The Latest
وحدت نیوز (لاہور) طالبان کے خلاف آپریشن اس وقت تک مثبت نتائج نہیں دے سکے گا جب تک شہروں اور دیہاتوں میں چھپے وائٹ کالر طالبان کے خلاف آپریشن نہیں کیا جاتا۔امید ہے کہ پاک فوج ان وائٹ کالر طالبان کے خلاف بھی آپریشن کرے گی جنہوں نے عسکری طالبان کی معیشت کو مضبوط کیا ہوا ہے،پھانسی لگنے والے دہشتگردوں کی نماز جنازہ میں جو ہجوم جوش و خروش سے شریک ہوتا ہے ان سب پر نظر رکھی جائے یہ سارے پوٹینشل دہشت گرد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے پنجاب کے ضلعی سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کی جانب سے پیغمبر اعظم ۖ کی اہانت میں صیہونی ریاست اسرائیل اور امریکہ کا ہاتھ ہے مسلمان ممالک کو دو ٹوک الفاظ میں اس مغربی گستاخی پر جواب دینا ہوگا مغرب صیہونیت کے ایما پر مسلمانوں کیخلاف محاذ کھولنے میں مصروف ہیں انسانیت کے قاتل درندے داعش اور طالبان کے قبیح کارناموں کو مسلمان معاشرے سے جوڑ نا دراصل دیگر اقوام کو اسلام سے دور کرنے کی سازش ہے صیہونیت اور مغرب اسلامی بیداری سے خوفزدہ ہے انہوں نے کہاکہ امت کے لئے افسوس کا مقام یہ ہے کہ ہمارے مسلم حکمران خصوصا عرب حکمران انہی اسلام دشمن طاقتوں کے تابع ہیں اگر آج عرب اور دیگر مسلم ممالک کے حکمران مغربی ممالک سے اپنا سرمایہ نکال لیں تو یہ دشمن دنوں میں زمین بوس ہو جائینگے لیکن بدقسمتی سے ہمارے مسلمان حکمران ان کے غلام بنے ہوئے ہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) پاسبان کراچی سے زیر اہتمام جشن ولادت با سعادت پیغمبر ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی مناسبت پیغام مصطفیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن اور علامہ علی انور نے خصوصی شرکت کی، جب کہ جمیعت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی سمیت دیگر مکاتب فکر کے علمائے کرام بھی شریک تھے، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، علامہ مبشرحسن نے سیرت رسول اکرم ﷺ پر روشنی ڈالی ، انہوں نے فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو کی جانب سے شان رسول اکرم ﷺ میں دل آزار گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی اسلامی برادری سے فرانسیسی حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ آج ہم سب کا دل افسوس میں ڈوبا ہوا ہے۔ گستاخ رسول سلمان رشدی سے لیکر آج تک مغرب ممالک کی جانب سے کوئی نہ کوئی سلمان رشدی کی روش پر چل پڑتا ہے۔ ہم سب کو متحد ہو کر دشمنان اسلام کو جواب دینا پڑیگا اگر آج ہم متحد نہ ہوئے تو اس طرح کی سازشیں ہوتی رہے گی۔ ہمیں اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو نبیﷺ کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے۔
علامہ علی انور جعفری رہنما مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب پورا ملک سراپا احتجاج ہے پیغام مصطفیﷺ کانفرنس جیسے پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے اس طرح کے پروگرام نبیﷺ کی تعلیمات کو اجگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انجینئر رانا سعیدنے کہا کہ جب ہمارے حکمران مغرب کے آگے اپنی عیاشیوں کے لئے بھیک مانگیں گے، اپنی غیرت و حمیت کو مغرب کے آگے گروی رکھ دینگے تو مغرب ہم پر ایسے حملے بار بار کرتا رہے گا۔ ہم قرآن اور نبیﷺ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔ ہمیں سب سے پہلے نبیﷺ کی تعلیمات پر عمل کرکے متحد ہونا ہوگا۔
وحدت نیوز (راولپنڈی) فرانسیسی جریدے میں شائع ہونے والے توہین رسالت پر مبنی خاکوں کی اشاعت اور ملک بھر بالخصوص راولپنڈی میں جاری دہشت گردی کی تازہ لہر کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ ریلی میں سیکنڑوں مظاہرین نے شرکت کی۔مظاہرین نے کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے جس پر توہین رسالت کے مرتکب افراد اور دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے ضلعی سرپرست حجت الاسلام و المسلمین مولانا علی اکبر کاظمی نے کہا کہ توہین رسالت کی جسارت کرنے والی استعماری طاقتیں نبی کریم ﷺ کے ناموس پر ضرب لگا کر ہمارے ایمان کا اندازہ کرنا چاہتی ہیں ہم نبی کریم ﷺ کی ذات مقدسہ پر اپنی جان اپنا مال اور گھر بار سب کچھ قربان کر سکتے ہیں کیونکہ ہم یہ سب کچھ حضوراکرم ﷺ کے صدقے میں عطا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ فرانسیسی مصنوعات کا فورا بائیکاٹ کیا جائے اور اس سے سفارتی تعلقات منقطع کر کے سفیروں کو ملک بدر کیا جائے۔مسلمان ہونے کے ناطے نبی اکرم ﷺ سے محبت کا یہی تقاضہ ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی معاون سرپرست علامہ سید ساجد شیرازی نے ملک میں جاری دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں دہشت گردی کی پہ در پہ واقعات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ حکومت عام الناس کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کا دائرہ ملک کے ہر شہر تک پھیلایا جائے۔ دہشت گردوں نے ملک کے ہر شہر میں چھوٹے چھوٹے وزیرستان بنائے ہوئے ہیں۔ جب تک ان کے مراکز کو ختم نہیں کیا جائے گا دہشت گردی کی اس لعنت سے چھٹکارا حاصل نہیں ہو سکے گا۔ علامہ سید ساجد شیرازی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چٹیاں ہٹیاں اور صادق آباد میں ہونے والی دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے ذمہ داران کو فوری گرفتار کیا جائے اور کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہ کہ ایسے مدارس اور ان سہولت کاروں کے خلاف بھی فوری کاروائی حالات کے عین متقاضی ہے جو معصوم اذہان کے فکروں کو منتشر کرنے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت میں کر دار ادا کر رہے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کی ریلی میں تحریک منہاج القرآن یوتھ ونگ راولپنڈی کے عہدیدراوں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی اور شرکا سے خطاب کیا۔ اخوت و وحدت کے اس عملی مظاہرے کو شیعہ سنی اتحاد میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہونے اس کے استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیراہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں "سیرت مصطفٰی" کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں حضور اکرم حضرت محمد مصطفٰی ؐ کی شان اقدس میں مقالے بھی پیش کئے گئے جبکہ پاکستان اور ایران کے علمائے کرام، اسکالرز اور سیاسی رہنماؤں نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار سےمجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، ، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و البصیرہ کے سربراہ سید ثاقب اکبر، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما میاں محمد اسلم، مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، پیر محمد محفوظ مشہدی، المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر عباسی، پیر سعادت علی شاہ چورہ شریف، سید وقار نقوی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے خطابات کئے جبکہ پروفیسر زاہد علی زاہدی، پروفیسر نرگس افتخار اور انجینئر محمد ریحان نے مقالے پیش کئے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کی وجہ سے مقتل بن چکا ہے، آج اسلام کے نام پر ہرطرف دہشتگردی پھیلائی جا رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ دہشتگردی کے تانے بانے مدارس سے جا ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مدارس کو اوپن کرتے ہیں اور حکومت کو کہتے ہیں کہ وہ آئے اور آڈٹ کرے۔ ہمارا ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے اور دہشتگردی میں ملوث مدارس اور ان کے حمایتوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ تکفیریت کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاک فوج کے آپریشن غرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشتگردوں اور کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی سے گریز کرے۔
ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کیخلاف ایک ہوچکی ہے، کالعدم تنظیمیں نام بدل کر اپنا کام کر رہی ہیں جبکہ حکومت نے تاحال ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ راولپنڈی سمیت ملک بھر میں ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے جبکہ حکومت تماشائی بنی ہوئی ہے۔ تاحال قاتلوں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکے اسلام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مغرب دلیل کی جنگ ہار گیا ہے، کیونکہ جب انسان کے پاس دلیل نہ رہے تو وہ گستاخیوں پر اتر آتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیئے کہ فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کرے اور سفیر کو ملک بدر کرے، تاکہ غیر مسلموں کو پتہ چلے کہ مسلمان ملکوں میں اپنے نبی پاک ﷺ سے کتنا عشق ہے۔
ملک کو درپیش توانائی کے سنگین بحران پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو مسائل اور مشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا،ان نا اہل حکمرانوں نے ملک اور قوم کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے، بجلی اور گیس کا بحران کیا کم تھا کے اب ایک اور نیاء پیٹرول کا بحران عوام کیلئے تحفہ کیا گیا ہے، نواز شریف صاحب نے اقرباء پروری کی خاطر نا اہل رشتہ داروں کو اعلیٰ وزارتیں اور قلمدان سونپ دیئے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پیڑول کا بحران سمجھ سے بالا تر ہے،بحران کے ذمہ دار وفاقی وزراءاپنے اپنے دامن بچا رہے ہیں ،بجلی ، پانی،گیس اور پیٹرول جیسی اشیاء کی قلت قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ن لیگ کی حکومت نے نا اہلی ، کرپشن، بیڈ گورننس کے تمام رکارڈ توڑ ڈالے، نواز شریف نے نااہلوں کی فوج کو کابینہ میں شامل کیا تمام بنیادی اشیاء ضروریہ کا بحران قومی مفاد پر ذاتی اور پارٹی مفادات کو ترجیح دینے کا باعث ہے، پیٹرول بحران کے حقیقی ذمہ دارخواجہ آصف ،اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی ہیں ، ان دونوں وزراء نے ماضی میں بھی پاکستان کے اہم قومی اثاثوں کوتباہی کے دھانے پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا، پی آئی اے اور اسٹیل مل اس کی واضح مثالیں ہیں ۔
وحدت نیوز (نوابشاہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع نواب شاہ کی جانب سے رسول خدا ؐ کے شان کے خلاف گستاخی کرنے پر بھرپور احتجاج کیا گیا، مرکزی امام بارگاہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، پریس کلب کے سامنے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخ رسول ؐ کو پھانسی دی جائے اور فرانس سے مکمل بائکاٹ کیا جائے فرانس سے اپنے سفیروں کو واپس بلوایا جائے اور پاکستان میں فرانسی سفارت خانہ بند کیا جائے اس کے ساتھ ایم ڈبلیوایم تحصیل سکرنڈ میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سید غلام نبی شاہ، اختر علی چانڈیو اور تحصیل سکریٹری جنرل برادر جاوید علی کھوکھر کر رہے تھے ۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس شاہ نے فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قبیح فعل صحافتی دہشتگردی اور مغرب کی امت مسلمہ کیخلاف منظم سازش ہے، وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت فعل ہے، آزادی صحافت کے نام پر اس قسم کی گستاخانہ حرکت صحافتی دہشتگردی سے کم نہیں، اس اقدام سے ثابت ہوگیا ہے کہ اسلام کے نام پر مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے تکفیری دہشتگرد اور استعماری طاقتوں کے مابین کوئی فرق نہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس جسارت کیخلاف بعض مسلم ممالک بلخصوص عرب بادشاہوں اور او آئی سی کا کردار اس حوالے سے انتہائی مایوس کن رہا ہے، مسلمان ہرگز اپنے پیارے نبی کریم (ص) کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواز حکومت فوری طور پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرے۔
وحدت نیوز (کراچی) بیوروکریسی کی جانب سے کورنگی اور لانڈھی کو کراچی ڈویژن کا چھٹا ضلع قرار دیئے جانے کے بعدمجلس وحدت مسلمین کے دستوری سیکریٹری جنرل کے انتخاب کیلئے تنظیمی اجلاس عزاخانہ صغریٰ کورنگی میں منعقد ہوا، جس میں تمام یونٹس کے ذمہ داران نے شرکت کی اور کثرت رائے سے تحسین زیدی کو ایم ڈبلیوایم ضلع کورنگی لانڈھی کا پہلا دستوری سیکریٹری جنرل منتخب کر لیاہے، ڈویژنل سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی نے نومنتخب ضلعی سیکریٹری جنرل تحسین زیدی سے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر ڈویژنل ڈپٹی سیکریٹری جنرل مبشر حسن، ڈویژنل سیکریٹری تنظیم سازی سجاد اکبر اور ڈویژنل ڈپٹی سیکریٹری سیاسیات اصغر عباس زیدی بھی اجلاس میں خصوصی طورپر شریک ہوئے، اجلاس کے اختتام پر نومنتخب ضلعی سیکریٹری جنرل تحسین زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدا نے مجھے جس عظیم ذمہ داری کے لئے چنا ہے میں اپنی ذمہ داریوں سے با حسن و خوبی عہدہ براں ہونے کی کوشش کروں گا، انشاء اللہ ضلع لانڈھی کورنگی کے ہر فرد تک وحدت کا پیغام پہنچانے کی کوشش کریں گے، فعال اور مستعد اراکین کابینہ کے انتخاب کے بعد تنظیم سازی اور تربیت کی جانب بھر پور توجہ دیں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) جامعۃ المصطفٰی العالمیہ کے زیر انتظام فاضلان حوزہ علمیہ قم کا اہم اجلاس جامعۃ الکوثر، اسلام آباد میں طلب کیا گیا، جس میں فارغ التحصیلان کی کثیر تعداد شریک ہوئی، اس اہم اجلاس میں انٹرنیشنل یونیورسٹی جامعۃ المصطفٰی العالمیہ قم کے زیرانتظام فارغ التحصیلان کی تنظیم سازی کی گئی۔ اجلاس میں جامعۃ المصطفٰی شعبہ پاکستان کے انچارج آقائے ہاشمیان کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء کرام نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض انیس الحسنین نے انجام دیئے۔ حجت الاسلام آقائے حکیم انچارج ارتباط جامعۃ المصطفٰی العالمیہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ آقائے ہاشمیان کے افتتاحی کلمات کے بعد حجت الاسلام علامہ شیخ محسن نجفی نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی دنیا کی طرح پاکستان میں بھی دنیا کے حقائق کو سمجھنے کے لئے علم دیا جائے۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری اورشیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے بھی خصوصی شرکت کی۔
مسئول جامعۃ المصطفٰی العالمیہ پاکستان شاخ نے کہا کہ آج اس اجتماع کی برکت سے بہت سے علماء کرام کی ایک دوسرے سے ملاقات ہوئی ہے کہ جو کئی سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ مرتبط نہیں تھے، بحمدللہ میرے لئے اور جامعۃ المصطفٰی کے لئے یہ باعث فخر ہے کہ ہم نے ایک ایسا موقع فراہم کیا ہے کہ اس علاقے کے علماء کرام ایک جگہ پر ایک فورم پر اکٹھے ہوں، ہم ان سب کے شکر گزار ہیں، بطور خاص اس اجتماع میں جتنی بھی چیدہ چیدہ شخصیات تھیں، علامہ سید ساجد علی نقوی، علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ شیخ محسن علی نجفی، جناب سید جواد ہادی، علامہ رمضان توقیر، علامہ خورشید انور جوادی اور بہت سے بڑے بڑے نام جو اس علاقے سے تھے، سب نے ہماری دعوت پر لبیک کہا اور تشریف لائے۔ انشاءاللہ تعالٰی ہم امید کرتے ہیں کہ یہ اجلاس فارغ التحصیلان میں مزید جوش و جذبہ اور ولولہ بڑھانے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔
علامہ انیس الحسنین خان نے کہا کہ جامعۃ المصطفٰی کی طرف سے جو مدد فارغ التحصیلان کی کرسکتے ہیں، ہم کریں گے اور اسی طرح ہمارے پاس جو بہت بڑی استعداد اور ظرفیت پائی جاتی ہے، ہماری کوشش یہ ہے کہ ہم اس اجتماع کی برکت سے علماء کرام کی تفصیلی شناخت کرائیں، کس کس شعبہ میں ہمارے علماء کرام کام کر رہے ہیں، کن کن شعبوں میں ان کی توان ہے، اور کن کن شعبوں میں ہم ان کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تاکہ ہم وطن عزیز پاکستان میں تشیع کے واقعی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں کامیاب ہوسکیں۔ فارغ التحصیلان اور جامعۃ المصطفٰی پاکستان میں بہت بڑا لشکر ہیں، اگر ان سب کا آپس میں باہمی رابطہ ہے تو دین مبین اسلام اور مکتب تشیع کی ترویج و ترقی اور اس کی تعلیمات کو آگے بڑھانے میں ممد و معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ اس پروگرام کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ ایک انجمن فارغ التحصیلان تشکیل دی جائے، جس میں سات افراد رکن ہوں گے، پھر وہ آپس میں مل بیٹھ کر صدر، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری کا انتخاب کریں گے، جس کے لئے ووٹنگ ہوچکی ہے اور دوسری نشست میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(میرپورخاص) مجلس وحدت مسلمین ضلع میرپورخاص کا شوریٰ اجلاس ڈگری میں منعقد ہوا،اجلاس میں صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی علامہ نشان حیدر ساجدی اورصوبائی سیکریٹری فلاح و بہبود امتیاز حسین شاہ نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں تمام ضلع بھر کے یونٹس کے ذمہ داران نے شرکت کی اور اراکین شوریٰ نے کثرت رائے سے سید بشیر شاہ نقوی کو ضلعی سیکریٹری جنرل منتخب کر لیا، علامہ نشان حیدر ساجدی نے نومنتخب سیکریٹری جنرل بشیر شاہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا، اجلاس میں یونٹ سندھڑی، یونٹ میرواہ یونٹ بانڈی شاخ، یونٹ کوٹ غلام محمد ، تحصیل ، یونٹ نوکوٹ ، تحصیل جھڈو، روشن آباد یونٹ ، ٹنڈو جان محمد ، گیل پور ، آم موری تعلقہ ڈگری یونٹ ڈاکٹر جاوید علی جروار، یونٹ علی احمد جروار، یونٹ کالے خان جروار، یونٹ دیہہ 202، یونٹ لنڈ بلوچ، یونٹ سکندر جروار کے تنظیمی ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی۔
وحدت نیوز (راولپنڈی) راولپنڈی میں گذشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے ایک ہی خاندان کے تین اہل تشیع افراد کی نماز جنازہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری کی زیر اقتداء ادا کی گئی، اس موقع پر ہزاروں سوگواروں نے نمازجنازہ میں شرکت کی اوقاتلوں کے خلاف شدید ر نعرے بازی کی۔نماز جنازہ کے شرکاء سے خطا ب میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمیں شہادتیں سے ڈرایا یا دھمکایا نہیں جاسکتا، پنجاب حکومت کالعدم جماعتوں کو سپورٹ کررہی ہے، جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ دہشتگردوں کے روٹس شہروں میں موجود ہیں جن کیخلاف تاحال کارروائی نہیں کی جارہی، انہوں نے کہا کہ اکیسویں آئینی ترمیم کے بعد حکومتی رٹ مضبوط ہونی چاہیئے تھی اور دہشتگردوں اور ان کے حامیوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی جاتی لیکن افسوس کا مقام ہے کہ کالعدم تنظیموں کے سربراہ اسلام آباد میں بیٹھ کر پریس کانفرنسز کررہے ہیں جبکہ انتظامیہ ان کی سیکیورٹی پر لگی ہوئی ہے جبکہ عوام کو قاتلوں کے آگے تنہا چھوڑ دیا گیاہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے کالعدم جماعتوں اور دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کارروائی کا آغا ز نہ کیا تو ہم حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے جو حکومت کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آخری موقع دیتے ہیں کہ وہ اپنی پوزیشن واضح کرے اور کالعدم جماعتوں اور دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کارروائی کرے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت کالعدم جماعتوں کی سرپرست ہے۔ رانا ثناء اللہ جیسے کردار راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے حالات کے ذمہ دار ہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ امام بارگاہ چٹیاں ہٹیاں کا واقعہ پیش آیا لیکن کسی حکومتی وزیر یا ایم این اے نے سوگواروں سے اظہار تعزیت تک نہ کی۔ آج جناز ے میں مسلم لیگ ن کے نمائندوں کا نہ ہونا ثابت کرتا ہے کہ حکومت دہشتگردوں کی حامی ہے، ورنہ وہ مظلوموں کے ساتھ ہوتی۔