت اور تہذیب کا حصہ ہے، مائیں بہنیں بیٹیاں اور بچے تو سب کے سانجھے ہوتے ہیں یہ تو پھر بھی ہمارے اپنے ہیں، دشمن تو یہی چاہتا ہے کہ پاکستان کی عوام ریاست سے ناراض ہوں، ریاستی اقدامات سے عوام میں مزید غم و غصہ پیدا ہو رہا ہے، اپنی انا کے خول سے باہر نکل کر ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

وحدت نیوز(اصفہان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام عظیم الشان تکریم شہداء کانفرنس کا انعقاد۔تفصیلات کے مطابق بروز جمعہ مورخ 22 جمادی الثانی مطابق 5 جنوری کو مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام جامعہ المصطفی العالمیہ واحد اصفہان میں عظیم الشان تکریم شہداء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جس میں طلاب کرام کی کثیر تعداد میں شرکت۔کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا جس کا شرف برادر حافظ سلیم شیخ صاحب کو ہوا۔

انکے بعد برادر محمد سلیم نے منقبت پیش کی بعد از آں برادر عادل حسین نے شہید علامہ ضیاء الدین رضوی قائد گلگت بلتستان کی بابرکت زندگی پر مفصل گفتگو کرتے ہوئے شہید کی ملت گلگت بلتستان پر خدمات کو بیان فرمایا۔جس کے بعد برادر فرقان حیدر نے منقبت خوانی کی۔

انکے بعد کانفرنس کے مھمان خصوصی علامہ سید احمد میر مرشدی صاحب(سابق مسئول حوزہ و نمائندہ ولی فقیہ در نیروی ھوایی سپاہ) نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کی خدمات و شہید قاسم سلیمانی کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔

انکا کہنا تھا ہم اپنے آپ میں بصیرت و فرقان پیدا کریں اور یہ حاج قاسم سلیمانی کی بصیرت اور حکمت عملی کا نتیجہ ہے کہ داعش جیسے دہشت گرد نابود ہوئے،حاج قاسم سلیمانی نے جبہ مقاومت کو قوت بخشی ہے۔

آپ نے فرمایا کہ رجیم اسرائیل کی جنایت اور فلسطین پر مظالم کے خلاف طوفان الاقصیٰ ایک انقلابی تحریک تھی اور یہ طوفان الاقصی کے ثمرات ہیں کہ جس کی وجہ سے دنیا کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بیدار ہوئے۔آج ہم پہلے سے بہت زیادہ طاقتور ہیں۔

انہوں نے اپنے گفتگو میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی اور شہید مظلوم آغا ضیاء الدین رضوی کا تذکرہ کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔بعد از آں برادر ساجد علی مھدوی نے ترانہ شہداء پیش کیا۔

یاد رہے کانفرنس میں مزید جامعہ المصطفی العالمیہ واحد اصفہان کے تشکل ھای فرھنگی کے صدور جناب سید جعفر شمسی مسئول تشکل شہید عارف الحسینی،مسئول تشکل سلمان فارسی محسن رضا نقوی، سید حسن امام نمائندہ تشکل المھدی ھندوستان ، محمد ھاشم مبلغی مسئول تشکل مجمع انوار بلتستان ، محمد ذیشان نمائندہ تشکل عماریوں نے خطاب کرتے ہوئے شہداء اسلام شہداء مقاومت کو خراج تحسین پیش کیا۔

پروگرام کے آخر میں مسئول مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان برادر سید محسن نقوی صاحب نے عظمت شھداء کو بیان کرنے کہ بعد مھمانان و شرکت کنندگان کا شکریہ ادا کیا اور دعائیہ کلمات سے پروگرام کا اختتام کیا۔ نظامت کے فرائض برادر حافظ ملک وسیم سجاد صاحب انجام دے رہے تھے ۔

وحدت نیوز(کراچی) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان  علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی کراچی میں منعقدہ مرکزی مجلس عزا بیاد شہدائے ملت جعفریہ و شہدائے راہ قدس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ہمارے قیمتی شہداءکے پاکیزہ خون سے سیراب ہوئی ہے، ہم نےمکتب کربلا وعاشورا کی پیروی کرتے ہوئے اس عصر کی کربلا میں عظیم شہداء کی قربانیاں پیش کی ہیں، وطن عزیز کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تکفیری کی آگ میں جھونکا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی کا سب سے بڑا کارنامہ مقاومت کو طاقتور بنانا ہے۔شہید قاسم سلیمانی نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے، ڈیل آف سینچری اور نارملائزیشن ود اسرائیل کے منصوبے سمیت داعش کو ناکام بنایا ،وہ کسی خاص ملک کے نہیں ہم سب کے محسن ہیںپوری امت مسلمہ کے محسن ہیں، اس عظیم شہید نے عراق و شام میں داعش کا سر کچل کر پوری دنیا کو اس بدترین فتنے سے آزادی دی۔ قاسم سلیمانی نے غزہ کے مظلوموں کو مچھلی پکڑکر نہیں دی بلکہ جال بننا سکھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج امام زمانہؑ کے ظہور کی رکاوٹیں ختم ہورہی ہیں ، آپریشن طوفان الاقصی'  اسرائیل پر فلسطینیوں کا 75 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ کاری وار ہے،فلسطین نے اسرائیل کے غبارے سے ہوانکال دی ۔اسرائیل دنیا بھر میں میڈیا وارہارچکا ہے۔اسرائیل کا مکروہ چہرہ پوری دنیا پر آشکار ہوگیا ۔اسرائیل کھلی جنگ نہیں کرسکتا،جنگی جرائم کرسکتا ہے ۔اسرائیل جنگ کوہمیشہ باہر لڑتا رہا ہے،مزاحمتی قوت نے جنگ کو اسرائیل کے اندر تک پہنچا دیا ہے۔اسرائیل اسٹریجیٹکل طور پر شکست کھاچکا ہے۔آج کا زمانہ تشیع کی طاقت وسربلندی کا زمانہ ہے ، امام خمینی نے فرمایا تھا کہ جس قوم کے پاس شہادت ہو وہ کبھی غلامی قبول نہیں کرتی۔ہمارے سیاسی پیشواا غیبت کبری' میں ولی فقیہ ہیں۔ہمیں رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای پرفخر ہے۔ہمیں رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے پرچم کے نیچے جمع ہونا ہوگاجیسے ملت ایران، عراق، شام ، لبنان اور یمن اکھٹا ہوئے اور عالمی سامراج کو شکست فاش دی۔

علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ پاکستان کے تشیع میدان میں رہ کر امریکی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔پاکستان کو حسینیوںؑ نے بچانا ہے۔ہم جتنے باشعور و بیدار ہوئے ،اتنے طاقتور ہوں گے ۔پاکستان میں تکفیری ٹولے کے ذریعے تشیع کو الجھایا گیا ہے ۔استعماری طاقتیں اور ان کے مقامی ایجنٹ یہ نہیں چاہتے کہ ہم مین اسٹریم پولیٹکس میں اپنا قومی کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے کہا تھا کہ پاکستان کی کسی غیر اسلامی ملک سے جنگ ہوئی تو ہم پاکستان کے لئے اپنا خون پیش کریں گے۔ہم پاکستان کے دشمنوں سے دوستی نہیں کرسکتے ہیں۔ہمیں چاہیے کہ ہم بیدار ہوں،دنیا میں طاقت کا توازن بدل رہا ہے۔شہید قائد کی کمی کو ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ہم نے سیاست کو طہارت دینی ہے،اس ملک کے تمام اداروں کو پاک بنانا ہے۔پاکستان کے ایٹمی اثاثے ملت کے اثاثے ہیں۔ہم پاکستان کو توڑنے والوں کے ہاتھ توڑدیں گے۔آپ کا ووٹ اسرائیلی پسندوں کو شکست دینے کے لئے استعمال ہونا چاہیے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)حلقہ پی بی 42 کوئٹہ کی انتخابی سیاست ایک مرتبہ پھر دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار علامہ علی حسنین حسینی کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

آج عدالت عالیہ میں الیکشن ٹریبونل نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےنامزد امیدوار برائے حلقہ پی بی 42 علامہ علی حسنین حسینی کی اپیل پر سماعت کی۔

الیکشن ٹریبونل نے علامہ علی حسنین حسینی کے کاغذات نامزدگی کو مکمل اور درست قرار دیتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

انشاءاللہ!علامہ علی حسنین حسینی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےٹکٹ پر انتخابی نشان خیمہ کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ریٹرننگ آفیسر نے علامہ علی حسین حیسنی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگا کرانہیں مسترد کردیا تھا۔

2013 کے انتخابات میں بھی ایم ڈبلیوایم کے امیدوار آغا رضا اس نشست پر کامیاب ہوچکے ہیں جنہوں نےشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

وحدت نیوز(لاہور)وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان جناب علامہ سید احمد اقبال رضوی کاجشن کوثر سےمرکزی خطا ب۔اس پروقار تقریب میں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی ، بین المذاہب ہم ہنگی کے کوارڈینیٹرخطباء وذاکرین ونگ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صدرجناب علامہ سید حسن رضا ہمدانی ، معروف خطیب اہلبیت ؑ جناب علامہ امجد عابدی ، معروف شاعر و مداح اہلبیت جناب رضا عباس ،معروف ذاکر اہلبیت ناصر عباس جوئیہ اور دیگر معروف شعراء اور ذاکرین نےبی بی پاک مخدومہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراءسلام اللہ علیہا کے حضور اپنا اپنا نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔

 صوبائی سیکرٹری سیاسیات جناب سید حسین شاہ زیدی ، صوبائی سیکرٹری مالیات جناب سید فصاحت بخاری ، صوبائی آفس سیکرٹری ظہیر کربلائی کے علاوہ لاہور وگردونواح کی ماتمی سنگتوں اور نوحہ خوان کےسالاروں بانیان مجالس عزاء اور ماتمی دستوں کے سربراہ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان لاہور کے مختلف ٹائونز کےصدورجن میں جناب پیر سید بابر علی شمسی ،برادر حیدر عباس، سید جاوید بخاری ، برادر سید فیضان نقوی ، برادر رانا آصف خصوصی پر اس عظیم الشان جشن شریک ہوئے جنہیں مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی جانب سے ان کے عظیم کارناموں اور عزاداری کے لئے کی مخلصانہ کاشوں کے اعتراف میں اعزازی ’’عزاداری شیلڈز‘‘ دی گئیں ۔ برادر خرم عباس نقوی اور سیٹھ عدنان نے بھی اس پرشکوہ جشن میں شرکت کی ۔

 مقررین نے ولادت باسعادت مخدومہ کائنات حضرت فاطمہ زہراءسلام اللہ علیہا کی مناسبت سے شرکاء جشن کوثر سے خطاب کیا ۔ اس عظیم پروگرام میں مومنین ومومنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، حاضرین نے علمائے کرام اور ذاکرین عظام کی گفتگو سن کر نعروں سے جواب دیا اور مقررین نے جشن میں اپنی مدلل گفتگواور مدحت اہلبیت ؑ سےماحول کو بہت معنوی اور روحانی بنا دیا ، تلاوت قرآن کریم کے بعد معروف قاری دعا سید سبط محمد نے حدیث کساء کی تلاوت کی جبکہ آفتاب علی ہاشمی نےجش کوثرکی  نظامت کے فرائض سر انجام دیئے ۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئر مین جناب علامہ سید احمد اقبال رضوی نے جشن کوثر میں آخری اور مرکزی خطاب کیا ۔

 انہوں فرمایا کہ سب سے پہلے میں جشن کوثر کے منتظمین اور شرکاء جشن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ آج ہم جس ہستی کے جشن میں شریک ہیں وہ کائنات میں سب سے زیادہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی محبوب ہستی ہے ، جس کے بارے رسول ﷺ نے فرمایا کہ جس نے فاطمہ (س) کو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا اور جس نے مجھے ناراض کیا گویا اس نے اللہ کو ناراض کیا ۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ کی قرۃ العین، بعثت کے پانچویں سال میں، اپنے نازنین قدم مبارک سے دنیا کو منور اور حضرت رسول اعظم ﷺکے دولت سرا کو مزین اور خانہ وحی میں اپنے پدر بزرگوار کے دامن تربیت میں پروان چڑھیں اور علم و معرفت نیز کمال کی اعلی منزلیں بھی آپ کے کمال لازوال کے سامنے ہیچ نظر آئیں۔بشریت حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی احسان مند ہے، جس طرح سے انسانیت پر اسلام، قرآن، انبیائے خدا اور رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کا احسان ہے۔

علامہ سید احمد اقبال رضوی نے ایران میں ہونے والے دھماکوں کے مذمت کی اور ان دھماکوں میں شہید ہونے والوں شہداءکی بلندی درجات کی دعا بھی کرائی ۔ آخر میں علامہ سید احمد اقبال رضوی صاحب نے شرکاء جشن سے کہا کہ اب بیداری کا زمانہ ہے آپ ہر لمحہ عالمی اور ملکی حالات سےآگاہ اور باخبر رہیں ۔ آنےوالے الیکشن کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں فرمایا کہ اس میں الیکشن کی بجائے سلیکشن نظر آرہی ہے ۔ اور ایسا ماحول بنایاجارہا ہے کہ اپنے من پسند لوگوں کو آگے لاکر حکومت تشکیل دی جائے ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہمیشہ سےہر غیر آئینی اور قانونی اقدامات کی مخالف رہی ہے ۔ ہم ہمیشہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ۔ صاحب اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو چاہیئے کہ وہ عوام کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائیں ۔ ہم موجود مسنگ پرسنگ کی تحریک اور دھرنے کی حمایت کرتے ہیں اور روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ تمام مسنگ پرسنگ کو عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ ان کے خلاف کوئی شکایات ہیں!تو عدالتیں قانون کے مطابق ان کا ٹرائیل کرسکیں ۔

تمام شرکاء نے عظیم جشن کوثر کےکامیاب انعقاد، اور جشن کے دوران تازہ تیارشدہ نیاز کے پیش کرنے پر تمام منتظمین بالخصوص مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر ضلع لاہور جناب نجم عباس خان کو مبارک باد پیش کی ۔ جناب نجم عباس خان نے تمام معزز مہمانوں کا تہہ دل سے جشن کوثر میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریاستی اقدامات سے عوام میں مزید غم و غصہ پیدا ہو رہا ہے ملک میں نا آئین نا قانون مقدس جنگل کا ماحول بنا ہوا ہے، شفاف الیکشن عوام کا حق ہے جس سے انہیں محروم کیا جا رہا ہے۔صوبوں کے درمیان نفرت ایجاد کی جا رہی ہے جو ملک و قوم کے استحکام کیلئے بڑہ خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال سمیت پارہ چنار، گلگت بلتستان،بلوچستان کے حالات مکمل خراب ہیں عوام سراپا احتجاج ہیں، بنیادی حقوق تو دور کی بات ہے ان کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے۔دشمن تو یہی چاہتا ہے کہ پاکستان کی عوام ریاست سے ناراض ہو، ریاستی اقدامات سے عوام میں مزید غم و غصہ پیدا ہو رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کا علاقہ کئی دہائیوں سے مسلسل ناامنی کا شکار ہے، کچھ ماہ قبل تری مینگل میں استادوں کو قتل کیا گیا، جب بھی قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جاتا ہے، دہشت گردی کا نیا واقعہ رونما ہو جاتا ہے، دن دیہاڑے سیکورٹی کے حصار میں جانے والے قافلے بھی حملوں سے محفوظ نہیں، پشاور پارہ چنار روڈ بدامنی کا شکار ہے، سیکورٹی اہکاروں کی موجودگی مسافر گاڑیوں پر پتھراؤ اور فائرنگ ہو رہی ہے، جس میں کئی معصوم لوگ مارے جا رہے ہیں، افسوس ناک بات یہ ہے کہ ان جان لیوا واقعات میں ملوث آج تک کسی ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا، پارہ چنار کے معاملات میں جرگوں میں دہشت گردوں کو نا بیٹھایا جائے۔ایسا لگتا ہے جیسے ہم پر فرعون و ہامان مسلط ہو چکے ہیں ملک میں الیکشن نہیں ہو رہے تماشا ہو رہا ہے۔کیا ایک بندے کو مسلط کرنے کے لئے اتنی آئین شکنی اتنی قانون شکنی ضروری ہے، کیا پاکستان بانجھ ہے اس میں کوئی اور حکمرانی کے قابل نہیں رہا۔عوام خود مظلوم ہیں، عوام خود اپنا نمائندہ منتخب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ملک میں شفاف انتخابات ہی امن و استحکام کا حل ہیں۔گزشتہ روز ایران کے شہر کرمان شاہ میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کی۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے شہید الحاج قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کے موقع پر ایران کے شہر کرمان میں ہونے والے بم دھماکوں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سفاک دہشتگردی میں 100 سے زائد شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔دہشتگردانہ کاروائی امریکہ و اسرائیل سامراج کا خطہ میں خاتمہ کا آغاز ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی شہادت کے بعد اسلامی مزاحمتی بلاک  پُرعزم ہو کر نئے جذبے سے امریکی اسرائیلی شیطانی سازشوں کے خلاف سرگرم عمل ہوچکا ہے، حاج قاسم کی شہادت کے امریکی مجرمانہ اقدام سے امریکا کا مقصد ناصرف عراق اور ایران بلکہ پورے خطے میں اسلامی مزاحمت کو کمزور کرنا تھا لیکن وہ اس حقیقت سے غافل ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ شہید قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کا پاکیزہ خون اسلامی مزاحمت کے درخت کی آبیاری کرتے ہوئے اسے مزید طاقتور بنا رہا ہے،آج یمن، عراق، شام، لبننان اور بلخصوص فلسطین میں عالمی سامراج امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے وجود کی آغاز نابودی ہے۔ انشاءاللہ عصر حاضر کے فرعونوں کیلئے شہید قاسم سلیمانی آج سردار قاسم سلیمانی سے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گے۔علامہ باقر عباس زیدی نے شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام سے اظہار تعزیت کیا انہوں نے واقع میں شہید ہونے والے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن شوریٰ عالی اورامام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے شہداء کے قاتلوں کے سلسلے ریاست کی جانب سے سستی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کوئٹہ میں بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے اتحاد بین المسلمین اور بین المسالک ہم آہنگی سمینار کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کے قاتلوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شیعہ قوم کے شہداء کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ریاست ہمارے شہداء کے قاتلوں کے سلسلے میں سستی کر رہی ہے۔ ہم اپنے شہداء کے قاتلوں کے خلاف عدالتی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(ڈکھن)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی این اے 193 کے امیدوار علامہ مقصود علی ڈومکی نے آج حلقہ این اے 193 کے مختلف شہروں اور دیہاتوں کا دورہ کیا اور ڈکھن پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار، ضلعی نائب صدر دریا خان جتوئی، تحصیل صدر سید نوید علی شاہ نقوی، نظام الدین انقلابی، حسنین جوادی، مستنصر مہدی ابڑو و دیگر اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس بات پر حیران ہیں کہ ملک دیوالیا ہو چکا ہے اور عوام مہنگائی کے سبب دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں، ایسے میں عوام کے منتخب نمائندوں اور اراکین اسمبلی کی دولت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔

جو منتخب نمائندے پانچ سال تک عوام سے کہتے رہے کہ عوام کو کچھ دینے کے لئے ان کے پاس فنڈ نہیں، آج الیکشن کمپئن پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔ جو منتخب نمائندے کرونا وباء اور تباہ کن سیلاب میں پانی میں ڈوبی ہوئی عوام کو کہیں نظر نہیں آئے، آج وہ گھر گھر اور در در گاڑیوں کا قافلہ لے کر پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گاڑیوں کے قافلے لے کر آنے والے ارب پتی امیدواروں کو خالی لوٹا دیں اور ووٹ غریب اور باکردار امیدواروں کو دیں، جن کا ہدف عوام کو لوٹنا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی کارکردگی سے مکمل طور پر مایوس ہو چکے ہیں اور لوگ متبادل کی تلاش میں ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر قسم کے لسانی اور فرقہ وارانہ تعصبات سے بالاتر ہو کر عوامی حقوق کے لئے میدان عمل میں موجود ہے۔

وحدت نیوز(چنیوٹ)‎مرکزی صدرمجلس وحدت مسلمین وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی کی  جامعہ بعثت میں منعقدہ  بیس جمادی الثانی کے سالانہ جشن میں شرکت اور خطاب،ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے جامعہ بعثت  رجوعہ سادات میں منعقدہ بیس جمادی الثانی یوم ولادت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کے سالانہ عظیم الشان خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناب سیدہ  فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کی سیرت میں ہمیں اپنے حق کے دفاع کے لیے ہر طرح کے ظلم و ستم کا مقابلہ کرنے کا درس ملتا ہے کہ جس طرح بی بی دو عالم اپنے حق سے ذرہ برابر پیچھے نہ ہٹیں اور آواز بلند کی ، آج ملت فلسطین بھی اپنی جاگیر پر غیروں کے تسلط کو ذرہ برابر برداشت نہیں کر رہی  

انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنے حق کے دفاع کے لئے استقامت کے ساتھ کھڑی ھے اور اس حریت و سر بلندی کے راستے میں ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہے، یہاں  تک کہ ایک دن حق کا غلبہ ہوگا اور باطل قوتیں پاش پاش ہوجائیں گی ۔  خطاب کے آخر میں نو سال کی بچیوں میں شعبہ خواتین کی جانب سے عبا ھدیہ کی گئی ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree