The Latest

وحدت نیوز(ملتان) شہید علامہ ناصر عباس کو ہزاروں عقیدت مندوں اور سوگواروں کی موجودگی میں آہوں، سسکیوں کے ساتھ درگاہ شاہ شمس تبریز میں سپرد خاک کر دیا گیا، سخت سردی اور دھند کے باوجود ان کے سفر آخرت میں شیعہ علما کرام، عمائدین شہر اور شیعہ مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے، لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر پرسہ دیتے رہے۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، لاہور سے ان کی میت پہلے ملتان چونگی نمبر 9 لائی گئی، جہاں ہزاروں مظاہرین 9 گھنٹے سے دھرنا دیئے بیٹھے تھے۔ احتجاجی دھرنے کے بعد علامہ ناصر عباس کا جسد خاکی شمس آباد میں واقع ان کے گھر لایا گیا۔ اس سے قبل علامہ ناصر عباس کی نماز جنازہ لاہور میں گورنر ہاوٴس کے باہر ادا کی گئی، نماز جنازہ سے قبل ہزاروں افراد نے دھرنا دیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، علامہ ناصر عباس کو اتوار کی رات لاہور کے علاقے شادمان میں ایک مجلس عزا میں شرکت کے بعد واپسی پر ایف سی کالج کے نزدیک فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔

 

دیگر ذرائع کے مطابق لاہور میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنما علامہ ناصر عباس کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں درگاہ شمس تبریز میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس سے قبل ان کی نماز جنازہ شاہ شمس تبریز کے مزار کے احاطے ہی میں ادا کی گئی تھی۔ قبل ازیں علامہ ناصر عباس کی میت ملتان پہنچی تو عزاداروں نے میت کو گھیرے میں لے لیا اور چونگی نمبر نو پر احتجاجی دھرنا دیا اور ماتم کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو کیفر کردارتک پہنچایا جائے۔ احتجاجی دھرنا 9 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، جس کے بعد علامہ ناصر عباس کی میت شمس آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ لے جائی گئی۔

وحدت نیوز(کراچی) معروف ذاکر اہل بیت (ع)شہید علامہ ناصر عباس کی مظلومانہ شہادت کے بعد سندھ کے دارلحکومت کراچی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے امام باررگاہ شہدائے کربلا خیرالعمل انچولی روڈ  سے ایک بڑی ماتمی ریلی نکالی گئی جو شاہرائے پاکستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوئیں، ریلی کی قیادت  ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ،صوبائی ، ڈویژنل اور ضلعی قائدین نے کی ، شرکائے ریلی نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس ملتانی کی مظلومانہ شہادت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ، شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب کے صوبائی دارلحکومت لاہور میں علامہ ناصر عباس ملتانی کا بہیمانہ قتل صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔کراچی کے دیگر علاقوں انچولی سوسائٹی، ملیر جعفر طیار سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی مظاہرین نے شیعہ رہنما علامہ ناصر عباس ملتانی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔احتجاجی مظاہروں سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں مولانا اعجاز بہشتی، مولانا صادق رضا تقوی، مولانا علی انور جعفری،مولانا ذوالفقار جعفری، سید علی حسین نقوی، احسن عباس ، حسن ہاشمی اور رضا نقوی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔انچولی میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ اعجاز بہشتی اور کراچی کے سیکرٹری جنرل برادر حسن ہاشمی نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں سے خوفزدہ ہونے کی بجائے دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے اور لاہور میں شہید ئے جانیو الے معروف ذاکر اہلبیت ؑ علامہ ناصر عباس کے قتل میں ملوث تکفیری سوچ کے حامل مدارس کے دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرے اور منظر عام پر لائے۔مسجد حسنین ملیر جعفر طیار سوسائٹی سے  نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل احسن عباس ، مولانا ذوالفقار جعفری اور ثمر رضا  کاکہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی ادارے دہشتگردو ں کی پشت پناہی کرنا چھوڑ دیں اور پاکستان کے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں، ان کاکہنا تھا کہ ملک میں موجود تکفیری سوچ کی اقلیت پر مشتمل مدارس میں موجود خطر ناک دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جائے اور دہشت گردوں کی آماجگاہ مدارس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں نصاب تعلیم مین سے دہشت گردانہ مواد کا خاتمہ یقینی بنائیں اور ملک کو امن کا گہواراہ بنانے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔مظاہروں میں خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کے قتل میں ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں ملوث ہیں جو ملک کے عدم استحکام کرنے کی گھنانی سازش کر رہے ہیں، انکاکہنا تھا کہ پاکستان بنانے میں ملت جعفریہ نے قربانیاں پیش کی تھیں تاہم ملک کے استحکام کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ، انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی یہی سمجھتا ہے کہ ملت جعفریہ کو دیوار سے لگا دیا جائے گا تو یہ اس کی بھول ہے ، ملت جعفریہ کے خلاف سازش در اصل اسلام اور پاکستان کے خلاف سازش ہے ، حکومت اور ریاستی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ملت جعفریہ کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور دہشت گردوں کی سرپرستی چھوڑ کر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔اس موقع پر شرکا نے مردہ باد امریکہ، اسرائیل نا منظور اور دہشت گردی نا منظور اور علامہ ناصر عباس کے قتل کی مذمت پر مبنی نعرے لگائے۔

اسلام آباد ( وحدت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے راہنما اور ملک کے ممتارذاکر اور خطیب علامہ ناصر عباس آف ملتان کی صوبائی دارلحکومت لاہور میں مظلومانہ شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں تین دن سوگ منایا گیا ، اس دوران کراچی سے خیبر اور کوئٹہ سے گلگت بلتستان تک ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں شریک ہزاروں افراد نے علامہ ناصر عباس آف ملتان کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھر پور احتجاج کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ،وفاقی دارلحکومت اسلام آبادمیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سینکڑوں کارکنوں نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے راہنماؤں علامہ علی شیر انصاری اور مولانا چوہدری ضیغم عبا س نے کی ، مظاہرین نے بڑے بڑے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردوں اور ان کی سرپرستی کرنے والے حکمرانوں کے خلاف نعرت درج تھے مظاہرین نے حکومت پنجاب کے کو علامہ ناصر عباس ملتانی کے قتل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور قاتلوں کے سرپرست صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی برطرفی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) پنجاب میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اسکی روک تھام کے سلسلے میں کوئی بھی سنجیدہ اقدامات نہ کرنا پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اتحاد بین المسلمین کیلئے سرگرم افراد بالخصوص علمائے کرام کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ گذشتہ کئی مہینوں سے عوام کا قتلِ عام ہو رہا ہے جبکہ حکومت اور انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سنجیدہ نہیں، جس سے دہشتگردوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔ بعض سازشی عناصر اس طرح کے واقعات کروا کر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کا کردار کافی مشکوک رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید عباس علی موسوی ، علامہ ولایت جعفری اور دیگر رہنمائوں نے وحدت ہائوس کوئٹہ سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں کیا ۔

 

مجلس وحدت مسلمین نے سانحہ راولپنڈی کے بعد رانا ثناءاللہ کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ اُن کا تانا بانا دہشتگردوں کے ساتھ ہے اور وہ قائم جوڈیشل کمیشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت نے اس بات کا نوٹس نہیں لیا جو پنجاب کی امن و امان کے حوالے سے بہت اہم ہے۔ حکومت اگر پنجاب میں امن کا قیام چاہتی ہے تو اُسے فوری طور پر رانا ثناءاللہ کو اس کے عہدے سے برطرف کرنا ہو گا۔ بیان میں حکومت سے علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزاء کا مطالبہ کیا گیا اور علامہ صاحب کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور اُن کے درجات کے بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے تحریک نفاد فقہ جعفریہ کے رہنماء و ملک کے ممتاز ذاکر اور خطیب علامہ ناصر عباس آف ملتان کی مظلومانہ شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز حکومت ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کا جواب دے، دنیا جانتی ہے کہ جب بھی نواز شریف برسر اقتدار آتے ہیں تو کالعدم جماعتیں پھر سے سر اٹھا لیتی ہیں۔ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے اور دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ علامہ ناصر عباس کا قتل ایک قومی و ملی نقصان ہے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہم دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ یہ ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملے ہمیں دہشت گردوں کے سامنے جھکنے پر مجبور نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ پاکستان کے غیور اور محب وطن اہلسنت و اہل تشیع مل کر ارض پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے، علامہ حسن ظفر نقوی کا مزید کہنا تھا کہ میلاد البنی (ص) اور عزاداری امام حسین (ع) کے جلوسوں پر پابندی لگانے والے تاریخ سے سبق حاصل کریں، تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی ان جلوسوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو یہ پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ عزداری کے جلوس نکالے گئے، انشاءاللہ یہ مظاہرہ چہلم سیدالشہداء اور عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر بھی کیا جائیگا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی نے کہا ہے کہ علامہ ناصر عباس کی مظلومانہ شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ نواز حکومت نے ملک کی سلامتی کو طالبان دہشتگردوں کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے علمی شہر قم المقدسہ میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی کے بعد ملک بھر میں شیعہ سنی کے درمیان استعماری طاقتوں کے ایجنٹوں نے تفرقہ ایجاد کرنیکے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کے شیعہ اور سنی مسلمانوں نے اپنے اتحاد سے یہ ثابت کیا کہ وطن عزیز میں فرقہ واریت نام کی کوئی چیز موجود نہیں بلکہ یہ محض ایک خارجی ٹولے کی سازش ہے جو اپنے آقا امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے ایماء پر ملک میں فرقہ واریت کا بیج بو رہا ہے۔

 

علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ لاہور کی عوام نے شہید کے جنازے کو شایان شان طریقہ سے اٹھا کر ثابت کر دیا ہے کہ یہ بیدار ملت اپنے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے میدان میں حاضر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ ناصر عباس کی شہادت اس بات کی غماز ہے کہ دشمن عزاداری و دشمن آل محمد (ص) ہم سے خوفزدہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے علامہ ناصر عباس کو شہید کرکے ہمیں اس راستے سے روکنے کی کوشش کی ہے، لیکن ہمارا دشمن اتنا احمق ہے کہ جتنا ہمارا خون بہتا ہے اتنا ہی عزاداری میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں شہید کی یاد کو زندہ رکتھے ہوئے عزاداری کے مشن کو جاری و ساری رکھیں گے اور اس راہ میں اپنے خون کا آخر قطرہ تک بہانے کیلئے تیار ہیں۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے گورنر ہاوُس کے سامنے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ممتاز ذاکر اور خطیب علامہ ناصر عباس آف ملتان کی مظلومانہ شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کی یہ سنگین واردات دہشتگردوں سے مذاکرات کی پالیسی اپنانے والے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے، بزدل حکمران بتائیں کہ دہشت گردوں اور سفاک قاتلوں سے مذاکرات کی باتیں کرنا اعتراف شکست نہیں تو اور کیا ہے؟ آئے روز علمائے کرام اور عمائدین ملت سمیت بے گناہ افراد کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے اور حکومت و حکومتی ادارے قاتلوں کی گرفتاری کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ جس حکومت میں وزیر قانون کے لبادے میں رانا ثناءاللہ جیسے دہشت گردوں کے حامی موجود ہوں، وہاں دہشت گردوں کے خلاف کسی کارروائی کی توقع ہی نہیں کی جاسکتی۔

 

دھرنے کے شرکاء سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ یہ ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملے ہمیں دہشت گردوں کے سامنے سر جھکانے پر مجبور نہیں کرسکتے، انشاءاللہ پاکستان کے غیور اور محب وطن اہلسنت و اہل تشیع مل کر ارض پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میلاد البنی (ص) اور عزاداری امام حسین (ع) کے جلوسوں پر پابندی لگانے والے تاریخ سے سبق حاصل کریں، تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی ان جلوسوں کو روکنے کی کوشش کی گئی، یہ پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ نکالے گئے، انشاءاللہ یہ مظاہرہ چہلم سید الشہدا (ع) اور عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر پور دنیا دیکھے گی۔

 

دھرنے سے علامہ گلفام ہاشمی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال ہے، ہم شہید علامہ ناصر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دینگے، جنازے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک تھے۔ 18 گھنٹے کے پرامن احتجاج نے یہ ثابت کر دیا کہ ملت جعفریہ نے ہمیشہ مہذبانہ احتجاج ریکارڈ کروایا اور قانون کو کبھی ہاتھ میں لینے کی کوشش نہیں کی۔ علامہ ناصر شہید کی میت کو ان کی بیٹی کی پرزور اپیل پر احتجاج کو مختصر کرکے ملتان روانہ کیا گیا۔

وحدت نیوز(لاہور) گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے 14 گھنٹے دھرنا دینے کے بعد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماء شہیدعلامہ ناصر عباس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی اور میت  بذریعہ ایمبولینس ملتان روانہ کردی گئی ہے ۔میت کو پہلے بذریعہ ہیلی کاپٹر ملتان لے کے جانا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث فیصلہ تبدیل کیا گیا اور میت بائی روڈ ملتان روانہ کر دی گی ، نماز جنازہ کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ اتوار کی رات بارہ بجے کے قریب شادمان میں مجلس عزا سے خطاب کے بعد گھر جاتے ہوئے علامہ ناصر عباس کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار دو افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ اُن کے قتل کے خلاف مظاہرین نے پیر کی علی الصبح 3 بجے گورنر ہاؤس کے سامنے میت رکھ کر دھرنا دے دیا۔ شرکاء اس موقع پر شدید نعرہ بازی اور سینہ کوبی کرتے رہے۔ صبح ڈی آئی جی آپریشنز کے ساتھ مظاہرین کے مذکرات ہوئے، جس کے بعد علامہ ناصر عباس کی میت کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دھرنا جاری رہا۔

 

پوسٹ مارٹم کے بعد علامہ ناصر عباس کی میت امام بارگاہ قصر بتول شادمان پہنچا دی گئی۔ شام ساڑھے چار بجے ان کی میت گورنر ہاؤس کے سامنے لائی گئی اور نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نماز جنازہ کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور علامہ ناصر عباس کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے تدفین کے لئے ملتان روانہ کر دی گئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علامہ ناصر عباس کو چار گولیاں لگیں، سر پر لگنے والی گولی ان کی موت کا سبب بنی۔ گارڈن ٹاؤن تھانے میں علامہ ناصر عباس کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

وحدت نیوز(حیدر آباد) حکومت پنجاب پوری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ کراچی سے خیبر تک دہشت گردوں نے کھلے عام دہشت گردی کر رکھی ہے حکومت پاکستان اور حکومتی ادارے آخر کر کیا رہے ہیں ان دہشت گردوں کو کیوں نہیں پکڑ تے حکومت ہر واقع کے بعد کہہ دیتی ہے کہ کمیٹی بنا دی ہے پر وہ کمیٹیاں پتہ نہیں کون سی رپورٹ دیتی ہیں جو نا منظر عام پر آتی ہیں اور نہ ہی دہشت گردوں کی کوئی گرفتاری عمل میں آتی ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہید علامہ ناصر عباس ملتانی اور شہید علامہ دیدار علی جلبانی کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کر کے سر عام پھانسی دی جائے اور دوسرا مطالبہ یہ کرتے ہیں کہ حکومت پنجاب ، پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو فوری طور پر وزارت سے ہٹایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے سیکریٹری جنرل علامہ امداد نسیمی ، مولانا گل حسن مرتضوی،سید عروج تقوی،سید وقار زیدی اور سید دانش زیدی نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

وحدت نیوز(جعفر آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کے ہمراہ بلوچستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے کونسلرز، سیاسی سیل کے اراکین اور تنظیمی شخصیات کے اہم اجلاس میں شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر محمد صادق عمرانی، صوبائی مشیر مذہبی امو اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالماجد جاموٹ و دیگر سے بھی ملاقاتیں کی گئیں۔ اس موقع پر تحصیل تمبو میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ بلوچستان محبان اہل بیت (ع) کی سرزمین ہے ، بلوچستان کو امن و محبت کا گہوارہ بناناایم ڈبلیو ایم کا بنیادی ہدف ہے، جس کے لئے ہم تمام محب وطن سیاسی قوتوں اور قبیلوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا قیام چاہتے ہیں ۔ بلوچستان کےبے گناہ  لاپتہ افراد کے اہل خانہ کا دکھ ہمارا دکھ ہے ، سپریم کورٹ اپنا عادلانہ کردار ادا کر تے ہو ئے جلد از جلد لاپتہ افراد وک بازیاب کروائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree