وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں پر مسلسل ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور غیرتِ قومی پر بدترین حملہ ہیں۔ یہ حملے دشمن کے گھٹیا عزائم اور بزدلانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، جس کا جواب دینے کے لیے آج پوری قوم یک زبان ہو چکی ہے۔ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اس نازک ترین موقع پر ملک پر مسلط فارم 47 کی پیداوار، نا اہل اور عوام دشمن رجیم مجرمانہ خاموشی اختیار کیے بیٹھی ہے۔جس وقت دشمن پاکستان کی فضاؤں میں ڈرون بھیج کر ہمارے امن و عزت کو للکار رہا ہے، اُس وقت یہ جعلی حکمران ٹولہ اقتدار کی کرسی بچانے اور انتقامی سیاست میں مصروف ہے۔
عوام کے ترجمان بننے کے دعوے دار، وزارتی عہدے سنبھالے گونگے بہرے بنے بیٹھے ہیں، جن کی زبانوں پر تالے اور دلوں میں خوف ہے۔ یہ حکومت نہ صرف دفاعِ وطن میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے بلکہ پاکستان کے وقار اور قومی غیرت کے ساتھ بھی کھلواڑ کر رہی ہے۔آج قوم کا ہر فرد، ہر نوجوان، ہر بزرگ اور ہر شہید کا وارث یہ سوال کر رہا ہے کہ عمران خان جیسے بہادر اور قومی غیرت کے علمبردار قائد کو جیلوں میں ڈال کر، قوم کو یہ مفلوج اور بزدل حکومت کس کے اشارے پر مسلط کی گئی؟ جس عمران خان نے ہمیشہ دشمن کے سامنے ڈٹ کر پاکستان کا مقدمہ لڑا، آج اُس کی آواز کو دبا کر، قوم کی غیرت اور دفاع کا سودا کیا جا رہا ہے۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دشمن کے حملوں کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے، اور اس بے حس اور نا اہل مسلط حکومت کو فارغ کر کے عمران خان جیسے حقیقی عوامی لیڈر کو رہا کیا جائے، جو پاکستان کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم پر لڑنے کا حوصلہ اور جرات رکھتا ہے۔یہ قوم بزدل حکمرانوں کی محتاج نہیں۔ یہ دھرتی غیرت مندوں کی ہے، اور دشمن سن لے — پاکستان کے بیٹے جاگ رہے ہیں، اور حساب برابر کرنے کا وقت اب قریب ہے۔