وحدت نیوز (گلگت) عوامی ا یکشن کمیٹی کے مطالبات کے حل ہونے تک دھرنے جاری رہیں گے۔ دھرنوں کو ریاستی طاقت کے ذریعے ختم کروانے کی کوشش کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نے صوبائی کابینہ اور ڈویژنل کابینہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے تمام کے تمام مطالبات جائز اور حقیقت پر مبنی ہیں اور صوبائی حکومت جان بوجھ کر ان مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے اور اختیارات کا رونا روکر مسائل کے حل سے راہ فرار ڈھونڈ رہے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دے جائیگی۔اگر صوبائی حکومت کے پاس سبسڈی کی بحالی کے اختیارات نہیں تو فوراً مستعفی ہوجائے اور عوامی دھرنوں میں شامل ہوجائیں اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو گلگت بلتستان کے عوام ان کو شاہی محلات میں چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے۔حکومتی اراکین نوشتہ دیوار پڑھ لیں قبل اس کے کہ انہیں گھروں سے کھینچ کر عوامی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام مجبوراً سڑکوں پہ نکل آئیں ہیں اور اپنے حقوق لیکر ہی گھروں کو جائینگے۔اب بھی وقت ہے حکومت عوامی مطالبات کے آگے بندھ باندھنے کی بجائے ان کے مطالبات حل کریں ورنہ مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان کی سطح پر بھرپور جدوجہد شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جائز مطالبات سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے چاہے دھرنوں کو ایک مہینے تک طول دینا پڑے۔انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے پر زور اپیل کی کہ وہ ان دھرنوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور ظالم حکمرانوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔