The Latest

وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کے اپیل پر راولپنڈی، لاہور، پشاور، کوئٹہ ، ملتان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے ساٹھ سے زائد شہروں میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کیخلاف اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کیا۔ لاہور پریس کلب پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر عرب حکمرانوں کی خاموشی اور مغربی ممالک کی حمایت در اصل صہیونی ایجنڈے کا حصہ ہے آج غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش رہنے اسلامی ممالک دراصل امریکہ کے اشاروں پر خاموش ہیں ۔سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطنیوں اور غزہ کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء،سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس یوم القدس کے جلوس میں شرکت کرکے اسلام دشمنوں کے نا پاک عزائم کو بے نقاب کریں۔



راولپنڈی میں لیاقت باغ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔ اس موقع پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری، راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی اور دیگر رہنما ء بھی موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسد ی نے کہا کہ غزہ کے ایشو پر عالم اسلام اور بالخصوص عرب ممالک کی خاموشی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ ابتک صیہونی فوج کی کارروائیوں میں پانچ سو سے زائد مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ امام خمینی کے حکم پر جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائیگا اور ملک گیر عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں گی۔ علامہ عبدالخاق اسدی نے دو روز قبل ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی سمیت دو محافظ اور ایک ڈرائیور کے آغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے چاروں کارکنان کو راولپنڈی پولیس نے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی مخالفت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اگر کارکنوں کو رہا نہ کیا گیا پنجاب حکومت کے خلاف راست اقدام اٹھائیں گے۔ مظاہرے کے اختتام پرامریکہ اور اسرائیل کاپرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) سانحہ ماڈل ٹاون لاہور کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے سیکریٹری جنرل مولانا امداد علی نسیمی نے کہا کہ ، پنجاب کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پر امن لوگوں کو ہراساں کرنے سے گریز کریں۔پنجاب کی حکومت ابنِ زیاد کی روش پر عمل پیرا ہے سانحہ ماڈل ٹاوُن میں پولیس اہلکاروں کے متضاد بیانات نے حکومتی جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نزدیک ظالم کے خلاف قیام اور مظلوم کی حمایت وصیت امیرالمومنین حضرت علی ع ہے اور ہم تحریک منہاج القرآن کے ساتھ اس وصیت کی روشنی میں ہی اظہار ہمدردی کر رہے ہیں ۔شہباز شریف مظلوموں اور نہتے شہریوں پر گولیاں برسہ کر اپنی ریاستی دہشتگردی کا ثبوت دے رہے ہیں اور کالعدم تنظیموں کا گڑہ پنجاب ہے اور ان کی سرپرستی پنجاب حکومت کر کہ تحفظ دے رہی ہے جب مظلوم اور بیگناہ شہریوں پہ ظلم و جبر کر رہی ہے ، یہ کیسا وزیراعلیٰ ہے جو اپنے ہی شہر میں اپنی ہی عوام پر گولیاں اور ڈنڈے برسہ رہا ہے۔مولانا امداد علی نسیمی نے مزید کہا کہ ظالم حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب دنیا و آخرت میں دینا ہوگا اور  پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاوُن کی ذمہ دار ہے، وزیراعلٰی اپنے وزرا سمیت مستعفی ہو کر گرفتاری دیں، شہباز شریف نے نہتے لوگوں اور خواتین کا قتل عام کرکے ظلم و بربریت کی بدترین مثال قائم کی۔مولانا امداد علی نسیمی نے عوامی تحریک کے ذمہ داران کو یقین دلایا کہ ہم آپ پر ہونے والے اس ظلم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے کیخلاف آپ کی ہر جائز قانونی و آئینی جدوجہد میں آپ کیساتھ ہیں۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے شب شہادت امام علی (ع) کی مناسبت سے منعقدہ محفل عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولائے کائنات کی زندگی تمام حق پرستوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام علی (ع)  شجاعت، عدالت ریاضت، زہد اور جامع صفات کے عرش کا نام ہے۔ آپکی پوری زندگی عدلت و انصاف اور الہٰی اقدار کے احیاء کے لیے صرف ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ امام علی (ع) نے پوری انسانیت کو فرقہ و مسلک سے بالاتر ہو ایک عظیم سماجی اصول عطا کیا ہے، جس پر عمل کرنے سے معاشرہ میں موجود تمام بگاڑ اور فساد کی بیخ کنی ہوتی ہے، وہ یہ کہ آپ نے اپنی وصیت میں فرمایا کہ ہر ظالم کی مخالفت کرو اور ہر مظلوم کی حمایت کرو۔ یعنی آپ نے دنیا کو دو طبقات میں تقسیم کر دیا ہے، ایک ظالم اور دوسرا مظلوم۔ اگر دنیا بھر میں موجود انسان اس روش پر عمل کریں تو کسی فرعون کی ہمت نہیں ہوگی کہ وہ خدائی دعویٰ کرے، کوئی شداد ظلم کرے اور کوئی یزید زیادتی کرے۔

 

شیخ زاہد حسین زاہدی نے کہا کہ علی (ع) کا نام لینے اور انکے نام پر محفلیں برپا کرنے سے علی والے نہیں کہلاتے، علی (ع) کی محبت کا دم بھرنے والوں کو ہر ظالم کی مخالفت میں اٹھ کھڑے ہونا چاہیے، چاہے وہ ظالم سیاسی ہوں، سماجی ہوں یا معاشی۔ نظام ظلم اور ظلم پر خاموشی امام علی (ع) کے چاہنے والوں کا شیوہ نہیں اور کسی صورت ظلم کے پرستاروں سے علی (ع) والوں کا سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ میثم کی طرح فراز دھار بھی حق و صداقت کا برملا اظہار کرنے والا ہے، علی (ع) والا کہلایا جاتا ہے۔ علی (ع) کے چاہنے والے حق کی خاطر جان تو دے دیتے ہیں لیکن حق سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔



وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت کے زیراہتمام مظلومین غزہ کی حمایت میں ایک عظیم الشان ریلی امامیہ جامع مسجد گلگت سے نکالی گئی، جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بےنظیر چوک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء سے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن شیخ محمد بلال سمائری، شیخ شہادت حسین، شیخ عاشق حسین اور سید یعسوب الدین  نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطینی مسلمانوں  پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والی وحشیانہ بربریت پر عرب دنیا کی خاموشی مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ عرب ممالک شام اور عراق میں  دہشت گردوں  کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں اور مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانیوالے مظالم کے خلاف خاموشی دراصل عرب ممالک کا اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔ ان ممالک کو مسلمانوں  سے زیادہ یہودیوں کے مفادات زیادہ عزیز ہیں۔

 

مقررین نے کہا کہ اسرائیل آج مسلمانوں کی خاموشی اور بزدلی کی وجہ سے سینہ چوڑا کرکے تند و تیز حملوں کے ذریعے غزہ میں معصوم بچوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ اسے یہ موقع خود مسلمانوں نے فراہم کیا ہے۔ اگر آج امت مسلمہ ایک جھنڈے تلے جمع ہو جائے تو ان کی ایک للکار سے اسرائیل نیست و نابود ہو جائیگا۔ مقررین کہنا تھا کہ اسرائیل امریکہ کی ناجائز اولاد ہے اور امریکہ ہر محاذ پر اسرائیلی حملوں کا دفاع کرتا رہا ہے اور ہمارے مسلم حکمران اسی امریکہ کے آگے سر جھکاتے ہیں۔ کتنی ستم ظریفی کی بات ہے کہ یہی امریکہ جو اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے اور اس کے ہر اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس کے خلاف مسلم حکمران نے اپنی زبان پر تالے لگائے بیٹھے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت کے رہنماوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مظلوم فلسطینی عوام کو اسرائیل کی بربریت سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ امریکہ و اسرائیل سمیت دیگر مغربی طاقتیں شام میں بدترین شکست سے دوچار ہونے کے بعد اب عراق میں اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کے درپے ہیں۔ شام میں بشار الاسد کی منتخب عوامی حکومت کو گرانے کیلئے امریکہ و اسرائیل داعش جیسے تکفیری دہشتگرد گروہوں کو ہر قسم کی امداد فراہم کرتے رہے لیکن شام کے شیعہ سنی عوام نے ملکر اپنی ملکی سالمیت کیلئے ان نام نہاد دہشتگرد گروہوں کو شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتیں اب اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے دوبارہ اسی شکست خوردہ تکفیری دہشتگرد تنظیم داعش کو عراق میں استعمال کر رہی ہیں لیکن اس بار بھی شیعہ سنی سمیت تمام عراقی متحد ہو کر اپنے ملک کو درپیش اس عارضی بحران سے نکال دینگے۔ علامہ سید ہاشم موسوی کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل مشرق وسطٰی میں جاری شورش کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں پر ایک بار پھر اپنی ریاستی دہشتگردی کو مسلط کرنے اور نام نہاد گریٹر اسرائیل کے خواب کو پورا کرنا چاہتا ہے لیکن انسانیت کا قتل عام کرنے والی دہشتگرد صہیونی طاقت کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل و داعش سمیت تمام دہشتگرد تکفیریوں کا مقابلہ صرف اور صرف اسلامی بیداری اور اتحاد بین المسلمین کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے جبکہ داعش جیسے گروہوں کی حمایت کرنے والے نہ تو اسلام اور نہ ہی انسانیت کے خیر خواہ ہو سکتے ہیں۔

 

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے کہا ہے کہ 10 اگست کو سرزمین کوہاٹ پر ملت تشیع کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوگا، جس میں علاقہ بنگش کے ہزاروں عوام شرکت کریں گے۔ جاری کردہ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شہید قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) کی برسی اور شہدائے تفتان کے چہلم کی مناسبت سے اگلے ماہ منعقد ہونے والا یہ اجتماع ملت کو وحدت کی طرف لائے گا، اور دہشتگردی کے عذاب سے دوچار عوام کو نیا حوصلہ اور ولولہ فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’یوم عزم وفائے حسین (ع)‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے، اور علاقہ بنگش کے عوام کو لائحہ عمل دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماع کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، اور انشاء اللہ عید الفطر کے فوری بعد تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس کے ذاتی محافظ اور ڈرائیورز کے اغوا کو پنجاب حکومت کا بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی انتقامی کارروائیاں نا قابل برداشت حد تک بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کے محافظوں کو اغوا کرنے کا مقصد اُن کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے، علامہ راجہ ناصر کو کسی بھی قسم کے نقصان کا ذمہ دار شہباز شریف اور چودھری نثار ہونگے۔ علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ ہم انتقامی کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہونگے اور ملکی استحکام اور بقا کے لئے اپنا آئینی و قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم بزدل حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان میں غزہ میں بےگناہ فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور اس عظیم ظلم پر نام نہاد اسلامی ممالک بالخصوص عرب ممالک کی مجرمانہ خاموشی انتہائی شرمناک ہے۔ اس مقدس مہینے میں غزہ کے بچے، جوان، بوڑھے اور خواتین بھی خاک و خون میں غلطاں ہیں۔ فلسطینی مظلومین پر ہونے والی وحشیانہ بربریت پر عرب دنیا کی خاموشی مسلم امہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ شام، عراق میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت اور امداد جبکہ عالم کفر اور یہود و نصاریٰ کے صیہونی ظالم حکمرانوں کے انسانیت سوز ظلم و بربریت پر خاموشی دراصل اس بات کی تصدیق ہے کہ ان عرب بادشاہوں کو مسلمانوں سے زیادہ اسرائیل اور امریکہ کے مفادات عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی غیر انسانی جنایت کاریوں کے سبب بہت جلد صفحہ ہستی سے نیست و نابود ہو جائے گا۔ دنیا بھر کی تمام حقیقی اسلامی تحریکیں حماس کے ساتھ ہیں اور خداوند متعال سے دعا ہے کہ خدا حماس کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مظلومین اور مستضعفین پر حملہ اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ ہمیں یقین ہے کہ شہدائے غزہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پنجاب حکومت نے مجلس وحدت مسلمین کے خلاف غیراعلانیہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ گذشتہ روز ایم ڈبلیوایم کےمرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کے محافظ رضوان، عاصم اور ڈرائیور نثارجو راولپنڈی سے یوم علی (ع) کے جلوس کے بعد واپس اسلام آباد آرہے تھے کہ راستے میں انہیں اغوا ء کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق ڈرائیورز کی آخری فون کال ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی کو ہوئی۔ علامہ ناصر عباس جعفری سحری کے وقت واپس اسلام آباد آگئے تھے، تاہم گارڈ اور محافظ بعد میں واپس آرہے تھے کہ انہیں اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس سے غائب کر دیا گیا اور آج دن ایک بجے سےایم ڈبلیوایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیرعباس  نقوی کو بھی اغواء کرلیاگیا ہے۔  ذرائع کے مطابق، چاروں افراد کو راولپنڈی پولیس نے کارروائی کرکے گرفتار کیا ہے اور اس وقت ان افراد کو تھانہ صادق آباد کے نجی ٹارچر سل میں رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین نے اسلام آباد کے تھانہ کہسار میں آغوا کی رپورٹ درج کرا دی ہے۔ یاد رہے کہ نواز حکومت نے تحفظ پاکستان ایکٹ کے نام پر ایک قانون بھی پارلیمنٹ سے پاس کرا لیا ہے جس میں دہشتگردی کے نام پر کسی بھی شخص کو تین ماہ کیلئے گرفتار کیا جاسکتا ہے اور اس گرفتاری کو کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ اس قانون کو آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے اسلام آباد ہائیکورٹ اور جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے نواز حکومت نے اپنی سیاسی مخالفین کیخلاف اس قانون کو استعمال میں لانا شروع کردیا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے غزہ میں اسرائیلی درندوں کی جانب سے نہتے مسلمانوں کے قتل عام اور تیرہ روز میں اب تک ۴۵۰کے قریب بے گناہ معصوم بچوں ، خواتین اور جوانوں کے قتل عام کیخلاف کل بروز پیر ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کیخلاف عرب ممالک کی خاموشی امت مسلمہ کیلئے المیہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اسرائیل کیخلاف متحد ہو کر دو ٹوک موقف کا اعلان کرے، حکومت پاکستان مظلومین غزہ کے حق میں عالمی سطح پر موثر آواز اُٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ مظلومین غزہ کو درپیش صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، اسرائیل کیخلاف عملی اقدامات اُٹھائے بغیر دنیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، امریکہ و برطانیہ اسرائیلی مظالم میں برابر کے شریک ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree