The Latest
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر سخاوت علی نے کہا ہے کہ عید الاضحی سے قبل ہی محرم الحرام کے انتظامات کو مکمل کیا جائے اور ٹینڈر جاری کیے جائیں تاکہ بروقت ان کی تکمیل ہو سکے، حکومتی سطح پر متعلقہ اداروں کو بروقت کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں، جن روٹس کے مسائل ہیں انہیں فی الفور حل کیاجائے، جن روٹس پر سیوریج اور گیس پائپ لائن کی کھدائی کا سلسلہ جاری ہے اس کی فوری مرمت کی جائے۔ تاکہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وحدت نیوز(سکردو) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری دو روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے، وہ آج مقامی علمائے کرام و عمائدین عظام سے ملاقات کرینگے، اس سلسلے میں انہوں نے علماء کرام کے وفد کے ہمراہ جامعہ مسجد سکردو کے امام جمعہ والجماعت علامہ شیخ حسن جعفری سے ملاقات کی، ملاقات میں علاقے کی مجموعی صورتحال بارے گفتگو ہوئی، جس میں عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کا اعادہ کیا گیا، عوام کی بنیادی ضروریات زندگی جن میں آٹا، پانی اور بجلی کی عدم فراہمی اور شدید قلّت پر قابو پانے پر زور دیا گیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے زیر اہتمام 18 جون بروز اتوار یادگار شہداء سکردو پر تکریم شہداء کے عنوان سے منعقدہ اجتماع سے مرکزی قیادت سمیت صوبائی رہنما و دیگر مقامی علماۓ کرام خطاب کریں گے، جس میں حالیہ ملکی و علاقائی, سیاسی، معاشی و سماجی صورتحال سمیت دیگر قومی و بین الاقوامی حالات و واقعات پر گفتگو کی جائے گی۔
وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان)مجلس وحدت مسلمین اور مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ ڈیرہ اسماعیل خان کے زیراہتمام تکریم شہداء و فکر امام خمینی سیمینار کا انعقاد کوٹلی امام حسین علیہ السلام میں کیا گیا۔ سیمینار میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی، جن میں مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ کے مرکزی رہنماء علامہ سید عبدالحسین الحسینی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی، علامہ حافظ نذیر، ایم ڈبلیو ایم ڈیرہ اسماعیل خان کے صدر مولانا سید غضنفر نقوی، مولانا سید جعفر نقوی، علامہ عابد حسین بہشتی کے علاوہ مختلف علاقوں سے آئے علمائے کرام اور متولیان امام بارگاہ شامل تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے جنرل سیکرٹری ناصر عباس شیرازی نے کراچی میں مئیر کے انتخابی عمل پر کہا ہے کہ ہم عوامی مینڈیٹ کی توہین کی مذمت کرتے ہیں۔ کراچی میں پیپلز پارٹی نے میئر کے انتخاب میں آمرانہ کردار ادا کیا، جمہوریت کی چیمپئین سیاسی جماعت نے جمہوری رائے کو تسلیم نہیں کیا۔ دھونس دھاندلی اور لوگوں کو ووٹ دینے سے روکا جائے گا تو غیر جمہوری عمل بنیادی انسانی حقوق اور آئین پاکستان کیلئے نقصان دہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری عمل میں لوگوں کو جب تک یہ یقین نہیں ہوگا کہ ہم جسے ووٹ دیں گے ووٹ اسی کا نکلے گا اور جسے ووٹ دینا چاہیں گے ہمیں اپنی رائے کے اظہار میں آزادی ہو گی تو یہ جمہوریت ہے بصورت دیگر یہ بظاہر تو جمہوریت ہے لیکن یہ آمریت ہے۔ منتخب افراد نے ایک غیر منتخب فرد کو میئر بنایا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جمہوری عمل کی پاسداری کرتے ہوئے غیر منتخب افراد کو امیدواروں میں شامل نہ کیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آئین شکن ٹولے نے ملک بھر میں ظلم و ستم اور لاقانونیت کی انتہا کردی ہے۔ صبح شام 73 کے آئین کا راگ الاپنے والوں نے 73 کے آئین کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ فوجی عدالتوں کا اعلان آئین سے مذاق ہے، جو نام نہاد جمہوری حکومت کی سنگین غلطی ہے۔ تیرہ جماعتی حکومتی اتحاد میں بیٹھے جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں نے چادر و چار دیواری قانون اصول آئین سبھی کو پامال کرتے ہوئے اپنا مکروہ چہرہ عوام کو دکھا دیا ہے۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں کا الیکشن سے فرار پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جنہوں نے قوم کے غیور لوگوں کو حق گوئی کے جرم میں ننگا کیا، آج وہ خود ننگے ہو چکے ہیں۔
قوم کی عزت و ناموس اور خواتین پر حملہ کرنے والوں کے سیاہ کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم کو مظلوم بلوچستان کے درد کا درست احساس ہونا چاہئے۔ جہاں اپنی ہی قوم اور عوام کو فتح کرنے کے لئے پانچ آپریشن کئے گئے۔ گولی بارود اور جبر و استبداد کے ذریعے اپنی ہی قوم کو فتح کرنے والوں کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ زخموں پر نمک پاشی سے نہیں بلکہ زخموں پر مرہم رکھ کر امن و اخوت اور محبت کا پیغام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی غلام نہیں ہیں۔ غلامی نا منظور اور حقیقی آزادی کے نعروں کی عوام میں مقبولیت قوم کے روز افزوں شعور اور بیداری کی علامت ہے۔ جسے کچلنے کے لئے دن رات کوشش کی جا رہی ہے۔ مگر یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ ظلم کی سیاہ رات کا اختتام اب قریب ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) کوئی سوچے بھی نہیں کہ مجلس وحدت مسلمین ان حالات سے خوفزدہ ہو کر پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ جائے گی بلکہ پہلے سے بھی ذیادہ مضبوطی سے ساتھ دیگی۔ بعض شکست خوردہ عناصر جو سیاست کے میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتے وہ دیگر حربے استعمال کر رہے ہیں، ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں آنے والا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین جی بی کے رہنما اور معاون خصوصی وزیر اعلیٰ الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور مجلس کی قیادت ایسے لیڈر کر رہے ہیں جن کو نہ لالچ دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی خوفزدہ کر سکتا ہے اور علامہ ناصر عباس جعفری کا شروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے، اس کی خارجہ و داخلہ پالیسی آزاد ہونی چاہیے اور اقوام عالم سے برابری کی سطح پہ تعلقات استوار ہونے چاہیں۔ ملکی آئین پہ عملدرآمد ہونا چاہیئے جو کہ ملک میں افراتفری اور معاشی غیر یقینی صورت حال پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہا قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس کے حکم پر مجلس وحدت خالد خورشید کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بدترین سہولت کار الٹا مجلس پر سہولت کاری کا الزام لگا رہے ہیں۔ خالد خورشید کا دور دیگر دو حکومتوں سے کامیاب دور رہا ہے، جس پر کرپشن، اقربا پروری اور فرقہ واریت کا کوئی الزام نہیں اور سوائے سہولت کاروں اور سیاسی شکست خوردہ عناصر کے پورے گلگت بلتستان کے عوام وزیر اعلیٰ خالد خورشید سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا ایک سال سے حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو حکومتی اتحاد کے سامنے سواۓ شرمندگی کے کچھ نہیں ملا ہے اور انشااللہ خالد خورشید اپنا پانچ سالہ حکومتی مدت پوری کرینگے۔
وحدت نیوز(سکردو)صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان آغا علی رضوی کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ سکردو میں 18 جون شہداء کانفرنس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن جی بی کونسل شیخ احمد علی نوری، صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم، ضلعی صدر شیخ فدا ذیشان اور دیگر صوبائی و ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہداء کانفرنس کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔
وحدت نیوز(آرٹیکل) ایک دور تھا جب گلگت بلتستان پر بیروکریسی کی راج تھی- ہر طرف ظالم حکمرانوں کی من مانی , ریاستی استحصال, کرپشن , لوٹ کھسوٹ , اقربا پروری , رشوت , سفارش اور آفیسر شاہی کے ظلم و جبر کی کالی گھٹا چھائی ہوئی تھی- علماء کی دوڑ مسجد تک اور زعماء فقد قصر سلطانی کا طواف کرکے اپنی وفاداری جتاکر مراعات لینے کی کوششوں میں مصروف تھے- عوام بکھرے ہوئے تھے اور جوانوں پہ مایوسی کا عالم تھا-
ایسے میں ایک نوجوان عالم دین کی آواز چوک چوراہوں پہ گونجنے لگی- لہجہ بدلا ہوا اور انداز غیر رسمی تھا- لگی لپٹی انداز یا پھر مصلحت پرستی کا رائج منافقانہ طریقہ بھی اس کی گفتگو میں نظر نہیں آرہا تھا- گوشہ نشینوں کی بستی میں سہولت کاروں کا راج تھا- لہٰذا اس توانا آواز پہ لبیک کہنا ظاہراً بہت مشکل نظر آرہا تھا مگر اس مخلص ,نڈر , بے باک ہستی نے اپنی کردار کی طاقت سے سوئی ہوئی قوم کو بالآخر جگادیا- گلگت بلتستان کے عوام کو مایوسی کے دبیز پردوں سے نکال کر جینے کا ہنر سکھایا- آغا علی رضوی ایک مزاحمتی عہد کا بانی ہے- شخصیات کی سب سے بڑی خوبی یہی ہوتی ہے کہ وہ نا امیدی کے اندھیری رات کا سینہ چیر کر عوام کو امید کا چراغ دکھاتے ہیں-
آغا علی رضوی نے جلسہ ,جلوس , دھرنہ و ریلیوں کے زریعے عوام کو زبان عطا کیا- بیروکریسی کی راج سکڑ کے رہ گئی- قصر سلطانی میں بھونچال آگیا- سہولت کاروں کا کاروبار ٹھپ ہوگیا- مظلوموں کو زبان مل گئی- گلی کوچوں میں جرائم پیشہ افراد سہم کے رہ گئے کہیں اس مرد جری کی نگاہ میں نہ آجائے- قومی درد رکھنے والے جوانوں کے حوصلے بلند ہوگئے- اب عوامی فیصلے چند سہولت کاروں کو لیکر بند کمروں میں ہونے کے بجائے یادگار پہ ہونے لگے- سبسڈی اور انٹی ٹیکس مومنٹ جیسے تحریکوں میں حکومت کو گٹھنے ٹیکنے پر مجبور کردیا- حقوق کی بھیک مانگنے کے بجائے چھین کر لینے کا ہنر سکھادیا- ستر سالوں سے دبائی ہوئی آئینی حقوق کو آپ نے تحریک میں بدل دیا- اب زیادہ دیر تک گلگت بلتستان کی شناخت کو چھپانا ریاستی اداروں کی بس سے باہر ہوچکا ہے-
ساتھ ہی آپ نے ہر اجتماع میں غریب عوام کی پاکستان سے عشق اور محبت کو آبرومندانہ اور شجاعانہ انداز سے پیش کرکے پاکستان کو دولخت کرنے کے خوہاں عالمی طاقتوں کے عزائم کو خاک میں ملادیا ہے-
عوام کی بے باک ترجمانی , استعماری طاقتوں سے دشمنی, پاکستان سے محبت , ظالم حکمرانوں سے مخاصمت , سیاسی پنڈتوں کی مخالفت اورمذہبی بلعم باعوروں سے نظریاتی اختلاف وہ بڑے جرائم ہیں جن کی وجہ سے سازشی عناصر آپ کے خلاف پروپیگنڈے کا بازار گرم رکھتا ہےتاکہ غریبوں کی یہ توانا آواز کمزور ہوجائے- عوام سے گزارش ہے کہ ان پہ دھیان دینے کے بجائے عوامی حقوق کی جدوجہد میں مجاہد ملت کے ساتھ دیں-
شکریہ-
وحدت نیوز(لاہور)1-گوجرانوالا مجلس علماء مکتب اہلبیت کے صوبہ پنجاب کے صدر علامہ امجد جعفری کے بھائی مرحوم علی اکبر کی رسم قل خوانی میں شرکت2-جامعہ المصطفی لاہور کے علماء کرام سے ملاقات اور غدیر ؤ عاشورا کانفرنس کی دعوت دی گئی3-مجلس علماء مکتب اہلبیت پنجاب کابینہ اور ضلع لاہور کے علماء کرام کے ساتھ سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین،شادمان لاہور میں نشست مرکزی وفد میں علامہ سید ٹمر عل نقوی مرکزی سیکرٹری تبلیغات علامہ اصغر عسکری مرکزی جنرل سیکریٹری اور علامہ عیسیٰ امینی مرکزی رابطہ سیکریٹری شامل تھے۔
صوبائی آفس مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب شادمان لاہور میں علمائے ساتھ نشست میں میں علامہ امجد علی جعفری کے بڑے بھائی مرحوم اکبر علی اور کشمیر کی علمی شخصیت اور سابق صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ کشمیر مرحوم تصور حسین الجوادی کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین سنٹرل ایگزیکٹو کونسل عزاداری ونگ پاکستان کا پہلا باضابطہ اجلاس مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری عزاداری ونگ ملک اقرار حسین علوی، انچارج مرکزی سیکرٹریٹ برادر ارشاد بنگش، مرکزی کوآرڈینیٹر برائے اجرائی امور ایڈوکیٹ آصف رضا، صوبائی صدر عزاداری ونگ صوبہ سندھ سید زین رضوی ،صوبائی صدر جنوبی پنجاب انجنئیر سخاوت علی مہر ،صوبائی صدر بلوچستان محمد رضا ہزارہ اور صوبائی صدر کے پی کے برادر نئیر جعفری نے شرکت کی۔
عزاداری ونگ کے غراض ومقاصد اور تنظیمی سٹریکچر پہ تفصیلی ڈسکشن ہوئی اور آئندہ تین ماہ کا تفصیلی پروگرام دیا گیا ماہ ذی الحجہ میں تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز اور مرکز میں عزاداری کانفرنسز کا شیڈول طے کیا گیا۔ماہ محرم کے حوالہ سے تفصیلی پروگرام ڈسکس ہوئے اور اہم فیصلہ جات کئے گئے۔
بعد ازاں مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے وفد نے قائد وحدت چئیرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پہ تفصیلی ملاقات کی۔ قاِئد وحدت نے وفد کو بھر پور وقت دیا اور عزاداری سید الشہدا کے فروغ اور مشن سید الشہدا ء کے حوالہ سے تفصیلی گفتگو کی ۔
انہوں نے عزاداری ونگ کے اھداف پہ بھرپور روشنی ڈالی اور اس امید کا اظہار کی کہ عزاداری ونگ مجلس وحدت مسلمین کے ارمانی امور کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔قائد وحدت نے عزاداری سید الشہدا کے حوالے سے عزاداری ونگ کی ہر ممکن سرپرستی اور معاونت کا یقین دلایا۔