The Latest
وحدت نیوز(ملتان)تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے ملتان میں یوم القدس کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کے لیے نماز جمعہ کے بعد شاہ یوسف گردیز سے گھنٹہ چوک تک مرکزی ریلی نکالی گئی، ریلی میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے اس ریلی شرکت کی، شرکاء ریلی نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے ڈویژنل صدر حسن رضا اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی کر رہے تھے، اس موقع پر ریلی کے شرکا سے خطاب کے دوران علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پچھلے چند ماہ سے اسرائیل نے بے گناہ فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھائے ہیں اور انسانی قوانین کو اپنے پاوں تلے روندے ہوئے ہیں، اسرائیل کی بمباری سے شھادتوں کی 50000 سے بھی تجاوز کرگئی ہے جس میں بڑی تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے لیکن فلسطینی عوام اور مجاہدین نے استقامت کی مثال قائم کردی ہے اور مسلسل مزاحمت کرریے ہیں اور اسرائیل کو ہر محاذ پہ پسپائی کا سامنا ہے۔
ڈویڑنل صدر آئی ایس او حسن رضا کا کہنا تھا کہ آج فلسطین کربلا کا منظر پیش کررہا پے لیکن مسلم ممالک مصلحت کا شکار ہیں اور فلسطینیوں کی کسی بھی عنوان سے واضح مدد نھیں کررہے ہیں، لیکن دوسری جانب انقلاب اسلامی ایران کے زیرنگرانی تمام مزاحمتی گروہ حزب اللہ اور انصاراللہ جنگ آغاز سے ہی اس جنگ کا حصہ بن چکے ہیں اور اسرائیل پر پہ درپہ حملے کررہے ہیں اور اسی طرح شیعان حیدر کرار پاکستان سمیت پوری دنیا میں فلسطینیوں کے حق میں آواز حق بلند کرنے میں پیش پیش ہیں۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم صدیقی نے بھی خطاب کیا اور انھوں نے کہا کہ ہماری جماعت کے نمائندے نے پارلیمینٹ میں بھی یہ قرارداد پیش کی ہے کہ یوم القدس کو پاکستان میں سرکاری سطح پر منایا جائے، جس طرح یوم کشمیر اور دیگر ایام سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں اور ہم آج کے اجتماع میں پھر یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔ ریلی میں سینئر نائب صدر آئی ایس او پاکستان تقی حیدر، مولانا سلطان شاہ، مولانا احسان رضی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، ایڈووکیٹ فضل نقوی، ایڈووکیٹ یافث نوید ہاشمی اور صوبائی صدر عزاداری ونگ سخاوت سیال نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قبلہ اول کی آزادی کے لئے یوم القدس کے موقع پر پوری دنیا کے مسلمان اپنے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔ غزہ میں جاری مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوم القدس کی ریلی مرکزی جامع مسجد امامبارگاہ کلاں میکانگی روڈ سے نماز جمعہ کے بعد برآمد ہوئی۔ جس کی قیادت بزرگ عالم دین علامہ شیخ محمد جمعہ اسدی، علامہ سید محمد ہاشم موسوی، علامہ غلام حسنین وجدانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری اور علامہ سہیل اکبر شیرازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج پوری دنیا کے مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لئے اپنے گھروں سے نکلے ہیں۔ مسلم حکمران اگر فلسطین اور غزہ کے لئے اپنی افواج نہیں بھیج سکتے تو پھر راستہ دیں دنیا بھر کے لاکھوں غیرت مند مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لئے فلسطین جانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی پر عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد جمعہ اسدی نے کہا کہ 40 سال سے کوئٹہ میں یوم القدس کا جلوس نکلتا ہے۔ حکومت یکجہتی فلسطین ریلی میں رکاؤٹ ڈالنے کی بجائے مکمل تعاون کرے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ غزہ میں جاری قتل عام پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ پاکستان غزہ میں جاری ظلم و بربریت روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ اسرائیل غاصب کو ہم ایک انچ زمین دینے کے لئے تیار نہیں۔
وحدت نیوز(بنوں)خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں عالمی یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیراہتمام آزادی قدس ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء نوروز علی کربلائی اور دیگر نے کی۔ اس موقع پر شرکائے ریلی نے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی اور مظلومین غزہ کے حق میں صدائے احتجاج بلند کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کے نقشے پر ناجائز وجود پانے والی ریاست کو امام خمینیؒ نے مسلمانوں کے قلب میں خنجر سے تعبیر کیا تھا، اور امت کو اس کی آزادی کی راہ جہاد کی صورت دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ دن ہے جو امام خمینی کی جدت عمل سے قدس شریف اور مظلوم فلسطینیوں کے بارے میں مسلمانوں کی آوازوں کو ایک لڑی میں پرونے کا ذریعہ بن گیا۔
ملتان، مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ اور ایم ڈبلیوایم عزاداری ونگ کے تحت عظیم الشان القدس ریلی کا انعقاد
وحدت نیوز(ملتان) عالمی یوم القدس کے موقع پر امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہارانوالہ تک قبلہ اول کی آزادی اور مظلومین فلسطین و غزہ کی حمایت میں مرکزی احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس علمائے مکتب اہلبیت جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ قاضی نادر حسین علوی، مجلس اتحاد بین المومنین کے سربراہ علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ کے صوبائی صدر انجینئر سخاوت علی سیال، سید اقبال مہدی ایڈووکیٹ، علامہ قاضی فیاض حسین علوی، وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری تنظیم سازی مرزا وجاہت علی، جواد رضا جعفری، علامہ معید احمد القادری، علامہ وسیم معصومی، ثقلین نقوی نے کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا غزہ کے مظلومین عالم اسلام کی جنگ لڑ رہے ہیں غزہ کی استقامت نے دنیا کو حیران کر دیا ہے، اسرائیل کا بیانیہ دنیا نے مسترد کر دیا، آج دنیا میں غزا و مظلومین فلسطین کے حق میں باتیں ہو رہی ہیں، امریکہ کو شکست ہوئی ہے، اسرائیل کو شکست ہوئی ہے۔ غزہ کے دو پہلو ہیں، ایک اسرائیل کا سیاہ ظالمانہ مکروہ چہرہ سامنے آیا، دوسرا پہلو غزہ کے مظلومین کی استقامت اور بہادری کی صورت میں ہے۔ امریکہ برطانیہ اور اسرائیل ہار چکے ہیں۔
علامہ غلام مصطفیٰ انصاری نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں کی فلسطینی مسلمانوں پر مظالم پر خاموشی قابل تشویش ہے، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی کردار نسل کشی قرار دیا جا چکا ہے، مسلم امہ کے ساتھ ساتھ اب تو یورپ اور امریکہ میں بھی فلسطین میں جاری انسانیت سوز و مظالم پر آواز بلند ہونا شروع ہوچکی ہے۔ انجینیئر مہر سخاوت سیال نے کہا کہ فلسطین کی عملی طور پر امداد کے لیے قدم بڑھایا جائے اور فلسطین کے معاملے پر اسرائیل کو دو ٹوک جواب دیا جائے۔
ڈاکٹر علامہ فیاض علوی نے کہا فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یوم القدس تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔ مرکزی احتجاجی ریلی میں علامہ طاہر عباس نقوی، عون رضا گوپانگ ایڈووکیٹ، علامہ ہادی حسین، تیمور حسن، علامہ غلام جعفر انصاری، مظہر عباس کات، ملک عمران حیدر، ڈاکٹر شاہد، علی رضا گیلانی، غدیر عباس شیرازی، فرمان علی، حسن حیدری، احسن رضا، دل شیر خان سمیت مرد و جوان بوڑھے بچے اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، اس موقع پر اسرائیلی پروڈکٹ کا بائیکاٹ کیا گیا اور پرچم نذر آتش کیا گیا۔
وحدت نیوز(کراچی) تحریک آزادی القدس کے زیر اہتمام کراچی میں مرکزی القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل سیدناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ یوم القدس ایسی عظیم تحریک ہے، جس نے سامراج سے مقابلے کی حوالے سے گہرے اثرات مرتب کئے ہیں، پورے عالم میں مسلمان اس دن فلسطین و بیت المقدس کی حمایت و آزادی کیلئے احتجاج کرتے ہیں، جس نے دشمنوں اور ستمگاروں کو رسوا کرنے کے ساتھ ساتھ صیہونی مظالم کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا اور ہر باشعور و باضمیر انسان کی فکر کو متاثر کیا۔
ناصر شیرازی نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کو مکمل تباہ و برباد کر دیا، لیکن فلسطینی عوام کے حوصلوں کو نہیں توڑ سکا، امریکی اور اسرائیلی جانوروں کے حقوق کی بات کرتے ہیں، لیکن خود جانور سے بھی بدتر ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام پارٹی چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منایا، اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اوّل کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بعد از نماز جمعہ ریلیاں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کئے گئے، جس میں خواتین، بچے، بزرگوں اور جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں القدس ریلیاں نکالی گئیں اور غزہ کے مظلومین کی حمایت اور اسرائیلی بربریت کے خلاف شرکاء نے امریکا و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے، جبکہ شہر کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر کیا گیا، جس علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی و دیگر نے خطاب کیا، مظاہرین نے امریکا و اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ جمعتہ الوداع یوم مظلومین ہے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف حکومتی خاموشی مجرمانہ ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ سے لیکر ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا فلسطینیوں کیلئے مؤقف واضح تھا، اسرائیل غاصب ریاست ہے، کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا خدا نہیں، ملکی حکمران خوف خدا کریں، پاکستان کو امریکا کی جانب سے کھلی دھمکیوں کی بھرپور مذمت کرنی چاہئے، ملکی حکمران امریکی کاسہ لیسی چھوڑیں، پاکستان کے داخلی خودمختاری میں کسی بھی طاقت کی مداخلت غداری ہے، 1948ء سے قابض اسرائیل آج تک فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔
مقررین نے کہا کہ پتھر اور غلیلوں سے لڑنے والے مظلوم آج بھاری اسلحہ سے جواب دے رہے ہیں، ظالم اسرائیل کے خلاف مجاہدین اور فلسطین کی عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، ملکی حکمران غزہ جنگ بندی کی قرارداد پیش کریں، حکومت فلسطینی عوام کیلئے بلاتعطل امداد کا اعلان کرے، حکومت عالمی ادارے انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات قائم کروائے۔ مقررین نے امام خمینیؒ کی آواز پر جمعتہ الوداع اتحاد امت اور مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی کا دن منانے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔مقررین نے ملک میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ سمیت امریکی و برطانیہ سفارتخانہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کے آخر میں امریکا و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔
وحدت نیوز(پشاور)جامعہ الشھید عارف الحسینی پشاور ’’مظلومین فلسطین‘‘ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں صوبہ بھر کے شیعہ، سنی علماء موجود تھے۔ کانفرنس میں پشاور کے معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مہمان خصوصی سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس تھے۔ علماء نے اظہار خیال کرتے ہوئے امریکہ و اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی اور مسلمانوں کو متحد رہنے کی تلقین کی، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف مسلم سربراہان کھڑے ہونے کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)ملک بھر کی طرح مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد راولپنڈی اور آئی ایس او راولپنڈی ڈویڑن کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نو منتخب سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر قیادت مرکزی القدس ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین، بچے بوڑھے اور جوانوں کی کثیر تعداد میں شرکت، ریلی کا آغاز بعد از نماز جمعہ امام بارگاہ G-6-2 سے ہوا اور ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں غزہ کے مظلومین کی حمایت اور اسرائیلی بربریت کے خلاف مقررین نے خطاب کیا، شرکاء نے امریکہ واسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیئے، ریلیوں کا اختتام دعائے وحدت کے ساتھ کیا گیا۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدا کو یہ پسند ہے کہ مظلوم اٹھے اور ظالم کے خلاف احتجاج و فریاد بلند کرے، اسرائیل شکست خوردہ ہو کر جنگی کرائمز پر اتر آیا ہے، جنگ کے تمام تر محاذوں پر اسرائیل ہار چکا ہے چاہے وہ دفاعی، قانونی، میڈیا، ثقافتی اور سیاسی جنگ بری طرح ہار چکا ہے، تمام تر باشعور اور آزادی خواہوں کو غزہ کی عوام کے عزم وحوصلہ کی اسپورٹ کرنی چاہیے، قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم نہ کر کے قرآنی تعلیمات پر عمل کیا، ملک میں جو حکمران بھی اسرائیل سے سفارتی، اقتصادی اور سیاسی تعلقات کی بات کرتا ہے عوام اسے ایوانوں سے نکال پھینکیں، ہر وہ رابطہ اور تعلق حرام ہے جو ہماری مادر وطن کو کمزور کرتے ہیں، امریکہ ہمارے بچوں اور بیٹیوں کا قاتل ہے ہم فلسطینی عوام ظلم پر خاموش رہنے والے حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے، اسرائیل کی تمام پروڈکٹس کا بائیکاٹ کریں، اسرائیل دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی جلد قیمت چکائے گا۔
وحدت نیوز(سکردو)الزہراء ماڈل سکول اینڈ کالج سکردو میں جشن نزول قرآن و مقابلہ حسن قرات کا روح پرور محفل انعقاد ہوا۔ پروگرام میں طالبات کی مختلف گروہوں نے حسن قرات مقابلے میں حصہ لیا۔ حجت اسلام ولمسلین آغا سید علی رضوی صدر مجلس وحدت المسلمین جی بی اس روح پرور محفل کے صدارت کی فرائض انجام دے رہے تھے۔ پروگرام میں حجت اسلام والمسلمین شیخ جان حیدری صاحب، قاری شیخ عمیر صاحب، قاری سید مظاہر حسین صاحب، قاری سید ساجد رضوی صاحب، ڈپٹی ڈائریکٹر الزہراء ایجوکیشن سسٹم شیخ ذوالفقار علی عزیزی صاحب، پرنسپل الزہراء ایم فل سکالر زاہد حسین صاحب سمیت کثیر تعداد میں طالبات اور والدین نے شرکت کی۔
تقریب میں آغا سید علی رضوی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ آج کے دور کے مسائل کی بنیادی وجہ قرآن کی تعلیمات سے دوری ہے۔ اور قرآن مجید کی تلاوت کے ساتھ اس کی مفاہیم پہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اور قرآن سے درس تربیت لینے کی ضرورت ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ کسی بھی فرد کی تربیت میں چار چیزیں بہت اہمیت کے حامل ہے۔ جس میں پہلا والدین، دوسرا استاد ، تیسرا ماحول اور چوتھا تکرار کرنا ہے۔ والدین کی کمزوریوں کو استاد پورا کرتا ہے اور ان دونوں سے کسی فرد کی تربیت میں کمزوری رہا تو اس کمی کو ایک اچھا ماحول ہی پورا کر سکتے ہیں۔ اس ضمن میں الزہراء ماڈل سکول اینڈ کالج میں زیر تعلیم طالبات خوش قسمت ہے اور ان کے والدین آفرین کے مستحق ہے۔ جہاں طالبات کی تربیت کا خصوصی اہتمام موجود ہے۔ متدئن استاد کے ساتھ علماء کی سرپرستی میں دینی ماحول میسر ہے۔ آج کل کے دور میں ثقافتی و تعلیمی یلغار کا واحد مقابلہ الزہراء کالج جیسے تعلیمی ادارےکررہے ہیں۔ ہمیں ایسے تعلیمی اداروں کا انتخاب کرنا چاہئے۔ تقریب کے اختتام پر حسن قرات مقابلے میں پوزیشن لینے والے طالبات میں انعامات تقسیم کی گئی۔
وحدت نیوز(لاہور) عالمی یوم القدس کے موقع پر سیدہ معصومہ نقوی مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کا کہنا تھا کہ روز قدس پورے عالم اسلام کا دن ہے ،قرآن کا دن ہے اسلامی حکومت اور اسلامی انقلاب کا دن ہے اس سال کا یوم القدس اس لیے بھی اہم ترین ہے کہ غزہ میں حق و باطل کا میدان سجا ہوا ہے ، ایک طرف وقت کا یزید اسرائیل ہے جس کی درندگی ، سفاکیت اور اندوہناک مظالم کی انتہا ھے اور دوسری جانب فلسطینی عوام کا صبر ، حوصلہ اور ان کا خدا پر یقین محکم جس نے تمام عالم انسانیت کو ورطہ حیرت میں ڈال رکھا ہے غزہ کے معصوم ننھے بچوں کی شہادتوں نے درد دل رکھنے والی انسانیت کو لرزا دیا ہے ۔
سات ماہ سے جاری اس غیر مساوی جنگ میں فلسطینیوں کے گھر تباہ ، سکول تباہ ، ہسپتال اڑا دیے گئے بھوک و پیاس سے ننھے بچے شہید ہو رہے ہیں ، زخمیوں کے علاج کے لیے نہ ہسپتال ہے نہ ادویات ، موسم کی شدت ہے اور سر چھپانے کا ٹھکانہ نہیں ایسے مظالم ہیں کہ جن کا بیان ممکن نہیں ہم اپنے مسلمان بہن بھائیوں بچوں کے لیے جو لر سکتے ہیں وہ یہی ہے کہ مظلوم کی حمایت اور ظالم سے نفرت کا اظہار کریں ، اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں ، قضیہ فلسطین کو نہ بھولیں اور ہمیشہ اس پر بات کرتے رہیں لھذا اس سال یوم القدس کی ریلی میں اپنے بچوں کے ساتھ بھرپور شرکت کریں اور مظلومین فلسطین کی حمایت اور جنایت کار اسرائیل سے نفرت و بیزاری کا اظہار کر کے حق و باطل کے اس معرکے میں خود کو حق والوں کے ساتھ قرار دیں انہوں نے مزید کہا کہ دشمن مذہب و مسلک اور قومی و لسانی تفرقے ایجاد کرکے اسلامی وحدت کو پارہ پارہ کررہا ہے اب بھی وقت ہے کہ مسلمان ملتیں اور حکمران ہوش میں آئیں اور اسلامی بیداری و آگاہی سے کام لے کرفلسطینی مجاہدین کے ساتھ اپنی حمایت و نصرت اور پشت پناہی کا اعلان کریں۔