وحدت نیوز ( گلگت) وزیر اطلاعات پرویز رشید کے گلگت بلتستان کے متعلق بیان پر وفاقی حکومت کا نوٹس نہ لینا افسوسناک امر ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ یہی موقف مسلم لیگ ن کا بھی ہے۔ اگر یہی باتیں گلگت بلتستان کے قوم پرست کریں تو ان کو انٹی سٹیٹ قرار دیا جاتا ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کئے جاتے ہیں۔ ایک طرف ہندوستان مقبوضہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دے رہا ہے اور دوسری طرف پرویز رشید گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دے رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کےسیکریٹری اطلاعات سعید الحسین نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے گلگت بلتستان کو ڈوگرہ راج سے بزور بازو آزاد کروانے والے ہیروز کی بھی توہین کی ہے جنہوں نے 28 ہزار مربع میل کا علاقہ آزاد کرواسلام دوستی کی بناء پر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ وزیر اعظم سمیت کسی حکومتی ذمہ دار شخص نے پرویز رشید کے بیان کا کوئی نوٹس نہ لینا انتہائی افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ وفاقی حکومت کے خلاف ہر سطح پر بھرپور احتجاج اس وقت تک ریکارڈ کروائیں جب تک کہ وفاقی وزیر اطلاعات میڈیا پر آکر اپنے بیان کو واپس نہ لیں اور گلگت بلتستان کے عوام سے معافی نہ مانگ لیں۔