The Latest

وحدت نیوز(دنیور) مجلس وحدت مسلمین ضلع گلگت تحصیل دنیور کے زیر اہتمام حراموش میں یونٹ سازی کے سلسلے میں ایک تنظیمی نشست کا اھتمام کیاگیا۔

صوبائی رھنما محترم شیخ اصغر طاہری ،ضلعی صدر محترم عارف قنبری، ضلعی جنرل سکریٹری محترم شیخ اصغر شمسی، ضلعی سکریٹری تنظیم سازی محترم ابوالحسن اور تحصیل صدر محترم یاورعباس سمیت حراموش کےمؤمنین وکارکنان نے شرکت کی۔

برادران کی اکثریتی راۓ سے محترم حاجی سجاد حسین کو صدر ،محترم زوار اقبال حسین نائب صدر، محترم لال بیگ رابطہ سکریٹری، محترم نواز خان صدر اعزاداری ونگ، محترم مجاہد حسین صدر یوتھ ونگ، محترم مبارک علی صدر لیبر ونگ اور برادر عادل حسین کو میڈیا سکریٹری منتخب کیاگیا۔

وحدت نیوز(بغداد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی کی وفد کے ہمراہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں سربراہ تحریک الحکمت (التیار الحكمة) علامہ سید عمار الحکیم سے ملاقات۔

تفصیلات کے مطابق سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایم-ڈبلیو-ایم نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ تحریک الحکمت کے سربراہ علامہ سید عمار الحکیم سے اتوار کے روز مؤرخہ 24/12/2023 کو ملاقات کی، کہ جس میں ملکی و عالمی صورتحال کو زیرِ بحث لایا گیا۔

ملاقات میں سربراہ تحریک الحکمت کی خدمت میں چئیرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) کا سلام اور نیک تمناؤں کا پیغام پیش کیا، اور پاکستان کی مسلسل بدلتی صورتحال، مقبوضہ کشمیر پر بھارت کی طرف سے طاقت کے زور پر ظلم و زیادتی، ملک میں شیعہ قوم کی مشکلات اور ریاست کا رویہ، امریکہ اور اسکے اتحادیوں کا ملک میں مداخلت، رجیم چینج کی سازش، ایم-ڈبلیو-ایم کی ملک میں حالیہ سرگرمیاں، پاکستان تحریکِ انصاف سے اتحاد، آئندہ آنے والے الیکشن میں ایم-ڈبلیو-ایم کا کردار، مسئلہ فلسطین پر قائد اعظم محمد علی جناح(رح) کے اصولوں پر پاکستان کا تاریخی موقف و قضیہ فلسطین کی حمایت اور پاکستانی زائرین کی مشکلات و عاملین کو درپیش مسائل سمیت دیگر متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہ تحریک الحکمت نے پاکستان کے بارے میں تفصیلی صورتحال سے آگاہ کرنے پر ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی کا شکریہ ادا کیا۔ اور عراق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عراق نے مسئلہ فلسطین کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عراقی پارلیمنٹ میں قانون پاس کیا کہ جس میں اسرائیل کیساتھ ہر قسم کے تعلقات قائم کرنا قانونی جرم قرار دیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ یورپ کی خود ساختہ وبا ہم جنس پرستی کو بھی عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے قانونی جرم قرار دیا گیا ہے۔اور یورپ کی طرف سے آنے والے دباؤ پر دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی تہذیب و تمدن اور ہماری ثقافت اس چیز کی قطعی طور پر اجازت نہیں دیتی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کی بہتری کی تجاویز زیر غور آئیں۔

وحدت نیوز(نجف اشرف)سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان اور سیکرٹری امورِ خارجہ ایم-ڈبلیو-ایم حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے وفد کے ہمراہ بروز جمعہ مؤرخہ 22/12/2023 کو ھیئتِ سندھ نجف اشرف کے سربراہ مولانا شیخ شوکت علی نجفی کی دعوت پر ھیئتِ سندھ نجف اشرف کے حسینیہ میں منعقد ہونے والی تقسیمِ انعامات کی تقریب میں شرکت کی۔ سربراہ امورخارجہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے کہ جہاں آپ کو سندھی ثقافت کی اجرک پہنائی گئی۔

اس تقریب کا آغاز کلامِ الہی سے کیا گیا، جس کے بعد بچوں نے جنابِ سیدہ فاطمۃ الزہرا(ع) کی خدمت میں نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوز و سلام پڑھا۔ اسکے بعد حفظ مقابلے میں شرکت کرنے والے تین بچوں سے زبانی خطبہ فدک سنا گیا۔

بعد ازاں ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی صاحب نے مختصر وقت میں خطاب کرتے ہوئے ھیئتِ سندھ نجف اشرف کے تمام مسؤولین و منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور خطبہ فدک پر روشنی ڈالی۔ آپ نے اس فصیح و بلیغ خطبے کے اہداف و مقاصد سے تمام شرکاء کو آگاہ کیا۔تقسیم انعامات کیلئے سربراہ امور خارجہ کو مدعو کیا گیا کہ جس میں آپ نے اس مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو اپنے دستِ شفقت سے انعامات تقسیم کیے۔اس تقریب کا اختتام دسترخوانِ جناب سیدہ(ع) لگا کر کیا گیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مظلومین غزہ و فلسطمین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کے زیر اہتمام آزادی فلسطین مارچ کا انعقاد کیا گیا، مارچ کا آغاز مسجد ولی العصر سے ہوا، مارچ نے شہداء چوک علمدار روڈ کوئٹہ پر پہنچ کر بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرلی، مارچ میں مرد و خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔

مارچ کے شرکاء سے مرکزی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری توسیع تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ سید ہاشم موسوی، صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان آغا ظفر شمسی، آغا جعفر علی جعفری، آغا عباس موسوی،آغا محمد رضا، ارباب لیاقت علی ہزارہ، آغا علی حسین الحسینی، مولانا تصور مہدی اور آغا ولایت حسین سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی اداروں سمیت پوری دنیا نے اسرائیلی مظالم کے سامنے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، اسلامی ممالک بھی فلسطینیوں کے قتل عام کا تماشا دیکھ رہے ہیں، لیکن اسرائیل کے تمام تر مظالم کے باوجود فلسطینی عوام سربلند ہیں، اسرائیل اپنے منطقی انجام کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، جنگ بندی نہ کرنا اسرائیل کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی تمام تر محروم ہو مظلوم قومیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی، آنے والے الیکشنز میں غیر جانبدار رہنے والے حق و صداقت کی کمزوری کا باعث بنیں گے، واضح طور پر عوام کے حقوق کا بہادری کے ساتھ تحفظ کرنے والے افراد کو اسمبلیوں میں پہنچائیں، تاکہ نا صرف پاکستان میں بلکہ پوری دنیا کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کا دفاع کیا جا سکے۔

علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ تحریک مقاومت کی پوری اسلامی دنیا میں بڑھتی ہوئی حمایت اسرائیل کے لیے وبال جان بن رہی ہے، اسرائیل کا گھمنڈ خاک میں مل چکا ہے، امریکہ اور اس کے حواریوں نے اب دبے پاؤں اسرائیلی حمایت سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا ہے، اسرائیل کچھ ہی عرصے میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرنے کے ترلے کرے گا۔

قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ ہم آج یہاں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں، جہاں ہم فلسطینی عوام کے لیے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں وہاں اپنی بلوچستان کی خواتین کے لیے بھی سراپا احتجاج ہیں جن کے ساتھ وفاقی دارالحکومت میں ہتک آمیز سلوک روا رکھا گیا ہے۔

آغا ظفر شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک بھر میں فلسطینی کاز کے ساتھ کھڑے ہو کر مظلوموں کی داد رسی کی ہے، یہ درس ہمیں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور اس کے باوفا ساتھیوں نے کربلا میں دیا ہے، ہم آئندہ بھی مظلومین جہاں کے حق میں اور جابر طاقتوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

وحدت نیوز(کراچی)قائد اعظم محمد علی جناح کے حقیقی پاکستان کی تکمیل ہی ساری مشکلات سے نجات کا واحد ذریعہ ہے۔قائداعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کے قیام کے لیے ایک طویل جدوجہد کی ہم بھی اسی پاکستان کا قیام چاہتے ہیں۔ ایسا پاکستان جہاں قانون کی بالادستی ہوجو تعصب، انتہا پسندی، تکفیر یت،کرپشن، اقربا پروری اور ظلم سے پاک ہو ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے  بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم پیدائش پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی رہنمائی میں قوم کی بے شمار قربانیوں کی بدولت یہ عظیم مملکت خداد داد کا حصول ممکن ہوا لیکن موجودہ حکمرانوں نے حصول پاکستان کے مقاصد کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنے اقتدار اور مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ قائد اعظم چاہتے تھے کہ اسلامی نظریہ پر بنائے گئے ملک میں عوام الناس کو تمام تر بنیادی حقوق حاصل ہوں اور سماج میں طبقاتی تقسیم کا نام و نشان تک نہ ہو، تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر کر سب کو انکے مذہبی،معاشی،معاشرتی اور سیاسی حقوق میسر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے پجاری اور بیرونی استعماری قوتوں کے کاسہ لیس حکمرانوں نے قائد اعظم اور قوم کی قربانیوں کو فراموش کر دیا ہے آج نوجوانوں کو بابائے قوم کے ویژن سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے ان کے رہنما اصول ایمان اتحاد تنظیم سے تجدید عہد کرنے کا دن ہے جسے پوری قوم کو بھرپور انداز سے منانا چاہیے تاکہ قائد کی فکری راہ پر چل کر وطن عزیز کو ترقی واستحکام کی طرف گامزن کیا جا سکے۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبہ پنجاب کی صوبائی شوری کا دوسرا اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پنجاب کے 29 اضلاع میں سے 17 اضلاع کے نمائندے شریک جبکہ 10 صوبائی کابینہ کے معزز اراکین نے شرکت کی اس دو روزہ اجلاس میں تمام شریک اضلاع کے نمائندوں نے اپنے اپنے اضلاع کی رپورٹ پیش کی  پنجاب شوری کے اس اہم اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری برادر سلیم عباس صدیقی نے  یونٹس کی تشکیل اور فعالیت پر زور دیا اضلاع کی کارکردگی کو سراہا گیا ۔ اضلاع میں تنظیم سازی کے عمل کو بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ تمام کام صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے جائیں مجلسِ وحدت آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی انہون نے کامیاب آذادی فلسطین مارچ کے انعقاد پر صوبہ پنجاب کی کابینہ اضلاع اور عوام کا شکریہ ادا کیا انہوں نے مرکز کے فیصلوں عشرہ تکریم شہداء کے پروگرام یونٹ سطح پر کرنے پر زور دیا ۔

وحدت نیوز(سکردو)رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے گندم کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہیں.وفاق پر رحم کرنے والی امپورٹڈ حکومت نے اپنے عوام پر بوجھ ڈالنا مناسب سمجھا لیکن وہ وفاق جو اسی ماہ میں 250 ارب سے زائد بجلی کی مد میں سبسڈی دے ان سے گلگت بلتستان کے لئے پانچ ارب کی سبسڈی لینے کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے۔ہم عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر عوام دشمن پالیسیوں کی بھرپور مخالفت کریں گے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ سیاسیات کی جانب سے 6 انتخابی حلقوں سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروادیئے گئے ہیں۔

ایم ڈبلیوایم نے اب تک کراچی کے  2قومی اور چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل کروائے ہیں جن میں قومی اسمبلی حلقہ NA-235 گُلزار ہجری ضلع شرقی،  قومی اسمبلی حلقہ NA-231 ملیر 3، PS-89 ملیر،PS-98 گُلزارہجری،PS-125 کراچی وسطی، PS-85 ملیر شامل ہیں ۔

ایم ڈبلیوایم کے جانب سے نامزد امیدواروں میں صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری سیّد علی حسین نقوی نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی
PS-89 ملیر ، PS-98 گُلزارہجری، PS-125 کراچی وسطی، برائے قومی اسمبلی NA-235 گُلزار ہجری، سیّد عارف رضا زیدی  نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی NA-231 ملیر 3، صدر ضلع ملیر سیّد احسن عباس رضوی نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی PS-89 ملیر 3، صابر عمران نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی PS-85 ملیر شامل ہیں ۔

8فروری 2023 کوملک بھرمیں ہونے والے قومی انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار انشاءاللہ خیمہ کے نشان پر حصہ لیں گے۔

وحدت نیوز(سکردو) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں اضافہ کے حکومتی فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت کی بے بسی اور نااہلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گندم سبسڈی میں اضافے کے خلاف وفاق کے سامنے ایک جملہ بھی ادا کرنے کی توفیق نہیں ملی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو قائل کرنے کے لیے مجال ایک پریس کانفرنس کی ہو یا ایک بیان جاری کیا ہو۔ وفاق پر رحم کرنے والی حکومت نے اپنے عوام پر بوجھ ڈالنا مناسب سمجھا لیکن وہ وفاق جو اسی ماہ میں 250 ارب سے زائد بجلی کی مد میں سبسڈی دے ان سے پانچ ارب کی سبسڈی لینے کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے۔ اس حکومت کو اس نعرے کے ساتھ مسلط کی گئی تھی کہ سابق حکومت کے وفاق کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں ہے۔ وفاق کے ساتھ بہتر ریلیشن بناکر 16 لاکھ بوریوں کا مسئلہ حل کرنا تھا، 30 ارب تک ترقیاتی اور غیرقانونی بجٹ میں اضافہ کرنا تھا۔

پہلی کوارٹر کی ترقیاتی بجٹ کی ریلیز میں یہ حکومت ڈیڑھ ارب کٹوا کے بیٹھ گئی، جس گندم کی سبسڈی کو ساڑے دس ارب کر دی گئی تھی اس میں سے ایک ارب مزید کٹوا کے ساڑے نو ارب تک پہنچائی۔ جب سے یہ حکومت گلگت بلتستان میں آئی ہے وفاق سے ایک روپیہ بھی ایڈیشنل گرانٹ حاصل نہیں کرسکی ہے۔ جمہوریت اور سیاسی نمائندوں کو رسوا کرکے اسمبلی کو بے توقیر کرکے جو مسائل حل کرنے کے وعدے کیے تھے وہ پورے کرنے اور خطے کو آگے بڑھانے کی بجائے جی بی کو ریورس گئیر لگا دیا ہے۔ ہم اب بھی گلبر رجیم کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں ملکر جدوجہد کرتے ہیں عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے وفاق سے لڑتے ہیں۔ ہم قدم بہ قدم حکومت کے ساتھ ملکر وفاق سے عوامی حقوق کے لیے لڑیں گے۔ لیکن ایسا نہیں ہوسکتا کہ وفاق کو چھوٹ دیکر عوام کے منہ نوالہ چھیننے کے لیے ہم بہادر بنیں۔ عوام ہماری طاقت ہے۔ وفاقی حکومت کا سایہ کسی کے سر سے بھی لمحوں میں چھن سکتا ہے۔

وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صدر آغا علی رضوی نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے گندم کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی، انجمن تاجران اور دیگر سٹیک ہولڈر کے ساتھ مل کر جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کے عوام سڑکوں پر نکل آنے کے بعد حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ سیاسی حکمران ان عوام پر رحم کریں اور وفاق کے سامنے ڈٹ جائیں۔ صوبائی حکومت کا وفاق سے حقوق حاصل نہ کرسکنا انکے خلاف ہی ریفرنڈم ہے۔

موجودہ صوبائی حکومت میں تقریبا ساری سیاسی جماعتیں موجود ہیں یہ سب جماعتیں مل کر بھی وفاق سے چند ارب روپے لینے کی ہمت نہیں رکھتیں تو ان سے گلگت بلتستان کی تقدیر بدلنے کی توقع کیسے رکھیں۔ ابتدائی مرحلے پر عوام کے ساتھ ملر کر عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کے پرچم تلے پہلے صوبائی حکومت کے خلاف دنگل سجا دیں گے اس کے بعد وفاق کے خلاف میدان میں آئیں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام احتجاج کی تیاری کریں اور تمام تر تفرقات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہوکر آگے بڑھیں۔ ہم عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت میدان میں رہیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree