The Latest

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں اس وقت ہونے والے ظلم کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے ،مخلص ،بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام ہوا ہےاور بہت زیادہ زخمی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر مسلط ناعاقبت اندیش غاصبوں اور ان کو لانے والوں نے ظلم ،بربریت اور درندگی کی انتہاء کر دی ہے ، اس کا انہیں جواب دینا پڑے گا۔ان قاتلوں کا ایجنڈا در اصل پاکستان کا قتل ہے۔

وحدت نیوز(ٹھل) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہے جبکہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد جماعتوں کو شرانگیزی کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھل میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایک وفد کے ہمراہ تحصیل ٹھل کے علاقوں مبارک پور، رانجھا پور اور میر پور برڑو کے دورے کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لئے اسوہ حسنہ ہے۔ سیدہ کائنات کے دامن عصمت میں جن بچوں نے تربیت پائی وہ عالم بشریت کے رہبر و رہنماء قرار پائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں جس طرح سے آئین، قانون اور جمہوری قدروں کو پامال کیا جا رہا ہے، وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اظہار رائے پر قدغن لگا کر لوگوں کے بنیادی حقوق سلب کئے گئے ہیں۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے۔ پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف وسیع پیمانے پہ پکڑ دھکڑ غیر جمہوری عمل ہے۔ اس وقت وطن عزیز پاکستان میں سینکڑوں سیاسی کارکنوں کو بلاجواز قید کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہے۔ جبکہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد جماعتوں کو شرانگیزی کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے کالعدم تکفیری گروہ فتنہ انگیزی کر رہے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کالعدم تکفیری جماعتوں کے جلسے جلوس اور شرانگیزی کو روکا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع جیکب آباد کے جن 27 دہشت گردوں کے نام نیکٹا کے دہشت گردوں کی لسٹ میں ہیں ان کی نقل و حرکت اور عوامی اجتماعات میں شرکت پر پابندی عائد کی جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ اتحاد بین المومنین وقت کی ضرورت ہے۔ ضلع جیکب آباد کی تمام تنظیموں نے اتحاد بین المومنین کا گلدستہ تیار کیا ہے۔ تقریب سے مجلس علماء مکتب اہلِ بیت کے ضلع صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مجلس وحدت مسلمین تعلقہ ٹھل کے صدر غلام حیدر برڑو، جعفریہ الائنس کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری زوار شاہنواز منگی، سید الطاف حسین شاہ، سید محبوب علی شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اور قائد حزب اختلاف جی بی اسمبلی کاظم میثم نے کہا ہے کہ چلاس میں ڈیم متاثرین پر طاقت کے استعمال کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہم عوامی مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ عوام پر ظلم نہ کرے۔

ایک بیان میں کاظم میثم کا کہنا تھا کہ دیامر ڈیم متاثرین کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور ہم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عوامی مطالبات کو حل کرنے کیلئے مذاکرات کی راہ اپنائی جائے ورنہ سکردو میں بھی احتجاج شروع ہوگا، طاقت کا استعمال کسی صورت درست نہیں، دیامر بھاشا ڈیم کے لیے دیامر کے عوام کی قربانیوں کو تسلیم کیا جائے اور معاوضہ ادا کیا جائے۔

وحدت نیوز(قم المقدسہ) حوزہ علمیہ قم کے قدیمی درسگاہ مدرسہ حجتیہ میں شہدائے پاراچنار کی یاد میں منعقدہ مجلس عزا کے دوران علماء و طلاب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اس وقت مقاومت کی کشتی کا ناخدا رہبر معظم انقلاب ہیں جو ان سے آگے جانے یا پیچھے چلنے کی کوشش کرے، ہلاک ہوگا۔ تمام مشکلات کا حل ولی فقیہ کے پاس ہے۔ بابصیرت اور عظیم رہبر کے ہوتے ہوئے ہم شکست نہیں کھاسکتے ہیں۔ جو بھی اللہ کی اطاعت اور کامیابی چاہتا ہے، رہبر معظم انقلاب کی پیروی کرنا ہوگا۔

انہوں نے حزب اللہ کے سابق سربراہ شہید حسن نصر اللہ کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصراللہ خداوند متعال کے نزدیک سرخ رو ہوگئے۔ ہم نے شیعہ سنی عوام کے لئے سید حسن نصراللہ جیسے نفس ذکیہ کو قربان کیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ پاراچنار پاکستان کے شیعوں کا دل ہے۔ لوگوں کا پاراچنار سے عشق ہے۔ ہم پاراچنار کے مظلوموں کے لئے جان دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔ پاراچنار میں فساد کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو پورے پاکستان پر اس کا اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا ہم بے تعلق رہے۔ آج اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کے استعفی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہم نے حکومت اور وزیر اعلیٰ سے بات کی اور بہت سارے لوگوں کے ساتھ مل کر اس فتنے کو روکنے کی کوششیں کیں۔ ہم کبھی بھی خاموش نہیں رہے۔ ہم نے پارلیمنٹ اور سینٹ میں آواز اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ جس دور میں ہم زندگی کر رہے ہیں، وہ فتنوں کا دور ہے۔ اگر امن چاہتے ہیں تو طاقتور بننا ہوگا۔ آج ہمیں طاقتور بننے کی ضرورت ہے بالخصوص مقلدین امام خمینی رہ کے لئے طاقتور بننا بہت ضروری ہے۔ طاقت کے حصول کے لیے دشمن کی اسٹریٹیجی کو سمجھنا چاہئے۔ اپنے زمانے کی شناخت بہت ضروری ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین اوراپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے ضلع کرم اوچت میں دہشتگردوں کی جانب سے کانوائے پر ہونے والے حملے اور شہادتوں سے دل انتہائی غمزدہ ہے۔ یہ حملہ سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ سیاسی کارکنان کو دیواروں میں چنوانے کی بجائے دہشگردوں کا گھیرا تنگ کرتے تو ہم بہادری کی داد دیتے۔ دہشتگرد مکمل طور آزاد ہے، جو کبھی ہماری فوجی جوانوں پر حملہ کرتے ہیں کبھی چائنیز پر اور کبھی مظلوم اہلسنت اور شیعہ عوام پر کرتے ہیں۔ دوسری طرف کے پی کے کی حکومت اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخواہ سکیورٹی معاملات اپنے ہاتھ میں لے نہیں سکتے تو کھلے لفظوں میں اعلان کرے کہ عام شہری اپنی ڈیفنس خود کرے۔

ہم سوال کرنا چاہتے ہیں کہ اس ملک میں دہشتگرد اتنے آزاد کیوں ہے۔ پرامن شہریوں بلخصوص مکتب اہلبیت پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے۔ ہمیشہ کوئٹہ، پاراچنار اور گلگت بلتستان ہی سافٹ ٹارگٹ کیوں ہوتا ہے۔ ریاست ہمیں سلف ڈیفنس کا حق دے دیں ہم اپنی جان و مال کی حفاظت خود کریں گے۔ ہمیں حفاظت کے لیے کسی اور کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔ ٹارگٹ کلنگ ہو یا دہشتگردانہ حملہ ہماری ہی نسل کشی آخر کب رکے گی۔ ضیاءالحق کے دور سے اب تک منظم نسل کشی جاری ہے اور ہمیں ہر میدان میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کیا ہمیں اس ملک کو بنانے کا صلہ اس طرح دیا جا رہا ہے۔ حساس ذمہ داریوں پہ تعیناتی کے لیے بھی ہمارے اوپر سوالات کھڑے جاتے ہیں۔ کیا اتحاد بین المسلمین کے لیے جدوجہد کرنے کا یہی ثمر ہے۔

ہمارے صبر کا بار بار امتحان نہ لیا جائے۔ جینے کا حق ہم سے ہی چھینا جاتا ہے۔ ہمارے خون سے یہ سرزمین رنگین ہوچکی ہے۔ ملک کی چوبیس کروڑ عوام یہ بتائے کہ اس ملک میں اہل تشیع پر حملے ہوتے ہی، اہل سنت پر حملے ہوتے ہی، اہل حدیث پر حملے ہوتے ہیں، سکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملے ہوتے ہیں، چائنیز پر حملے ہوتے ہیں اگر کسی طبقے پر آج تک حملے نہیں ہوئے تو وہ ہمارے حکمرانوں کے آقا امریکنز ہیں۔ آج تک کسی امریکیوں پر پاکستان میں کوئی حملہ نہیں ہوتا۔ بلکہ انکی ایمبیسی کے آگے احتجاج کرنے والوں پر پولیس حملہ آور ہوتی ہے۔ ہمیں سمجھنا ہوگا یہ حملے منظم ہیں اور اصل دشمن کو پہچاننا ہوگا۔ ہمیں دہشتگردی پر پالیسی بدلنی ہوگی۔ دہشتگردوں کو کیپیٹل سمجھنے کی بجائے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔ مذاکرات نہیں بلکہ مفسدین فی الارض قرار دیکر سرکوبی کرنی ہوگی۔ تکفیری نرسریوں کو ہر صورت بند کرنی ہوگی۔ یہ بھی قبل از وقت واضح کر دوں کہ گلگت بلتستان میں سکیورٹی کے حوالے اچھی اطلاعات نہیں ہیں۔

وحدت نیوز(پشاور) کرم میں بے گناہ مسافروں کے قتل عام کیخلاف پشاور میں ملت جعفریہ کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں علمائے کرام، عمائدین اور شیعہ تنظیموں کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری، اور جامعہ عارف الحسینی کے مولانا عابد حسین شاکری نے کی۔

مظاہرین نے پاراچنار کے کانوائے میں مسافروں اور معصوم بچوں سمیت خواتین کی بے گناہ شہادتوں اور نااہل ریاستی اداروں کے ناکامی کے خلاف پشاور پرس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اور پھر مظاہرین ریلی کی شکل میں گورنر ہاؤس پہنچے، جہاں بھرپور انداز میں احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ مظاہرین نے حکومت اور دہشتگردوں کیخلاف نعرہ بازی کی۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر سانحہ پارا چنار کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شرکاء نے پارٹی پرچم، پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشت گردی کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت علامہ ڈاکٹر سید دانش نقوی، علامہ سید سلمان نقوی، علامہ امتیاز کاظمی، علامہ حسن رضا ہمدانی سمیت دیگر علمائے کرام اور عمائدین ملت جعفریہ نے شرکت کی۔ مظاہرین نے دہشت گردی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مقررین نے سانحہ پارا چنار کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے، اداروں کی موجودگی میں اگر حملہ ہوتا ہے تو یہ حملہ پارا چنار کے عوام پر نہیں بلکہ خود سکیورٹی اداروں پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذمہ داروں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو ہم سمجھیں گے کہ اس میں ادارے ملوث ہیں، کیونکہ دہشت گردوں نے حکومتی رٹ کو چیلنج کیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہم کے پی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار اور نواحی علاقوں میں آپریشن کیا جائے اور دہشت گردوں کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ کیا جائے۔ انہوں ںے کہا کہ ہم نے لاشوں پر بھی امن کی بات کی ہے، ہماری اس امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وحدت نیوز(ڈی آئی خان) ڈیرہ اسماعیل خان میں سانحہ کرم کےخلاف بعد از نماز جمعہ کوٹلی امام حسین سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی سے مرکزی نائب علامہ محمد رمضان توقیر، سابق ضلعی صدر مولانا کاظم حسین مطہری، سید زاہد حسنین بخاری، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء تنویر عباس مہدی ایڈوکیٹ اور مولانا سید غضنفر عباس نقوی نے خطاب کیا۔ مقررین نے پاراچنار میں ہونے والے دلخراش، انسانیت سوز واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی کے حصار میں نہتے مسافروں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا ہے، ہمارے شہداء کی قاتل حکومت وقت ہے نہ کہ دہشت گرد ہیں۔ ہمارے قاتل حکومت وقت اور اداروں کے لوگ ہیں۔ ۔ہم وفاقی و صوبائی حکومت سے نہیں مقتدر اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں جو پاکستان کی سیکورٹی کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاچار اور بے بس حکومتوں سے کیا مطالبہ کرنا ہے؟ ان کو کرسی و اقتدار کی جنگ سے فرصت نہیں۔ وفاقی و صوبائی حکمران قومی خزانہ سے عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں، ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔ پاراچنار کے مسئلہ پر گورنر اور وزیراعلیٰ کو پہلے بھی مل چکے ہیں، مگر ان سے مایوس ہیں۔ صوبائی حکومت سے ہم کیا مطالبہ کریں گے وہ تو اپنے لیڈر کے لیے خود بھیک مانگ رہی ہے۔ حیرت کی بات ہے کہ شوشہ اٹھاتے ہیں زمینوں کا جھگڑا ہے، آپ کو شرم نہیں آتی یہ بات کرتے ہوئے، کیا چھ ماہ کا شیرخوار زمین کے لئے شہید ہو رہا ہے۔؟ ان کا کہنا تھا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں پاکستان کے غزہ پاراچنار کے مومنین کو، پے در پے دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود آج بھی میدان عمل میں موجود ہیں، آخر میں علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ قیادت، بزرگوں کے لائحہ عمل اور پاراچنار کے غیور مومنین کی آواز پر ہر وقت آمادہ و تیار ہیں۔

احتجاجی ریلی میں شیعہ علماء کونسل کے صوبائی اور ضلعی عہدیداروں اور مجلس وحدت مسلمین، جعفریہ سٹوڈنٹس، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، سول سوسائٹی اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پاراچنار کے شہداء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر نعرے درج تھے، مظاہرین نے ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور روڈ کو عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔ اور دہشتگردی اور حکمرانوں کی بے حسی کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ضلع کرم میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 38 افراد کی شہادت اور زخمی ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ حکومت اور ادارے مسلسل انتباہ کے باوجود امن قائم کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی میٹنگز اور جرگے بھی اس ظلم کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ کشیدگی بڑھانے والے عناصر کو بے نقاب کرکے فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی نگرانی میں آنیوالے کانوائے پر حملہ دراصل فوج پر حملہ ہے، اس کیلئے آرمی چیف کو موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے دہشت گردوں کیخلاف اقدامات کرنا ہوں گے۔

علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ اب ضروری ہوگیا ہے کہ ضلع کرم اور نواحی اضلاع میں فوجی آپریشن کیا جائے تاکہ ان علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرکے پرامن بنایا جائے۔ انہوں ںے کہا کہ پاراچنار ایک عرصے سے بربریت کا نشانہ بنا ہوا ہے، حکومت اس کی سکیورٹی میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین، آئی ایس او اور وحدت یوتھ جیکب آباد کے زیر اہتمام سانحہ پارا چنار کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے مرکزی امام بارگاہ سے پریس کلب تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہم پارا چنار کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔ جان بوجھ کر پارا چنار کے عوام کو لاشوں کے تحفے دیئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کے عاشقان اہل بیت کے دل پارا چنار کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ قائد شہید حضرت علامہ سید عارف حسین الحسینی کی سرزمین ہونے کے باعث پارا چنار ہماری محبتوں کا مرکز ہے۔ پارا چنار کے شہریوں کا قتل عام ناقابل برداشت ہے۔ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ ایف سی اور سیکیورٹی فورسز پارا چنار کے عوام کے قتل عام کی ذمہ دار ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی نگرانی میں کانوائے پر حملہ کیا گیا۔ لہٰذا سیکیورٹی فورسز پر مکمل ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پارا چنار کے وارثان شہداء نے دھرنا دیا تو پورے ملک کے عوام ان کے حق میں نکلیں گے۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے وحدت یوتھ لاڑکانہ ڈویژن کے صدر سید کامران علی شاہ نے کہا کہ پارا چنار سانحے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ شیعہ سنی جنگ نہیں ہے بلکہ دہشت گرد یزیدی ٹولہ ملک دشمن ایجنسیوں کی ایماں پر اہل تشیع اور اہل تسنن کے بے گناہ انسانوں کو قتل کر رہے ہیں۔ شیعہ سنی نفرت پھیلانے والے اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے ضلع صدر نظیر حسین جعفری نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر آج پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جا رہا ہے۔ اگر ہمیں قائد وحدت نے حکم دیا تو دھرنا دیں گے۔ احتجاجی مظاہرے سے آئی ایس او کے ضلعی صدر برادر عدیل شجاع اور نثار احمد ابڑو نے بھی خطاب کیا۔ 

Page 4 of 1519

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree