The Latest
وحدت نیوز(لاہور)صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی نے وحدت ہاؤس پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم رہبر کبیر امام خمینی کے فرمان کے مطابق گزشتہ 45 برس سے ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منا کر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرتے آئے ہیں، تاہم اس سال ہمارا دل فلسطینی مظلوموں کیلئے سخت رنجیدہ ہے، 33 ہزار مظلوم و بے گناہ فلسطینیوں کو وحشیانہ بمباری سے شہید کیا جا چکا ہے، عالم اسلام کی خاموشی ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے، اس وقت دنیا تین بلاکس میں تقسیم ہے، ایک بلاک فلسطین کا حامی، دوسرا فلسطین کا مخالف اور تیسرا بلاک غیر جانبدار ہے، سب سے زیادہ قبیح ترین عمل غیر جانبدار ریاستوں کا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے ہم پاکستان کے باوفا بیٹے ہیں، ہمارے سبز پاسپورٹ پر یہ عبارت درج ہے کہ یہ پاسپورٹ سوائے اسرائیل کے دنیا کے تمام ممالک کیلئے کارآمد ہے، فلسطینی سیاسی و عسکری مزاحمتی تنظیموں بالخصوص حماس اور جہاد اسلامی نے سو سالہ گیدڑ کی زندگی سے بہتر ایک دن شیر کی طرح بہادری اور شجاعت کے ساتھ شہادت کو قبول کرتے ہوئے سرخرو ہوا جائے۔
ہم پنجاب بھر میں تبیین یعنی بیانیہ کی جنگ پر سراپا احتجاج ہوں گے، جیسا کہ رہبر معظم سید علی خامنہ ای کا حکم ہے کہ آج کے جوانوں کو جہاد تبیین کیلئے آمادگی کی ضرورت ہے، آج کے دور میں ہمارے نوجوان، فکر، معنویت اور بہت سی معلومات سے آراستہ ہیں، اپنے آپ کو تبیین کے میدان میں وارد ہونے کیلئے آمادہ اور تیار کریں، یہ وہ راستہ ہے جسے زینب کبریٰ س نے چالیس دنوں میں طے کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ رہبر معظم سید علی خامنہ ای اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر پورے پنجاب سمیت لاہور اسلام پورہ سے عالمی یوم القدس کے سلسلے میں ریلی نکالی جائے گی جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی مال روڈ چئیرنگ کراس پر اختتام پذیر ہو گی، ریلی میں تمام مسالک و مذاہب کی نمائندگی ہوگی جس میں علماء کرام و مشائخ عظام بھرپور شرکت کریں گے اور دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان کی غیور عوام جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ان مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔پریس کانفرنس میں مسئول پنجاب سیکرٹریٹ علامہ ظہیر کربلائی اور سیکرٹری اطلاعات اسد علی بلتستانی بھی شریک تھے۔
وحدت نیوز(لندن) امام علی سینٹر ہائی ویکم میں لیلتہ القدر کے مبارک لمحات اجتماع منعقد ہوا جس میں قران سر پر رکھ کر فلسطینی مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور دعائیں کی گئیں۔
لیلتہ القدر میں حجت الاسلام والمسلمین مولانا ابرار حسینی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ لیلتہ القدر کی راتوں میں ہمیں مظلوموں کیلئے دعاوں کیساتھ ساتھ صدائے احتجاج بلند کرنے کا اعادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا رمضان المبارک کا آخری جمعہ، جمعہ الوداع مظلوموں کا دن ہے۔
اس موقع پر لندن میں منعقد ہونے والی قدس ریلی پرہمیں گھروں سے باہر نکل کر فلسطینی مظلوموں کیلئے آواز بلند کرنی چاہیے۔ اس موقع پرانہوں نے تمام مسلمانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے تقاضہ کیا کہ لندن میں قدس ریلی میں بھرپور شرکت کرکے مظلوموں کی آواز بنیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر جناب راجہ مصطفی حیدر جعفری کی اپنے وفد کے ہمراہ اندرون شہر لاہور موری گیٹ کی معروف قدیمی امام بارگاہ دربار حسین علیہ السلام آمد ۔ وحدت یوتھ ونگ کے وفد کی اندرون شہر موری گیٹ کی مشہور قدیمی تاریخی امام بارگاہ دربار حسین (ع) میں مجلس عزاء میں شرکت مجلس عزاء کے بعد مقامی معروف عزادار تاثیر شاہ اور سندر شاہ سے ملاقات اور وحدت یوتھ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
جناب حجت الاسلام و المسلمین راجہ مصطفی حیدر جعفری نے مقامی عزاداروں سے ایک نشت کی جس میں وحدت یوتھ کی فعالیت اور پیشرفت پر گفتگو ہوئی اور اس بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقامی اندرون شہر کے عزاداروں نے وحدت یوتھ ونگ کے پروگراموں اور فعالیت کو سن کر بڑی دلچسپی کا اظہار کیا اور کافی دیر سوال وجواب کا سیشن چلتا رہا ۔ نشست کے آخر پر مقامی عزاداروں نے گروپ سیشن فوٹو بنوایا اور کہا اس طرح کی مزید نشستوں کی علاقے میں ضرورت ہے ۔ان شاءاللہ دوبارہ بھر پور فعالیت کے بعد اس جگہ دوباہ ایک نشست کا اہتمام کیاجائے گا ۔جس میں موری گیٹ اندرون شہر لاہور میں باقاعدہ وحدت یوتھ ونگ کا قیام عمل لایا جائے گا ۔ان شاءاللہ ۔
راجہ مصطفی حیدر جعفری کی گفتگو اتنی مدلل اور جاذب تھی کی مقامی مومنین کافی حد تک مطمئن نظر آئے ۔ بس ایک موقعہ چاہا کہ اس پر مزید مشاورت کرلیں تو ان شاءاللہ اگلے وزٹ پر باقاعدہ وحدت یوتھ ونگ کا یونٹ تشکیل دیا جائے گا۔ان شاءاللہ
جناب رانا کاظم علی ضلعی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ، جناب نقی حیدر ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ ضلع لاہور بھی مرکزی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ کے ہمراہ تھے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) آج ملک بھرمیں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نو منتخب سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منایا گیا، ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اوّل کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بعد از نماز جمعہ سینکڑوں مقامات پر ریلیاں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کیے گئے، ملک کے مختلف شہروں کراچی، حیدرآباد، خیر پور، سکھر، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، لیہ بھکر، رحیم یارخان، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو کوہاٹ، پارہ چنار، کوئٹہ، ڈیرہ مراد جمالی، گلگت، سکردو اور مظفر آباد میں ریلیاں، مظاہرے، ائمہ جمعہ والجماعت نے اپنے خطبوں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف تقاریر کرتے ہوئے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
سندھ میں عالمی القدس ریلی کراچی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک نکالی گئی جس سے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے خطاب کیا اور مسجد نور ایمان کے باہر احتجاجی مظاہرے سے علامہ سید باقر زیدی نے مرکزی خطاب کیا، لاہور میں نکالی گئی القدس ریلی اسلام پورہ سے شروع ہو کر اسمبلی ہال پر اختتام پذیر ہوئی، جسکی قیادت صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید علی اکبر کاظمی کر رہے تھے، جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم صدیقی اور صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید اقتدار حسین نقوی کی سرپرستی میں القدس ریلی کا انعقاد ہوا، خیبرپختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں ریلی کی قیادت صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ جہانزیب جعفری نے کی، بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں القدس ریلی کا انعقاد ہوا جس کی قیادت مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ سید ہاشم موسوی نے کی، گلگت بلتستان میں مرکزی ریلیوں کی قیادت صوبائی صدر آغا سید علی رضوی اور علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کی۔
ملک بھر کی طرح مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد راولپنڈی اور آئی ایس او راولپنڈی ڈویڑن کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نو منتخب سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر قیادت مرکزی القدس ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین، بچے بوڑھے اور جوانوں کی کثیر تعداد میں شرکت، ریلی کا آغاز بعد از نماز جمعہ امام بارگاہ G-6-2 سے ہوا اور ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں غزہ کے مظلومین کی حمایت اور اسرائیلی بربریت کے خلاف مقررین نے خطاب کیا، شرکاء نے امریکہ واسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیئے، ریلیوں کا اختتام دعائے وحدت کے ساتھ کیا گیا۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدا کو یہ پسند ہے کہ مظلوم اٹھے اور ظالم کے خلاف احتجاج و فریاد بلند کرے، اسرائیل شکست خوردہ ہو کر جنگی کرائمز پر اتر آیا ہے، جنگ کے تمام تر محاذوں پر اسرائیل ہار چکا ہے چاہے وہ دفاعی، قانونی، میڈیا، ثقافتی اور سیاسی جنگ بری طرح ہار چکا ہے، تمام تر باشعور اور آزادی خواہوں کو غزہ کی عوام کے عزم وحوصلہ کی اسپورٹ کرنی چاہیے، قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم نہ کر کے قرآنی تعلیمات پر عمل کیا، ملک میں جو حکمران بھی اسرائیل سے سفارتی، اقتصادی اور سیاسی تعلقات کی بات کرتا ہے عوام اسے ایوانوں سے نکال پھینکیں، ہر وہ رابطہ اور تعلق حرام ہے جو ہماری مادر وطن کو کمزور کرتے ہیں، امریکہ ہمارے بچوں اور بیٹیوں کا قاتل ہے ہم فلسطینی عوام ظلم پر خاموش رہنے والے حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے، اسرائیل کی تمام پروڈکٹس کا بائیکاٹ کریں، اسرائیل دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی جلد قیمت چکائے گا۔
القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد مہدی نے کہا کہ ہم تمام فلسطینیوں پر سلام پیش کرتے ہیں جو زخموں سے چور اور بھوک و پیاس سے نڈھال ہیں لیکن ظالم اسرائیل کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں، حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اسرائیل سے تعلقات بنانے کی کوشش تمہیں لے ڈوبے گی، ایوانوں میں بیٹھے گونگے بہرے حکمران بانی پاکستان کی اسرائیل کے حوالے سے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر تلے ہیں، غیرت مند پاکستانی عوام ہمیشہ کی طرح اپنے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پابرہنہ باغیرت یمنی مسلمانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
معروف صحافی اینکر پرسن حرمیت سنگھ نے کہا کہ اس وقت جو جنگ فلسطین میں ہو رہی ہے یہ کسی مذہب و مسلک کی نہیں انسانیت کی جنگ ہے، غاصب اسرائیل اپنے تمام تر دفاعی وسائل اور امکانات کے باوجود ناکام و نامراد ہے، مسلم حکمرانوں کی بے حسی شرمناک ہے،دیگر مقررین میں علماء مجلس مکتب اہلبیت کے صدر علامہ سید حسنین گردیزی، علامہ سید آغا علی حسین مدنی، ملک اقرار علوی، علامہ ثمر نقوی، علامہ اصغر عسکری، علامہ سید زاہد کاظمی، علامہ انیس الحسنین، آغا ضیغم عباس، سید ذولقرنین شیرازی، سید اعوان علی شاہ اور اسداللہ چیمہ نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی پشتون قبائلی جرگہ کے چیئرمین سردار محمود خان اچکزئی جمعیت غرباء اھل حدیث کے صوبائی امیر مولانا فضل ربی نے پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی دفتر میں صوبائی صدر عبدالقہار ودان و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں 25 رمضان المبارک جمعہ الوداع عالمی یوم القدس کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام پر اسرائیل نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔ اسرائیلی ظلم و بربریت کی تاریخ انسانی میں مثال ملنا مشکل ہے۔ ہر سال دنیا بھر کے غیرت مند مسلمان مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے جمعہ الوداع کو عالمی یوم القدس مناتے ہیں جس کا مقصد فلسطین میں جاری اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج ہے۔
انہوں نے پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر جناب عبدالقہار ودان کو جمعہ الوداع عالمی یوم القدس کوئٹہ میں شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقہار ودان نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم پر پوری امت مسلمہ رنجیدہ ہے۔ مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور خاموشی کے سبب گذشتہ 6 ماہ سے اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ پاکستان سمیت مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ فلسطینیوں کی عملی مدد کریں۔انہوں نے عالمی یوم القدس میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنے والے احتجاجی ریلی اور مظاہرے میں شرکت کا وعدہ کیا۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ کے زیر اہتمام علامہ اقبال ٹاؤن واقع حویلی میجر شاہ ، ٹھوکر نیاز بیگ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں مقامی ٹاؤن کے جوان کثیر تعداد میں شریک ہوئے ۔ جناب راجہ مصطفی حیدر جعفری مرکزی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ مہمان خصوصی تھے ۔ جبکہ جناب رانا کاظم علی ضلعی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ، جناب سید فخر حسنین رضوی ایڈووکیٹ ضلعی صدر عزاداری کونسل ضلع لاہور ، جناب نقی حیدر ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین وحدت یوتھ ونگ ضلع لاہور ، جناب ذیشان حیدر ضلعی جنرل سیکرٹری وحدت یوتھ ونگ ضلع لاہور طور مبصر اجلاس میں شریک ہوئے ۔ تقریب میں جوانوں کی اکثریت سے حیدر کھارا کو صدر جبکہ سید وسیم شاہ کو نائب صدر علامہ اقبال ٹاؤن منتخب کرلیا گیا ۔ جناب راجہ مصطفی حیدر مرکزی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ نے ان سے حلف لیا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسرائیل کی طرف سے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل خطے میں ایک خطرناک اضافے کی نشاندہی کرتا ہے، بین الاقوامی سفارتی اصولوں کو صریحاً نظر انداز کرنا تنازعات میں اضافے باعث ہے، اسرائیلی جارحیت، جس میں غزہ کے چھ ماہ کے المناک محاصرے کے نتیجے میں تقریباً 33,000 ہلاکتیں ہوئیں، خودمختاری اور انسانی زندگی دونوں کی شدید بے عزتی کو ظاہر کرتی ہے، یہ جارحیت صہیونی ریاست کو امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی حکومتوں سے ملنے والی غیر متزلزل حمایت سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قونصلیٹ پر حملے جیسی کارروائیاں نہ صرف شام کی خودمختاری اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں بلکہ علاقائی استحکام کیلئے بھی خطرہ ہیں، شام میں حملے سے اسرائیلی بوکھلاہٹ اور شکست عیاں ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور وسیع تر عالمی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس لاپرواہ رویے کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور خطے میں مزید عدم استحکام کو روکیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے اپوزیشن اراکین نے سیکریٹری قومی اسمبلی کو چیف الیکشن کمشنر اور ججوں کی تقرری کے قوانین میں ترامیم کا مسودہ حوالے کردیا۔
ایم ڈبلیوایم کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر کے ہمراہ سیکریٹری قومی اسمبلی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کا دورانیہ پانچ سال ہو لیکن اس منصب کیلئے روٹیشن پالیسی ہو تاکہ ہر صوبے کے ممبر کو موقع مل سکے اور چیف الیکشن کمشنر کے منصب پر دباؤ کم ہو ۔ دوسرا ججوں کی تقرری مقابلے کے امتحان پر ہونا چاہئے تاکہ اقرباپروری کی جگہ میریٹ پر قابل ترین ججوں کی تقرری ہو ۔
ہماری روایت ہے جو وزیر اعظم کا الیکشن لڑتے ہیں تو ایک وزیر اعظم منتخب ہو جاتا ہے اور دوسرا قائد حزب اختلاف بن جاتا ہے اسپیکر قومی اسمبلی سے توقع رکھتے ہیں کہ جلد از جلد ہمارے قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے ۔
وحدت نیوز(کراچی)غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے ساتھ غزہ سے تمام اسرائیلی قابض فوجی باہر نکل جائیں، 25 رمضان المبارک یوم جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس منایا جائے گا، بعد نماز جمعہ ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں احتجاجی ریلیاں مظاہرے کئے جائیں گے، غیور عوام ملک بھر میں نکالی جانے والی القدس ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں، عوام غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں، وفاقی حکومت جمعتہ الوداع ”یوم القدس“ کو سرکاری سطح پر منائے اور عام تعطیل کا اعلان کرے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے انسانوں کی جان بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر خوارک اور ادویات سمیت ضروریات زندگی کی اشیاء کی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اکتوبر 2023ء سے شروع ہونے والی جنگ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں تینتیس ہزار سے زائد فلسطینیوں کو قتل کیا گیا ہے جس میں بائیس ہزار خواتین اور معصوم بچے شہیدہیں جبکہ 75 ہزار افراد زخمی ہیں، 200 کے قریب مختلف ممالک امدادی کارکن شہید ہوچکے ہیں جو کسی بھی جنگ میں اتنے عرصے میں سب سے زیادہ ہے، غزہ، رفع، ویسٹ بینک سمیت دیگر علاقوں سے 17 لاکھ افراد رفع کراسنگ پر کھلے آسمان تلے بے گھر اپنی ہی سرزمین پر پناہ گزین ہیں، 81 فیصد فلسطین ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے جس میں سر فہرست اسپتال، مساجد، اسکول، رہائشی املاک شامل ہیں، ہم فلسطین کے مظلوم عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اسرائیل کے آگے سر نہیں جھکایا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں مکمل اور مستقل جنگ بندی کی جائے اور تباہ شدہ مکانات اور عمارتوں کی تعمیر کے لئے مسلم دنیا اور عالمی دنیا اپنا کردار ادا کرے، مسلمان ممالک عرب اور غیر عرب ممالک سب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تیل، گیس اور کھانے پینے اور دیگر اشیاء کی ترسیل روک دیں، حکومت پاکستان غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات انجام دے، فلسطینی عوام کی مدد کے لئے امدادی ترسیل کو یقینی بنایا جائے، فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک ناجائز صیہونی ریاست ہے جس کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح نے کہہ دیا تھا کہ پاکستان اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین کا فیصلہ فلسطینی عوام کی امنگوں یعنی ریفرنڈم کے ذریعہ یقینی بنانے کی حمایت کرتے ہیں، غزہ کے ساتھ یکجہتی کرنے والی خطے کی اسلامی مزاحمتی تحریکوں تمام گروہوں سلام پیش کے حل کے لئے دو ریاستی حل کی بات کرنا دراصل اپنے مقام کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستان میں ایسی تمام مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہیں جن کا فائدہ براہ راست یا بلا واسطہ غاصب صیہونی حکومت تک پہنچتا ہے۔ کانفرنس میں علامہ مختار امامی، مولانا حیات عباس نجفی، مولانا ملک عباس، علامہ مبشر حسن، مولانا نشان حیدر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) حلقہ پی پی139 شیخوپورہ میں ضمنی الیکشن ہورہے ہیں ۔اس حلقہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار جناب اعجاز بھٹی صاحب ہیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اس حلقے (پی پی139 شیخوپورہ) میں جناب۔ چوہدری اعجاز بھٹی صاحب کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے چوھدری اعجاز بھٹی کے اعزاز میں استقبالیہ رکھا گیا جس میں حلقہ 139 کے امیدوار جناب چوھدری اعجاز بھٹی کے علاؤہ اسی حلقے کے ایم این اے کے ٹکٹ ہولڈر علی اصغر منڈا صاحب اور پی پی 138 کے ابوزر مقصود چدھڑ بھی تشریف لائے اور اس استقبالیہ میں شرکت کی ۔
استقبالیہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے صوبائی جنرل سیکرٹری جناب سید حسن رضا کاظمی صوبہ پنجاب ،ضلعی صدر جناب عرفان حیدر نقوی ضلع شیخوپورہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری جناب سید زین رضوی۔ضلع لاھور کے جنرل سیکرٹری برادر نقی مہدی نے شرکت کی اور حلقہ پی پی 139 میں باقاعدہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جناب چوھدری اعجاز بھٹی صاحب کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔
اس موقعہ پر چوھدری اعجاز بھٹی صاحب نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب صوبائی جنرل سیکرٹری جناب سید حسن رضا کاظمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین جناب علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو بکھرنے سے بچایا ہے ۔تحریک انصاف پاکستان کا ہر کارکن راجہ صاحب قبلہ کی پالیسیوں کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔ان کے وژن اور افکار کے ہم سب معترف ہیں ۔ وہ ایک سچے انسان ہیں ۔ ایسے نڈر لیڈر اور مخلص لیڈر دنیا میں بہت کم ملتے ہیں ۔ میں ذاتی طور پر ان کے بیانات بڑے غور سے سنتا اور پڑھتا ہوں ۔ وہ جب بات کرتے ہیں تو ہمیں حوصلہ ملتا ہے ۔میں سید حسن رضا کاظمی اور ان کی پوری ٹیم خصوصا سید عرفان نقوی ضلعی صدر ضلع شیخوپورہ اور سید زین رضوی ضلعی جنرل سیکرٹری ضلع شیخوپورہ کا شکریہ ادا کرتا جن کی بدولت آج ہم اس جگہ اکھٹے ہوئے ہیں ۔