The Latest
وحدت نیوز(سبی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم ایک قومی جماعت ہے۔ تنظیمی فعالیت کو مزید مستحکم کیا جائے۔ بلوچستان کے اضلاع اور تحصیلوں میں مجلس یوتھ ونگ کی فعالیت قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع سبی کے دورے کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علامہ مقصود ڈومکی نے ضلع سبی بختیار آباد ڈومکی میں زیر تعمیر مسجد و امام بارگاہ اور اسکول کا دورہ کیا اور سبی میں ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم عبدالغفار ڈومکی سے ملاقات کی۔ انہوں نے سبی میں چند دن قبل قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی میر خالد زمان مری کی شہادت پر ان کے بھائی سابقہ تحصیل ناظم سبی میر اصغر مری و دیگر ورثاء سے تعزیت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ڈی ایس پی خالد زمان مری کا قتل افسوسناک واقعہ ہے۔ قتل میں ملوث مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سبی بلوچستان کا تاریخی شہر ہے جو بلوچ ہیرو چاکر اعظم کے قلعے سمیت متعدد تاریخی آثار قدیمہ رکھتا ہے۔ حکومت ان آثار قدیمہ کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے انہیں آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنائے۔ ضلعی صدر میر عبدالغفار ڈومکی اور تنظیمی دوستوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قومی جماعت ہے۔ سبی کے ضلعی شوریٰ کا دستوری اجلاس بلا کر تنظیمی فعالیت کو مزید مستحکم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اضلاع اور تحصیلوں میں مجلس یوتھ ونگ کی فعالیت قابل تحسین ہے۔ نوجوان ملک و ملت کا سرمایہ ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بختیار آباد ڈومکی میں اسکول کی تعمیر اور تعلیمی خدمات کے حوالے سے برادر سجاد علی ڈومکی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر انجینئر سخاوت علی سیال نے قیس عباس چانڈیو کو عزاداری ونگ ضلع راجن پور کا ضلعی صدر نامزد کردیا، ضلعی صدر کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔
قیس عباس چانڈیو اس سے قبل امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا حصہ رہ چکے ہیں، قیس عباس چانڈیو ضلع راجن پور میں عزاداری، سیاسی، سماجی اور فلاحی اُمور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین ہزارہ ٹاؤن کی ضلعی شوریٰ کا اہم اجلاس صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ ضلعی صدر سید ابراہیم شاہ کی زیر صدارت ضلعی شوریٰ کے اجلاس میں تنظیمی یونٹس اور اراکین ضلعی کابینہ شریک ہوئے، جبکہ مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری کردار سازی سید عباس علی موسوی اور صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید حسن ظفر شمسی بطور مہمانان خصوصی اور ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ کے صوبائی صدر محمد رضا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی صدر سید ابراہیم شاہ نے ابتدائی کلمات میں مرکز کے نمائندے، صوبائی کابینہ کے عہدیداروں و دیگر مہمانان گرامی کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوش آمدید کہا اور متعدد ایجنڈوں پر گفتگو کی۔
جس میں پارٹی رہنماؤں ار کارکنوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط یونٹس ہی تنظیم کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں اور بنیادی اکائی ہے۔ شعبہ تنظیم سازی کی جانب سے کارکنوں اور عہدیداروں کی رہنمائی کے لئے کتاب "رہنمائے مسئولین" کو تنظیمی نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔ کتاب رہنمائے مسئولین کا مطالعہ اسٹڈی سرکل اور رہنماء نکات پر عملدرآمد تنظیمی فعالیت میں بہتری کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ میں اسرائیل نے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف بلوچستان کے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی مشترکہ فلسطین کانفرنس 24 مارچ 2024 بروز اتوار 3 بجے سہ پہر کوئٹہ پریس کلب میں ہوگی۔
اجلاس سے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا مجلس وحدت مسلمین ایک الٰہی جماعت ہے۔ جس کے کارکن انبیاء کرام علیہم السلام اور آئمہ ھدیٰ علیہم السلام کی پاکیزہ تعلیمات کی روشنی میں اصلاح معاشرہ کے لئے مصروف عمل ہیں۔ صوبائی جنرل علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ تنطیم کو منظم کرنے کے لئے مرکز کی ہدایت و پروگراموں پر یونٹ تک عملدرآمد کروانا لازمی ہے۔ ضلع کے لئے سال میں تین ضلعی شوریٰ کے اجلاس منعقد کروانا ضروری ہے۔ اجلاس میں مختلف یونٹس کے نمائندوں نے کارکردگی رپورٹ، جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری جعفر علی نے ضلعی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور آئیندہ چار ماہ کا پروگرام پیش کیا۔
وحدت نیوز(لاہور)یوم القدس اور 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی، صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی، مرکزی کوآرڈینیٹر علامہ سید حسن رضا ہمدانی، پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ایم ڈبلیو ایم اسد عباس قریشی، سیکرٹری اطلاعات پنجاب اسد علی بلتستانی، سیکرٹری سیاسیات اسد حسین زیدی، ضلعی صدر نجم عباس خان، حاجی امیر عباس، افسر حسین خان و دیگر نے شرکت کی۔
علامہ علی اکبر کاظمی کا کہنا تھا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے، پاکستان بنایا تھا اسے بچانے میں بھی کردار ادا کریں گے۔ اسد عباس قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پر دشمن کے ایجنٹ مسلط ہیں، جلد پاکستان کو استعماری قوتوں سے نجات دلائیں گے۔
علامہ حسن ہمدانی کا کہنا تھا کہ یوم القدس یوم الاسلام ہے، جمعہ الوداع یوم القدس کے عنوان سے منائیں گے۔علامہ حسن ہمدانی نے کہا کہ ملک بھر میں ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے، اور پوری قوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یک جہتی کرے گی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں تمام اراکین کو اپنے پورے حلقے کی نمائندگی کرنی چاہئے۔ علمدار روڈ میں مقیم ہزارہ شیعہ قوم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ علمدار روڈ اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل پی بی 42 شہر کا سب سے اہم حلقہ ہے۔ جہاں شیعہ ہزارہ قوم بڑی تعداد میں آباد ہے۔ بعض حلقوں میں مختلف قبائل آباد ہیں، جن کے اراکین اسمبلی پر بھاری ذمہ داریاں ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں ہمارے حلقے سے کامیاب قرار دیئے جانے والے رکن اسمبلی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پورے حلقے کے لئے کام کریں۔ حلقے کی بیشتر آبادی شیعہ ہزارہ قوم پر مشتمل ہے۔ جن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے اور قوم کو انکے حقوق سے محروم رکھنے کی صورت میں ایم ڈبلیو ایم ایک توانا آواز بلند کرے گی۔ اپنی قوم کے حقوق کے لئے ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
وحدت نیوز(لاہور)مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وون ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے ۲۳ مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان پوری قوم کیلئے یکجہتی کا دن ہے،برصغیر کے مسلمانوں نے فکر ِاقبال کی روشنی اور قائد اعظم کی قیادت میں دو قومی نظریہ کی بنیاد پر کامیاب جدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان جیسا عظیم ملک حاصل کیا، قیام پاکستان کا مقصد‘ اسلام کی سربلندی قائم کرنے کیساتھ ساتھ پاکستان میں اسلامی قوانین کا نفاذ کرکے اسلام اور خوشحالی کی طرف گامزن کرناہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر اورخدا کی عظیم نعمت ہے، نظریہ پاکستان ہماری پہچان اور اساس ہے اور اس کی بقا اور سلامتی صرف اسی صورت ممکن ہے کہ نوجوان نسل کو اس نظریے کی بنیاد سے متعارف کروایا جائے۔
وحدت نیوز(لاہور)جناب سید حسین زیدی صوبائی سیکرٹری سیاسیات کی خصوصی دعوت پر صوبائی پارلیمانی لیڈر ایم پی اے جناب اسد عباس قریشی کا صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے افطار ڈنر میں شرکت ۔جناب سید حسین زیدی صوبائی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی پارلیمانی لیڈر ایم پی اے اسد عباس قریشی کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا ۔ افطار ڈنر میں وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی، صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی، مرکزی کوآرڈینیٹر خطباء وزاکرین علامہ سید حسن رضا ہمدانی، پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ایم ڈبلیو ایم اسد عباس قریشی، سیکرٹری اطلاعات پنجاب اسد علی بلتستانی، سیکرٹری سیاسیات سید حسین زیدی، صوبائی آفس سیکرٹری علامہ ظہیر کربلائی ، ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور نجم عباس خان،واکابرین ملت حاجی امیر عباس مرزا، افسر حسین خان ،سیٹھ عدنان و دیگر نے شرکت کی ۔
جناب اسد عباس قریشی صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بننے کے بعد پہلی بار لاہور وحدت ہاؤس پہنچے ۔ جہاں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب ،صوبائی سیکرٹری سیاسیات جناب سید حسین زیدی ،صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب عمران علی شیخ ، صوبائی سیکرٹری مالیات مجلس وحدت مسلمین جناب فصاحت علی بخاری ،صوبائی آفس سیکریٹری وحدت ہاؤس لاہور جناب ظہیر کربلائی ،ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور جناب نجم عباس خان اپنی کابینہ کے ہمراہ صوبائی پارلیمانی لیڈر جناب اسد عباس قریشی کا پرتپاک خیرم مقدم کیا ۔ افطار ڈنر میں صوبائی اور ضلعی کابینہ معزز اراکین کے علاؤہ مرزا امیر عباس ، سیٹھ عدنان ، احمد منیر 21 ماہ رمضان کے لائسنس ہولڈر ، ارشد محمود منڈا حلقہ 129 شیخوپورہ نامزد امیدوار پاکستان تحریک انصاف نے شرکت کی ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کی مناسبت سے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سنہری دن ہماری قومی تاریخ کا وہ عہد ساز دن ہے جو ہمیں اپنے ماضی کی یاد دلاتا ہے، پاکستان ہمارے اسلاف کی قائد اعظم محمد علی جناح رح کی قیادت میں عوامی جہدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا تھا، 23 مارچ ہمیں اپنے موجودہ حالات پر غور و فکر کرنے کی دعوت دیتا ہے اور ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کی تحریک دیتا ہے کہ ہم حصول وطن کے حقیقی مقاصد میں کتنے کامیاب ہوئے ہیں، یہ دن عہد کی تجدید کا دن بھی ہے، ہمیں یوم پاکستان کو اس کے اصل فلسفے اور روح کے ساتھ منانا چاہیے، جہاں ہمیں اپنے بانیوں اور قومی ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت و سلام پیش کرنا چاہیے وہاں ان چیلنجز کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو ملک کو درپیش ہیں، آج ہمیں سیاسی و معاشی عدم استحکام اور بدامنی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے اور اس کے مقدر میں عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے، تاہم اس کے حقیقت بننے کے لیے ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا، اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرتے ہوئے قانون کی بالادستی پر سختی سے عمل پیرا ہونا پڑے گا، اپنے اسلاف کی میراث کے مطابق جدوجہد کرنے کا عزم کرتے ہوئے آئیے آج کے دن ہم خود احتسابی کریں تاکہ اپنی کوتاہیوں کا ازالہ کر سکیں تاکہ ملک کی باگ ڈور وطن کے باوفا اور اہل افراد کے ہاتھوں میں آ سکے، جو قومیں اپنے ماضی کا تجزیہ کرنے، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے اور اصلاح کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں وہی حقیقی معنوں میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔
وحدت نیوز (گلگت) سیاسی کونسل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کا ایک اہم اجلاس سیکرٹری سیاست ایم ڈبلیو ایم جی بی و رکن گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد علی نوری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم و اپوزیشن لیڈر کاظم میثم، رکن جی بی اسمبلی شیخ اکبر رجائی، رہنما مجلس وحدت مسلمین غلام عباس،حاجی محمد علی اور عارف قنبری نے شرکت کی۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی، معاشی ترقیاتی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ امپورٹیڈ حکومت یکسر ناکام ہوچکی ہے اور عوام کو بجلی، پانی، انٹرنیٹ سمیت دیگر سہولیات دینے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے۔ گلگت بلتستان کی مخلوط حکومت نہ صرف فیصلوں میں آزاد نہیں ہے بلکہ عوام دشمن فیصلے بھی ان سے کروا رہی ہے۔ پورے خطے میں ترقیاتی عمل جمود کا شکار ہے۔ فیڈرل گورنمنٹ کو بھی انگیج کرنے میں یہ ناکام ہوگئی ہے۔ سی ڈی ڈبلیو پی سے ہیلتھ کارڈ پروجیکٹ منظور ہونے کے باوجود اب بھی گلگت بلتستان میں ہیلتھ کارڈ بحال نہ ہونا انتہائی قابل مذمت ہے۔ ہیلتھ کارڈ بحال نہ ہونے کی وجہ سے غریب عوام صحت کی سہولت کے لیے انتہائی مشکلات اور پریشانی سے دوچار ہے۔ مطالبہ کیا جاتا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کی ترقیات اور مالی معاملات کے جمود بلخصوص پسند ناپسند پر ریلیز اور ریویژنزکو خطے کو نئے بحران اور نئی تقسیم کی طرف دھکیلنے کی کوشش قرار دی گئی۔ ترقیاتی عمل میں غیرمنصفانہ رویے کو روکا نہ گیا تو نئے بحران جنم لیں گے۔ پورے خطے میں مخصوص ریجنز (REGIONS)کو محروم رکھنا ریاست کی سوتیلانہ سلوک ہے چاہے عدالت میں تقرریاں ہوں یا اعلی افیسران کی تعیناتیوں میں میرٹ سے ہٹ کر متعصبانہ روش قابل قبول نہیں۔ گلگت بلتستان میں ہونے والی بدانتظامی، حکومت کی ناکامی اور کرپشن کا بازار گرم ہونے کا اعلان حکومتی اتحادی جماعتوں کے سربراہان کرچکے ہیں۔ اس کے باوجود ذمہ داروں کا آنکھیں بند کرکے بیٹھنا اور سب ٹھیک ہے کا راگ الاپنے کی کوشش عوام میں غم و غصے میں مزید اضافے کا باعث ہے۔ ذمہ داران جس طرح کے فیصلے کرچکے ہیں اس کے نتیجے میں نہ صرف جائزیت زیر سوال آتا ہے بلکہ اخلاقیات اور شریعت بھی اجازت نہیں دیتی کہ زبردستی کسی کا حق چھین کر دوسرے کو تفویض کرے جو کہ خدا کے نزدیک بھی قابل مواخذہ ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ریاست گلگت بلتستان میں مزید تقسیم اور مزید ناانصافیوں پر مبنی فیصلے کروانے سے نام نہاد حکومت کو باز رکھیں ورنہ ان محرومیوں اور زیادتیوں کو عوام میں لے کر جانے پر مجبور ہوں گے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ رمضان کا پہلا عشرہ اندھیرے میں گزر گیا ہے۔ حکومت افطاری اور سحری پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اجلاس میں انٹرنیٹ کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کیاگیا اور مطالبہ کیا گیا کہ نئی کمپنونیز کو بھی فائبر بچھانے کی این او سی جاری کی جائے۔ اس سے طلبا اور نوجوانون کے لیے تعلیم و روزگار کا نیاباب کھل سکتا ہے۔اجلاس میں ملک میں ہونے والے انتخابات کے جعلی نتائج کو یکسر مسترد کیا اور عوامی مینڈیٹ کی چوری کو ملک کے استحکام پر گہرا وار اور جمہوریت پر کاری ضرب قرار دیا گیا۔ اقلیت کو اکثریت پر زبردستی مسلط کرنے پر جہاں جائزیت نہیں ہوتی وہیں حکومتی کسی بھی فیصلے کو عوام تسلیم نہیں کرتی۔ انتخابات میں مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے آزادانہ ماحول نہ دینے اور جبر و تشدد کے ذریعے عوامی مینڈیٹ چھیننے کو بھی غیرجمہوری غیرآئینی اور غیراخلاقی قرار دیا گیا۔ رمضان المبارک میں ملک بھر کی جیلوں میں موجود سیاسی قیدیوں بلخصوص خواتین قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور)10رمضان ، رحلت اُم المومنین ملیکۃ العرب جناب خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیھا کے موقع پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے محترمہ معصومہ نقوی مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ نے کہا کہ جناب خدیجة الکبری سلام اللہ علیھا ان باوقار و عظیم خواتین میں پہلی خاتون ہیں کہ جنھوں نے دین اسلام کی خاطر بے پناہ قربانیاں پیش کیں ام المومنین،سیدہ خدیجۃالکبریٰ عرب کی معزز ترین اور دولت مند خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ علم و فضل اور ایمان میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں پیغمبر اسلام صلی ا للہ علیہ و آلہ وسلم آپ کی رفاقت اور غمگساری کو آخری سانس تک نہ بھول پائے اور فرمایا کہ خدیجہؑ جیسی رفیقہ مجھے کوئی اور نہ ملی۔
انھوں نے کہا جناب خدیجہ سلام اللہ علیھا رسول خدا صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے سے پہلے بھی ایک تاریخ ساز شخصیت تھیں جاھلیت کے اس دور میں کہ جہاں عورت کو زندہ درگور کر دیا جاتا جناب خدیجہ سلام اللہ علیھا نے گھر بیٹھے منظم و مربوط تجارتی نظام کو سنبھالا ذرائع آمد و رفت اور وسائل نقل و حمل کے حد درجہ محدوداور غیر ترقی یافتہ ہونے کے باوجود نہ صرف عربی حدود بلکہ عرب سے باہر دیگر ممالک تک آپ کا سلسلۂ تجارت وسیع تھا۔دنیاقومیت میں محدود تھی اور آپ کی تجارت بین الاقوامی تھی۔
کردار جناب خدیجة پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے مزید کہا ام المومنین ملیکة العرب جناب خدیجہ س نے دین اسلام کی ترویج و تبلیغ میں اپنی ساری دولت راہ خدا میں خرچ کر دی رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہر مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دی اور کار رسالت کی انجام دہی میں رسول اللہؐ کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے جناب خدیجہ س نے بیشمار مصائب و آلام تحمل کیے ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ پیچیدہ صورتحال میں امت مسلمہ سیرت ام المومنین جناب خدیجة الکبری س کو اپناتے ہوے پہلے سے ذیادہ اپنے اطراف میں موجود غربا و مستحقین کا خیال رکھیں اور ان کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنائیں۔