The Latest

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔ بلوچستان میں بدامنی عروج پر ہے، یہاں کوئی شخص محفوظ نہیں ہے۔ بلوچستان کے حالات پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ ریلوے ٹریک، روڈ راستے سبھی غیر محفوظ بن چکے ہیں۔ آئے روز مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈٹ کی حامل حکومت پرامن احتجاج سے خائف ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سابق وزیراعلیٰ سردار اختر جان مینگل کے پرامن احتجاج کے راستے میں رکاؤٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ جمہوری وطن پارٹی کے رہنماء نوابزادہ گہرام خان بگٹی کو بلا جواز گرفتار کیا گیا ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کی مقتدر قوتوں کو اب یہ بات سمجھ جانی چاہئے کہ جعلی مینڈٹ کے حامل مصنوعی لیڈروں کے پاس ملک و قوم کی قیادت کرنے کی صلاحیت اور اہلیت نہیں ہے۔ نا قوم ان پر اعتماد کرتی ہے نا ہی وہ قوم کی ترجمانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی امن و امان کی ابتر صورتحال اغواء برائے تاوان چوری اور ڈاکے سے تنگ آ کر ہزاروں ہندو خاندان پچھلے چھ ماہ میں نقل مکانی کرکے پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔ وسیع پیمانے پر ہندو تاجروں کا ملک چھوڑ کر جانا افسوسناک ہے۔

وحدت نیوز(اصفہان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام طلاب کے لیے ایک روحانی و تفریحی دورہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے امام زادہ سید محمد (فرزند سید زید شہید) کے روضہ مبارک اور شہید محسن حججی کے مرقد پر حاضری دی۔

دورے کے آغاز میں شرکاء نے خمینی شہر میں واقع امام زادہ سید محمد کے روضہ مبارک کی زیارت کی، جس کے بعد شہید جاویدان محسن حججی کے نورانی مرقد پر فاتحہ خوانی کی گئی۔

 تقریب کے دوران برادر غلام علی بلتستانی نے شہداء کی عظمت پر ایک ترانہ پیش کیا، جبکہ سید اسرار عباس نقوی اور برادر نبیل حسین نے شہداء کے مقام اور ان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے اپنے بیانات میں کہا کہ شہداء کی وجہ سے ہی آج ہم محفوظ ہیں اور انہوں نے وحدت اسلامی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی اور استکباری قوتیں نہ صرف اسلام بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں، جو مسلمانوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین عسکری نے بھی طلاب سے ملاقات کی اور انہیں وعظ و نصیحت فرمائی۔ آخر میں شرکاء نے ایک پارک میں دوپہر کے کھانے سے لطف اندوز ہونے کے بعد تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور ہاسٹل واپس آگئے۔  یہ دورہ طلاب کے لیے روحانی تربیت اور تفریح کا ایک بہترین موقع ثابت ہوا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مرکزی صدر عزاداری ونگ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک اقرار حسین علوی کی جانب سے مرکزی سیکریٹری یوتھ ونگ علامہ اعجاز حسین بہشتی کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں اراکین شوری عالی علامہ محمد اقبال بہشتی،نثار علی فیضی ،مرکزی مسول دفتر ارشاد بنگش ،مجلس علما اہلبیت کی مرکزی کابینہ کے اراکین علامہ اصغر عسکری، علامہ سید ثمر علی نقوی اور ملک خاور بھی شریک ہوئے۔

مرکزی صدر عزاداری ونگ ملک اقرار حسین علوی نے علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی کی رفاہی و فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں "ذوالفقار حیدری" ایوارڈ دیا۔

 شرکاء محفل نے علامہ شیخ اعجاز بہشتی کی طویل جدوجہد اور قومی و ملی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔قبل ازیں علامہ شیخ اعجاز بہشتی کی آمد پہ انہیں پھولوںکا گلدستہ پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا،تقریب کے آخر میں علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی نے عزاداری ونگ کا شکریہ ادا کیا،تقریب کے اختتام پہ پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے بلوچستان کے دورے میں ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ علمدار روڈ کوئٹہ کی جانب سے منعقدہ نشست میں شرکت کی جس  میں گزشتہ چند مہینوں کی تنظیمی کارکردگی ، العصر پراجیکٹس ، تربیتی ورکشاپس اور یونٹ سازی جیسے تنظیمی امور کی تفصیلات پیش کی گئیں ، عصری تقاضوں کے پیشِ نظر خواتین کے لیے مارشل آرٹس اور اسپورٹس کے فروغ میں ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ علمدار روڈ کوئٹہ کی عہدیدارن و کارکنان کی کاوشوں کو سراہتے  ہوئے قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے نصیحت کی کہ اس طرح کے مزید پروگرام کے ذریعے اسلامی اصولوں اور شرائط کے ساتھ محفوظ ماحول میں جوان بیٹیوں کی روحانی و جسمانی تربیت کی جائے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) سینئرسیاستدان و سابق سینیٹرنوابزادہ حاجی میرلشکری خان رئیسانی سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مرکزی رہنما اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس ،صاحبزادہ حامد رضا،سردارلطیف کھوسہ،عبدالرحیم زیارتوال کی قیادت میں وفدنےکوئٹہ میں ان کی رہائش گا ہ پر ملاقات کی۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین نے نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی سے بات چیت کے دوران ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص بلوچستان میں امن وامان کے مخدوش حالات اور بلوچ عوام کے ریاستی استحصال سمیت حقوق کی عدم فراہمی جیسے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔

مہمان قائدین نے نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اغراض ومقاصد اور اہداف سے بھی آگاہ کیا اور انہیں اس اتحاد میں باقائدہ شمولیت کی دعوت بھی دی گئی، نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی نے معزز مہمانان گرامی کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور آخر میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی گئی۔

اس موقع پر ایم ڈبلیوایم بلوچستان کے صوبائی قائدین اور ضلعی رہنماؤں پر مشتمل وفد بھی ملاقات میں شریک تھا جس میں صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری، جنری سیکریٹری سہیل اکبر شیرازی ودیگر بھی شامل تھے۔

وحدت نیوز(پشین) پشین بلوچستان میں پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام جلسے سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین توڑنے والوں کو پھانسی ہونی چاہئے، انصاف کے قاتل جسٹس منیر کی باقیات وہ ججز، ظالم، قاتل اور ڈاکو جنہوں نے مارشل لاز کو قانونی جواز فراہم کیا، آئین پاکستان کو توڑنے کی سزا، سزائے موت ہے، اگر یہ سزا اس وقت کے آئین شکن جرنیلوں کو دی جاتی تو ملک دولخت نہ ہوتا، آئین پاکستان ہی وہ دستاویز ہے جس نے پورے پاکستان کی اکائیوں کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے، جس میں عوام کے حقوق درج ہیں، لیکن جو بھی آتا ہے وہ آئین کو ہی پامال کرتا ہے، انیس سو ستر میں ہونے والے صاف شفاف انتخابات میں عوامی رائے کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا ایک سال بعد ملک ٹوٹ گیا، اس وقت جو اقتدار کے رسیا جرنیل اور ناعاقبت اندیش سیاستدان  ملک توڑنے کے ذمہ دار تھے انکی کارستانیاں حمود الرحمن کمیشن رپورٹ میں پڑھ سکتے ہیں، اب بھی ملک میں وہی تاریخ دوہرائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‏ماہ رنگ بلوچ ہماری قوم کی بیٹی ہے اور کوئی بھی غیرت مند معاشرہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ ایسا سلوک برداشت نہیں کرتا، اسلام آباد میں بلوچ بیٹیوں کے ساتھ جو ظلم ہوا، ہم نے اس وقت بھی اس کی مذمت کی، دھرنے میں جا کر ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور ان کے سروں پر چادر رکھی، ہم آپ کے درد کو محسوس کرتے ہیں، کیونکہ اس وقت پورے پاکستان کے عوام ظلم کا شکار ہیں، ‏اب وقت آ چکا ہے کہ وطن عزیز کی بقا کے لیے ہم سب مظلوم ایک ہو جائیں اور ان وطن دشمنوں کا مقابلہ کریں، بلوچستان کی ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں پورے پاکستان کے لیے ایک مثال ہیں، ہمیں اپنے حقوق کے لیے گھروں سے نکلنا ہوگا، ورنہ یہ ظالم باقی ماندہ پاکستان کو بھی برباد کر دیں گے، ہمیں اپنے ملک کو بچانا ہے اور ان ظالموں کو روکنا ہے ‏اور اے ظالمو! سن لو، جب کسی تحریک میں خواتین شامل ہو جائیں، تو اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ ہمیں متحد رہنا ہے، کیونکہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور اس کے عوام کا اس پر سب سے زیادہ حق ہے، ان شاء اللہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان ان ظالموں کو روکے گی اور وطن عزیز کو امن و انصاف کا گہوارہ بنائے گی۔

وحدت نیوز(مستونگ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی زیر قیادت لکپاس کے مقام پر جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہمیشہ دو طبقے رہے ہیں ایک ظالم اور دوسرا مظلوم۔ ہم ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے خلاف ہیں۔ مولا علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ ہمیشہ ظالم کے خلاف کھڑے ہو اور مظلوم کے مددگار بنو۔ آج جب دنیا کے تمام ظالم ایک ہو چکے ہیں، تو ہمیں بھی چاہیے کہ ہم سب مظلوم متحد ہوں اور اپنی جدوجہد کو منظم کریں۔

‏میں آپ کے سامنے ہوں،میرے کئی ساتھی اور دوست گزشتہ دس سال سے لاپتہ ہیں۔ اس لاقانونیت اور ظلم کے خلاف ہمیں مل کر آواز بلند کرنی ہوگی۔ پنجاب سمیت پاکستان بھر کے عوام اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں۔ بلوچستان کے عوام غیرت مند، باشعور اور بہادر ہیں، اور وہ اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں۔ بدقسمتی سے ہم پر ایسے عناصر کو مسلط کر دیا گیا ہے جو ظلم و جبر کے ذریعے عوام کے حقوق سلب کر رہے ہیں۔ ان بے بصیرت کرپٹ وطن دشمن حکمرانوں نے ماضی کے سانحات، خصوصاً مشرقی پاکستان کے المیے سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔

‏ماہ رنگ بلوچ ہماری قوم کی بیٹی ہے، اور کوئی بھی غیرت مند معاشرہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ ایسا سلوک برداشت نہیں کرتا۔ اسلام آباد میں بلوچ بیٹیوں کے ساتھ جو ظلم ہوا، ہم نے اس وقت بھی اس کی مذمت کی، دھرنے میں جا کر ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور ان کے سروں پر چادر رکھی۔ ہم آپ کے درد کو محسوس کرتے ہیں، کیونکہ اس وقت پورے پاکستان کے عوام ظلم کا شکار ہیں۔

‏اب وقت آ چکا ہے کہ وطن عزیز کی بقا کے لیے ہم سب مظلوم ایک ہو جائیں اور ان وطن دشمنوں کا مقابلہ کریں۔ بلوچستان کی ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں پورے پاکستان کے لیے ایک مثال ہیں۔ ہمیں اپنے حقوق کے لیے گھروں سے نکلنا ہوگا، ورنہ یہ ظالم باقی ماندہ پاکستان کو بھی برباد کر دیں گے۔ ہمیں اپنے ملک کو بچانا ہے اور ان ظالموں کو روکنا ہے۔

‏اور اے ظالمو! سن لو، جب کسی تحریک میں خواتین شامل ہو جائیں، تو اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ ہمیں متحد رہنا ہے، کیونکہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور اس کے عوام کا اس پر سب سے زیادہ حق ہے۔ ان شاء اللہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان ان ظالموں کو روکے گی اور وطن عزیز کو امن و انصاف کا گہوارہ بنائے گی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان قائد وحدت سینیٹر  علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سنگین سیکیورٹی خطرات کے باوجود سردار اختر مینگل کی بلوچستان نیشنل پارٹی کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے اپوزیشن قائدین کے ہمراہ کوئٹہ آمد اور شاندار استقبال۔

قبل ازیں علامہ راجہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا کو ایڈوائس کیا جا تارہا کہ سردار اختر مینگل کے دھرنا میں شرکت نہ کریں کیونکہ مستونگ میں تکفیری دہشت گرد ان دونوں شخصیات کو نشانہ بناسکتے ہیں ۔ سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین بلوچستان اور پی ٹی آئی بلوچستان کے ساتھی بھی شدید ترین سیکورٹی تھریٹس کی وجہ سے وہاں ان دونوں شخصیات کے نہ جانے کے حق میں تھےمگر صاحبزادہ حامد رضا اور علامہ راجہ ناصر عباس نے باہمی مشاورت کے بعد مستونگ جانے کافیصلہ کیا۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان میں بدترین سیکورٹی صورتحال کے باوجود، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے مستونگ دھرنے میں شرکت کرکے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ صوبے میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔‏رہنماؤں نے اپنے خطاب میں ماہرنگ بلوچ سمیت تمام گرفتار اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن کے بغیر ملک میں حقیقی استحکام ممکن نہیں، اور اس مقصد کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔‏یہ دھرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے پرعزم ہیں اور وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پرامت مسلمہ کے نام جاری اپنےتہنیتی بیان میں کہا ہے کہ کلُّ يَومٍ لا يُعصى اللَّهُ فيهِ فَهُوَ يَومُ عيدٍ
‏ “ہر وہ دن عید ہے جس دن اللہ کی نافرمانی نہ کی جائے۔” (امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام)

‏عید سعید الفطر صرف خوشی کا دن نہیں، بلکہ یہ ہمیں احساس، ہمدردی اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ اس دن جب ہم اپنے گھروں میں خوشیوں سے سرشار ہیں، ہمیں ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ظلم و جبر کا شکار ہیں، جن کے دل غمزدہ ہیں، اور جو مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔

‏ہمیں اپنے وطن کے ان بے گناہ اسیروں کو نہیں بھولنا جو ناحق جیلوں میں قید ہیں، اور نہ ہی شہدائے ملت کے ان خانوادگان کو جو اپنے پیاروں کی جدائی کا غم سہہ رہے ہیں۔ ہمیں ان بے گناہ شہداء کو بھی یاد رکھنا ہے جو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھے، اور ان کے لواحقین کے دکھ درد میں شریک ہونا ہے۔

‏اسی طرح، ہمیں اپنے اردگرد موجود مفلس، بے سہارا اور یتیم بچوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے تاکہ ہماری خوشیوں میں وہ بھی شامل ہو سکیں۔ یہ عید ہمیں سکھاتی ہے کہ خوشیوں کو دوسروں میں بانٹنا ہی اصل عید ہے۔

‏ہم ہرگز نہیں بھول سکتے کہ پاراچنار کے مظلوم عوام طویل عرصے سے محصور ہیں، بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے درد کو محسوس کرنا، ان کے لیے آواز بلند کرنا اور ان کی مدد کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانا ہمارا فرض ہے۔ اس عید پر ہمیں ان کے حق میں دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مشکلات آسان فرمائے اور ظالموں کے حصار کو توڑ دے۔

‏اسی طرح، ہم پر لازم ہے کہ مظلومینِ جہاں کو بھی یاد رکھیں—غزہ کے نہتے فلسطینی، لبنان کے بہادر مجاہدین، یمن کے مظلوم عوام، جو امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کے سنگین مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ عید کے دن ہم ان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں، ان کی فتح اور کامیابی کے لیے دعا کریں اور ہر ممکن طریقے سے ان کی مدد کا عزم کریں۔

‏یہی عید کی اصل روح ہے—اپنی خوشیوں میں مظلوموں کو یاد رکھنا، ان کے درد کو محسوس کرنا، اور حق و انصاف کی راہ میں اپنا کردار ادا کرنا۔

‏اللہ تعالیٰ اس عید کو ہم سب کے لیے برکت، سلامتی، انصاف اور اتحاد کا ذریعہ بنائے۔

وحدت نیوز(گھوٹکی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ فلسطین نے عصر حاضر میں بہت سارے چہروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اسرائیل اور امریکہ کے ہاتھوں غزہ کے قتل عام کے بعد آج منافقین کے مکروہ چہرے امت مسلمہ کے سامنے واضح ہو چکے ہیں۔ فلسطین حق اور صداقت کا میزان بن کر امت مسلمہ کے خائن غداروں کو رسوا کر رہا ہے۔ امت مسلمہ پوچھتی ہے کہ 50 ہزار سنی مسلمان فلسطین میں ذبح ہو گئے مگر امارت اسلامیہ افغانستان کے سربراہ اور طالبان کے امیر المومنین کیوں خاموش ہیں؟ عرب دنیا کے حکمران امام کعبہ اور خادم حرمین شریفین کیوں اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں؟ کیوں مسجد نبوی کے ملا اور مفتی صاحبان نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے؟

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصغریہ علم و عمل تحریک ڈویژن سکھر اور ضلع گھوٹکی کے زیر اہتمام منعقدہ القدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود دومکی نے کہا کہ یمن کے مجاہدین جنہیں باغی کہہ کر آٹھ سال سعودی عرب اور امریکہ کی قیادت میں نام نہاد اسلامی فوج نے بمباری اور ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا آج وہی انصار اللہ اور یمن کے غیرت مند مسلمان قبلہ اول کے محافظ بن چکے ہیں۔ جن کے خلاف دین فروش ملا اور مفتیوں نے سعودی حکمرانوں کے ساتھ مل کر یہ پروپیگنڈا کیا کہ ان سے کعبے کو خطرہ ہے۔ آج پتہ چلا کہ کعبے کو خطرہ انصار اللہ یمن سے نہیں بلکہ خائن حرمین شریفین اور اسرائیل سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی نصرت سے حماس، حزب اللہ، انصار اللہ اور اہل غزہ اس معرکہ حق و باطل میں سرفراز ہوں گے اور اسرائیل و امریکہ کے مقدر میں ذلت و رسوائی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ القدس سیمینار سے جامع مسجد جعفریہ گھوٹکی کے خطیب مولانا پہلوان علی سنگھڑ، اے ایس او پی کے مرکزی صدر سید منظر حسین نقوی، مبلغ رمضان مرکزی امام بارگاہ مولانا محمد اقبال کریمی، مبلغ رمضان امام بارگاہ جعفریہ مولانا حامد علی رضوی، مبلغ رمضان گاؤں عبداللہ شاھاٹی مولانا جعفر حسین، ڈویژنل صدر اصغریہ علم و عمل تحریک احسان علی مصطفائی، ڈویژنل ابلاغ عامہ سیکریٹری اصغریہ علم و عمل تحریک سید فرمان حیدر نقوی اور ضلعی صدر گھوٹکی سید محسن رضا نقوی نے بھی خطاب کیا۔

Page 12 of 1554

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree