The Latest
وحدت نیوز (لاہور) ہم اسلام کے نام پر اسلام اور پاکستان کو قتل نہیں ہونے دینگے سیرت پیغمبر کی روشنی میں اسلام کے روشن چہرے اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کی جدوجہد جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورت حال، دہشت گردی ،آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے مجلس وحدت مسلمین 11جنوری کو ایوان اقبال لاہور میں عظیم الشان پیغمبر اعظم امن کانفرنس کاانعقاد کریگی جس میں ملکی سطح کی تمام پڑی سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماوں ،مشائخ عظام،گدی نشینوں اور مدارس دینیہ سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی جو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف سنگ میل ثابت ہو گی انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو کسی بھی روپ میں برداشت نہیں کریں گے جو لوگ مدارس کی اوٹ میں اکیسویں آئینی ترمیم کی مخالفت کر رہے ہیں ان کا ہدف دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنا اور قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کی کو شش ہے یہ گروہ بے نقاب ہو چکے ہیں ہم دہشت گردوں اور اُن کے سیاسی سرپرستوں کے خلاف معتدل اور محب وطن شخصیات اور جماعتوں کو متحد کر کے اسلام کے روشن اور چمکتے چہرے کو سامنے لائیں گے اور امن و سلامتی کے پیغام کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہا کیا کہ اسلام کے خوب صرت چہرے اور ہزاروں شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنماوں علامہ امتیاز حسین کاظمی،سید اسد عباس نقوی،سید حسین زیدی،شیخ عمران علی ،رائے ناصر علی اور راناماجد علی بھی شریک تھے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) قومی سیاسی صورتحال کے تناظر میں دینی جماعتوں کے غیر سیاسی اتحاد ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکریٹری مالیات علامہ محمد امین شہیدی کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا،ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہ اکہ سانحہ پشاور کے بعد کچھ آثار ایسے نظر آرہے ہیں کہ حکومت دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں دہشت گردوں کے خلاف جو کارروائی کی جا رہی ہے، منجملہ ملٹری کورٹس کا قیام، ہم اس کی تائید کرتے ہیں، تاہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گرد، دہشت گرد ہوتا ہے خواہ وہ مذہبی دہشت گرد ہو، لسانی دہشت گرد ہو، فرقہ وارانہ دہشتگرد ہو یا قبائلی دہشت گرد۔ لہذا ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف بلااستثناء کارروائی کی جائے اور کسی کو اس سے مستثنٰی نہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کسی ایک قسم کے دہشت گرد پر فوکس کرکے پورے عمل کو مشکوک نہ بنایا جائے۔
مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے دستور کی منظوری دی گئی اور مرکزی سطح پر تمام دینی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل سپریم کونسل کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کےمرکزی رہنما علامہ امین شہیدی ، علامہ شفقت شیرازی ،لیاقت بلوچ، پیر عبدالرحیم نقشبندی، پیر سید محفوظ مشہدی، ثاقب اکبر، علامہ عارف حسین واحدی، سلطان احمد علی، میاں محمد اسلم، پیر ناصر جمیل ہاشمی، عبدالرشید ترابی، ڈاکٹر عابد روﺅف اورکزئی، عبدالمتین اخونزادہ، حکیم عبدالوحید، پیر عاشق حسین بخاری، مولانا عامر صدیق، مفتی محمد عامر شہزاد، خالد محمود عباسی، محمد خطیب مصطفائی، محمد نصیر احمد اویسی، پیر سید ذاولفقار علی، حاجی ابو شریف اور کونسل کے دیگر قائدین نے شرکت کی۔
بعد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ابولخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل دہشتگردی کی کھل کر مخالفت اور فوجی عدالتوں کے حق میں ہے، تاہم دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ابولخیر زبیر کا کہنا تھا کہ ہم ملٹری کورٹس کے حق میں ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتخصیص کارروائی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد خواہ لسانی ہو یا فرقہ وارانہ ان کے درمیان امتیاز روا نہ رکھا جائے اور کسی کو مستثنٰی نہ ٹھہرایا جائے۔ سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس کیخلاف کارروائی نہ کی جائے، ثبوت کی روشنی میں کسی مدرسے کیخلاف کارروائی سے پہلے اتحاد تنظیم المدارس کو اعتماد میں لیا جائے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نےمختصر دورہ کراچی کے ،موقع پر ایم ڈبلیوایم کی سپریم کونسل کے چیئرمین علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین سےان کے مدرسہ علوم اسلامی جعفر طیار میں ملاقات کی، علامہ ناصر عباس جعفری نے علامہ حسن صلاح الدین سے ان کے مدرسہ علوم اسلامی سے پرنسپل علامہ شیخ محمد عباس الحیدری کی اچانک رحلت پر تعزیت کا اظہار ، مغفرت کی دعا اور فاتحہ خوانی کی، ملاقات میں دونوں رہنماوں کے درمیان مجلس وحدت مسلمین کے دستور میں بعض ترامیم کے حوالے سےبھی گفتگو ہوئی، علامہ صلاح الدین نے علامہ احمد اقبال کو ایم ڈبلیوایم کے کارکنان کیلئےتربیتی نصاب کی تشکیل کےحوالے سے مفید مشورے بھی دیئے،جبکہ علامہ ناصر عباس جعفری نے علامہ صلاح الدین کی مختلف تصانیف کو ایم ڈبلیوایم کے تنظیمی تربیتی نصاب میں شامل کرنے کا اعلان بھی کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی ، سید محمد عابدی، صوبائی رہنما مہدی عباس، ڈویژنل رہنما سجاد اکبر زیدی اور ضلعی رہنما احسن عباس اور حسن عباس بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور)تحریک منہاج القرآن پاکستان کے زیر اہتمام مینار پاکستان لاہورمیں منعقدہ عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس و حدت مسلمین پاکستان ،شعبہ تبلیغات کے سیکرٹری جنرل علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ رحمت اللعالمین،سردار انبیاء حضرت محمد ؐ کی یوم ولادت کے موقعہ پر تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ دنیا کے سامنے حضرت محمد ؐ کی سیر ت طیبہ کو اجاگر کریں اور ہفتہ وحدت کے ذریعہ آپس میں اتحاد و بھائی چارگی کو فروغ دیں،اور جو شخص یا گروہ اتحاد کی فضاء کو پامال کرے اُس کے بارے میں خدا وندعالم قرآن میں ارشار فرماتا ہے \"اے رسول جن لوگوں نے اپنے دین میں تفرقہ پیدا کیا اور ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے ان سے آپ ؐ کا کوئی تعلق نہیں ہے\"۔
علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ آج جس طرح تکفیری اور دہشت گرد عناصر ایک عالمی سازش کے تحت اسلام اور سیر ت محمد ؐ کے روشن چہرہ کو مسخ کر نے کی کوشش میں مصروف ہے، اور ساری دنیا میں اسلام کے نام پر صہونی عزائم کو پائے تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے۔ لہٰذا اس پیچیدہ دور میں شیعہ سنُی اور تما م مسلمان کو مل کر اتحاد کی فضاء کو قائم کرنا ہوگا تاکہ اسلام دشمنوں سے مل کر مقابلہ کر سکیں۔اسلام امن اور سچائی کا گہوارہ ہے، سیرت محمد پاک سچائی اور امن و امان کا درس دیتا ہے لہٰذا تمام عالم اسلام کو اس مقدس ہستی کی سیرت پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
وحدت نیوز(ہنگو) جانباز شہید اعتزاز حسن کی پہلی برسی گذشتہ روز ان کی آبائی علاقہ ابراہیم زئی میں منائی گئی، اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا،ایک سال قبل ہنگو کے علاقہ ابراہیم زئی میں اسکول کے سینکڑوں بچوں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان دینے والے نوجوان جانباز شہید اعتزاز حسن کی پہلی برسی کا اجتماع گذشتہ روز ان کی آبائی علاقہ ابراہیم زئی ہنگو کے مرکزی امام بارگاہ میں منعقد ہوا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء میاں افتخار حسین، معروف اینکر حامد میر، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین الحسینی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی، پاک فورسز کے آفیسر افراسیاب سمیت علاقہ کی معزز شخصیات اور علمائے کرام نے شرکت کی اور شہید اعتزازحسن کی عظیم قربانی اورجذبہ فداکاری پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
وحدت نیوز (مظفرآباد /چکوٹھی) لبیک یا رسول ؐ اللہ میلاد ریلی زیر اہتمام مرکزی سیرت کمیٹی ہٹیاں بالا بتعاون مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں وکشمیر ریلی کا بھرپور انعقاد ، سینکڑوں گاڑیاں و موٹربائیکس کی شرکت، ریلی دومیل پل سے شرو ع ہو کر چکوٹھی کنٹرول لائن مقبوضہ کشمیر اختتام پذیر ہوئی، جبکہ جگہ جگہ ریلی کا پرتباک استقبال کیا گیا، ریلی کی قیادت مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر پروفیسر قاضی محمد ابراہیم چشتی و سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کی ، ریلی کے روٹ پر مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام مختلف مقامات پر شایان شان استقبالیہ کیمپ ، قائدین و شرکائے ریلی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں ، تفصیلات کے مطابق سیکرٹری نشرو اشاعت مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر سید پیر حسن نقوی نے میڈیا کو جاری بیان میں بتایا کہ مرکزی سیرت کمیٹی ہٹیاں بالا کے زیر اہتمام لبیک یا رسول اللہ ؐ میلاد ریلی کا اہتمام کیا گیا، ریلی میں مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں وکشمیر نے بھرپور شرکت و تعاون کیا، ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں و موٹر بائیکس شامل تھے، ریلی کا آغاز دومیل پل مظفرآباد سے ہوا، مجلس وحدت مسلمین مجہوئی یونٹ کے زیر اہتمام استقبالیہ کیمپ مجہوئی پل کے مقام پر لگایا گیا، جہاں ریلی کا شایان شان استقبال کیا گیا، جبکہ دوسرا استقبالیہ کیمپ جامع مسجد گڑھی دوپٹہ کے قریب لگایا گیا ، جس کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین گڑھی دوپٹہ و مرکزی انجمن جعفریہ جہلم ویلی نے کیا ، ریلی کا پرتباک استقبال کیا گیا، قائدین و شرکائے ریلی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں ، تیسرا استقبالیہ زیراہتمام مجلس وحدت مسلمین ضلع ہٹیاں بالا کچھا بازار کے مقام پر لگایا گیا ، جہاں بھی ریلی کا خیرمقدم کیا، جبکہ جگہ جگہ شیعہ سنی عوام نے ریلی کو خوش آمدید کیا ، ریلی کی قیادت صدر مرکزی سیرت کمیٹی ہٹیاں بالا مولانا پروفیسر قاضی محمد ابراہیم چشتی ، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی و دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے زعماء نے کی ، ریلی چکوٹھی کنڑول لائن مقبوضہ کشمیر کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی جہاں اختتامی جلسہ ہوا ، شیعہ سنی علماء کرام نے سیرت محمدؐی پر روشنی ڈالتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے محکوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔
وحدت نیوز (مظفرآباد) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی مرکزی میلاد جلوس کے استقبالیئے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلام ہو آج نکلنے والوں ، سلام ہو آج لبیک یا رسول اللہ کی صدائیں بلند کرنے والوں پر ، سلام ہو عاشقان مصطفےٰ پر، کہ پورا ملک بارود کی بوسے اٹا پڑا ہے، اور آپ نے لبیک یا رسولؐ اللہ اور درود سے ماحول کو منور کر دیا، رسول ؐ امن،رسولؐ رحمت کے ماننے والے آج وحدت اسلامی کا عملی مظاہرہ کر کے دنیا کو یہ بتا رہے ہیں کہ ہم دہشت گرد و دہشت گردی کوملک و اسلام کا دشمن سمجھتے ہیں ، ملک بارود کی بو سے اٹا پڑا ہے، عاشقان مصطفےٰؐ نے درود کی خوشبو سے سنوار دیا،انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی وحدت ہی ملک و قوم کی بقاء ہے، وہ ملک کہ جس کی بنیاد لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ پر ہو ، اس ملک کے وسیع تر مفاد میں ہے کہ ملک کے حقیقی فرزند ایک پیج پر ہوں ، دشمنان اسلام و پاکستان کے خلاف کمر بستہ ہوں، قائداعظم و اقبال کے پاکستان کے حقیقی وجود کی خاطر اتحاد و یگانگت ہی واحد راستہ ہے، ہفتہ وحدت اسی عنوان سے منا رہے ہیں کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ مسلمان وحدت کے پرچم تلے ایک ہوجائیں ، آج وقت کا طاغوت اپنی پوری توانایاں صرف کیئے ہوئے ہے کہ کسی طرح سے ملک و قوم کو نقصان پہنچایا جائے، مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جائے، ظلم کا بازار گرم کیا جائے، اس بات کا عملی ثبوت کہیں ننھے پھولوں کو گولیوں سے بھون کر دیتا ہے، کہیں اساتذہ کو جلا کر دیتا ہے، کہیں مساجد میں حملے کر کے بتاتا ہے، کہیں امام بارگاہوں کو نشانہ بنا کر دکھاتا ہے، کہیں مزارات کو مسمار کر کے اپنے مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے ، کہیں پرامن و نہتے شہریوں کی جانیں لیکر ملک و قوم کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی کہ ہم دشمن شناس بن جائیں ، فروعی اور نہ ہونے کے برابر اختلاف کو ہوا دینے والوں کو تسلیم نہ کریں ، انہیں کالی بھیڑیں قرار دیکر اپنی صفوں سے نکال باہر کریں ، ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ، کندھے سے کندھا ملا کر اغیار یا اغیار کے ایجنٹوں کو اپنے درمیان آنے کی جگہ نہ دیں ، ظلم و جبر کے خلاف ایک ہو جائیں ، رحمت دو عالم ؐ کے پرچم تلے جمع ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ الحمدلللہ پاکستان و خصوصاً پرامن خطہ آزاد کشمیر میں ہم سب کا ایک ہونا دنیا کے لیئے واضح پیغام ہے کہ ہم عاشقان رسول ؐ و آل ؑ رسول ؑ ہیں ، ہم بہادروں کے بہادر پیرو ہیں ، ہم ایک ہیں ، متحد ہیں ، خوشی و غمی ملکر کرتے ہیں ، اور وحدت کا عملی ثبوت پیش کرتے ہیں۔یہ شیعہ سنی وقت کے یزیدوں ، وقت کے ابن زیادوں ، وقت کے ابو لہبوں اور وقت کے یزویدوں کے خلاف ایک ہیں اس کا ثبوت سب کا ایک ساتھ نکل کر لبیک یا رسول اللہ کا نعرہ فضا میں بلند کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کا آغازریاستی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں وکشمیر سے ہوا، ریلی میں کثیر تعداد میں میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان و عہدیداران نے شرکت کی ، ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ، ریاستی کابینہ ، ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمدانی و ضلعی کابینہ نے کی، ریلی شہر کی مین شاہرا بینک روڈ سے ہوتی ہوئی مرکزی جلوس میں شامل ہوئی ، جبکہ فضا لبیک یا رسولؐ اللہ کے نعروں سے گونجتی رہی ، مرکزی جلوس میں شامل ہونے پر انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ، سنی تحریک،سیرت کمیٹی اور تحریک منہاج القرآن نے پرتباک استقبال کیا ۔اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام تمام اضلاع میں ریلیز کی صورت میں شرکت میلاد جلوس میں شرکت کی گئی، میرپور میں سیکرٹری جنرل ضلع میرپور سید ناظر عباس، کوٹلی میں سیکرٹری جنرل سید طاہر حسین بخاری، باغ میں سیکرٹری مالیات قیصر عباس بانڈے ، ہٹیاں بالا میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عارف حسین کاظمی، میرپورہ ضلع نیلم میں سیکرٹری جنرل پیر سید ظاہر حسین نقوی کی قیادت میں ریلیز و وفود نے اہلسنت کے زیر اہتمام جلوسوں میں شرکت کی ۔
وحدت نیوز (مظفرآباد) پولیس گردی ناقابل قبول ، آزاد ی صحافت پر کسی قدغن کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ایڈیٹر روزنامہ شمال پر پولیس گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، ان خیالات کا اظہارڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں وکشمیر خالد محمود عباسی نے ریاستی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز میں کیا ، انہوں نے کہاکہ روزنامہ شمال کے ایڈیٹر پر پولیس کی جانب سے بیہمانہ تشدد ناقابل قبول ، مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں وکشمیر صحافی برادی کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے، پولیس باعزت شہریوں کا خیال کرے اور خصوصی طور پر صحافی برادری کو تحفظ فراہم کرے ، پولیس کا کام تحفظ دینا ہوتا ہے، غنڈہ گردی نہیں ، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، اور وزیراعظم ، چیف سیکرٹری و آئی جی پی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں ، ایس ایس پی مظفرآباد معاملے کی سنگینی کا ادراک کریں ، آزادی صحافت پر کوئی بھی باعزت طبقہ میڈیا کی آزادی اور میڈیا سے وابستہ افراد سے ایسا نہیں کرتا، پولیس کو متحرک بنانے کے ساتھ ساتھ مہذب بھی بنایا جائے۔
وحدت نیوز (جعفرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے زیر اہتمام صوبائی سیرت مصطفیٰ ﷺ کانفرنس و تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔اس موقع پر صوبہ ،ڈویژن ،ضلع اور یونٹس کے ۲۵۰ عھدیدار اور کارکن شریک ہوئے۔ تین روزہ صوبائی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہم سیرت انبیاء ؑ کے پیروکار ہیں اور عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر حضور سید الانبیاءﷺ سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم انکی سیرت طیبہ کو اپناتے ہوئے دور حاضرکی باطل طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم مکمل نظام حیات ہے۔ جس کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی اور نظام کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ۱۲تا ۱۷ ربیع الاول کے مبارک موقع پر تمام مسلمان اتحاد، وحدت اور اسلامی اخوت کا مظاہرہ کریں۔عید میلاد النبی کے جلوس عشق رسول ﷺ کا مظہر ہیں۔ ان جلوسوں میں بھر پور شرکت کی جائے۔اس موقع پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال، محمد مہدی، یعقوب حسینی ، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی، ممتاز عالم دین علامہ سید باقر زیدی ،علامہ سید قمر عباس نقوی،علامہ سیف علی حیدری ، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا سیدظفر عباس شمسی،مولانا حسن رضا غدیری، عبد الوھاب لغاری و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقعہ پر دعائے توسل کا روح پرور اجتماع منعقد ہوا۔تین روزہ معرفت ولایت صوبائی تربیتی ورکشاپ میں ضلع صحبت پور، ضلع سبی، ضلع نصیر آباد، ضلع جعفر آباد، ضلع جھل مگسی، ضلع کچھی، بولان، ضلع لہڑی، تنظیمی ضلع گنداخہ کے ۲۵۰ کارکن شریک ہیں۔
وحدت نیوز (ایبٹ آباد) مجلس وحد ت مسلمین ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کے زیر اہتمام کل ہزارہ نعتیہ مشاعرہ رکھا گیا جس میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے خصوصی شرکت کی ۔نعتیہ مشاعرہ کا آغاز سید فدا حسین شاہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اس کے بعد پیر سید مہر علی شاہ نے ہدیہ نعت رسول مقبول ؐ پیش کی ۔تلاوت و نعت کے بعد شعراء اکرام نے اپنے اپنے انداز میں سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی ؐ سے اپنی عقیدہ کا اظہار اپنے کلام کے ذریعہ کیا ۔ہزارہ بھر کے مشہور شعراہ اکرام میں سے سید اویس کاظمی ، سید نجم الحسن نجمی ، عابد محمود ہاشمی ، عرفان تبسم،نذیر احمد کسیلوی،ماجد خان اور دیگر شعراء اکرام نے اپنا اپناکلام پیش کیا ۔ان کے علاوہ تحصیل حویلیاں میلاد کمیٹی کے صدر طارق خان ،حویلیاں گاؤ ں میلاد کمیٹی کے چیئر میں جنید خان اور سادات ایکٹوسٹیزن کمیونٹی کے صدر سید عباس ترمذی نے خصوصی شرکت کی۔ آخر میں کل ہزارہ نعتیہ مشاعرے کے مہمان خصوصی صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے خطاب کیا ۔جس میں انہوں نے سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی ؐ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے وحد ت و اتحا د کا درس دیا اور فرمایا کے حضرت محمد مصطفی ؐ کو اپنی امت سے بے حد محبت تھی اور ہمیشہ اللہ تبارک و تعالیٰ سے بھی اپنی امت کی بخشش کی دعا مانگتے تھے۔