The Latest
وحدت نیوز(لاہور)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے وفد کی مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ آمد ۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے وفد کی مجلس وحدت مسلمین کے خطباء ذاکرین ونگ کے مرکزی کوارڈینیٹر جناب علامہ سید حسن رضا ہمدانی اور صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی سے صوبائی آفس ایم ڈبلیو ایم لاہور میں ملاقات ۔
ملاقات میں یوم القدس کے حوالے شرکاء کی شرکت اور دیگر اہم امور زیر بحث آیے ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر جناب راجہ مصطفی اور صوبائی آفس سیکرٹری ظہیر کربلائی بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ۔کل شام تک مجلس وحدت مسلمین کی خواتین کی شرکت کے حوالے حتمی فہرست آ جائے گی ان شاءاللہ ۔
وحدت نیوز(لاہور)سالانہ مرکزی مجلس عزاء بسلسلہ ایام شہادت مولا امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کربلا گامے شاہ میں 21 رمضان المبارک کو منعقد ہوئی ۔جس سے ملک کے نامور علمائے کرام اور ذاکرین عظام نے خطاب کیا اور مولا امیر المومنین کی خدمت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ مرحوم حیدر علی مرزا نے 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت مولا امیرالمومنین حضرت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے کربلا گامے شاہ میں مجلس عزا کی بنیاد رکھی جو آج تک اسی دن منعقد کی جاتی ہے ۔اب چونکہ مرزا صاحب اس دنیا میں نہیں رہے ان کی رحلت کے بعد امیر عباس مرزا اور سید اسد عباس نقوی کے علاؤہ شجاع عباس مرزا اور کاظم عباس مرزا نے اس کار خیر کو جاری وساری رکھا ہوا ہے ۔
ہر سال مجلس عزاء میں کتیر تعداد میں عزادار اور مومنین کرام شریک ہوتے ہیں ۔ اس سال بھی عزاداروں کی کثیر تعداد مجلس عزاء میں شریک تھی ۔مجلس عزاء کا آغاز 2 بجے دن جبکہ مجلس عزاء کا اختتام نماز مغربین پر ہوا ہے ۔ اس روز شرکاء مجلس عزاء کے لئے افطاری کا وسیع انتظام و اہتمام کیا جاتا ہے ۔مجلس عزاء سے معروف خطیب صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب ،مرکزی سیکرٹری سیاسیات جناب سید اسد عباس نقوی ،جناب شجاع عباس مرزا ،جناب مرزا امیر عباس کے علاؤہ علامہ سید وقار الحسنین نقوی ،ضلعی سنیئر نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور جناب آفتاب علی ہاشمی اور کئی دیگر ذاکرین نے بھی خطاب کیا اور مولا امیر المومنین حضرت امام علی علیہ السلام کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔
ہرسال 21 رمضان المبارک کو یہ مجلس عزاء بڑی عقیدت و احترام سے منعقد کی جاتی ہے ۔ مختلف ماتمی انجمنوں کے سالار ،نوحہ خوان ،اور مختلف امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز اور لاہور کی مختلف سیاسی ،سماجی شخصیات بھی اس مجلس عزاء میں شریک ہوتی ہیں ۔ مجلس عزاء کے مرکزی اور آخری خطیب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب تھے جنہوں سیاست علوی کے موضوع پر بہت ہی خوبصورت انداز میں روایات ،احادیث اور فرامین معصومین کی روشنی خطاب فرمایا اور خطاب کے آخر میں مصائب شہادت مولا امیرالمومنین علیہ السلام پڑھے ۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے مجلس کے اختتام پر بانیان کے لئے خصوصا مرحوم حیدر علی مرزا کی بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت کرائی ۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر جناب علامہ راجہ مصطفی حیدر کی لاہور کے وحدت یوتھ کے ہمراہ مرکزی جلوس عزاء بمناسبت شہادت مولا امیرالمومنین امام علی علیہ السلام لاہور میں شرکت ۔ جلوس میں شامل عزاداروں سے ملاقاتیں ۔ 8 محرم الحرام کے بانی سندر شاہ سے ملاقات ۔
جعفریہ کالونی میں مرکزی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ جناب راجہ مصطفی اور دیگر یوتھ کے برادران کے لئے افطار اور نذرونیاز کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ جہاں جعفریہ کالونی کے آغا باقر، علی عامر اور عزاداری ونگ لاہور کے صدر جناب فخر حسنین رضوی سے ملاقات کی گئی ۔ اس ملاقات میں ملکی حالات اور سیاسی صورتحال کے علاؤہ جوانوں کی عمومی تربیت کے حوالے سے گفتگو اور تبادلہ خیال کیا گیا ۔ راجہ مصطفی حیدر کے ہمراہ جناب نقی حیدر صدر وحدت یوتھ لاہور اور رانا کاظم علی سنیئر نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور بھی ہمراہ تھے ۔
وحدت نیوز(ڈھاڈر)انجمن سادات جعفریہ ڈھاڈر کی طرف سے امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالب ع کی شہادت کی مناسبت سے21 رمضان المبارک بروز اتوار مرکزی امام بارگاھ ڈھاڈر میں مجلس عزا اور عزاداری کا اہتمام کیا گیا۔
مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مولاناذوالفقارعلی سعیدی نے کہا کہ انبیائے کرام اور آئمہ اطہار اللہ کی زمین پر نظام الہی اور قیام عدل و انصاف کےلئے کوشاں رہے۔علماء اور دانشوروں نے شدت عدل کو امیرالمومنین کے قتل کا سبب قرار دیا ہے۔امیرالمومنین چاہتے تھے کہ اللہ کی زمین پر عادلانہ اور الہی حکومت قائم ہو اور کسی پر ظلم نہ ہو ۔
وحدت نیوز(لاہور)حضرت امام علی علیہ السلام نے اپنے زمانہ خلافت میں عدل وانصاف کی بنیاد پر حکومت تشکیل دی تھی اور 12ویں امام مھدی علیہ السلام کی حکومت بھی عدل وانصاف پر قائم ہوگی ۔ حضرت امام علی علیہ السلام شدت عدل کی وجہ سے شہید کردیئے گئے۔ علامہ علی اکبر کاظمی بسم اللہ سوسائٹی جی ٹی (واہگہ باڈر ) روڈ پر واقع سید شاہد علی رضوی کی رہائشگاہ پر مجلس عزاء بسلسلہ ایام شہادت حضرت امام علی علیہ السلام مجلس عزاء منعقد کی گئی ۔ جس میں عزاداروں ، ماتمیوں نوحہ خوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ مجلس عزا سے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب نے خطاب فرمایا ۔
علامہ صاحب نے سیرت امام علی علیہ السلام پر روشنی ڈالی۔ امام علی علیہ السلام کی اور امام مھدی علیہ السلام کی حکومت میں مماثلت پر بہت ہی عمدہ گفتگو فرمائی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں الہی نمائندوں کی حکومت کی اساس کو عدل و انصاف پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ حضرت امام علی علیہ السلام نے اپنے زمانے میں عدل وانصاف کی بنیاد پر حکومت تشکیل دی تھی اور 12ویں امام مھدی علیہ السلام کی حکومت کی بنیاد و اساس بھی عدل وانصاف پر قائم ہوگی ۔ حضرت امام علی علیہ السلام شدت عدل کی وجہ سے شہید کردیئے گئے۔
علامہ صاحب نے بہت خوبصورت انداز میں فضائل ومصائب آل محمد علیہم السلام کو آیات قرآنی ،احادیث اور روایات کی روشنی میں بیان کیا ۔ مجلس عزاء کے اختتام پر ماتم داری کی گئی اور نماز مغربین باجماعت ادا ہوئی جس کے بعد شرکاء مجلس عزاء کے لئے افطاری اور نذرونیاز (لنگر) کا وسیع انتظام کیا گیا تھا ۔ مجلس عزاء میں ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور جناب نجم عباس خان ، ضلعی سنیئر نائب صدر جناب آفتاب علی ہاشمی ،ضلعی جنرل سیکرٹری جناب نقی مھدی ، شالامار ٹاؤن صدر جناب رانا آصف کے علاؤہ علاقے کی دیگر اہم معروف سیاسی ،سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) قومی اسمبلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈرایم این اے انجینئر حمید حسین کا پہلا خطاب ،مظلومین غزہ وفلسطین کی حمایت اور یوم القدس سرکاری سطح پر منانے کی قرارداد پیش کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے ایم این اے انجینئرحمید حسین نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج اپنے پہلے خطاب میں پورےایوان کی جانب سے ایک قرار داد پیش کی جس میں مظلومین غزہ وفلسطین کی حمایت میں جمعتہ الوداع کے دن منائےجانے والے عالمی یوم القدس کو پاکستان میں سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
قرار داد کے متن میں لکھا گیا کہ یہ ایوان غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کے اجراءکا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق فوری سیز فائز کا مطالبہ کرتا ہے ۔
یہ ایوان حکومت پاکستان سے تمام سیاسی ، سفارتی ، اقتصادی اوردیگر ذرائع سے مظلوم فلسطینیوں کی مددکا مطالبہ کرتا ہے۔
یہ ایوان عالمی برداری سے انسانی بنیادوں پر امداد کی مکمل بحالی اور غزہ کے محاصرے کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے، ایوان غزہ سے فوری اسرائیلی انخلاء، مسجد اقصیٰ میں عبادت کی آزادی اور فسلطینیوں کی مکمل آزادی کی حمایت کرتا ہے۔
یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ جمعتہ الوداع کو مظلوم فسلطینیوں کی حمایت میں یوم القدس کے طور پر منایا جائے اور تمام سفارتی مشن اس حوالے سے تقریبات کا اہتمام کریں۔
یہ ایوان غزہ کے 40 ہزار شہداء کیلئےسورہ فاتحہ کی تلاوت کی قرار داد بھی منظور کرتا ہے ۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام علی علیہ السلام کی ذات گرامی میں تمام اعلیٰ انسانی صفات جمع ہوئیں۔ مولا علی علیہ السلام کے خطبات خطوط اور کلمات قصار کا مجموعہ نہج البلاغہ علم و عرفان کا سمندر ہے۔ ہر دور کے اہل فکر کو چاہئے کہ ان کے علم و معرفت سے رہنمائی حاصل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایام شہادت حضرت امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی ذات گرامی عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ کی پوری زندگی جہاد فی سبیل اللہ سے عبارت ہے۔ آپ نے آغوش رسالت میں تربیت پائی اسی لئے سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاکیزہ و بے عیب کردار کا عکس ذات علیؑ میں نمایاں تھا۔ آپ کا گفتار و کردار قرآن کریم کی عملی تفسیر و تصویر تھا، اسی لئے آپ کو قرآن ناطق کہا گیا۔
ایم ڈبلیو ایم رہنماء نے کہا کہ امام علی علیہ السلام رات کو خوف و عشق خدا سے گریہ کرنے والے عابد شب زندہ دار اور دن کو میدان جہاد میں بہادر شیر کی طرح خدا کے دشمنوں پر حملہ آور ہونے والے تھے۔ آپ کو نماز سے اس قدر عشق تھا کہ لیلہ الحریر میں جب ایک لحظے کے لئے بھی جنگ بند نہیں ہوئی تو مولا علی علیہ السلام کی اس شب بھی نماز تہجد قضا نہ ہوئی۔ تاریخ انسانی نے ایسا عابد و زاہد اور شیر بہادر نہیں دیکھا۔ امام علی علیہ السلام کی ذات گرامی میں تمام اعلیٰ انسانی صفات جمع ہوئیں۔ آپ کے زہد اور دنیا سے بے رغبتی کا یہ عالم تھا کہ دنیا کو تین طلاقیں دے دیں اور فرمایا کہ خدا کی قسم اگر سات آسمانوں اور روئے زمین کی حکومت مجھے ایک چیونٹی پر ظلم کے بدلے میں دے دی جائے تو میں کائنات کی حکومت کو ٹھوکر مار دوں گا مگر ایک چیونٹی پر معمولی سا ظلم نہیں کروں گا۔ آپ مجسم عدل تھے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام کے خطبات خطوط اور کلمات قصار کا مجموعہ نہج البلاغہ علم و عرفان کا سمندر ہے۔ نہج البلاغہ ذات علی علیہ السلام کی طرح بے مثال ہے۔ ہر دور کے اہل فکر و نظر کو چاہئے کہ وہ نہج البلاغہ سے کسب فیض کرتے ہوئے مولا علی علیہ السلام کے علم و معرفت سے رہنمائی حاصل کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فاتح خیبر امیرالمؤمنین حضرت امام علی ع کی شہادت کے پر غم موقع پر تمام عالم اسلام سوگواران و عزاداروں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انیس، بیس، اکیس رمضان کے ایام شہادت امام علی ع سے منسوب ہیں، حضرت امام علی ع کی سیرت طیبہ ہمارے لیے نمونہ حیات ہے، آپ ع جان رسول ہیں، علم کو کمال اور شجاعت کو کمال کے ساتھ دیکھنا ہے تو حضرت امام علی ع کو دیکھیں جنہوں نے اپنی بابرکت وباعظمت زندگی کو دو مقدس عبادت گاہوں کعبہ اور محراب کوفہ کے درمیان بسر کیا، آپ زاہد، حاکم، حلیم و بردباد، بہادر، عابد، جری، سخی اور جواد ایثار کرنے والے تھے۔ انبیاء وآئمہ عدل کے نفاذ کے لیے آئے تھے، آپ ع محراب کوفہ میں شدت عدل کی وجہ قتل کر دیے گئے، معاشرے میں عدل نا ہو تو عوام کو حقوق اور انصاف نہیں ملتا، حکومت ان ایام میں جلوس عزاء کی سیکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے بہتر انتظامات کرے تاکہ یہ ایام پر امن طور پر گزریں۔
وحدت نیوز(شیخوپورہ )شیخوپورہ کی تحصیل مرید کے محلہ گرین ٹاؤن میں 21 رمضان المبارک کے روایتی جلوس میں انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹ پر صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی کی اپنے وفد کے ہمراہ مریدکے جاکر بانیان جلوس سے اہم ملاقات ۔ بانیان جلوس کا صوبائی صدر مجلس وحدت کا مریدکے آمد پر اور حوصلہ افزائی کرنے اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا ۔
شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے کے محلہ گرین ٹاؤن میں ہرسال 21 رمضان المبارک کو روایتی جلوس عزاء برآمد ہوتا ہے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنی مقرر منزل پر اختتام پذیر ہوتا ہے ۔
صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب نے کہا روایتی جلوس کے راستے میں کسی قسم کی رکاوٹ ہرگز قبول نہیں ۔ اور بانیان جلوس کو یقین دہانی کرائی کہ آپ جلوس کے متعلق جو بھی فیصلہ کریں مجلس وحدت کے مسئولین آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
وحدت نیوز(لاہور)ہرسال 21 رمضان المبارک یوم شہادت امیر المومنین حضرت امام علی علیہ السلام کے مرکزی جلوس کا مبارک حویلی اندرون شہر لاہور سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہوتا ہے ۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب حجت الاسلام علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب نے صوبائی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب سید حسین زیدی ،صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب عمران علی شیخ اور صوبائی آفس سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پنجاب ظہیر کربلائی کے ہمراہ شب 21 رمضان المبارک اندرون شہر لاہور مبارک حویلی اور مرکزی جلوس کے روٹ کا وزٹ کیا ۔ انہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ 21 رمضان المبارک کے مرکزی جلوس کے لائسنس ہولڈر جناب احمد منیر قزلباش سے مبارک حویلی میں ملاقات کی جہان ہزاروں عزادار اپنی فیملیز کے ہمراہ ، رکھی گئی ضریح اور تبرکات کی زیارت کی خاطر موجود تھے ۔
احمد منیرقزلباش نے مجلس وحدت مسلمین کے مسئولین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب اور ان کے ہمراہ معزز اراکین صوبائی کابینہ مجلس وحدت مسلمین کے یہاں پر آنے سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے اور شکر گزار ہیں جناب احمد منیر قزلباش نے کہا کہ ہمیشہ مجلس وحدت مسلمین کے مسئولین نے ہمارا ساتھ دیا ہے ۔ کرونا کے ایام جو کہ اس جلوس کے لئے اور ہمارے لئے ایک آزمائش کی گھڑی سے کم نہیں تھے مجلس وحدت مسلمین کے مخلص دوستوں نے ہمارا مکمل ساتھ دیا اور اس مشکلات سے نکلنے میں ہماری مدد کی ۔ ہم ہمیشہ مجلس وحدت مسلمین کے بزرگان کے لئے دعا گو بھی ہیں اور شکریہ بھی ادا کرتے ہیں ۔
اس موقعہ پر صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ ہم انتظامیہ پنجاب اور خصوصا لاہور کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے عزاداروں کے لئے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے ہیں ۔ ہم مومنین کرام اور عزاداروں سے بھی گزارش کرتے ہیں کہ وہ جلوس کی انتظامیہ سے مکمل تعاون فرمائیں ۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے اپنے وفد کے ہمراہ احمد منیر کو یقین دلایا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں آپ نے جہاں بھی ہماری ضرورت محسوس کی ہماری پوری صوبائی اور ضلعی ٹیم آپ کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئے گی ۔ ہمارے مجلس وحدت مسلمین کے بے لوث خدمت گزار ابھی سے اس راستے میں عزاداروں کی خدمت میں مصروف ہیں اور ان شاءاللہ جلوس عزاء کے اختتام تک ساتھ رہیں گے ان شاءاللہ ۔جناب احمد منیر قزلباش بانی و لائسنس ہولڈر مرکزی جلوس 21 رمضان المبارک نے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب اور ان کے ہمراہ وفد کو مبارک حویلی میں رکھے گئے تبرکات اور ضریح پاک زیارات کرائیں ۔ زائرین اور عزاداروں کے اتنے رش کے باوجود وہ کافی دیر تک مجلس وحدت کے وفد کے ہمراہ رہے ۔