The Latest
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ میں جناب نقی مھدی ضلعی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی سربراہی میں یوم القدس کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی ۔جس میں جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید حسن رضا ہمدانی مرکزی صدر علماء خطباء ونگ ،برادر سید فصاحت علی بخاری صوبائی سیکرٹری مالیات نے خصوصی شرکت کی ۔ اس کے علاوہ جناب مولانا سید عباس شیرازی صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس علماء مکتب اہلبیت صوبہ پنجاب ، جناب مولانا مظہر اعوان صاحب صوبائی رابطہ سیکرٹری مجلس علماء مکتب اہلبیت صوبہ پنجاب ، جناب مولانا سید مستنصر حسین کاظمی ضلعی صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت ضلع لاہور ، برادر رانا کاظم علی ضلعی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ، معروف سماجی کارکن مجلس وحدت مسلمین برادر علی شیر چھینہ ، صوبائی آفس کے برادر قیصر عباس نے بھی شرکت کی ۔
یوم القدس اور اس کی تیاریوں کے حوالے گفتگو کی گئی ۔ المصطفی ہاؤس میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت اور یوم القدس کی پبلیکیشنز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔صوبائی آفس کو ہدایت کی گئی کہ وہ مرکز سے رابطہ کریں اور یوم القدس کی پبلیکیشنز کو جتنا جلد ممکن ہو منگوایا جائے اگر اس سلسلے کوئی ہینڈ بلز پرنٹ ہوئے ہیں تو اسے منگوایا جائے تاکہ جمعہ اور شب ہائے قدر کے اجتماع میں تقسیم کیے جاسکیں ۔ مختلف مسالک کے اکابرین سے روابط کر کے انہیں بھی ریلی میں دعوت دی جائے ۔اتوار کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ایک وفد المصطفی ہاؤس لاہور میں ہونے والی گرینڈ میٹنگ میں شرکت کرے گا ان شاءاللہ
وحدت نیوز(لاہور)پنجاب کی مینڈیٹ چور حکومت کی ایماءپر گرفتار ہونے والے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمااور پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی سید ظہیرعباس نقوی اور پی ٹی آئی رہنما رفیق احمد خان نیازی کی رہائی کا حکم ۔
تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں رفیق احمد خان نیازی اور ظہیر عباس نقوی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، ڈی پی او بھکر پیش ہوئے۔
عدالت عالیہ نےوکلاء کے دلائل سننے کے بعدرفیق احمد خان نیازی اور ظہیر عباس نقوی کے 3 ایم پی او میں نظر بندی کے آرڈرز ختم کرنے اوررہائی کا حکم جاری کردیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر سابق سپیکر قومی اسمبلی و تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کی ملاقات۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جن سیاسی جماعتوں کو الیکشن کے نتائج پر تحفظات ہیں ان کے ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل اتفاقِ رائے سے طے کرنے پر بھی گفت و شنید کی گئی ۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ودیگر رہنمابھی شریک تھے۔
پی ایس ایل میچ میں پولیس کی جانب سےشہریوں سے فلسطین کا جھنڈا چھیننا قابل مذمت ہے،علامہ راجہ ناصرعباس
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس x پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ایس ایل میچ میں پولیس کی جانب سےشہریوں سے فلسطین کا جھنڈا چھیننا قابل مذمت ہے۔غزہ کے مسلمانوں کو عالمی سطح پر جس بےحسی کا سامنا ہے اس میں مسلم ممالک کا کردار بھی کوئی ڈھکا چھپا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے دو ٹوک انداز میں اسرائیل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ناجائز ریاست قرار دیا ہے۔ عالمی استعماری طاقتوں کی خوشنودی کے لیے غزہ کے مسلمانوں کو نظر انداز کرنا بانی پاکستان کے فرمودات سے انحراف ہے۔پاکستان کے پچیس کروڑ عوام کے دل فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
وحدت نیوز(پاراچنار)پاکستان کا سرحدی علاقہ کرم عرصہ دراز سے امن و امان اور فرقہ وارانہ مسائل کا شکار رہا ہے، یہاں ایسی جنگیں بھی ہوئیں، جو چار سے پانچ سال تک جاری رہیں، جن میں اب تک ہزاروں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ اس خونرزی کی وجہ سے ہی شائد یہ علاقہ اتنی ترقی نہیں کرسکا، جتنی کہ کرنا چاہیئے تھی۔ حالیہ عام انتخابات سے قبل بھی یہاں مختلف قسم کے مسائل درپیش تھے، جن کی وجہ سے نوبت اکثر لڑائیوں تک جاپہنچی اور ان تصادم میں درجنوں جانیں بھی ضائع ہوئیں۔ تاہم عام انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی انجیئیر حمید حسین کی بطور ایم این اے کامیابی اس علاقہ کیلئے اس لئے ایک نیک شگون ثابت ہوئی کہ ایک شیعہ قومی جماعت یعنی ایم ڈبلیو ایم کے نامزد شیعہ امیدوار کو اپر کرم سے تو ووٹ ملے ہی، تاہم کرم کے اہلسنت نے بھی حمید حسین کی بھرپور حمایت کی اور انہیں کامیاب کرانے میں موثر کردار ادا کیا۔
اسی ہم آہنگی اور مثبت ماحول کو برقرار رکھنے اور علاقائی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنے کیلئے مجلس وحدت مسلمین ضلع کرم کے زیراہتمام پاراچنار شیعہ، سنی عمائدین کا اہم جرگہ منعقد کیا گیا، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی دفتر میں منعقد ہونے والے اس جرگہ میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے ایک دوسرے پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی، مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر و تحصیل چیئرمین علامہ مزمل حسین فصیح، حاجی نثار علی، ناہید خواجہ، منیر خان بنگش، مدثر بنگش، محمد ارشاد، ذیشان حیدر، وقاص عثمان سمیت ضلع کرم کے معزز مشران، سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شیعہ، سنی عمائدین نے متفقہ طور پر امن کی بحالی اور بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان علاقے کے ہر فرد کی اہم ترین ہے۔
جرگہ کے دوران ماحول انتہائی خوشگوار تھا اور دونوں جانب سے علاقہ میں پائیدار امن کے قیام کے حوالے سے مفید تجاویز دی گئیں۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ امن کے بغیر ضلع کرم کی ترقی ناممکن ہے، جس کے لئے خلوص نیت کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے۔ عمائدین کا مزید کہنا تھا کہ جنگ بازی اور مذہبی دہشت گردی ضلع کرم کے لئے ہر لحاظ سے تباہی اور غربت کے علاوہ کچھ نہیں دلا سکی۔ اس طرح کی صورتحال سے معاشی اور سماجی خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، خاص طور پر محکوم قوموں اور محنت کش طبقے کے نوجوان، عورتیں اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرم کی اہلسنت برادران نے انجنئیر حمید حسین کو ووٹ دیکر یہ ثابت کیا کہ ہم امن کے خواہش مند ہیں، ان شاء اللہ نفرتوں پر مبنی فضا کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکنہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نومنتخب ایم این اے انجنئیر حمید حسین کی سربراہی میں ضلع کرم میں بلا تفریق عام لوگوں کی فلاح و بہود کے منصوبوں پر دھیان دیا جائے گا، تاکہ لوئر اور سنٹرل کرم کی عوام بھی خوشحال زندگی گزار سکیں۔ جرگہ کے آخر میں شیعہ، سنی عمائدین نے ایم ڈبلیو ایم ضلعی دفتر سے مرکزی امام بارگاہ گاہ پاراچنار تک علامتی امن واک کی اور امن کا پیغام دیا۔ علاوہ ازیں عمائدین نے نومنتخب سیکرٹری انجمن حسینیہ جلال حسین بنگش کو مبارکباد پیش کی۔ عمائدین نے اراکین انجمن حسینیہ سمیت صدر تحریک حسینی علامہ سید تجمل حسینی سے بھی ملاقات کی اور امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ ضلع کرم کو امن کا گہوارہ بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کی اس کاوش کو شیعہ، سنی عائدین نے سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ نومنتخب ایم این اے حمید حسین کیساتھ مکمل تعاون کریں گے اور علاقہ میں قیام امن کیلئے ہر قسمی قربانی دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی ایماء پر مہنگائی کی بم گرا رہی ہے، حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہورہی ہیں اور عوام کی دو وقت کی روٹی مشکل ہوگئی ہیں، پاکستان کو مہنگائی اور غربت کا پیکیج دینے والوں کا عوام محاسبہ کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں، حکمرانوں نے مہنگائی کو کم نہیں کیا تو عوام کو سڑکوں پر آنے سے کوئی روک نہیں سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں وحدت ہاؤس انچولی میں پولیٹیکل کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا حیات عباس نجفی، علامہ صادق جعفری، زین عباس، سبط اصغر، کاظم عباس سیمت دیگر ارکین بھی موجود تھے۔
علامہ مبشر حسن نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لینے کیلئے عوام پر مہنگائی کے تابڑ توڑ حملے کا سلسلہ بند کیا جائے، مہنگائی عالمی مسئلہ نہیں ہے حکمران عوام پر رحم کریں، مہنگائی کو روکیں آئی ایم ایف استحصالی ادارہ ہے جو پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف غریب عوام دشمن پر مبنی پالیسیوں پر گامزن ہے، پاکستان کے عوام کو بھوک و افلاس میں دھکیلنا چاہتا ہے، عوام کو بنیادی حقوق سے محروم مہنگائی کے ذریعے آخری نوالہ تک چھینا جارہا ہے، عوام کے مسائل حل نہ کرنیوالی حکومت زیادہ چل نہیں سکتی، حکمران ماضی سے سبق حاصل کریں، دعوؤں کا دور ختم ہوچکا اب تو عوام کو معاشی ریلیف دینا ہی ہوگا، مہنگائی کو روکنے میں حکمران بے بس ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے اعلیٰ سطحی وفد نے آئی جی خیبر پختونخوا (ر) سید ارشاد حسین سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔ وفد میں وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی ، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور سید محسن شہریار زیدی شامل تھے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی حالات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر کرم میں پائیدار امن کو بحال کرنے اور مسلکی تعصبات ختم کرنے، علاقے کی ترقی کیلئے لائحہ عمل ببنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر اییر مارشل (ر) سید قیصر حسین بھی موجود تھے۔ملکی سطح پر حالیہ الیکشن میں ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے اتحاد کو سراہا گیا۔ الیکشن میں سپورٹ کرنے پر آئی جی (ر) سید ارشاد حسین، ائیر مارشل سید قیصر حسین اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر و ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین صاحب کی ڈی جی پراسیکیوشن خیبر پختونخواہ سے انکے آفس میں ملاقات۔ضلعی عدالت ہائے کرم ضلعی ہیڈکوارٹر پارہ چنار اور تحصیل عدالت صدہ کے مختلف مسائل اور امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
عدالت میں سرکاری وکلاء(پبلک پراسیکیوٹر، اسسٹینٹ پبلک پراسیکیوٹر اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ) کے کمی پر تفصیل سے گفت و شنید ہوئی۔ ڈی جی صاحب نے جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔جس پر ایم این اے صاحب انکا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ضلع کرم بار کے صدر جناب ایڈووکیٹ محمود علی طوری صاحب بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صوبائی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید خان کی ملاقات ۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور صوبائی صدر پی ٹی آئی خالد خورشید خان نے ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سےان کی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پر موجودہ ملکی سیاسی صورتحال ،جی بی کے آئینی حقوق ،عوامی مسائل، ریاستی جبر وتشددسمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
ملاقات میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی ، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسدعباس نقوی سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود اڈیالہ جیل کے آفسران نے ہمیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی، جس پر ہم نے ذمہ داران کے خلاف اسلام آباد دہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دی ہے، عدالتی احکامات سے سرکاری آفسران کا انکار ایک سنگین جرم اور آئین شکنی ہے، جسے مثال بنا کر ہر کوئی قانون توڑے گا، ایسی مشق ملک و قوم کے لیے نقصان دہ اور خطرناک ہے۔
ہماری درخواست پر سپرٹینڈنٹ اڈیالا جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، ملک اس وقت آئین و قانون کی بجائے مقتدر شخصیات کی پسند و ناپسند کے تابع ہے، وزیر خزانہ ایک ایسے شخص کو بنایا گیا جس کے پاس پاکستان کی شہریت تک نہیں، کیا پچیس کروڑ عوام کے ملک میں کوئی ایک شخص بھی اتنی قابلیت نہیں رکھتا کہ اسے یہ منصب دیا جاتا، عالمی قوتوں کے متعین کردہ یہ غیر ملکی پاکستان کے کیسے وفادار ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہارے ہوئے لشکر کو ملک و قوم پر مسلط کرنا کہاں کی عقلمندی ہے، غلط فیصلوں کے نتائج بھی ہمیشہ غلط نکلتے ہیں، عدلیہ اپنی رٹ کھو چکی ہے، پاکستان اس وقت قانون کے بغیر چل رہا ہے، عدلیہ کے احکام کو نہ ماننا ایک بدعت اور جرم ہے جس کا بار بار ارتکاب معمول بن چکا ہے، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، عمران خان کو کچھ ہو گیا تو عوام کسی کو نہیں چھوڑیں گے، ملکی گھمبیر صورتحال پر اگر پی ٹی آئی قیادت نے احتجاج کی کال دی تو ہم بھر پور ساتھ دیں گے۔