The Latest

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کا اہم اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر سید ظفر عباس شمسی صوبائی سیکرٹریٹ علمدار کوئٹہ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مختلف تنظیمی امور زیر بحث رہے تنظیم کی فعالیت کو بڑھانے کیلئے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع علمدار روڈ اور ضلع ہزارہ ٹاؤن میں عنقریب ورکرزکنونشن کا انعقاد کیا جائے گا اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم وتنظیم سازی یونٹس و وارڈز کے دورہ جات  واجلاسوں کا سلسلہ جاری رہے گا ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے نیز عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتی رہی ہے مجلسِ وحدت مسلمین نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اس لیے عوام کی حقیقی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہے مجلس وحدت مسلمین عوامی حمایت کے ساتھ صوبائی و بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

 اجلاس میں صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری ،صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی، صوبائی نائب صدر عوض علی ہزارہ ،صوبائی کونسل سیاسیات کے سربراہ محمد یونس ہزارہ، صوبائی آفس سیکرٹری سید عباس زیدی، صوبائی میڈیا کونسل کے سربراہ برادر ارتضیٰ علی جعفری، ضلعی صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ ،ضلعی نائب صدرمحمد یونس  ہزارہ ،ضلعی سیکرٹری تنظیم سازی برادر فرید احمد، ضلعی سیکرٹری سیاسیات حاجی غلام حسین شریک ہوئے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ افغان مہاجرین کے انخلا کی آڑ میں پاکستانی ہزارہ برادری کو ملک سے بے دخل کرنے کی کوشش ملک میں ایک نیا بحران کھڑا کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کئی نسلوں سے یہاں آباد ہے۔ اپنے ہی شہریوں کو مہاجرین کی فہرست میں ڈالنا قومی ،لسانی اور مسلکی تعصب کو ہوا دینا ہے۔کچھ نادیدہ طاقتیں ملک میں دانستہ طور پر بحرانی کیفیت پیدا کرنے میں مصروف ہے۔صاحبان اقتدار ہوش کے ناخن لیں اور پاکستانی ہزارہ برادری کو تحفظ دیا جائے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام منگل 7 نومبر کو مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے آل پارٹیز مشترکہ پریس کانفرنس کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوگی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی اور پی ایل ایف کے صوبائی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر اور ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے سربراہ مولانا عبد الحق ہاشمی سے ملاقات کر کے انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔


اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام کی جرئت و بہادری نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جب باپ اپنے بچوں کے لاش کے ٹکڑے اٹھا کر بھی صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتا ہے تو غزہ کی مظلومیت اور شجاعت کو دنیا سلام کرتی ہے۔ حماس اور حزب اللہ کے مجاہدوں نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔


مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا کہ اسرائیل نے اسکولوں اسپتالوں اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا کر معصوم شہریوں کا قتل عام کیا تاکہ فلسطینی سفید جھنڈے اٹھا کر اسرائیل سے امن کی بھیک مانگیں مگر فلسطینیوں کے صبر و استقامت کے سامنے اسرائیل ھار چکا ہے۔

فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام مشترکہ پریس کانفرنس کے سلسلے میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے جمعیت غربائے اھل حدیث بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا فضل ربی ممتاز بلوچ رہنما یوسف نوتیزئی گرین پاکستان پارٹی کے چیئرمین و سابق مشیر وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالھادی کاکڑ و دیگر کو دعوت دی۔

وحدت نیوز(سرگودھا) مولانا ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے ذریعے 12 نومبر حمایت مظلومین فلسطین ریلی  میں شرکت کے لئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا خصوصی پیغام عالم ربانی ، عالم باعمل جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید محمد باقر شیرازی حفظہ اللہ کو پہنچادیا گیا۔

 مولانا ملک منظور حسین امام جمعہ وجماعت نبی شاہ بالا بھلوال بھی مولانا ظہیر کربلائی کے ہمراہ تھے ۔ یہ پیغام اس وقت پہنچایا گیا جب علامہ سید محمد باقر شیرازی صاحب قبلہ اپنی زمینوں میں کاشتکاری میں مصروف عمل تھے ۔

 انہوں نے مولانا ظہیر کربلائی سے کہا کہ آنے کی تکلیف کیوں کی فون ہی کردیتے۔ میں حاضر ہوجاتا ۔ انہوں نے فرمایا کہ مظلوم فلسطینی بھائیوں کی آواز بننا  اور غاصب اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ہر شخص کا فریضہ ہے ۔ اب یہ ہر شخص پر موقوف ہے کہ اس فریضے کو کس انداز سے ادا کرتا ہے ۔ دامے، درمے ،سخنے جتنا ہوسکے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کرنی چاہیئے ۔ ہم سے جو ہوسکا اپنے حصے کا کام انجام دیں گے ان شاءاللہ۔

اس وقت فلسطینوں کی مدد نہ کرکے عذاب الہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔ اگر مسلمان عذاب الہی سے بچنا چاہتے ہیں تو جتنا ممکن ہے فلسطینیوں کی آواز کو مضبوط بنائیں اور میدان میں نکل کر اسرائیل کو اس کی اوقات یاد دلائیں ۔ مائیں، بہنیں ، بچے،جوان اور بزرگ جوبھی کہتا یا امام المنتظر العجل العجل۔ اس کو چاہیئے کہ 12 نومبر کو صدائے لبیک یارسول اللہ اور لبیک یا مھدی (ع) لبیک یا حسین (ع) کی صدائیں دل میں سجا کر ریلی میں شریک ہوں ۔ ان شاءاللہ آپ سب کی آواز دشمن پر ہیبت طاری کردے گی ۔

قبلہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو اکیلا نہ چھوڑیں میں ان کے لئے دن رات دعائیں کرتا ہوں ۔ وہ مرد میدان ہیں اگر انہوں نے ملت کے لئے بیمار ہونے کے باوجود اپنی صحت کی پرواہ کیے بغیر ہروقت قوم کی خاطر میدان میں نکلے ہیں تو ہمارا بھی حق بنتا ہے کہ ان کا ساتھ دیں ۔ میں اپنی قوم کو ایک طالب علم کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کہ راجہ صاحب قبلہ کبھی بھی ملت کو مایوس نہیں کریں گے ۔ ان شاءاللہ۔

ظہیر صاحب میری جانب سے راجہ صاحب قبلہ کو بتا دیں کہ اگر صحت نے ساتھ دیا تو ضرور حاضر ہوں گا ۔ مظلوموں کی حمایت کو مقبول عبادت سے کم نہیں سمجھتا ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی ہمشیرہ کا نام 9 مئی کے واقعات میں شامل کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔سیاسی انتقام کے حصول کے لیے گھریلو خواتین کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور غیر اخلاقی فعل ہے، ایک مذہبی گھرانے کی عزت و حرمت کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کے نتائج انتہائی بھیانک اور دور رس ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں صاحبان اقتدار کو متنبہ کرتا ہوں کہ اپنی سیاسی جنگ کو سیاسی اکھاڑے تک ہی محدود رکھیں اور اسے دوسروں کے گھروں تک منتقل کرنے سے باز رہیں، یہ وطن نہ کسی کی ذاتی جاگیر ہے اور نہ ہی قانون کسی کے گھر کی لونڈی، کہ جس وقت جو دل میں آئے کر ڈالو، صاحبزادہ حامد رضا کی ہمشیرہ ہماری بہن ہے، لہذا ان کے خلاف کسی بھی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے ناقابل برداشت ہونگے، حکومت غیر قانونی و غیر انسانی اقدامات اور مذموم حرکتوں سے باز رہے، پہلے بھی ملک میں ڈیڑھ سال کے اندر کئی گھروں کی چادر اور چار دیواری کو پامال کیا جا چکا ہے اب اس شرمناک کھیل کو بند کیا جائے کیونکہ اس سے ملک کی کوئی خدمت نہیں بلکہ ملک کی جڑیں کھوکھلی ہو رہی ہیں۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)سٹی آف نالج پبلک اسکول جیکب آباد کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینی بچوں سے اظہار یک جہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ غزہ تحریک آزادی فلسطین کا مرکز اور حریت شجاعت ظلم ستیزی کا استعارہ بن چکا ہے۔ غزہ کے بہادر فلسطینیوں نے اسرائیل کا ظلم و بربریت پر مبنی مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ غزہ انسانوں کا قبرستان بن چکا ہے۔ اسرائیلی ظلم و جفا پر عالمی استکباری قوتیں سہولت کار بن چکی ہیں جن کے ہاتھ مظلوم فلسطینیوں کے خون سے رنگین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے باضمیر انسان امریکہ اور اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جبکہ اسرائیلی مظالم کو امریکی سرپرستی حاصل ہے۔ اگر شیطان بزرگ امریکہ اور عالمی استکباری قوتوں کی سرپرستی اور مدد نا ہوتی تو اسرائیل کب کا ہتھیار ڈال چکا ہوتا۔ پاکستانی حکومت اور مقتدر ادارے مظلوم غزہ اور فلسطین کی حمایت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے۔ انجمن غلامان امریکہ غزہ کے قتل عام پر بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں ایک دفعہ پھر امریکی غلاموں کو مسلط کرنے کی سازش تیار ہو چکی ہے۔ جنہیں پاکستان کے پچیس کروڑ عوام پاکستان کی تباہی کا ذمہ سمجھتے ہیں انہیں بزور طاقت عوام پر مسلط کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی اور مولانا ارشاد علی انقلابی نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز(سکردو)ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ سکردو میں صوبائی صدر مجلسِ وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی کی سربراہی میں وحدت یوتھ پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیرِ اہتمام وحدت یوتھ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

کانفرنس میں بلتستان ڈویژن کے مختلف تحصیل یونٹس صدور کی تقریب حلف برداری ہوئی۔اس عظیم الشان کانفرنس میں مرکزی صدر وحدت یوتھ مولانا تصورعلی مہدی نے خصوصی شرکت کی۔

 اس موقع پر کانفرنس میں رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری ،مرکزی سیکرٹری وحدت یوتھ علامہ اعجاز حسین بہشتی،اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم،صدر مجلس علماء مکتب اھلبیت بلتستان شیخ علی محمد کریمی،صدر وحدت یوتھ بلتستان سید اطہر اور دیگر رہنما شریک تھے۔

وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) علامہ آغا آفتاب حیدر جعفریؒ ایک عظیم شہید ہیں جن کی یاد پاکستان کی سرزمین پرہمیشہ زندہ و تابندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انکو اس دار فانی سے عالم ملکوت کی طرف سفر کو 11 برس بیت چکے لیکن انکی خدمات صدقات جاریہ کی صورت میں انہیں اس عالم خاک میں بھی زندہ رکھے ہوئے ہے۔

ظالموں کے خلاف مظلوموں کی مدد

آغا صاحب پیشے کے لحاظ سے بینکار تھے۔ لیکن پاکستانی معاشرے اور خاص طور پر نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے والے نظریاتی پاکستانیوں کے لیے انکا وجود ایک الٰہی نعمت سے کسی طور کم نہ تھا۔ وہ اللہ کے ایک خالص اور مخلص بندے تھے۔ مولا امیر المومنین امام المتقین خلیفۃ المسلمین حضرت علی ؑ کے ایسے شیعہ تھے جنہوں نے ظالموں کے خلاف مظلوموں کی مدد میں کبھی بھی سستی و کوتاہی نہ کی۔

آغا آفتاب حیدر جعفریؒ نے کلمہ حق بلند کیا

مظلوم خواہ پاکستانی ہوں یا فلسطینی و کشمیری، علامہ آغا آفتاب حیدر جعفریؒ نے انکی حمایت میں کلمہ حق بلند کیا۔ وہ میدان عمل کے راہی تھے۔ انکے قول و فعل میں تضاد نہ تھا۔ جوش خطابت میں بھی وہ منبر کے تقدس کو ملحوظ رکھا کرتے تھے۔

پاکستان کی سرزمین پر جب زایونسٹ لابی کے آلہ کاروں نے فلسطین کے ایشو پر بانیان پاکستان کی پالیسی کے خلاف ماحول سازی کی کوشش کی تو سرزمین پاکستان کے غیرت مند بیٹوں نے فلسطین فاؤنڈیشن کے نام سے ایک ادارہ تشکیل دیا۔ گوکہ علامہ آفتاب حیدر جعفری تنظیمی وابستگیوں سے بالاتر شخصیت رہے لیکن فلسطین فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس سمیت پورے فلسطین کی آزادی کی حمایت کی مہم میں کلیدی کردار اداکیا۔

علامہ آغا آفتاب حیدر جعفریؒ ایک عظیم شہید

وہ زایونسٹ غاصب اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز احتجاج بلند کرنے والوں کی صف اول میں تھے۔ جب 6نومبر 2012ع کی صبح کراچی میں انہیں شہید کردیا گیا اس وقت انکے دوست شاہد علی مرزا بھی انکے ہمراہ تھے۔ آغا آفتاب حیدر جعفری دفتر جارہے تھے۔

سرزمین پاکستان پر آزادی قدس کی جدوجہد

جوں ہی انکی شہادت کی خبر پھیلی تو سب سے پہلے ذہن میں ان سے متعلق جو تاثر ابھرا وہ یہی تھا کہ انہیں سرزمین پاکستان پر آزادی قدس کی جدوجہد کرنے کی سزا دی گئی۔ اگر انہیں شہید راہ قدس در پاکستان کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

جعفریہ الائنس، مجلس وحدت مسلمین یا ماتمی انجمنوں سے کوئی بھی انکی خدمات حاصل کرنا چاہتا، انکا در ہر ایک کے لیے کھلا تھا۔ وہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی اجتماعات میں پیش پیش رہتے تھے۔ جولائی 2012ع ہی میں مینار پاکستان لاہور پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی اجتماع میں وہ شریک تھے۔

سخت گرم موسم میں مینار پاکستان میدان میں عام لوگوں کے درمیان

اس دن لاہور کا درجہ حرارت ایسا تھا کہ انسان گھر کے اندر بھی موسم کی حدت و تپش سے بچ نہیں سکتا تھا۔ لیکن دن بھر علامہ آفتاب حیدر جعفری نے اس سخت گرم موسم میں مینار پاکستان کے میدان میں عام لوگوں کے درمیان رہنے کو ترجیح دی۔

لاٹھی چارج، آنسو گیس شیلنگ کے دوران بھی میدان نہ چھوڑا

اس فانی دنیا کی زندگی میں انہوں نے سنگینوں کے سائے میں، لاٹھی چارج، آنسو گیس شیلنگ کے دوران بھی میدان نہ چھوڑا۔ اور انکی یہی استقامت بعد از شہادت بھی انہیں پاکستانی معاشرے اور خاص طور پر کراچی کے مخلص نظریاتی لوگوں کے درمیان ایک بے مثال اور لازوال ہیرو بناکر زندہ رکھے ہوئے ہے۔ (ویسے بھی شہید زندہ ہی ہوتے ہیں۔)

ایک اور عظیم شہید سید سبط جعفرز یدی کے قریبی دوست

وہ ایک اور عظیم شہید سید سبط جعفرز یدی کے قریبی دوست تھے۔ گوکہ دونوں کا شعبہ الگ تھا، سبط جعفر کا شعبہ تعلیم تھا اور علامہ آفتاب حیدر جعفری بینکار تھے۔ لیکن دونوں ہی تعلیم کے شعبے میں مزید خدمات انجام دینے کی طرف متوجہ تھے۔

سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے کوشاں

دونوں ہی متفق تھے اور مشترکہ طور پر سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے کوشاں تھے۔ آخری ایام میں انہوں نے نجی محافل میں اسی موضوع پر گفتگو کی۔ اپنے قریبی دوستوں اورحامیوں کو تاکید کی کہ جدید دور کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے تحت تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری کو یقینی بنائیں۔

علامہ آغا آفتاب حیدر جعفریؒ ایک ملنسار انسان

علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری ایک ملنسار انسان تھے۔ ایک عام انسان جیسی زندگی جسے عرف عام میں سادہ زیستی کہا جاتاہے، ایسی زندگی گذارا کرتے تھے۔ یقینا دشمن ایسی ہی مظلوم انسانیت دوست ہستیوں کے بابرکت اور فائدہ مند وجود سے ڈرتا ہے۔

یہی وجہ بنی کہ دشمن نے علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کو شہید کردیا حالانکہ شہادت کے وقت انکی عمر فقط بیالیس برس تھی۔

شہید راہ قدس شہید مظلوم

انکی خدمات سے آگاہ افراد انہیں شہید راہ قدس کے عنوان سے یاد کرتے ہیں۔ کوئی انہیں شہید مظلوم کہتا ہے۔ البتہ یہ بات قطعی ہے کہ وہ راہ حق کے ایک بے مثال و لازوال شہید ہیں۔ پاکستان میں شمع حسینی کے پروانے شہداء میں انہیں ایک ممتاز مقام حاصل ہے۔ پاکستان اورخاص طو رپر کراچی کی سرزمین پر حسینیت ایسے ہی شہداء کے خون سے سرخ رو ہے۔

علامہ آغا آفتاب حیدر جعفریؒ جیسے عظیم شہید کی یاد

ایسے عظیم شہداء کی یاد منانا خود شہادت سے کمتر نہیں ہوا کرتی۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ حسینی جوان اپنے ان ہیرو کی یاد سے غافل نہ ہوں۔ انکی یاد سے ہمارا معاشرہ خود ایک حیات نو پاتا ہے۔ ہر سال چھ نومبر کو انکی قبر پر اور اپنے علاقوں میں انکی یاد منانے والوں کو جمع ہونا چاہیے۔ کیونکہ ایسے شہداء کی یاد بھی شہدائے کربلا کی یاد کو معاشرے میں زندہ کرتی ہے۔

(التماس سورہ فاتحہ برائے بلندی درجات شہدائے کرام بالخصوص شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفریؒ)

تحریر: غلام حسین

وحدت نیوز(پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ اور ضلعی قیادت نے پاراچنار کے شہداء کے گھروں میں جا کر تعزیت کی۔ مجلس علماء مکتب اہلبیت کے صوبائی صدر علامہ محمد احمد روحانی کی زیر قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر ساجدی،ضلعی صدر تحصیل چیئرمین میئر علامہ مزمل حسین فصیح ،تحصیل پاراچنار کے صدر سید مسرت کاظمی،ضلعی نائب صدر مولانا شفیق حسین مطہری، ضلعی رہنما سعید خان،حسن علی شاہ،قمبر عباس،جلیل حسین سمیت دیگر عہداران نے شہداء کے گھروں میں جا کر تعزیت و تسلیت پیش کی۔

اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم شہدا کے لواحقین ساتھ کھڑی ہے، پارا چنار پاکستان کے غیور اور شجاع فرزندوں کی سر زمین ہے، جنہوں نے کئی مرتبہ لشکر کشی کو ناکام بنایا اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایالیکن اپنی پاک سر زمین پر آنچ نہیں آنے دی، آج تمام مقتدر قوتوں کو چاہیے کہ وہ بھی پارا چنار ضلع کرم کے محب وطن پاکستانیوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کی بیخ کنی کرے،اور علاقے کی پرامن فضاء کو سبوثاژکرنے کی ہرگز اجازت نہ دیں، جس میں درجنوں معصوم افراد شہید ہوئے ہیں، جن کا بے گناہ خون ریاست کے کندھوں پر قرض ہے۔

 اس موقع پر علامہ محمد احمد روحانی اور شبیر ساجدی نے شہداء کے لواحقین کو قائد وحدت چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا تعزیتی پیغام پہنچایا، صوبائی و ضلعی رہنماؤں پر مبنی وفد نے پشاور،شلوزان اور کانوائے پر ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے تمام شہدائے اسلام کے گھروں میں جاکر تعزیت کرتے ہوئے خانوادگان شہدا سے مکمل اظہار یکجہتی کی۔

وحدت نیوز(چکوال)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی کا وفد کے ہمراہ ضلع چکوال کا دورہ۔ 12 نومبرآزادی فلسطین ریلی کے لئے صوبائی صدر پنجاب نے چکوال کادورہ کیا ۔

اس موقع پرجناب سید وسیم شاہ کاظمی ضلعی صدر ضلع چکوال ، جناب سید واجد علی شاہ کاظمی نائب صدر ضلع چکوال اور دیگر ضلعی کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

علامہ علی اکبرکاظمی کی چکوال میں  127 ماتمی سنگتوں کے سالاروں سے بھی ملاقات ہوئی اور انہیں تمام سنگتوں سمیت 12 نومبر کے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

ضلع چکوال کے عمائدین اور مومنین کرام نے یقین دلایا کہ ضلع چکوال سے مومنین کی اچھی خاصی تعداد 12نومبر کی ریلی میں شرکت کرے گی اور اپنے قائد وحدت کے فرمان پر لبیک کہے گی ۔ ان شاءاللہ۔

ضلع چکوال میں دعوتی مہم کے لئے کمیٹیاں بنیادی گئی ہیں ۔ جو مختلف مقامات اور علاقوں میں جاکر 12 نومبر کی ریلی میں شرکت کے لئے افراد کو آمادہ کریں گی ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree