The Latest

وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور سیکریٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے عراق کے شہر نجف اشرف میں مہدی ملیشیاء عراق کے سربراہ سید مقتدیٰ الصدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم شعبہ نجف اشرف کے سیکریٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ ناصر عباس اور مشاورتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری علامہ سید علی نقی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ شفقت شیرازی نے حجتہ السلام سید مقتدیٰ الصدر کو ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی تشکیل اور اہداف و اغراض و مقاصد کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی اور اب تک کی جانے والی فعالیت کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق کے زمانے میں پاکستان میں تکفیریت اور طالبانائزیشن کی بنیاد رکھی گئی جس کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں شیعان حیدر کرار تہہ تیغ کئے گئے، قائد ملت جعفریہ علامہ عارف حسین الحسینی نے ضیاء الحق کے دور میں ان استعماری سازشوں کو بہت نزدیک سے دیکھا اور اس کے خلاف قیام کیا اور ایک ایسی تحریک کی بنیاد ڈالی جس کا ہدف اور مقصد پاکستان میں شیعہ اور سنی مکتب فکر کے افراد کا اپنے اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد تھا۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اس ہی جرم کی پاداش میں استعماری طاقتوں نے ظالم حکمرانوں کے ذریعے ہمیں شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کی قیادت سے محروم کردیا لیکن آج شہید قائد کے معنوی فرزندوں نے اس علم کو دوبارہ اٹھایا اور میدان عمل میں آن کھڑے ہیں۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سید مقتدیٰ الصدر نے کہا کہ ہم ایک مشترکہ مذہب کے پیروکار ہیں اور شریعت، دین اور ولایت علی کا پیروکار ہونے کے ناطے ایک دوسرے کے بھائی ہیں، مجلس وحدت مسلمین کی کوششیں لائق تحسین ہیں، ہم ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے مددگار ہیں، ہمارا دشمن امریکہ اور اسرائیل ہے اور ہم اپنے اتحاد کے ذریعے ہی مشترکہ دشمن یعنی امریکہ اور اسرائیل کو شکست سے دوچار کریں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان سید محمد رضا المعروف آغا رضا نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہرعمران طاہر سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر کمیل جعفری، لاہور کے سابق ڈویژنل صدر علی فیاض اور ماہنامہ افکار العارف کے ایڈیٹر ارشاد حسین ناصر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے رکن صوبائی اسمبلی کو مرکزی دفتر آنے پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر اطہر عمران نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و وحدت کی فضا قائم کر کے دشمن کو ناکام کیا جا سکتا ہے، ہمارا دشمن بزدل ہے اور یقیناً جب ہم باہم متحد ہونگے تو وہ ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

 

رُکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے کہا کہ کیونکہ میرا تعلق کوئٹہ سے ہے اور جہاں تک ممکن ہے ہم بلوچستان اسمبلی میں آواز حق بلند کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کل جب میں لاہور آ رہا تھا تو اُس وقت بھی کوئٹہ میں ایک دھماکہ ہوا جس میں کچھ لوگ شہید اور زخمی بھی ہو گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ہمارا ایک دشمن نہیں بلکہ ہمیں مختلف محاذوں کا سامنا ہے۔ سید محمد رضا نے مزید کہا کہ ملی اور قومی اُمور میں آئی ایس او پاکستان کی خدمات قابل تحسین ہیں، آئی ایس او پاکستان کے نوجوانوں نے ہر میدان میں ملک قوم اور مذہب کی بھرپور خدمت کی ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ قافلہ اسی طرح رواں دواں ہے۔ آخر میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے سید محمد رضا کی نیک خواہشات پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل وخارجہ اُمور کےسیکریٹری علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ نجف اشرف میں پاکستانی مجتہد آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی اورعلامہ سید عمران کاظمی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ سید شفقت شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کارکردگی کو بیان کیا۔ بعدازاں مجلس وحدت مسلمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ بشیر حسین نجفی کا کہناتھا کہ پاکستان میں اس وقت شیعوں کے اندر اتحاد وحدت پیدا کرنا ضروری ہے۔ جب تک تمام جدا جدا رہیں گی کبھی کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔ آپ لوگ جو میدان میں کام کررہے ہیں آپ کو چاہیے کہ تمام عمائدین کو ساتھ لے کر چلیں۔ پاکستان کے تمام شیعوں کے لیے دعاگو ہیں اور دعاکرتا ہوں ایک نقطہ پر جمع ہوجائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)  مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ کے باوجود امریکی ڈرون حملوں کا جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرنے میں ناکام رہی ہے اور وہ عناصر جو اس دورے کو کامیاب قرار دے دہے تھے، حالیہ ڈرون حملے نے ان کے دعوؤں کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ وحدت سیکرٹریٹ اسلام آباد سے جاری بیان میں مرکزی ترجمان نے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے سینیٹ میں ڈرون حملوں سے متعلق پیش کی گئی جھوٹی رپورٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان حملوں میں فقط دہشتگرد ہی نشانہ بن رہے ہیں تو پھر امریکہ سے نواز حکومت کیوں حملے بند کرنے کا مطالبہ کررہی ہے؟۔ دراصل ڈرون حملوں پر حکومت اور امریکہ ایک پیج پر ہیں یہ فقط عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور طالبان سے مذاکرات سمیت دیگر ایشوز پر نوازحکومت کنفیوز ہے جس کے باعث واضح پالیسی اختیار نہیں کی جا رہی۔

وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و خارجہ اُمور کے سیکریٹری علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ امام جمعہ والجماعت نجف اشرف ومجلس وعلی عراق کے رُکن علامہ سید صدرالدین قبانچی سے ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کےسیکریٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی، اراکین رابطہ کمیٹی علامہ سید عمران کاظمی اورعلامہ سید حسین نقوی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ شید شفقت شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی فعالیت کو بیان کیا۔ علامہ شفقت شیرازی کا کہناتھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح پہلے پاکستان اور عراق کی مذہبی سیاسی جماعتوں کے روابط تھے وہ دوبارہ بحال کیے جائیں۔ تاکہ دونوں ممالک کی مذہبی سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہو۔ اس موقع پر علامہ سید شفقت شیرازی نے علامہ قبانچی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ جس پر علامہ سید صدرالدین قبانچی نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں اور دونوں ممالک کی مذہبی جماعتوں کے درمیان تعاون کی فضا کو برقرار رکھنا چاہیے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ دوبارہ وہی تعلقات بحال ہوں جو پہلے تھے۔ انشاء اللہ جب بھی مجلس وحدت مسلمین ہمیں پاکستان میں کسی پروگرام پر آنے کی دعوت دے گی ہم ضرور حاضر ہوں گے۔

وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ دنیا میں جس طرف نظر دوڑائیں ، افرتفری، دہشت گردی، تخریب کاری، ظلم و تعدی اور زور زبردستی کا راج دکھائی دیتا ہے، انسانوں کی آزادی کو غلامی میں جکڑا جا رہا ہے، کمزوروں ، ناتوانوں اور مستضعفین کو جینے کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ خدا کی زمین کو خدا کے بندوں پر تنگ کیا جا رہا ہے، حیران کن بات یہ ہے کہ اس تمام معرکہ آرائی کا مرکز مسلم ممالک کو بنا دیا گیا ہے، کبھی کبھی ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ امت مسلمہ کے مقدر میں ہی تباہی و بربادی، تخریب کاری ، دہشتگردی و غلامی کے طوق ہیں،مگر ذات خدا اس کے بھیجے ہوئے انبیاء اکرام علیھم السلام بالخصوص خاتم الانبیاء حضرت محمد ﷺ اوران کے لائے ہوئے آخری پیغام الہی نیز آپ کے جانشینوں کا وجود مقدس نا امید ، مایوس اور کمزور بنا دیئے گئے انسانوں کو امید کے روشن و چمکتے چاند اور ستاروں کی مانند زندگی عطا کرتے ہیں، علامہ جوادی نے کہا کہ آج پورے عالم اسلام میں ہمارے نوجوان بیدار ہو چکے ہیں، دشمن نے مسلم نوجوانوں کے لیے کتنے جال بچھائے لیکن اس کے باوجود امت مسلمہ کے غیور اور بلند ہمت نوجوانوں نے خود کو دشمن کے ہر جال سے محفوظ رکھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزادکشمیر ڈویژن کے 35ویں سالانہ کنونشن بعنوان'' امید مستضعفین جہاں‘‘سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔



انہوں نے کہا کہ میں آئی ایس او کے نو منتخب صدر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اور ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں ، امید کرتا ہوں کہ برادر تعلیمات آل محمد کے فروغ کے لیئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے، اور ملت مظلومہ کے لیئے معماروں کی تیاری میں اپنا کردار ادا کریں گے،اسلامی بیداری کانفرنس سے سید شبیر حسین بخاری ، مولانا احمد علی سعیدی ، سید اشتیاق حسین سبزواری ،نو منتخب صدر سید وقار کاظمی ، احسن نقوی و دیگر نے بھی خطاب کیا،کانفرنس سے قبل امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزادکشمیر ڈویژن کا 35واں سالانہ کنونشن بعنوان'' امید مستضعفین جہاں‘‘جس میں آزاد کشمیر بھر سے امامیہ طلبہ نے شرکت کی۔کنونشن میں لیکچرز، دروس،سرکل اسٹڈی اور نئے ڈویژنل صدر کا انتخاب کیا گیا۔ سید وقار حسین کاظمی کو آئی ۔ ایس۔ او کے نئے ڈویژنل صدر سال 2013--14 کے لیے منتخب کیا گیا۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری گلگت پہنچ گئے ہیں ،جہاں وہ ۳ نومبر کو گلگت سٹی میں ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے زیر اہتمام منعقدہ  دفاع وطن کنونشن میں اہم خطاب کریں گے ، گلگت ایئر پورٹ پر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نےسینکڑوں  کارکنان کے ہمراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا والہانہ استقبال کیا، بعد ازاں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو قافلے کی صورت میں صوبائی سیکریٹریٹ لے جایا گیا جہاں صوبائی رہنمائوں نے انہیں دفاع وطن کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی آغا سید محمد رضا رضوی ادیگر راکین بلوچستان اسمبلی کے 15 رکنی وفد کے ہمراہ  لاہور پہنچ گئے ہیں ۔ وفد میں نیشنل پارٹی کے فتح محمد بلیدی، منظور کاکڑ، نصراللہ زہری، شاہدہ، حاجی عبدالمالک، عبداللہ بابت لالہ اور دیگر شامل ہیں۔ لاہور میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران وفد پنجاب اسمبلی کے اراکین کے ساتھ پارلیمانی بزنس پر تبادلہ خیال اور اسمبلی سیکرٹریٹ کا دورہ بھی کرے گا۔  استقبال کے لئے کسی وزیر کے نہ آنے پر اراکین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ پنجاب بلوچوں کے  دکھوں کا مداوا کرے۔افسوس ہے کہ آج بلوچستان کے اراکین کا استقبال کرنے کے لئے کوئی وزیر موجود نہیں، پنجاب کے اراکین آئے تو بلوچستان کے وزیراعلٰی ان کے استقبال کے لئے آئے۔

وحدت نیوز( گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے تحت 3 نومبر کو منعقد کئے جانے والے دفاع وطن کنونشن کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے جامع مسجد علی ابن ابی طالب ؑ میں نمازیوں سے گفتگو کی اور کہا کہ گلگت بلتستان کی سرزمین پر وطن کے باوفا سپوت اپنی وحدت کے ذریعے دہشت گردوں سے مذاکرات کی مخالفت کریں گے، گلگت بلتستان کی عوام دفاع وطن کنونش میں شرکت کرکے اس بات کا اعلان کریں کہ ہم 45 ہزار پاکستانیوں کے قاتل طالبان سے مذاکرات کے خلاف ہیں اور اس کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے تاکہ دنیا جان لے کہ ملت جعفریہ اپنے مولا علی (ع) کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے ہر ظالم کی دشمن اور ہر مظلوم کی مددگار ہے، اور یہی ہمارا نصب العین ہے، اس پر عمل کرنا ہم عبادت سمجھتے ہیں چاہے اس کیلئے ہمیں اپنی جانوں کے نذرانے ہی کیوں نہ دینے پڑیں۔

وحدت نیوز(لاہور) محرم الحرام میں سکیورٹی اور امن عامہ کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوُں الحاج حیدر علی مرزا، سید خرم عباس نقوی، سید اسد عباس نقوی، سید سعادت علی نقوی، رائے ناصر علی، خواجہ بشارت حسین کربلائی، رانا ماجد علی، مظاہر شگری، رائے اسد علی، سید حسنین زیدی، شیخ عمران علی، آغا زاہد حسین، سید زوار حسین نقوی بانیان مجالس، لائسنس داران جلوس ہائے عزا لاہور کا ایس ایس پی صدر ڈویژن ملک اویس اور متعلقہ تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکورٹی حوالہ سے سے مختلف امور زیر غور آئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے پنجاب حکومت کو پہلے ہی مختلف ملاقاتوں اور میٹنگز میں واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ ایام عزا میں فول پروف سیکیورٹی کی ذمہ داری پنجاب حکومت کی ہے اس میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سرپرست کھلے عام اخباروں میں بیانات دے رہے ہیں کہ جلوس ہائے عزا کو خطرات لاحق ہے، ہم عزاداری کو جز وایمان سمجھتے ہیں اس کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، پنجاب، لاہور اور اس کے مضافات میں مجلس عزا اور جلوس ہاے عزا میں کسی بھی قسم کے رکاوٹ کا ردعمل پورے ملک سے آئے گا۔ اجلاس سے الحاج حیدر علی مرزا نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام ہمیں رواداری اور صبر کا درس دیتا ہے نواسہ رسول(ع) سے محبت تمام مسلمانوں کا ایمان ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی صدر ڈویژن ملک اویس نے کہا پنجاب پولیس ایام محرم میں عزاداروں اور مجالس ہائے عزا کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے، دہشت گرد ہم سب کے مشترکہ دشمن ہیں انشااللہ ہم مل کر ان ملک دشمنوں کا خاتمہ کریں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree