The Latest

وحدت نیوز: (اسلام آباد ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بحیثیت چیف جسٹس آف پاکستان ملک میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے، مایوسی اور غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا قوم کو امید دینا اولین ترجیح ہونی چاہیے، ملک کے مفلوک الحال اور مہنگائی سے پسے ہوئے طبقات کے لیے بلا تفریق عدل وانصاف قائم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے، اعلیٰ عدلیہ کی براہِ راست کاروائی کی طرح انصاف بھی براہِ راست ہوتا ہوا نظر آئے، آئین وقانون کے مطابق فیصلوں سے عدالت کی آزادانہ و غیر جانبدارانہ حیثیت کو بحال کرنا ہوگا، چیف جسٹس کا آئین کی بالادستی پر یقین رکھنا عدلیہ کے وقار کا باعث بنے گا، سپریم کورٹ میں زیر التواء پچاس ہزار کیسز کو نمٹایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی تاریخ دباؤ، نظریہ ضرورت اور ذاتی پسند نا پسند کی مثالوں سے بھری پڑی ہے، انحطاط زدہ معاشرے میں شدید مسائل سے نبرد آزما ہونا چیف جسٹس کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، ملک میں ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، سماجی ناانصافی و بے چینی، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے مسائل کا خاتمہ ہونا چاہیے، تمام اداروں کا اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے فرائض انجام دینا ہی ملکی ترقی و استحکام کا باعث بن سکتا ہے، ریکوڈیک منصوبے، آئی ایم ایف اور آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی جانج پڑتال کی جائے، سیاسی طور پر بنائے گئے بے شمار قیدیوں اور لاپتہ افراد کی رہائی اور بازیابی کے احکامات جاری کیے جائیں، گارڈز آف آنر یا پروٹوکول نہ لینے سے زیادہ انصاف کی تیز اور بلا امتیاز فراہمی زیادہ اہمیت کی حامل ہے جس کی ملک میں اشد ضرورت ہے۔

وحدت نیوز: (اسلام آباد ) مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس تقوی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں مرکزی عزاداری ونگ کے سربراہ ملک اقرار حسین علوی، صوبائی صدر پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی،ضلع راولپنڈی و اسلام آباد کے صدور سمیت مرکزی آفس کے مسؤل اور میڈیا سیل کے مرکزی عہدے داران بھی شامل ہوئے۔

اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام و مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی سالانہ عشق پیغمبر اعظمﷺ مرکز وحدت مسلمین کانفرنس کے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔

جو کہ یکم اکتوبر 2023 کو پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے، جس کا اعلان گزشتہ کانفرنس کے دوران ہی جناب لیاقت بلوچ نے کیا تھا۔

وحدت نیوز: (اسلام آباد ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ بلتستان اور گوادر جیسے حساس علاقوں میں امریکی سفیر کی آمدورفت اور پرسرار سرگرمیاں پوری قوم کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ پاکستان کی داخلی معاملات میں امریکی سفیرکی کھلم کھلا مداخلت قومی وقار کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعینات برطانوی سفیر کی پاکستان میں سفارتی سرگرمیوں سے ہٹ کر غیر معمولی طور پر فعالیت کے قصے بھی زبان زد عام ہیں۔پاکستان کسی استعماری طاقت کی کالونی نہیں ہے کہ اس کے داخلی و انتظامی فیصلے طاغوتی طاقتیں کریں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ موجود ہ حکومت ایسی غیر اخلاقی و غیر سفارتی سرگرمیوں کو روکنے کی اپنے اندر جرات پیدا کرے۔ان سازشی قوتوں کی پاکستانی شخصیات سے ملاقاتیں بے مقصد نہیں ہیں بلکہ ان کے پس پردہ ملک دشمن ایجنڈے کے مقاصد چھپے ہوئے ہیں۔پاکستان کو پہلے سے کہیں زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز:(جھنگ ) ملک بھر میں ایام عزاء (محرم الحرام و صفراالمظفر)میں روکے گئے (اسٹڈی سرکل) سلسلہ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے ۔

اسٹڈی سرکل کایہ سلسلہ فکری ارتقاء ،صحیح دینی سوچ پیدا کرنے ،اجتماعی سیاسی فکری دینی وسماجی تربیت کے لئے بہت ضروری ہے ۔

ضلع جھنگ کے ضلعی صدر جناب حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید روح اللہ کاظمی اور برادر مظہر عباس جعفری صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی کی مشترکہ کاوشوں سے ضلع جھنگ میں جہاں سے یہ تربیتی سلسلہ رکا تھا اس کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔

ضلع جھنگ قائم بھروانہ میں جامع مسجد میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ کی شہرہ آفاق کتاب ( ہمارے آئمہ اور ان سیاسی جدوجہد) کا اسٹڈی سرکل (حلقہ مطالعہ) کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔

جس میں تحصیل شورکوٹ کے یونٹس کے علاوہ قائم بھروانہ یونٹ کے کارکنان نے شرکت کی ۔ اللہ تعالی ان سب کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے ۔ ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع جھنگ کا کہنا ہے کہ اسٹڈی سرکل کایہ سلسلہ ان شاءاللہ جاری رہے گا ۔

وحدت نیوز:(چنیوٹ ) ضلع چنیوٹ میں برادر سید عاشق حسین بخاری ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع چنیوٹ اور برادر مظہر عباس جعفری صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی کی ذاتی کاوشوں اور الہی ذمہ داریوں کے پیش نظر ضلع چنیوٹ میں تنظیمی تربیتی فعالیت کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے ۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ کی شہرہ آفاق کتاب ( ہمارے آئمہ اور ان سیاسی جدوجہد) کا اسٹڈی سرکل (حلقہ مطالعہ) کا باقاعدہ آغاز چنیوٹ شہر میں ہوا جس میں ضلعی صدر و کابینہ کے معزز اراکین کے علاوہ صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی نے شرکت کی ۔

ملک بھر میں صوبائی و ضلعی مسئولین اس تعلیمی تربیتی دروس کی جانب متوجہ ہوں اور اپنی ترجیحات میں اس کو شامل کریں تو یہ ایک بہت ہی سادہ اور آسان روش ہے جس سے ہمارے ضلعی اور یونٹس کے معزز اراکین کی تربیت ہوسکے گی ۔ اس سارے پروسیس میں صوبائی کابینہ کے معزز ممبران اپنی ذاتی کاوشوں اور سرپرستی سے اس کار خیر میں اپنا بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

اللہ تعالی آپ سب کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے ۔

برادر سید عاشق حسین بخاری ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع چنیوٹ نے کہا کہ اسٹڈی سرکل کا یہ سلسلہ ان شاءاللہ ضلع چنیوٹ میں جاری و ساری رہے گا ۔

برادر مظہر عباس جعفری صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی کا کہنا تھا کہ اب اگلا اسٹڈی سرکل 9 اکتوبر بروز اتوار کو منعقد ہو گا ۔ ان شاءاللہ۔

وحدت نیوز:(برمنگھم ) 17 ستمبر بروز اتوار ادارہ معارف اسلام برمنگھم میں قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی رح کی 35 برسی مجلس وحدت المسلمین برطانیہ کے اہتمام شایان شان طریقے سے منعقد کی گئی۔

اس اجتماع میں برطانیہ کے طول عرض سے مومنین کے علاوہ زعماء و علماء ملت جعفریہ نے بھرپور شرکت فرمائی۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض مجلس وحدت المسلمین برطانیہ کی مرکزی کمیٹی کے رکن جناب سید وجاہت علی الحسینی نے سرانجام دیئے۔ سید مبشر حسین نقوی نے قائد شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک ترانہ پیش کیا اور نوجوان علی حسین نے انگلش شاعری میں قائد شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس اجتماع سے ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کے صدر جناب حجت الاسلام مولانا ابرار حسین الحسینی، برمنگھم کے ریزیڈنٹ عالم حجت الاسلام مولانا سید ظفر عباس نقوی، حجت الاسلام مولانا مشرف حسین الحسینی، ہدایت ٹی وی کے ڈائریکٹر اور مجلس علماء امامیہ برطانیہ کے صدر جناب حجت الاسلام علامہ ڈاکٹر غلام حسین عدیل اور جناب حجت الاسلام علامہ غلام حر شبیری اور انگریزی زبان کے مقرر مولانا علی الھادی نے خطاب فرمایا۔

تمام مقررین نے قائد شہید کے حالات زندگی اور افکار کردار پر مفصل گفتگو کی اور ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کی طرف سے دیار غیر میں اس طرح کے روحانی اور انقلابی جتماع منعقد کرنے کو سراہا ۔ اجتماع میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین قائد وحدت ناصر ملت عالی جناب حجت الاسلام علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب حفظ اللہ کا پیغام بھی بڑی سکرین پر دیکھایا گیا اور قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی رح پر ایک ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔

آخر میں دعا امام زمانہ عج سے اجتماع کا اختتام ھوا ۔ ان تمام انتظامات کرنے پر ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کے صدر و علماء نے خصوصی طور پر برطانیہ مڈلینڈ برمنگھم اور سینئر نائب صدر ایم ڈبلیو ایم برطانیہ جناب آغا محمد جواد ہزارہ ہمراہ دوستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے یہ اجتماع کامیاب ہوا ۔

وحدت نیوز:(ملتان) مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر سخاوت علی سیال نے کہا ہے کہ حکومت کی غریب کش پالیسی، جبر اور ناانصافی نامنظور ہے، پٹرول کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر براہ راست روزمرہ استعمال کی اشیائے ضرورت پر پڑے گا۔ جبکہ مہنگائی نے پہلے ہی عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ حکومت کا کام غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینا ہوتا ہے جبکہ یہاں برعکس ہورہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر سخاوت علی کا مزید کہنا تھا کہ رات کے اندھیرے میں عوام پر شب خون مارنے والے عوام سے زندگی بسر کرنے کا حق چھیننا چاہتے ہیں، اشرافیہ اور ملک پر قابض حکمران کسی عذاب سے کم نہیں ہیں، اگر یہی صورتحال رہی تو عوام حکمرانوں سے خود حساب لیں گے۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری عون رضا انجم ایڈووکیٹ، سردار صفدر حسین خان، عامر عباس ایڈووکیٹ، مرزا وجاہت علی، سید ظفر عباس زیدی اور دیگر موجود تھے۔

وحدت نیوز:(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ فرقہ واریت پھیلانے والے تمام عناصر دین کے بھی دشمن اور وطن کے بھی دشمن ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کیا ہم سب ارض پاک میں ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام کرتے ہوئے امن و آتشی کے ساتھ نہیں رہ سکتے، کیا ایک دوسرے کو کافر مرتد مردود کہنے سے ہم دین کی کوئی بڑی خدمت کررہے ہیں یا وطن عزیز کی تعمیر وترقی کررہے ہیں۔

علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے میں ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں کہ خدا کے لئے ایک دوسرے سے محبت و احترام کا درس دیں امت کو جوڑنے اور متحد ہونے کا درس دیں، دین محمدی ہمیں محبت و امن کا درس دیتا ہے، اسلام سلامتی کا دین ہے، خدا کے لئے تفریق اور تفرقہ کے درس دینے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ وطن عزیز میں محبت امن اور رواداری کا ماحول فروغ پا سکے۔

وحدت نیوز:(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ تکفیری اور بدزبان مولوی منظور مینگل نے شعائر اللہ، قرآن کریم، مسجد، اذان اور اہل بیت علیہم السلام کی توہین کی ہے، قرآن کریم کھول کر اللہ کے گھر مسجد میں فحش گفتگو کرنے والے فرقہ پرست ملا کو شیخ الحدیث کہلانے کا کوئی حق نہیں ہے لہذا ملا منظور مینگل کے خلاف توہین قرآن کریم اور توہین مسجد کا بھی مقدمہ درج ہونا چاہیئے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ منظور مینگل نے شیعہ علماء اور مجتہدین کے خلاف جھوٹ بولا اور شرانگیز گفتگو کی جو قابل مذمت اور شرمناک ہے، قرآن کریم کہتا ہے کہ جھوٹوں پر خدا کی لعنت ہے، کراچی میں ملزم کے خلاف توہین مذہب کی دفعات کے ساتھ مقدمہ درج کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں ملزم کو فی الفور گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے، اذان شعار الہیٰ ہے، اذان کی توہین ناقابل برداشت ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شرپسند اور گستاخ مولوی کو گرفتار کیا جائے تاکہ مسالک کے مابین فرقہ واریت کی آگ کو نہ بھڑکایا جاسکے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیم کی طرف سے ایف آئی آر کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کے مطابق ملزم کو گرفت میں لائیں اگر مقدمہ واپس لیا گیا تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ منظور مینگل اور کوئی بھی تکفیری ملک کے قانون سے بالاتر نہیں، قانون پر عمل کرتے ہوئے ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، ملت تشیع پاکستان ملزم کی گرفتاری تک صدائے احتجاج بلند کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سینکڑوں شیعہ حافظ قرآن کریم ملا منظور مینگل کا چیلنج قبول کرتے ہیں جب اور جہاں چاہیں ہمارے حافظان قرآن کریم ملا منظور مینگل کے حفاظ سے مقابلہ کریں گے۔

وحدت نیوز:(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے، جن حکمرانوں نے اپنے اقتدار کی بقاء کے لیے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا وہ پوری قوم کے مجرم ہیں، ملک میں امریکی و برطانوی مداخلت ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہے، ملک میں امریکی سفیر کی مداخلت قابل قبول نہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کے گوادر، پولیس لائن سمیت دیگر اداروں کے دورے تشویشناک ہیں، ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور مختلف بحرانوں کی زد پر ہے ایسے میں ارباب اقتدار ملک کو کہاں لے جارہے ہیں، حکمرانوں نے ملکی معیشت تباہ کر دی، ملکی عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، حکمران طبقہ ٹیکس کے پیسوں سے عیاشیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈالر کے مصنوعی بحران پر اب تک قابو نہیں پاسکی، ملکی معیشت جب تک مستحکم نہیں ہوتی ڈالر سمیت ایشائے ضروریات کی قیمتوں میں کمی تب تک صرف ایک خواب ہے۔

علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ ملکی حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر بھتہ خوری کرنے کے بجائے اداروں اور ملکی سرمایہ ہڑپ کرنے والے حکمرانوں کے خلاف کاروائی کرکے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لائیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی اقدامات سے ریاست کو ہی خطرہ ہے، پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے، ہمارے داخلی و خارجی معاملات میں مداخلت بدترین جارحیت ہے، ملک میں امن و امان کی تباہی اور معاشی و اقتصادی بدحالی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے، ملکی عوام امریکہ کو پیغام دے کہ اب پاکستان تمہارے کھیل کا حصہ نہیں بنے گا، قومی اداروں میں امریکی و برطانوی سفیر کی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان سے امریکی و برطانوی سفارتکاروں کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کرتے ہیں، آئی ایم ایف کے معاہدوں میں پورے ملک کو گروی نہ رکھا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree