The Latest

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام شھدائے ملت جعفریہ، شہدائے مقاومت، شہدائے قدس بالخصوص شہید سید حسن نصراللہ، اسماعیل ھنیہ، یحیی سنوار اور سید ہاشم صفی الدین کی یاد میں مسجد الحسین کے باہر شمعیں روشن کی گئیں۔ جس میں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب علامہ سید اقتدار حسین نقوی، صوبائی سیکرٹری فنانس غلام حسنین انصاری،صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید وسیم زیدی نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں بسنے والے بیدار لوگ اسرائیلی بربریت اور جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، ظالم کے خلاف کم از کم عملی جہاد کی ضرورت ہے، پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ عج سے کیا گیا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے تحریک مقاومت اسلامی حزب اللہ لبنان کی قیادت شیخ نعیم قاسم کے سپرد کیئے جانے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام جاری کیا ہے ۔

علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ میںخدا وند متعال سے شیخ نعیم قاسم کیلئےاستقامت اور رہنمائی چاہتا ہوں کیونکہ وہ اس غیر معمولی اورمشکل وقت میں حزب اللہ کی قیادت سنبھال رہے ہیں۔ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی اور لبنان میں جارحیت نے حسن نصر اللہ اور ہاشم سیف الدین کی شہادت کے باوجود حزب اللہ کے جنگجوؤں کی غیر متزلزل مزاحمت کو جنم دیا ہے۔

شیخ نعیم قاسم کا وژن اور اسٹرٹیجک مہارت اس کٹھن دور کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کے حالیہ بیانات اسرائیلی جارحیت کے خلاف مزاحمت اور لبنان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے حزب اللہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم سب اسرائیل کے علاقائی استحکام کے لیے خطرے کو تسلیم کرتے ہیں اور اس طرح حزب اللہ صرف لبنان کی نہیں بلکہ پورے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے لڑ رہی ہے۔

مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ شیخ قاسم کی قیادت میں حزب اللہ اسرائیلی افواج کا مقابلہ کرنے کے لیے تنظیمی طاقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موثر جنگی حکمت عملیوں کا استعمال جاری رکھے گی۔ آنے والے دن اہم ہیں۔ میں حزب اللہ کو فتح کی طرف لے جانے، لبنان کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے میں شیخ قاسم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

اللہ تعالیٰ امام زمانہ (عج) کے فضل سے شیخ قاسم کو اس نیک کاوش میں ہمت اور استقامت عطا فرمائے۔

اللہ شیخ قاسم کی حفاظت فرمائے اور لمبی عمر عطا فرمائے۔

وحدت نیوز(قم)شہدائے مقاومت و شہید سید صفی الدین ھاشم کی بلندی درجات و ایصال ثواب کے لئے مدرسہ الولایہ قم المقدسہ میں ایک مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب مجلس وحدت مسلمین کے امور خارجہ کے مسؤول جناب ڈاکٹر حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید شفقت شیرازی صاحب نے فرمایا.

?آپ نے خطاب کے دوران مختلف اہم نکات پر گفتگو کی جن میں سر فہرست مسئلہ فلسطین کے آغاز و یہودیوں کے گریٹر اسرائیل بنانے کے ناپاک عزائم اور عالمی استعمار کی شیطنت کو موضوع سخن قرار دیا.

?گفتگو کے دوران آپ نے حماس کی مظلومیت اور لبنان میں مقاومت کی ضرورت و اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور استعمار کے پروپیگنڈا کے برخلاف آپ نے 7 اکتوبر اسرائیل پر کیے جانے والے حماس کے حملے کو دفاعی قرار دیتے ہوئے اسکے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا.

?اور اسی طرح آپ نے  مقاومتی رہنماؤں کے بہنے والے مقدس خون کو  مقاومت کے دوام و مزید استحکام کا سبب قرار دیا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) ضلع کرم خصوصاً پاراچنار میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور مرکزی شاہراہ کی بندش کے بعد پیدا ہونے والے بحرانی حالات کے تدارک کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئرحمید حسین کی چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پشتون خواہ میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی ،سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی عاطف خان سے ملاقات ۔

 ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب نے ضلع کرم کے موجودہ تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ضلع کرم کا زمینی رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے کیونکہ ضلع کرم کو ملک کے دوسرے حصوں سے ملانے والی واحد شاہراہ ٹل پارہ چنار پچھلے 17 دنوں سے بند ہے۔جس سے علاقہ مکین محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور انسانی المیہ جنم لے رہا ہے کیونکہ روڈ کی بندش کی وجہ سے ہسپتالوں میں ادویات کی کمی سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے شدید مریضوں کو علاج کے لئے پشاور منتقل کرنا ناممکن ہے۔پچھلے 17 دنوں سے تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں اور پمپوں میں تیل نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کو کھیتی باڑی میں شدید مشکلات ہیں اور لاکھوں ایکڑ اراضی بنجر ہونے کا خدشہ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم میں حکومتی عمل داری نہ ہونے کے برابر ہے روزانہ اہم شاہراہوں پر مسافروں کو دہشت گرد نشانہ بنا رہے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے بلکہ ایسے واقعات میں حکومت ہی ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی اعلیٰ و صوبائی قیادت پاراچنار کے کشیدہ حالات کی بہتری کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے فلور پر اس ظلم و بربریت کے خلاف ٹھوس آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد ، راولپنڈی اور پشاور لیول پر اعلیٰ سطح روابط اور ملاقاتوں کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی کوشش کی جاری ہے ، امید ہے انشاءاللہ مسائل جلد حل پزیر ہوں گے۔ 

وحدت نیوز(گوجرانوالہ) نوشہرہ ورکاں ضلع گوجرانوالہ میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی نائب صدر مرحوم و مغفور چوہدری حاجی مشتاق ورک کی مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے بہت ہی خوبصورت انداز میں آیات ،روایات اور احادیث نبوی کی روشنی میں حزب اللہ کی تعریف اور حزب خدا کو بیان کرتے ہوئے مجلس عزاء سے خطاب فرما یا۔

مرکزی سیکرٹری سیاسیات جناب سید اسد عباس نقوی اور صوبائی جنرل سیکریٹری جناب سید حسن رضا کاظمی ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جناب سید منتظر مھدی ، ضلعی صدر گوجرانوالہ جناب چوھدری مرتضی  اور وزیر آباد کے ضلعی صدر جناب مبشر حسین زیدی بھی مرحوم حاجی مشتاق ورک کے رسم سوئم میں شریک ۔

 مرکزی ، صوبائی اور ضلعی  رہنماوں نے نوشہرہ ورکاں گوجرانوالہ میں ورک فیملی کے بزرگان سے تعزیت پیش کی اور مرحوم کی دینی قومی وملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحوم حاجی مشتاق ورک کے لئے دعائے مغفرت بھی کی ۔

وحدت نیوز(بھٹ شاہ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 55 ویں سالانہ کنونشن کے موقع پر یوم سیدہ زینب کبری سلام اللہ علیہا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت سیدہ زینب کبری سلام اللہ علیہا اسوہ صبر و استقامت ہیں اپ نے یزیدی سلطنت کے مقابلے میں کلمہ حق کو بلند کیا اور افضل ترین جہاد کا فریضہ ادا کرتے ہوئے ابن زیاد اور یزید پلید کو للکارا اور رسوا کیا۔ سیدہ زینب کبریٰ ہر دور کے اھل حق کے لئے صبر و استقامت اور جہاد باللسان کے حوالے سے اسوہ حسنہ ہے۔ آج بھی غزہ اور لبنان کے مجاہدین اسوہ شبیری اور زینبی ادا کرتے ہوئے یزید عصر کے خلاف سینہ سپر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا نے 72 شہداء کربلا کی شہادت کے بعد ابن زیاد کے دربار میں، ظالموں کو للکارتے ہوئے فرمایا تھا ما رئیت اللہ الا جمیلا یعنی مجھے کربلا میں جمال خدا نظر آیا۔ شہداء کے وارثوں کو کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے اہل حق کو کبھی گھبرانا نہیں چاہئے۔ آج اھل غزہ و لبنان عظیم سرداروں کی شہادت اور 44 ہزار مظلوموں کے جنازے اٹھا کر بھی ثابت قدم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم سب پر جہاد تبیین واجب ہے۔ حق بات کہنا حق اور اہل حق کا ساتھ دینا اور وقت کے ظالم اور جابر فرعونی طاقتوں کے ظالمانہ کردار کو بے نقاب کرنا زینبی کردار کہلاتا ہے۔ آج غزہ اور فلسطین کے بہادر عوام عاشورائی کردار ادا کرتے ہوئے صبر و استقامت کا استعارہ بن چکے ہیں۔در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے اعلیٰ اختیاراتی ادارے سرپرست کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان صوبہ بلوچستان کی صوبائی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت مجلس علماء مکتب اہلبیت بلوچستان کے صدر علامہ ڈاکٹر محمد موسی حسینی نے کی۔اس موقعہ پر مجلس نظارت کے رکن علامہ ہاشم موسوی ,MWM بلوچستان کے نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری , علامہ برکت علی مطہری , علامہ ذوالفقارعلی سعیدی اور علامہ علی نواز عرفانی نے خطاب کیا ۔اجلاس میں مجلس علماء مکتب اہلبیت ضلع کوئٹہ , ضلع جھل مگسی , ضلع صحبت پور , ضلع نصیر آباد اور ضلع جعفر آباد کے اراکین نے اپنی کارکردگی  رپورٹ  پیش کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مقامی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب میں مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ بطور مہمان خصوصی شریک ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان کی نظریاتی اساس کو جغرافیائی اساس اور بنیادوں کی طرح اہم قرار دیتے ہوئے ان اقدار جن کی بنیاد پر پاکستان کا قیام ممکن ہوا کی حفاظت اور دفاع پر زور دیا ۔

انہوں نے فلسطین میں جاری نسل کشی، عورتوں اور بچوں کے قتل عام  میں مغرب کو باقاعدہ شریک گردانتے ہوئے مغرب کے دوہرے معیارات کے مقابل فکری قیام پر زور دیا ۔انہوں نے پاکستان میں امید کے پہلو پر زور دیتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں مورال بلند رکھنے اور عزم و حوصلہ کے ساتھ درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے پر زور دیا اور اس سارے عمل میں جوانوں کے کردار کو کلیدی قرار دیا ۔وال آف ہوپ طلباء اور جوانوں پر مشتمل آرگنائزیشن ہے جو مختلف پہلوؤں سے تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے ۔تقریب میں اسلام آباد اور نزدیک سے کئی یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے 77 سالوں سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو سلب کر رکھا ہے، کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کی شدید مذمت اور مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اقوام متحدہ کا اپنی ہی منظور شدہ قراردادوں پر عمل نہ کروانا اس کے وجود پر سوالیہ نشان ہے، گلگت بلتستان میں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے محب وطن باسیوں پر ایف آئی آرز کا اندراج اور انہیں فورتھ شیڈول میں ڈالنا شرمناک ہے، زمینوں کے مسائل کو مسلکی تنازعہ بنایا جا رہا ہے، لوگ آپس میں بیٹھ کر مسائل حل کر سکتے ہیں،پاکستان کے عوام جواب لے کر رہیں گے، گلگت بلتستان میں بہترین زمینوں پر حکومت قبضہ کر رہی ہے، گرین سیاحت کی آڑ میں مقامی لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جانا قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی وہاں پر زمین کم ہے، گلگت بلتستان کے لوگ پاکستان سے محبت کرتے ہیں، گلگت بلتستان میں زمینوں پر قبضہ افسوسناک ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں، اگر کل گلگت کے حالات بدتر ہوئے تو حکومت اور ادارے ذمہ دار ہوں گے، ہمارے دکھ وقت کے ساتھ ساتھ بڑھے ہیں، کم نہیں ہوئے، ہم نے ہمیشہ آئین کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کی ہے، اپنے تمام دوستوں کو آگاہ کرتا ہوں کہ احتجاج کی تیاری کریں، ہم نے ظلم کے خلاف چپ نہیں رہنا ہے، ہماری آواز مظلوم عوام کے لیے ہے کسی حاکم یا حکومت کے لیے نہیں ہے، ہم بلوچستان کی عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ناانصافیوں کی بھی مذمت کرتے ہیں وہاں کے وسائل پر سب سے پہلے مقامی افراد کا حق بنتا ہے۔

وحدت نیوز(دادو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ دورے پر جوہی پہنچے تو ایم ڈبلیو ایم جوہی کے رہنما اعجاز علی لغاری ،سائیں عابد علی لغاری و دیگر نے سٹی گیٹ پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مسجد الحسینی جوہی میں مومنین کرام اور تنظیمی ذمہ داران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قصبو گاؤں میں عشرہ محرم الحرام کے دوران عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف درج مقدمات اور یوم عاشور کے جلوس پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

 اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت اور ہمارا آئینی حق ہے۔ اس سال دادو ضلع میں عزاداروں کے خلاف تین مقدمات کا اندراج افسوسناک عمل ہے۔ پولیس اور انتظامیہ عزاداروں کے خلاف درج مقدمات واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ عشق امام حسین علیہ السلام میں صعوبتیں اور آزمائشیں برداشت کرنا کوئی مسئلہ نہیں ہر دور کے حسینیوں نے ذکر امام مظلوم قائم رکھنے اور عزاداری کے لئے قربانیاں دیں۔ عزاداروں کو عنقریب ان مشکلات کا بہترین بدلہ دیا جائے گا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی ضلع دادو اور جوہی کی قیادت قصبہ میں عزاداروں کے خلاف درج مقدمات کے سلسلے مومنین کے خدشات کا ازالہ یقینی بناتے ہوئے ان مقدمات کے خاتمے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔در ایں اثناء قصبہ یونین کونسل کے چیئرمین پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما عبدالجبار لغاری اور پروفیسر ذوالفقار علی لغاری نے علامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات کی اور انہیں قصبو سٹی، میں یوم عاشور کے جلوس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے میں تمام مکاتب فکر بشمول اھل تشیع کا دل سے احترام کرتا ہوں۔ قصبو شہر میں قیام امن اور اتحاد بین المسلمین کے لئے میں مکمل تعاون کروں گا۔

Page 11 of 1519

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree