وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ سید احمد اقبال رضوی صاحب کو وائس چیئرمین نامزد کرلیا۔الحمد للہ! مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نومنتخب چیئرمین، حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تنظیمی ڈھانچے کو مؤثر اور فعال بنانے کے سلسلے میں اپنے اولین اقدام کے طور پر حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کو وائس چیئرمین مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ فیصلہ کابینہ کی تشکیل کے ابتدائی مرحلے میں کیا گیا، جس کا مقصد تنظیمی امور کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھانا اور ملک بھر میں وحدتِ امت اور ملی استحکام کے مشن کو مؤثر انداز میں جاری رکھنا ہے۔مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نامزد وائس چیئرمین اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے تنظیمی مقاصد کے حصول میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔