The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہنگو بائی پاس پارہ چنار کی مسافر گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے، واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، شہداء کے گھر والوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو کی ہے اور کہا ہے کہ ان جان لیوا واقعات کو نہ روکنا پورے علاقے کے امن وامان کو تہہ وبالا کرنے کا موجب بنتا ہے، آئے روز کی سنگین صورتحال نے عوام کا جینا اجیرن کر دیا ہے، عوام کی جان و مال کے محافظ پارہ چنار سے پشاور روڈ کو محفوظ بنانے میں ناکام ہیں، مسافر گاڑیوں پر تسلسل کے ساتھ حملے سیکورٹی فورسز کے لیے بہت بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی پارہ چنار کے محب وطن شہریوں پر بیرونی یلغار اور لشکر کشی کی جاتی ہے، کبھی تکفیری شدت پسند اور جنگجو حملہ آور ہوتے ہیں، راستوں کی سالہاسال بندش اور مسافر گاڑیوں پر جان لیوا حملے انتہائی تشویشناک اور کربناک ہیں، حکومت کی جانب سے آج تک ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار نہ کرنا انکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔؟ آخر یہ سب مکروہ کھیل کب رکے گا، پارہ چنار کی سنگین صورتحال علاقے کی حساسیت کے اعتبار سے انتہائی خطرناک ہے، جس پر غیر سنجیدہ رویہ اور عدم توجہی کسی صورت برداشت نہیں۔
وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے وفد کی شیخ نیئر عباس مصطفوی کی سربراہی میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و صدر پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان خالد خورشید سے رٹو ہاؤس خومر جٹیال میں اہم ملاقات۔
ملاقات میں گلگت بلتستان کے اہم عوامی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں سابق معاون خصوصی و رہنما ایم ڈبلیو ایم الیاس صدیقی،صوبائی ترجمان ایم ڈبلیو ایم حاجی غلام عباس اور دیگر رہنما ہمراہ تھے۔
وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے پاراچنار کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری طرف سے حکام بالا کو ہر لمحے اور موقع پر پاراچنار کی صورتحال بارے آگاہ کیا گیا ہے، ضلع کرم کے شیعہ سنی عوام امن وامان کے ساتھ زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں، کرم کے شیعہ سنی ذمہ دار عمائدین اور علماء کرام نے امن کے لئے مختلف جرگے اور جلسے منعقد کیئے اور مل جل کر رہنے کے حلف اٹھائے ہیں، آخر وہ کونسی قوتیں ہیں جو فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینا چاہتی ہیں، ان عوام دشمن عناصر کو لگام دینا حکومتی زمہ داری ہے جس سے پہلو تہی کرنا کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین سیاسی و معاشی بحران سے دوچار ہے۔
دوسری جانب گلگت سے لے کر بلوچستان تک مختلف احتجاجی تحریکیں چل رہی ہیں، حکومت کے خلاف امن وامان کی گھمبیر صورتحال پر احتجاجات کا سلسلہ جاری ہے، ہر طرف بے یقینی کی صورتحال ہے، مگر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ایسے لگتا ہے کہ ان بگڑتے ہوئے ملکی معاملات سے انکو کوئی سروکار ہی نہیں، پاراچنار کی گاڑیوں کو کئی بار نشانہ بنایا گیا، ہنگو میں گاڑی پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور کور کمانڈر سمیت وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کو فوری گرفتار کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے دمشق میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے مشیر میجر جنرل سید رضی موسوی پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کا فضائی حملہ شام کی داخلی خود مختاری پر حملہ ہے، جس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے، شہید جنرل موسوی شہید قاسم سلیمانی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے، انہیں گھر پر میزائل حملے میں شہید کیا گیا ہے، وہ ایرانی سفارتخانے میں بحیثیت سفارتکار اور سیکنڈ کونسلر کام کرتے تھے، ان کے پاس سفارتی پاسپورٹ تھا، ان پر حملہ 1961ء اور 1973ء کے بین الاقوامی کنونشن کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا عالمی مجرم اسرائیل عالمی قوانین کی کھلم کھلا دھچیاں اڑا رہا ہے، غاصب اسرائیلی رجیم کی ان مجرمانہ کارروائیوں سے صاف ظاہر ہے کہ صہیونی ریاست شدید بوکھلاہٹ اور خوف کا شکار ہو کر اس طرح کے جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، صہیونی حکومت نے شہید موسوی پر حملہ کر کے جنایت کا ارتکاب کیا ہے۔ یہ حملہ شام کی خودمختاری کی بھی مکمل خلاف ورزی ہے کیونکہ سفارتکاروں کو تحفظ فراہم کرنا میزبان ملک کی ذمہ داری ہے، شہید جنرل موسوی شام میں فوجی مشیر کی ذمہ داری بھی انجام دیتے تھے۔ وہ شام میں سپاہ پاسداران انقلاب کے پرانے مشیروں اور شہید جنرل سلیمانی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔
وحدت نیوز(ملتان) وحدت یوتھ پاکستان ملتان ڈویژن کے زیراہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی کے یوم پیدائش کے موقع پر پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، قائد ڈے کے موقع پر بانی پاکستان کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور قائداعظم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر نائب صدر حسن عباس گھلو، ڈویژنل جنرل سیکرٹری تیمور حسن، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جمشید عباس، سیکرٹری میڈیا احسن مہدی و دیگر شریک تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل نائب صدر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی کے ساتھ آج بانی پاکستان کے فرمودات سے روگردانی کی جارہی ہے، ہم اس ملک کے باوفا بیٹے ہیں اور ہم بانی پاکستان کے فرمودات کی نفی کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے، یہ ملک کسی معمولی قربانی سے وجود میں نہیں آیا بانی پاکستان اور شاعر مشرق ہمارے محسن ہیں لیکن موجودہ حکمرانوں کے حالیہ بیانات افسوسناک ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)جواد علی سید آزاد امیدوار PP172 لاہور (جعفریہ کالونی) کی اپنے وفد کے ہمراہ صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب ۔لاہور آمد ۔ جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب اور برادر نجم عباس خان ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور سے ملاقات کی ۔ صوبائی صدر نے جواد علی سید کو حلقہ پی پی 172 سے کاغذات جمع کرانے پر مبارک پیش کی ۔اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
اس موقع پر جناب نجم عباس خان ضلعی صدر جواد علی سید کو بتایا ک ہمارے امیدوار جناب سید فخر حسنین رضوی نے بھی اپنے کاغذات حلقہ پی پی 172 سے جمع کرائیں ہیں ۔ جس پر جواد علی سید نے کہا کہ بڑی اچھی بات ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امیدوار بھی میدان میں اترے ہیں ۔
اس وقت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا رول باقی تمام پارٹیوں کی نسبت بہت ہی مثبت اور خوبصورت ہے ۔ میں مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب نے جواد علی سید کا صوبائی سیکرٹریٹ تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا ۔ یہ ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی ۔ آخر علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب نے الویہ پبلیکیشنز کی کتب کا ایک سیٹ آزاد امید وار حلقہ 172 - pp جواد علی سید کو ہدیہ کیا جس پر جواد علی سید نے صوبائی صدر اور ضلعی صدر مجلس وحدت کا شکریہ ادا کیا ۔
وحدت نیوز(بغداد)ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی کی عراق کے دارالحکومت بغداد میں وفد کے ہمراہ مجلس اَعلی اسلامی عراق کے سربراہ ڈاکٹر علامہ شیخ ھمام حمودی سے ملاقات ۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایم-ڈبلیو-ایم نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ "مجلس اَعلی اسلامی عراق" کے سربراہ ڈاکٹر علامہ شیخ ھمام حمودی اور انکے وفد سے اتوار کے روز مؤرخہ 24/12/2023 کو ملاقات کی، جس میں ملکی و عالمی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کی شروعات میں سربراہ مجلس اَعلی ڈاکٹر علامہ شیخ ھمام حمودی کے بھائی ڈاکٹر عَلاء حمودی کی گزشتہ ہفتے ہونے والی وفات پر دعا اور تعزیت پیش کی گئی۔ اس کے بعد سربراہ مجلس اَعلی کی خدمت میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) کا سلام پیش کیا گیا۔
اس ملاقات میں پاکستان اور خطے میں ہونے والے تغیرات، ملک بھر میں بےگناہ شیعہ عوام کا قتلِ عام، امریکہ اور اسکے اتحادیوں کا ملک میں اثر و رسوخ، ایم-ڈبلیو-ایم کی ملک میں حالیہ سرگرمیاں، پاکستان تحریکِ انصاف سے اتحاد، آئندہ آنے والے الیکشن میں ایم-ڈبلیو-ایم کا کردار اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا تاریخی موقف، طوفانِ اقصیٰ کے بعد ایم-ڈبلیو-ایم کی ملک کے مختلف حصوں میں خصوصی فعالیت اور کانفرنسز اور پاکستان میں ایم-ڈبلیو-ایم کی تعلیمی سرگرمیوں سمیت دیگر متعدد موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔آخر میں سربراہ مجلس اَعلی، انکے قریبی ساتھیوں اور وزراء کی طرف سے پاکستان کے حوالے سے مختلف سوالات کئے گئے۔
وحدت نیوز(لندن) مجلس وحدت مسلمین ایسٹ لندن برطانیہ کے زیر اہتمام مجلس عزاء و بسلسلہ شہادت بی بی پاک سیدہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ مورخہ 23 دسمبر 2023 بروز ہفتہ بر مکان سید ریاض حسین شاہ صاحب جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم ایسٹ لندن برطانیہ منعقد ھوئی. پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب سید عامر عباس شاہ صاحب نائب صدر ایم ڈبلیو ایم نے سرانجام دیئے۔
مجلس کا آغاز سید غیور حسین نائب صدر ایم ڈبلیو ایم ایسٹ لندن نے تلاوت کلام پاک سے کیا،اس کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے نائب صدر سید عامر عباس شاہ صاحب نے ایم ڈبلیو ایم کا نصب العین اور اغراض و مقاصد اور اس نشست کی غرض و غایت بیان فرمائی۔
جناب اسد عباس صاحب اور جناب باقر حسین صاحب نے منقبت اور نوحے پڑے۔ بعد ازاں ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کے صدر حجت الاسلام جناب مولانا ابرار حسین الحسینی صاحب نے مجلس عزاء سے خطاب فرمایا اپنی گفتگو میں انہوں نے فرمایا کہ ایک مومن کی زندگی ہمیشہ باھدف ہوتی ہے پروردگار نے انسان کو ھدف کیساتھ خلق فرمایا ہے اسلیے ہماری زندگیاں بحیثیت انسان، بحیثیت مسلمان اور ایک شیعہ ھونے کےعالی اھداف کی اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ اج دنیا میں بڑے بڑے چیلنجز کے بعد ہماری ذمہ داریاں بڑھ چکی ہیں اسلیے ھمیں مل کر زمانے کے امام کے ظہور کیلیے راستے ہموار کرنے چاہیں۔
ان الہی مقاصد کے لیے پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین کئی سالوں سے میدان عمل میں ہے۔ ہماری یہ قومی جماعت اتحاد وحدت کے تحت اپنے قومی و مزھبی و سیاسی اور رفاہی امور انجام دے رہی ہے۔ ہم بھی برطانیہ میں انھی پاکیزہ اھداف کو لیے بلا تفریق رنگ و نسل کے قومی خدمت کیلیے نکلے ہیں۔ اس موقع پر وہاں کے مقامی مومنین نے بہت سراہا اور ساتھ دینے کی یقین دہانی کی۔ بعد میں ایم ڈبلیو ایم ایسٹ لندن کے صدر جناب عباس کاچو صاحب نے بھی تنظیمی امور پر گفتگو فرمائی اور تمام مومنین سے ہر قسم کے تعاون کی اپیل کی ۔
پروگرام میں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس میں ایم ڈبلیو ایم کے عہدیداروں نے سیرحاصل جواب دئیے۔آخر میں ماتم و نوحہ خوانی ہوئی اور فلسطین کے شہداء و تمام شہدائے ملت جعفریہ کے لئے فاتحہ خوانی سے اس مجلس و تنظیمی تربیتی نشست کا اختتام ہوا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں دس ہزارمعصوم بچوں کے قتل عام پر اقوام ِ عالم کی مجرمانہ خاموشی عالم اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ہر وہ حکمران اس ظلم میں حصہ دار ہے جس کی زبان پر فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں سکوت طاری ہے۔عالمی استعماری طاقتیں اس بدمست ناسور کی مانند ہیں جسے ہنستے بستے گلستان اجاڑنے میں لطف ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اگر آج ان خونخوار بھیڑیوں کے خلاف متحد نہیں ہوئی تو باری باری سارے مسلم ممالک اس کا شکار بنتے جائیں گے۔فلسطین میں اسرائیلی درندگی کے خلاف عالمی انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کی خاموشی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ عالم اسلام کے خون کی ان کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں۔اپنی نسلوں کی بقا کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد اولین شرط اور حالات کے متقاضی ہے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 147 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پوری قوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔بابائے قوم کے نظریات کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے ۔بانی پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ کے وقار کی سربلندی کو مقدم سمجھا۔اسرائیل سمیت ہر اسلام دشمن کے خلاف بانی پاکستان کے فرمودات ریاست پاکستان کی پالیسی کا حصہ ہیں،عالمی حالات کے تناظر میں ہماری یہ اولین ذمہ داری ہے کہ قائد کے نظریات کی حفاظت کے لیے دو ٹوک موقف اپنایا جائے۔
بانی پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مفادات کے لیےعالم اسلام کے موقف کی تائید کی۔ان کی زبان سے ادا ہونے والے الفاظ محض ایک شخص کی رائے نہیں تھے بلکہ ایک مدبر اور عالمی رہنما کے طے شدہ ریاستی پالیسی کے زیریں اصول تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے پاکستان میں طبقاتی تفریق اور استحصال کی کوئی گنجائش نہیں،گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصے سے خراب نظام کی بہتری ہر حال میں ضروری ہے،ملک کے متوسط اور نچلے طبقے کی بہتری کےلیے حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن کے فوری ثمرات حاصل ہوں، ملک میں انتہاپسندی ،پسماندگی،غربت اور ناخواندگی کو شکست دے کر قائداعظم کے حقیقی پاکستان کی تشکیل کی جا سکتی ہے۔