نا اہل حکمرانوں نےجمہوریہ پاکستان کو جمہوریہ بحران بنا دیا ہے، علامہ ناصرعباس جعفری

19 جنوری 2015

وحدت نیوز (اسلام آباد) المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیراہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں "سیرت مصطفٰی" کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں حضور اکرم حضرت محمد مصطفٰی ؐ کی شان اقدس میں مقالے بھی پیش کئے گئے جبکہ پاکستان اور ایران کے علمائے کرام، اسکالرز اور سیاسی رہنماؤں نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار سےمجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، ، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و البصیرہ کے سربراہ سید ثاقب اکبر، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما میاں محمد اسلم، مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، پیر محمد محفوظ مشہدی، المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر عباسی، پیر سعادت علی شاہ چورہ شریف، سید وقار نقوی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے خطابات کئے جبکہ پروفیسر زاہد علی زاہدی، پروفیسر نرگس افتخار اور انجینئر محمد ریحان نے مقالے پیش کئے۔

 

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کی وجہ سے مقتل بن چکا ہے، آج اسلام کے نام پر ہرطرف دہشتگردی پھیلائی جا رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ دہشتگردی کے تانے بانے مدارس سے جا ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مدارس کو اوپن کرتے ہیں اور حکومت کو کہتے ہیں کہ وہ آئے اور آڈٹ کرے۔ ہمارا ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے اور دہشتگردی میں ملوث مدارس اور ان کے حمایتوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ تکفیریت کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاک فوج کے آپریشن غرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشتگردوں اور کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی سے گریز کرے۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کیخلاف ایک ہوچکی ہے، کالعدم تنظیمیں نام بدل کر اپنا کام کر رہی ہیں جبکہ حکومت نے تاحال ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ راولپنڈی سمیت ملک بھر میں ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے جبکہ حکومت تماشائی بنی ہوئی ہے۔ تاحال قاتلوں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکے اسلام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مغرب دلیل کی جنگ ہار گیا ہے، کیونکہ جب انسان کے پاس دلیل نہ رہے تو وہ گستاخیوں پر اتر آتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیئے کہ فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کرے اور سفیر کو ملک بدر کرے، تاکہ غیر مسلموں کو پتہ چلے کہ مسلمان ملکوں میں اپنے نبی پاک ﷺ سے کتنا عشق ہے۔

 

ملک کو درپیش توانائی کے سنگین بحران پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو مسائل اور مشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا،ان نا اہل حکمرانوں نے ملک اور قوم کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے، بجلی اور گیس کا بحران کیا کم تھا کے اب ایک اور نیاء پیٹرول کا بحران عوام کیلئے تحفہ کیا گیا ہے، نواز شریف صاحب نے اقرباء پروری کی خاطر نا اہل رشتہ داروں کو اعلیٰ وزارتیں اور قلمدان سونپ دیئے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پیڑول کا بحران سمجھ سے بالا تر ہے،بحران کے ذمہ دار  وفاقی وزراءاپنے اپنے دامن بچا رہے ہیں ،بجلی ، پانی،گیس اور پیٹرول جیسی اشیاء کی قلت قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ن لیگ کی حکومت نے نا اہلی ، کرپشن، بیڈ گورننس کے تمام رکارڈ توڑ ڈالے، نواز شریف نے نااہلوں کی فوج کو کابینہ میں شامل کیا تمام بنیادی اشیاء ضروریہ کا بحران قومی مفاد پر ذاتی اور پارٹی مفادات کو ترجیح دینے کا باعث ہے، پیٹرول بحران کے حقیقی ذمہ دارخواجہ آصف  ،اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی ہیں ، ان دونوں وزراء نے ماضی میں بھی پاکستان کے اہم قومی اثاثوں کوتباہی کے دھانے پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا، پی آئی اے اور اسٹیل مل اس کی واضح مثالیں ہیں ۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree