The Latest

وحدت نیوز(لاہور)امامیہ کالونی میں مجلس وحدت مسلمین اور دیگر تنظیموں کے باہمی اشتراک سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مشترکہ جلوس برآمد ۔ صوبائی رہنماوں کی شرکت ۔  مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب سمیت باقی مقامی تنظیموں کے باہمی اشتراک سے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جلوس امامیہ کالونی جامع مسجد سے برآمد ہوا ۔ جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بحفاظت اختتام پذیر ہوا ۔ جلوس میں دیگر رہنماوں کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن رضا کاظمی نے بھی شرکت اور خطاب کیا ۔

 ان کا کہنا تھا کہ حضور سرور کائنات پوری کائنات کے لئے باعث رحمت ہیں ۔ ہم سب پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بے پناہ عشق رکھتے ہیں ۔ کائنات کی یہ ہستی محور وحدت ہے ۔ ہمیشہ  ہم سب اسی ہستی کی وجہ جمع ہوئے ہیں ۔ ہمیں سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک ہوجانا چاہیے ۔ اور دشمن جو پاکستان بھی دشمن ہے اور اسلام کا بھی دشمن ہمیں ملکر اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا نا ہے ۔ بلوچستان کے شہر مستونگ اور کے پی کے شہر دوآبہ میں دہشت گردی۔ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ اور معصوم جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس ہے ۔ عاشقان مصطفی کا یہ پاک خون رائگان نہیں جائے گا ان شاءاللہ۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر مبارکباد کےپیغام میں کہا کہ امام خمینی رح نے درست فرمایا تھا کہ مسلمان آپس میں دوران نماز ہاتھ کھولنے اور باندھنے کے اختلافات میں مصروف ہیں جبکہ ہمارا دشمن ہمارے ہاتھوں کو کاٹنے کی سازش کر رہا ہےاس کا ثبوت گزشتہ روز مستونگ میں عید المیلاد النبوی ص کے جلوس میں دھماکہ اورھنگو  میں نمازیوں پر حملہ منہ بولتا ثبوت ہے ۔ہم اس بدترین فعل کی مذمت کرتے ہیں اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔
بےشک یہ عناصر ملک وقوم کے  دشمن نہیں بلکہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں یہ وہی یزیدی کردار ہےجو 1400سو سال پہلے یزید نے انجام دیا تھا اور اب رسول پاک کی محبت میں نکلنے والوں کے ساتھ یہ فعل انجام دے رہے ہیں جبکہ اس بات سے ناواقف ہیں کہ جس دین خدا میں تفرقہ ڈالنےاور ختم کرنےکے لیے سرگرداں ہیں وہ دشت و بیاباں میں دفن نہیں ہوا بلکہ پوری دنیا میں پھیل گیا کیونکہ یہ وعدہ خداوند ہے۔ہم اس موقع پر اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہیں اور ان کے اس دکھ ودرد میں انکے ساتھ ہیں۔

وحدت نیوز(لاڑکانہ)وحدت یوتھ ونگ ڈویژن لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری مستنصر مہدی ابڑو نے مستونگ واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ ریلی پر ہونے والے بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی(ص) ریلی پر دہشت گردی حملہ سیکیورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے سانحہ میں شہید افراد کی مغفرت اور زخمیوں کے جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(قم)سربراہ مجلس علماء امامیہ و سیکرٹری خارجہ ایم ڈبلیو ایم حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ کے بابرکت موقع پر وہابیت و تکفیریت کے پروردہ دہشگردوں کی طرف سے اہلسنت عاشقان رسولؐ اللہ پر مستونگ اور ہنگو میں یکے بعد دیگرے دہشگردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔شہید ہونے والے عاشقان رسولؐ کے لواحقین کو تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں۔ شہداء کی بلندی درجات و زخمیوں کی جلد شفایابی کی دعا کرتے ہیں۔اور حکومت وقت و متعلقہ اداروں سے بلاتفریق کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(قم) سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان و سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے لبنانی چینل المنار کے پروگرام پانوراما میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بدترین سیاسی و معاشی حالات کی وجوہات میں سے بنیادی ترین وجہ ہمارے اداروں کے اندر امریکی مداخلت و نفوذ ہے۔ آپریشن رجیم چینج سے لے کر اب تک تمام تر مسائل کی جڑ امریکہ ہی ہے۔ پاکستان میں ایک لمبے عرصے بعد عوامی حمایت رکھنے والی حکومت کہ جس نے معیشت میں بہت بہتری کی اور عوام کیلئے بنیادی سہولیات دینے کی کوشش کی۔

ایسی حکومت کو صرف اس بات پر گرا دیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکی اجارہ داری ماننے سے انکار کر دیا اور اس نے آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی۔ بین الاقوامی پریشر کے باوجود اسرائیل کے ناپاک وجود کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور فلسطینیوں کے دیرینہ مطالبے کی حمایت کی۔ اور پوری دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ صرف قومی مفادات کی بنیاد پر تعلقات قائم کرے گا۔
امریکی مداخلت کے واضح ثبوت سائفر کی شکل میں پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ رجیم چینج آپریشن سے لے کر اب تک امریکی سفیر و سفارتکار پاکستان میں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ رجیم چینج آپریشن کو مکمل کرنے کیلئے لوکل ہینڈلرز کی مدد سے پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت کو توڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ان پر 200 سے زائد جھوٹے مقدمے بنائے گئے ہیں۔ اور اس وقت وہ بدنام زمانہ اٹک جیل میں پابند سلاسل ہیں۔ سانحہ 9 مئی کی آڑ میں پاکستان تحریک انصاف کے 13000 کارکنان و لیڈران جیل میں بند ہیں۔ انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی ایسی مثال کبھی نہیں دیکھی۔

سیکریٹری امور خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت امریکی مداخلت کی وجہ سے پاکستان کی قومی سلامتی بھی خطرے میں ہے اور امریکی مُسلسل ہمارے ایٹمی اثاثے اپنے کنٹرول میں لینے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ اگر اسٹیبلشمنٹ نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لیے تو نہ فقط قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہونگے بلکہ سول نافرمانی اور عوامی ردعمل پرتشدد مظاہروں کی شکل بھی اختیار کر سکتا ہے۔
علاوہ ازیں سربراہ امورخارجہ نے قرآن مجید کی اہانت کے حالیہ واقعات کے حوالے سے پاکستانی قوم کے جذبات و احساسات کو بیان کیا۔ انہوں نے فلسطینیوں پر غاصب صیہونی حکومت کی طرف سے ڈھائے جانے مظالم کے حوالے سے کہا کہ بے شک پاکستانی حکومت پر جتنا مرضی پریشر ہو لیکن پاکستانی قوم کبھی بھی اسرائیل کے ناپاک وجود کو تسلیم نہیں کرے گی۔

وحدت نیوز(سکردو)رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے ھفتہ وحدت کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ حضور پاک ص کی سیرت طیبہ سے تمسک اسلامی معاشرے کے لئے ہر دور میں اتحاد و وحدت کا سبب رہا ہے۔آج دنیا بهر میں ہفتہ وحدت بافرمان امام خمینی (ره) منایا جارہا ہے۔ماہ ربیع الاول میں ہفتہ وحدت منانے کا مقصد امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ھفتہ وحدت اپنے دامن میں بے شمار برکات و ثمرات سمیٹے ہوئے ہے۔ جس کے اثرات سے پوری نسل آدم فیضیاب ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہ ربیع الاول وہ مبارک مہینہ ہے جب حضور اکرم (ص) اس دنیا میں تشریف لائے اور اپنے نور سے عالم کو منور فرمایا جس کے باعث ہر مسلمان کے لئے یہ مہینہ یکساں عقیدت و احترام کا حامل ہے۔ امام الانبیاء خاتم المرسلین سید العالمین کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع کو پوری دنیا میں ہفتہ وحدت 12 تا 17ربیع الاول کے طور پر منایا جاتا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما خطیب ولایت علامہ اعجاز حسین بہشتی نے جامعہ مسجد کچورا میں خطبہ جمعہ میں کہا کہ ہمیں ہفتہ وحدت کو بھرپور طریقے سے منانا چاہیے چونکہ آپ کی ذات اقدس ہی نقطہ وحدت و اتحاد ہے۔ اس وقت وطن عزیز کے دشمن مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے اتحاد وحدت کی فضا کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر ہم رحمت العالمین کی سیرت کو اپناتے ہوئے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان کسی مسلک کا ملک نہیں بلکہ اس ملک کو بنانے میں شیعہ سنی سب کا برابر کردار ہے۔ قائد اعظم نے ایک آزاد ملک بنایا ہے جہاں سب کو آزادی حاصل ہے۔

علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا ہندوستان والو سنو، مودی تم بھی سنو، گزشتہ دنوں یہاں جو واقعات پیش آئے یہ ہمارے داخلی معاملات ہیں، اس خطے میں تمہاری مداخلت ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ ہم اپنی مرضی سے پاکستان کے ساتھ الحاق ہوئے تھے اور اپنی مرضی کے ساتھ اس ملک کی دفاع کریں گے۔

علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ یہ آخرزمان کا وقت ہیں امام مہدی عج کی ظہور کے لئے اپنے آپ کو آمدہ کرنے اور دعا کرنے کی ضرورت ہے۔  امام زمانہ عج کی غیبت اور ان کی ظہور پر یقین ہمارے ایمان کا حصہ ہے لہذا ہم اپنے کسی بھی امام کی توہین کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) لاہور میں عید میلادالنبی(ص) کا مرکزی جلوس ریلوے سٹیشن سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستے میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے۔ جہاں جلوس کے شرکاء پر گل پاشی کرکے ان کا استقبال کیا گیا اور جلوس کے شرکاء کی شربت سے تواضع کی گئی۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ امت کے اتحاد سے ہی دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر ہم نے جلوس کے راستے میں استقالیہ کیمپ لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی کا اتحاد ہی تکفیریوں کی نجس سوچ کی شکست ہے، جو امت تقسیم کرنے کیلئے ہر وقت تکفیر کرتے رہتے ہیں۔ اہلسنت رہنماوں کا کہنا تھا کہ پاکستان بنایا بھی شیعہ اور سنی نے مل کر تھا اور اب پاکستان کی حفاظت بھی شیعہ اور سنی مل کر کریں گے۔ اہلسنت قائدین نے شاندار استقبال کرنے پر اہل تشیع رہنماوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پرضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہورجناب مرزا نجم خان صاحب ، نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور جناب رانا کاظم صاحب ، فلسطین فاونڈیشن لاہور کے رہنما جناب عثمان صاحب وصوبائی آفس سیکریٹری ظہیر کربلائی استقبالیہ کیمپ میں موجود تھے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے نائب صدر رمضان علی ہزارہ، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی رہنماء علامہ سید محمد رضا اخلاقی و دیگر نے برادران اہل سنت کے جلوس عید میلاد النبی کا کرانی روڈ پر پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اہل سنت ہمارے بھائی اور ہماری جان ہیں۔ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں۔ ہم نے متحد ہو کر اسلام اور قرآن کریم کے دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ آج دشمن عظمت قرآن کریم پر حملہ آور ہوا ہے۔ قرآن کریم کی بے حرمتی اور قرآن سوزی کے واقعات کے سدباب کے لئے امت مسلمہ کا اتحاد ضروری ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس بیچنے کی تیاریاں جاری ہیں اور یہ جرم کوئی اور نہیں بلکہ مسلم حکمران اور خائن حرمین شریفین انجام دے رہے ہیں۔ فلسطین کے مظلوم شہداء کے پاکیزہ خون سے غداری کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیرت مند مسلمان کبھی بھی قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور سرزمین فلسطین بیچنے کے جرم میں شریک نہیں ہوں گے۔ فلسطین کے سوداگروں سے تحریک آزادی کشمیر کے بارے میں کسی خیر کی امید نہیں۔ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے دیرینہ مسائل ہیں۔ فلسطین اور کشمیر ایک دن غاصبوں کے قبضے سے ضرور آزاد ہوں گے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس علمائے مکتب اہلبیت ع کے رہنماء و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی میلاد کے جلوس کو نشانہ بنانے والوں نے واضح پیغام دے دیا کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ یہ بات علامہ سید ہاشم موسوی نے مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ کے واقعے میں جہاں دہشگردوں کی پستی اور حکومت کی کمزوری دکھائی دیتی ہے، وہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں خوبصورت انداز میں شہداء کے مقدس چہرے نظر آتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ اسلام امن و محبت اور بھائی چارگی کا درس دیتا ہے۔ جو لوگ اسلام کے نام پر قتل و غارت گری کرتے ہیں، سانحہ مستونگ نے انکے سیاہ چہروں کو عیاں کر دیا۔ شرانگیز دین اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ دہشتگردی سے اہل تشیع اور اہل سنت دونوں شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم متحد ہوکر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے صفوں سے نفرتیں پھیلانے والوں کو نکال کر پھینکنا ہوگا۔ جو لوگ کسی خاص مسلک و فرقے کے خلاف نفرتیں پھیلاتے ہیں، انکی شناخت کرکے انہیں مسترد کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر امام جمعہ کوئٹہ نے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree